سوشل میڈیا پہ کئے گئے سوالات اور شیخ مقبول احمد سلفی کے جوابات

سوال (1): خلیجی ممالک میں رہنے والے جب اپنا فطرانہ اپنے ملک بھیجنا چاہیں تو کیسے بھیجیں گے؟
جواب: اصل تو یہی ہے کہ جو جہاں ہو وہ اسی جگہ کے محتاج لوگوں کو فطرانہ دے لیکن اگر ضرورت پڑے کسی دوسری جگہ فطرہ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ آپ خلیج کے حساب سے ڈھائی یا تین کلو غلہ کے حساب سے روپیہ اپنے ملک بھیج دیں اور وہاں ان پیسوں سے غلہ خرید کر آپ کا وکیل عید سے ایک دو دن پہلے محتاجوں میں تقسیم کردے۔
سوال(2): صدقۃ الفطر سے محتاجوں کو کھانا کھلا نا یا انہیں کپڑا دینا کیسا ہے؟
جواب: صدقۃ الفطر غلہ سے دیا جائے گا، نہ کھانا کھلایا جائے گا اور نہ ہی کپڑا دیا جائے گا۔ ہاں اگر محتاج کو پیسے یا کپڑے کی سخت ضرورت ہو تو ان کی وہ ضرورت فطرانے سے پورا کرسکتے ہیں۔
سوال (3): عام طور سے تراویح میں قرآن ختم ہونے پر مٹھائیاں تقسیم کی جاتی ہیں اس کا شرعا کیا حکم ہے؟
جواب: ختم قرآن پر مٹھائی تقسیم کرنے کا عمل کتاب وسنت میں موجود نہیں ہے اس لئے اس سے بچنا اولی وافضل ہے۔اگر کہیں تکلف اور کسی خاص رسم ورواج سے بچتے ہوئے یونہی سادہ انداز میں کسی نے نمازیوں کے درمیان مٹھائی تقسیم کردی تواس میں کوئی حرج نہیں۔بعض جگہوں پر ختم قرآن پہ تقریب، کھانے پینے میں افراط اور مختلف قسم طور طریقے رائج ہیں،ان چیزوں کی شرعا گنجائش نہیں ہے۔
سوال(4): تراویح میں قرآن ختم ہونے پر دعاکرنا کیسا ہے؟
جواب: تراویح میں یا یونہی قرآن ختم کرنے پہ کوئی دعا سنت سے ثابت نہیں ہے۔ لوگوں میں ختم قرآن کی ایک مخصوص دعا رائج ہییہ حدیث مصطفی ﷺ سے ثابت نہیں ہے۔ہاں اگر تراویح کی نماز میں ختم قرآن پہ دعا قنوت کرتے وقت تلاوت، اذکار، نماز، روزہ، دعا اور دیگر طاعات کی قبولیت کی بھی دعا کرلی جائے تو کوئی مضائقہ نہیں۔ وتر کی دعا میں وسعت ہے۔
سوال (5): ماں کے پاس 5 تولہ سونااور بہو کے پاس 5 تولہ سونا ہے تو کیا انہیں جمع کرکے زکوۃ دی جائے گی؟
جواب: ماں کی ملکیت کو بہو کی ملکیت کے ساتھ جمع نہیں کیا جائے گا، مال جمع کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ملکیت ایک ہی شخص کی ہو لہذا ماں اور بہو کے پانچ پانچ تولہ سوناپر زکوۃ نہیں ہے۔
سوال (6): میں نے گھر بنانے کے لئے کچھ پیسے رکھے ہیں جو نصاب تک پہنچ گیا ہے تو کیا اس کی زکوۃدینی ہوگی؟
جواب: پیسے کسی بھی نیت سے رکھے گئے ہوں،اگر وہ نصاب تک پہنچ رہے ہیں اور اس پر سال مکمل ہو گیا ہے تو اس کی زکوۃ دینی ہوگی۔
سوال (7): ایک بیوہ عورت کو تین لڑکیاں ہیں، اس نے اپنی بچیوں کی شادی کے لئے بیس تولہ سونا رکھا ہوا ہے کیا اسے زکوۃ دینی ہوگی اور اگر وہ زکوۃدے تو امیروں کی طرح اس پر بھی مکمل زکوۃ ہے یا کچھ کم ہے؟
جواب: بیس تولہ سونا نصاب کوپہنچ جارہاہے،اگر اس پہ سال مکمل ہوگیا ہے تو بیوہ عورت کو بیس تولہ سونے کی قیمت کا اندازہ لگاکر اس میں سے ڈھائی فیصد زکوۃ دینی ہوگی اور یہ ڈھائی فیصد زکوۃ دینے والے سب کے لئے برابر ہے۔ اﷲ تعالی سے دعا کرتاہوں کہ یتیم لڑکیوں کی شادی کا انتظام فرمادے اور ان بچیوں کو صالح شوہر عطا فرمائے۔ آمین
سوال (8): کسی نے زمین خرید کر یونہی چھوڑ رکھا ہے تو اس پرزکوۃ بنتی ہے؟
جواب: یونہی چھوڑی ہوئی زمین پر زکوۃ نہیں ہے، اس زمین پر زکوۃ ہے جسے بیچنے کی نیت سے رکھی گئی ہو۔
سوال (9): کیا شب قدر کی دعا ضعیف ہے؟
جواب: شب قدر کی دعا(اللھم انک عفو تحب العفو فاعف عنی)ضعیف نہیں ہے، بہت سے محدثین نے اس حدیث کو صحیح کہا ہے۔شیخ البانی رحمہ اﷲ نے مشکوۃالمصابیح کی تخریج میں،صحیح الجامع میں، صحیح ابن ماجہ میں،صحیح الترغیب میں، سلسلہ صحیحہ میں اور صحیح الترمذی میں صحیح کہا ہے۔ شیخ البانی کے علاوہ اور بھی بہت سے محدثین نے اسے صحیح کہا ہے مثلامنذری، نووی، ابن دقیق العید اور ابن القیم وغیرہ۔ امام حاکم نے اسے شیخین کی شرط پر صحیح کہا ہے۔ لہذا یہ حدیث صحیح وثابت ہے اور جس علت کی وجہ سے بعض لوگوں نے اسے ضعیف کہا ہے وہ علت کمزور ہے البتہ جس حدیث میں لفظ کریم کی زیادتی ہے وہ ضعیف ہے۔
سوال (10): دعائے ماثورہ میں اپنی طرف سے کمی بیشی کرنے کا کیا حکم ہے؟
جواب: اپنی طرف سے عمومی دعا کرنے میں کسی بھی مناسب الفاظ وجملے کااستعمال کرسکتا ہے اور کسی بھی زبان میں کرسکتا ہے لیکن ماثورہ دعاؤں میں اپنی طرف سے کمی بیشی نہ کرے،ہوبہو اسی طرح دعا کرے جس طرح وارد ہے اور اسی طرح آدمی کواپنی جانب سے کوئی دعا یا ذکربناکرہمیشہ اس کااہتمام کرنا صحیح ہے۔ماثورہ دعاؤں کی کمی نہیں ہے،آدمی اسی پر اکتفا کرے یا اپنی طرف سے جو دعائیں کرے اسے مخصوص کرکے ہمیشہ اس کا اہتمام نہ کرے بلکہ الفاظ بدل بدل دعاکیا کرے۔
سوال (11): کیا مسجد نبوی میں وضو کرکے مسجدقبا میں نماز ادا کرنے سے عمرہ کا ثواب ملتا ہے؟
جواب: کہیں سے بھی وضو کرکے جائیں اور مسجد قبا میں دو رکعت نماز ادا کریں، عمرہ کا ثواب ملے گا۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے:
الصلاۃ فی مسجد کعمرۃ (صحیح الترمذي:324)
ترجمہ: مسجد قبا میں نماز پڑھنے کا ثواب ایک عمرہ کے برابر ہے۔
گویا کہیں سے بھی وضو کرکے آئیں حتی کہ مسجد قبا میں وضو کریں اور وہاں نماز ادا کریں تواس میں نماز پڑھنے کا ثواب عمرہ کے برابر ملے گا۔
سوال (12):ایک شخص کے پاس استعمال کیلئے موٹر سائیکل ہے وہ اس کی بھی زکوۃ نکالتا ہے کیا یہ صحیح ہے؟
جواب: استعمال کی موٹر سائیکل پر زکوۃ نہیں ہے۔
سوال (13): سرکاری بجلی لینے میں ٹیکس اور ظلم کا سامنا ہے تو کیا اس سے بچنے کے لئے چوری کی بجلی استعمال کرسکتے ہیں؟
جواب: چراکر بجلی استعمال کرنا قانونا اور شرعا دونوں طرح صحیح نہیں ہے۔ اگر کہیں سسٹم اور نظام میں ظلم وزیادتی ہوگی تو اس کی اصلاح کی کوشش کریں گے نہ کہ غلط راستہ اختیار کریں گے۔
سوال (14): عمان میں باہری ملک والوں کاچندہ کرنا منع ہے پھر بھی کچھ مدارس والے یہاں آکر چندہ کرتے ہیں، کیا ان کا ایسا کرنا ٹھیک ہے اور ایسے لوگوں کو چندہ دے سکتے ہیں؟
جواب: اگر عمان میں باہری ممالک والوں کے لئے انفرادی چندہ کرنا بھی قانونا منع ہے تو پھر مدرسہ والوں کا عمان جاکر چندہ کرنا قانونی اعتبارسیصحیح نہیں ہے۔ دیکھنے میں آیا ہے کہ وہاں کی عوام خیر پر تعاون کرناچاہتی ہے مگر حکومت صرف عالمی سیاست کی مجبوری کی وجہ سے اس پر پابندی لگاتی ہے۔ایسے عالم میں بھی بچنا بہتر ہے تاکہ پکڑے جانے پرمچند قانونی مجرم نہ قرار پائے لیکن اگر کوئی آجاتا ہے اور وہ قابل اعتماد ہے تو اسے چندہ دینے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
سوال (15): زکوۃ کا پیسہ مسجد کے امام یا مدرسہ کے عالم کو دے سکتے ہیں؟
جواب: زکوۃ کا پیسہ مسجد کے امام اور مدرسہ کے عالم کونہیں دے سکتے،ہاں اگر ان کا شمار قفیر ومسکین میں ہوتا ہو تو پھر ان کے لئے جائز ہے۔
سوال(16): انڈیا میں کسی کے پاس کتنا نقد پیسہ ہو تو زکوۃ فرض ہوجاتی ہے؟
جواب: سونے چاند ی کی قیمت گھٹتی بڑھتی رہتی ہے اس لئے اس کے تاجروں سیعین وقت پر جب زکوۃ دینی ہو 595 گرام چاندی کی قیمت معلوم کرلیں، جتنی قیمت ہوگی،اتنا نقد جب کسی کے پاس جمع ہوجائے تو نصاب کو پیسہ پہنچ جاتا ہے۔
سوال (17): پیٹ میں بچے کی طرف سے صدقۃ الفطر نکالناکیسا ہے؟
جواب: صحیح بات یہ ہے کہ جو بچہ ابھی ماں کے پیٹ میں ہی ہے اس کی طرف سے فطرہ دیناواجب نہیں ہے لیکن اگر کوئی اس کی طرف سے ادا کرنا چاہئے تو ادا کرسکتا ہے۔
سوال (18): جب فطرانہ روزے کی پاکی کے لئے ہے تو چھوٹے بچوں کی طرف سے فطرہ کیوں نکالا جاتا ہے؟
جواب: فطرہ نکالنے کے کئی مقاصد ہیں، ان میں سے ایک مقصد غریب ونادار لوگوں کی مدد (کھانیکا انتظام)کرنا ہے،اس لئے بچوں اوران لوگوں کی طرف سے بھی فطرہ ادا کیا جاتا ہے جنہوں نے روزہ نہیں رکھا یا نہیں سکتے۔
سوال (19):میں سعودی میں ہوں،کیا میرے گھر والے میری طرف سے فطرہ ادا کرسکتے ہیں، اگر کرسکتے ہیں تو وہ سعودی کے حساب سے فطرہ دیں گے یا اپنے ملک کے حساب سے؟
جواب: جی بالکل نکال سکتے ہیں اور صدقہ الفطر ساری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک ہی مقدارہے وہ عربی ایک صاع ہے جو تقریبا ڈھائی کلو بنتاہے۔اس لئے آپ کے گھر والے آپ کی طرف سے بھی اناج میں سے ڈھائی کلو نکالیں گے۔
سوال (20): خلیجی ممالک والے اپنے ملک میں فطرہ دینا چاہیں تو کیا ہفتہ دن پہلے بھیج سکتے ہیں؟
جواب: جی ہاں، بھیج سکتے ہیں، اس کا طریقہ یہ ہوگا کہ آپ خلیج سے ہفتہ دن پہلے فطرہ بھیج دیں اور اپنے وکیل کو تاکید کردیں کہ عید سے ایک یا دو دن پہلے یا عید کی نماز سے پہلے پہلے مسکین کو آپ کی طرف سے فطرہ ادا کردے۔
سوال (21): اگر کوئی شرعی عذر کے تحت اعتکاف سے اٹھ جائے تو کیا اس کا کفارہ ہے مثلا عورت کو حیض آجائے یا کسی کے یہاں جنازہ ہوجائے؟
جواب: حیض آنے سے اعتکاف باطل ہوجاتا ہے،اس حال میں عورت کومسجد سے اٹھ جانا چاہئے لیکن اس پہ کوئی کفارہ نہیں۔اسی طرح قریبی رشتہ دار کی موت پر اعتکاف چھوڑ نا جائز ہے،اس پر بھی کفارہ نہیں ہے۔
سوال (22): معتکف کا نماز جنازہ میں شریک ہونا کیسا ہے؟
جواب:بعض علماء جواز کی طرف گئے ہیں مگر بہتریہی ہے کہ اعتکاف کرنے والے کے لئے جنازہ میں شرکت کرنا جائز نہیں ہیجیساکہ ابوداؤد(2473) میں حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا کا قول ہے کہ اعتکاف کرنے والا کسی مریض کی عیادت نہ کرے، نہ جنازہ میں شریک ہو۔اسے البانی صاحب نے صحیح کہا ہے۔
سوال (23): نماز تسبیح کی شرعی حیثیت کیا ہے؟
جواب: نماز تسبیح کے متعلق علماء کا اختلاف ہے، بعض نے جائز کہا ہے اور بعض نے ناجائز کہا ہے۔ اس اختلاف کی وجہ تسبیح سے متعلق وارد روایات میں صحت وضعف کا اختلاف ہے۔ جو تسبیح والی روایت کو صحیح قرار دیتے ہیں وہ جائز کہتے اور جو ضعیف قرار دیتے وہ ناجائز کہتے ہیں۔ شیخ محمد صالح العثیمین رحمہ اﷲ لکھتے ہیں:
ترجمہ: اور لوگوں نے نماز تسبیح والی حدیث کی صحت اور اس پر عمل کرنے کے متعلق اختلاف کیا ہے۔ ان میں سے بعض نے اسے صحیح کہاہے، بعض نے حسن قرار دیا ہے، بعض نے ضعیف کہا ہے اور بعض نے اس حدیث کو موضوعات میں شمار کیا ہے۔ ابن الجوزی نے تسبیح والی نماز کی احادیث اور ان کے طرق کو جمع کیا ہے اور تمام کی تمام کو ضعیف قرار دیا ہے اور انہیں اپنی کتاب الموضوعات میں ذکر کیا ہے۔
راحج یہی معلوم ہوتا ہے کہ نماز تسبیح والی احادیث ضعیف ہونے کی وجہ سے اس پر عمل نہیں کرنا چاہئے۔(مجموع فتاوی ورسائل شیخ محمدصالح عثیمین)
سوال (24): حدیث کی تحقیق: جو شخص اچھی طرح وضو کرے اور وضو کے بعد یہ کہے (اشھد ان لاالہ الااﷲ اشھد ان محمد اعبدہ ورسولہ) تو جنت کے آٹھوں دروازے کھول دئے جاتے ہیں۔ اس حدیث کی کیا حقیقت ہے؟
جواب: یہ روایت صحیح ہے بلکہ مسلم شریف سمیت کئی کتب حدیث میں موجود ہے مثلا ابوداؤد، نسائی، ترمذی، ابن ماجہ اور مسند احمد۔ روایت اس طرح سے ہے:
ما منکم من احد یتوضا فیبلغ(اوفیسبغ) الوضوء ثم یقول : اشھد ان لاالہ الااﷲ وان محمدعبداﷲ ورسولہ الافتحت لہ ابوابالجنۃ الثمانیۃ یدخل من ایھا شاء(صحیح مسلم : ۲۳۴)
ترجمہ: جو شخص بھی اچھی طرح وضو کرے، پھر وضو سے فارغ ہونے کے بعد یہ دعا پڑھے: «اشھد ان لاالہ الااﷲ وان محمدعبداﷲ ورسولہ» میں اس بات کی گواہی دیتا ہوں کہ اﷲ کے سوا کوئی معبود برحق نہیں، وہ اکیلا ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، اور محمد صلی اﷲ علیہ وسلم اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں تو اس کے لیے جنت کے آٹھوں دروازے کھول دیے جائیں گے، وہ جس دروازے سے چاہے داخل ہو۔
سوال (25): غیرمسلم افطاری کرائے تو اس کی دعوت قبول کرنا کیسا ہے؟
جواب: اسلام میں جن چیزوں کا کھانا حلال ہے غیرمسلم کی طرف سے ان چیزوں کی بطور افطار دعوت قبول کرنا جائز ہے۔
سوال(26): زکوۃ کا پیسہ عصری علوم کے لڑکے اور لڑکیوں پر صرف کرنا کیسا ہے؟
جواب:زکوۃ کا پیسہ فقیر ومسکین طالب علموں پر صرف کرسکتے ہیں جو دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرتے رہے ہوں، اسی طرح اگر عصری علوم جو مسلمانوں کے لئے مباح اور جن کے حصول کی ضرورت ہے ایسے علوم کے فقیر ومسکین طالبان پر زکوۃ کا پیسہ صرف کرنا جائز ہے۔
سوال (27): اگر ہم حنفی دیوبندی کے پیچھے آٹھ رکعت تراویح کی نماز پڑھ لیں تو کیا پوری رات قیام کا ثواب ملے گا جس کا ذکر حدیث میں ہیجبکہ امام کی نماز ابھی باقی ہی ہوتی ہے؟۔
جواب: پہلے وہ حدیث پیش کرتا ہوں جس کی طرف سائل کا اشارہ ہے۔ نسائی کی روایت ہے جسے البانی صاحب نے صحیح کہا ہے:
انہ من قام مع الامام حتی ینصرف کتب اﷲ لہ قیام لیلۃ (صحیح النسائی : ۱۶۰۴)
ترجمہ: جس نے امام کے ساتھ قیام کیا یہاں تک کہ وہ فارغ ہوجائے تو اس کے لئے پوری رات کا قیام لکھا جائے گا۔
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ پوری رات کا قیام امام کے ساتھ آخر تک رہنے پر منحصر ہے، جس نے آٹھ رکعت نماز تراویح امام کے ساتھ پڑھی اس نے نبی ﷺ کی تراویح کی سنت کو پالیا لیکن پوری رات کے قیام کا اجر اس وقت ملے گا جب امام کے ساتھ آخر تک رہے۔ لہذا کوشش کریں کہ اہل حدیث امام کے پیچھے نماز پڑھیں تاکہ تراویح کی مسنون رکعات ادا کریں، نماز کے ارکان کی ادائیگی میں اعتدال بھی قائم رہے اور پوری رات قیام کا بھی اجر ملے۔
سوال (28): کیا قے آنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب: اگر آپ خود قے آجائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا لیکن جان بوجھ کر قے کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے۔
سوال (29): ایک بیوہ عورت کی تین لڑکیاں تھیں، اس سے ایک آدمی نے شادی کی اور حالت حمل میں طلاق دے دیا، کیا وہ طلاق واقع ہوگئی اور دوبارہ رجوع کا کیا طریقہ ہے؟
جواب: حالت حمل میں دی گئی طلاق واقع ہوجاتی ہے لہذا یہ طلاق شمار ہوگی۔ حمل میں دی گئی طلاق کی عدت وضع حمل ہے، وضع حمل سے پہلے بیوی سے رجوع کرسکتے ہیں لیکن اگر وضع حمل ہوگیا تو پھر نکاح جدید کے ذریعہ دوبارہ اکٹھا ہوسکتے ہیں۔
سوال(30): حرام وحلال کمائی کرنے والے آدمی کی دعوت کھانا کیسا ہے؟
جواب: ایک مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ وہ حرام کمائی کرے، ایسے آدمی سے اگر ہمارا سابقہ ہو تو اسے نصیحت کریں تاآنکہ وہ اس سے رک جائے۔ رہا مسئلہ ایسے شخص کی دعوت کھانے کا جس کی کمائی میں حلال وحرام دونوں کمائی کی آمیزش ہے تو اس کی دعوت کھائی جاسکتی ہے جیساکہ نبی ﷺ سے یہودی کی دعوت کھانا ثابت ہے مگر اول وحلہ میں ہم اسے نصیحت کریں، اگر وہ آپ کی بات سے نرمی اپناتا اور آئندہ اس سے بچنے کا وعدہ کرتا ہے تو اچھی بات ہے لیکن اگر اپنی حرام کمائی پر اتراتا ہے تو پھر اس کی دعوت سے دور رہنا بھلا ہے تاکہ اس کی حوصلہ شکنی ہو۔ ایک مسلمان ہونے کے تئیں منکر کی بابت ہمارا یہی طرز عمل ہونا چاہئے۔
سوال (31): میری بیوی کو شاد ی پر دو گولڈ ملے، اور میں اپنی تنخواہ سے بچا بچا کر کمیٹی ڈال کر کچھ پیسے بچایا ہوں جو تقریبا 350000 ہے اس سے پلاٹ خریدنے کا ارادہ ہے،کیا اس پہ زکوۃ ہے؟
جواب:آپ پیسے کسی بھی نیت سے رکھے ہوں اگر نصاب زکوۃ تک پہنچ جاتا ہے اور اس پر ایک سال مکمل ہوجاتاہیتو پھر اس کی زکوۃ دینی ہوگی اور گولڈ بیوی کی ملکیت ہے تو اس کی زکوۃ 85 گرام یا اس سے زیادہ سونا ہونے اوراس پر ایک سال گزرنے پر ہے۔
سوال (32): کیا عورت چھت کے اوپر جماعت کے ساتھ تراویح کی نماز پڑھ سکتی ہے جبکہ نماز پڑھانے والی بھی عورت ہے؟
جواب: عورت گھر میں، مسجد میں،گھر کی چھت پر اور کسی محفوظ جگہ میں جماعت کے ساتھ تراویح کی نماز پڑھ سکتی ہے۔ یہ نماز انفرادی اور اجتماعی دونوں شکل میں انجام دی جاسکتی ہے جیساکہ نبی ﷺ نے اکیلے گھر میں پڑھی ہے اور جماعت سے صحابہ کرام کو پڑھا یا بھی ہے۔ عورت جب عورت کوتراویح کی نماز پڑھائے تو وہ عورتوں کے درمیان میں کھڑی ہونہ کہ مردوں کی طرح اکیلے اگلی صف میں۔ دوسری بات یہ ہے کہ جہاں عورت جماعت کرائے وہاں اس کی آواز سننے والا غیرمحرم نہ ہواور قرات کی آواز زیادہ بلند نہ رہے۔


 

Maqbool Ahmed Salfi
About the Author: Maqbool Ahmed Salfi Read More Articles by Maqbool Ahmed Salfi: 315 Articles with 313891 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.