قصیدہ تائیہ للامام الرواس

رجوع الی اللہ ، اتباع سنت ، دنیا سے بے رغبتی اور فکر آخرت پر مشتمل عربی قصیدے کی عام فہم اردو ترجمانی

قصیدۃ تائیۃ
للإمام سیدی محمد مھدی الرواس الصیادی الرفاعی الحسینی قدس اللہ سرہ
(متوفیٰ1287ھ)
اردو ترجمہ : مدثر جمال تونسوی

سلسلہ مبارکہ رفاعیہ کے جلیل القدر بزرگ ، مجددِ ملت ، لسان المتکلمین ، محبوبِ رسول الثقلین ﷺ ، سیدی امام محمد مھدی الرواس الصیادی الرفاعی الحسینی قدس اللہ سرہ علوم دینیہ کے ایک جلیل القدر فاضل و محقق ہونے کے ساتھ ساتھ اعلی پائے کے عربی شاعر بھی تھے اور کیوں نہ ہوتا جب کہ امام موصوف اس جلیل القدر پیغمبر ، حضرت خاتم النبیین ﷺ کی اولاد مبارک میں سے ہیں جن کا فرمان یہ ہے کہ :
اِنَّ مِنَ الشِّعْرِ لَحِکْمَۃٌ (زاد الطالبین)
”بلاشبہ کچھ اَشعار حکمت سے لبریز ہوتے ہیں۔“
چنانچہ امام رواس قدس اللہ سرہ کے تمام اشعار بھی اعلی مضامین پر مشتمل ہیں ۔ ان میں اہمیت توحید ، مقام رسالت کی عظمت ، آخرت کی تیاری اور دنیا سے بےرغبتی اور اللہ والوں کی محبت و عقیدت جیسے بلند پایہ مضامین ہی نمایاں طور پر شامل ہیں ۔
ان کے ایسے ہی قصائد میں سے ایک قصیدہ تائیہ ہے جو دنیا سے بے رغبتی ، آخرت کی تیاری ، رجوع الی اللہ ، اتباع سنت اور عمدہ اخلاق کی تلقین و ہدایت پر مشتمل ہے۔ یہ قصیدہ ان کے دیوان ”فائدۃ الھمم من مائدۃ الکرم“ سے ماخوذ ہے۔
بندہ ناچیز نے اس کی اردو ترجمانی کی کوشش کی ہے ، اور آسان تر ترجمہ رکھنے پر توجہ دی ہے ۔ اب اس کاوش میں بندہ کس قدر کامیاب رہا ہے یہ آپ قارئین اس کا مطالعہ کر کے بخوبی جان سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس کا مقصد محض زبان کی چاشنی اور دماغ کی عیاشی نہیں ہے بلکہ مقصد یہ ہے کہ عمل کی ترغیب ہو اور بلند اخلاق اپنانے میں ہمت بلند کی جائے۔ و اللہ ولی التوفیق و بیدہ الھدایۃ و المعونۃ

أرح فــــؤادك مــــن هـــم الوجـــودات
وارجــع إلى اللَه عــن مـاضٍ وعـن آت
تمام مخلوقات کا غم نکال کر اپنے دل کو راحت میں رکھو اور ماضی اور مستقبل کے ہر معاملے سے دل لگانے کے بجائے اللہ تعالیٰ کی طرف اپنا رجوع رکھو ۔
واذكــره مــنــطـوبـاً عـن كـل حـادثـةٍ
مـسـتـجـمـع الصـدق فـي مـحـوٍ وإثـبات
ہر واقعے سے کنارہ کش ہو کر ، اور کسی بھی چیز کے مٹنے یا موجود ہونے کی صورت میں سچائی پر ثابت قدم رہتے ہوئے بس اللہ تعالیٰ کو یاد کرتے رہو ۔
ولا تــكـن غـافـلاً فـالمـرء غـفـلتـه
عــن ربـه جـل مـن أدهـى المـصـيـبـات
غفلت میں مت پڑو ، کیوں کہ آدمی کا اپنے جلیلُ الشان رب سے غافل ہو جانا بڑی تباہ کن مصیبتوں میں سے ایک بڑی مصیبت ہے ۔
وكــن أمـيـنـاً لتـمـضـي آمـنـاً فـلقـد
يــحــارب الحــق أصــحـاب الخـيـانـات
اور امانت دار بن کر رہو ، تاکہ تمہیں امن حاصل رہے ، کیوں کہ خائن لوگ ہمیشہ حق سے جنگ کرتے رہتے ہیں ۔
وازهـد بـقـلبـك هـذا الكـون معتمداً
عــــلى آلهــــك جـــبـــار الســـمـــوات
آسمانوں کو پیدا کرنے والے اپنے معبود پر بھروسہ رکھتے ہوئے اس پوری کائنات کو اپنے دل سے نکال دو ۔
وصــاحــب الحــق لا تـأخـذ بـه بـدلاً
فــالحــق مــعــرج أربـاب النـهـايـات
ہمیشہ حق کے ساتھ رہو ، اور اس کے بدلے میں کوئی چیز بھی قبول نہ کرو ، کیوں کہ حق تک رسائی ہی بلندی کی انتہاء تک پہنچنے والے باہمت لوگوں کی معراج ہوتی ہے ۔
ودع أخـا الزور لا تـألفه فهو على
وتــيــرة الغــدر فــي كــل الشـؤنـات
جھوٹے آدمی کو چھوڑ دو ، اس سے اُنس نہ رکھو ، کیوں کہ ہر معاملے میں دھوکہ دہی کرنا اس کی عادت ہوتی ہے ۔
والكـاذب الخـب لا تـمـدد إليه يداً
المــكــر يـقـطـع أسـبـاب المـعـونـات
جو جھوٹا اور کمینہ صفت ہو اس کی طرف (دوستی یا مدد کا) ہاتھ مت بڑھا ، کیوں کہ سازشی بندہ مدد کے تمام اسباب ختم کردیا کرتا ہے ۔
وصـاحـب البـر مـأمـون الشـمـائل فـي
كــل الأمــاكــن واهــجــر كــل بـهـات
ایسے شخص کی صحبت میں رہو جو نیک ہو اورہر موقع پر قابل بھروسہ عادات رکھتا ہو، اور ہر بہتان باز شخص کو چھوڑ دو ۔
ورافـق الرجـل الشـهـم الكـريـم فلن
يــخــامــر الســوء أصــحـاب المـروآت
ایسا آدمی جو بہادر ہو اور سخی ہو اس کی رفاقت میں رہو ، کیوں کہ مروت والے لوگوں میں بُرائی سرایت نہیں کرتی ۔
ومــن زكــت بــشــريــف الأصـل طـيـنـه
فـــخـــذه خــلّاً ودع أهــل الدَنــيّــات
اور جس کا خمیر عزت والے لوگوں کی نسبت سے عمدہ ہو چکا ہو اسے کو اپنا دوست بناؤ اور کم ہمت لوگوں کو الوداع کردو ۔
واعـلم بـأن نـظـام الطـبـع يظهر ما
فــي الأصــل مــن ســر آثـارٍ خـفـيـات
اور یہ بات اچھی طرح جان لو کہ ہر آدمی میں جو خفیہ آثار چھپے ہوئے ہوتے ہیں اسے اس کی طبیعت کا نظام کسی نہ کسی ظاہر کر ہی دیتا ہے ۔
وأحـبـب أهـيل الوفاء العاملين به
كـيـف التـوى الوقـت في قيد وإفلات
وقت کیسا ہی کیوں نہ ، کوئی بندش ہو یا آزادی ہر حال میں ان لوگوں سے محبت رکھو جو وفا شعار ہوں اور وفا پر عمل پیرا ہوں ۔
وطب مع الفقراء العاملين أولي ال
خـضـوع فـالفـقـر مـفـتـاح المـثـوبات
عاجزی والے ، عمل پسند ، اور مخلوق سے کنارہ کش لوگوں کے ساتھ خوش رہو ، کیوں کہ مخلوق سے کنارہ کشی اور رب کے سامنے محتاجی تمام بھلائیوں کی کنجی ہے ۔
ولا تــصــاحــب أخــا كـبـرٍ أخـا دنـسٍ
مــلمــوز ديــنٍ ومـطـعـون العـقـيـدات
تکبر والے اور گندگی والے شخص کے ساتھ مت بنو جس کا دین عیب دار اور عقیدہ مطعون ہو ۔
وخــــل خــــلك إن يــــدع لفــــادحــــةٍ
فـي الديـن فـالديـن مـنـصـوصٌ بـآيات
اور جو دوست تمہیں دین کو عیب دار بنانے کی دعوت دے تو ایسے دوست کو چھوڑ دو ، کیوں کہ دین تو قرآنی آیات میں صاف صاف موجود ہے ۔
واتـبـع نـبـيـك لا تـهـمـل شـريـعـتـه
فــأنــهــا للهــدى أعــلى المــنـصـات
اور اپنے نبی ﷺ کی اتباع کرو ، ان کی شریعت کو بے کار نہ چھوڑو ، کیوں کہ یہ شریعت ہدایت کا بلند ترین مقام ہے ۔
وعـامـل النـاس بـالحـسـنى وكن حذراً
وعـــامـــل اللَه فــي إخــلاصٍ نــيــات
اور لوگوں کے ساتھ بھلائی والا برتاؤ کرو، اور محتاط رہو ، اور اللہ تعالیٰ کے لیے ہر عمل اپنی نیتوں کو خالص رکھ کر کرو ۔
واسـتـغـفـر اللَه مـن ذنـبٍ وقـعـت به
فــاللهُ بــالفــضــل مـاحٍ الخـطـيـئات
اور جب بھی کسی گناہ میں گر پڑو تو فوراً اللہ تعالیٰ سے مغفرت طلب کرو ، کیوں کہ اللہ تعالیٰ ہی اپنے فضل سے خطاؤں کو مٹانے والے ہیں ۔
وصــل دهــراً عــلى الهـادي وعـتـرتـه
فـــتـــلك أوثـــق أبـــواب المــســرات
تمام عمر ہادی عالَم ﷺ اور اُن کی آل پر پر درود بھیجتے رہو ، کیوں کہ یہ عمل خوشی کے مضبوط ترین دروازوں میں سے ایک دروازہ ہے ۔
وواصــل الذكــر فــي ســرٍّ وفــي عــلنٍ
فـالذكـر يـنـجـيـك مـن كـل المـضـرات
ظاہر اور باطن میں مسلسل اللہ تعالیٰ کا ذکر کرتے رہو کیوں کہ یہ ذکر تمہیں ہر نقصان دِہ چیز سے نجات دینے والا ہے ۔
واصــدق لربــك واســتـمـسـك بـعـروتـه
وافـزع لعـليـاه فـي وقـت المـهـمـات
اپنے رب کے ساتھ سچے رہو ، اور اس کی رَسّی کو مضبوط تھام لو اور ہر مہم اور ہر مشکل کے وقت میں اسی کی بلند مرتبہ ذات کے پاس پناہ طلب کرو ۔
ورح أمـيـناً ففي الصدق الكريمُ طوى
شـــريـــف أســـرار إحـــســانٍ جــليــات
اور پھر بے خوف ہو کر رہو ، کیوں کہ عزت والا آدمی ظاہری اور باطنی نیکیوں کی خوبی کو سچائی میں لپیٹ کر رکھتا ہے ۔

(بحوالہ : دیوان فائدۃ الھمم من مائدۃ الکرم للامام سیدی محمد مھدی الرواس الصیادی الرفاعی الحسینی ۔ طبع 1321ھ)

 

mudasser jamal
About the Author: mudasser jamal Read More Articles by mudasser jamal: 202 Articles with 344092 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.