لنڈا بازار سے شاپنگ کے لیے مشورے

لنڈا بازار سے اچھی اور کام کی چیز نکالنا دودھ کی نہر نکالنے سے کم نہیں۔

لنڈا بازار

لنڈا بازار کا نام سن پر ذہن میں یہی آتا ہے کہ پھٹے پرانے کپڑے اور جوتے؛ ایک ایسی جگہ جہاں سماج کے غریب لوگ سستے کپڑے خرید اپنی ضرورت کا وقت نکالتے ہیں۔ اگرچے پیسے والے لوگ بھی لنڈا بازار سے خریداری کرتے ہیں لیکن اسی سماجی کلنک کے غلط تاثر کی وجہ سے کبھی اقرار نہیں کرتے کہ جس شرٹ کو وہ تین ہزار روپے کا بتا رہے ہیں دراصل لنڈا بازار سے دو سو روپے میں خریدی گئی ہے۔
میں خود کئی سالوں سے لنڈا بازار سے کپڑے اور جوتے خرید رہا ہوں، اور شرم کی بجائے میں قدرے فخر سے ان کی حقیقت بتاتا ہوں۔ کیونکہ مجھے علم ہے کہ لنڈا بازار سے اچھی اور کام کی چیز نکالنا دودھ کی نہر نکالنے سے کم نہیں۔

بہت سے لوگ لنڈا بازار کو مشکل مارکیٹ سمجھ کر وہاں جانے سے ہچکچاتے ہیں کیونکہ شاپنگ مالز کے برعکس یہاں آپ کو زیادہ تجربہ کار، گھاک، سمجھدار ہونے اور بھاو تاو کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
تو لیجیے جناب۔۔۔میں آپ کی مشکل آسان کیے دیتا ہوں۔ چند مشورے حاضر ہیں۔

مشوروں سے قبل ایک اہم فرق واضح کردوں۔ لنڈا بازار میں آپ کو دکانیں بھی ملیں گی اور سٹال بھی۔ ان میں کیا فرق ہے؟ بڑی گٹھریاں جب کھولی جاتی ہیں تو ان میں سے اچھا مال چھانٹ کر دکانوں میں رکھا جاتا ہے۔ باقی بچ جانے والے مال کو سٹال پر کھل ڈال کر ہر پیس کی ایک قیمت لگا دی جاتی ہے جیسے کہ دس، بیس، پچاس یا سو روپے۔

مشورے:۔
بن ٹھن کر جانے سے گریز کریں۔ دکاندار گاہک کا حلیہ دیکھ کر اس کو قیمت بتاتے اور بھاؤ تاؤ کرتے ہیں۔
ذہن میں رکھیں کہ لنڈا بازار میں وقت اور پیسہ، دونوں، توقع سے زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔
بازار میں داخل ہونے پر تمام دکانیں اور سٹال ایک جیسے نظر آتے ہیں۔ لیکن ان میں سے کسی کو بھی ہلکا نہ لیں۔ ڈھونڈنے پر ہر کسی کے پاس کچھ نہ کچھ ضرور ملے گا۔
بڑی دکانوں پر کم لیکن اچھی چیزیں ملتی ہیں لیکن قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے۔ جبکہ سٹال پر زیادہ اور سستا مال ہوتا ہے لیکن اس میں سے مطلب کی چیز نکالنے پر وقت لگانا پڑتا ہے۔ فیصلہ آپ کا ہے۔
دکان پر جائیں یا سٹال پر، مال کو اچھی طرح کھنگالیں اور وقت لگائیں۔ پسند کی چیز حاصل کرنے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
لنڈا بازار کے دکاندار دیکھنے میں ان پڑھ اور گنوار لگتے ہیں لیکن انہیں برانڈز اور ان کی اہمیت کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔ انہیں ہلکا مت لیں۔
کوئی چیز پسند آ جائے تو دکاندار کے سامنے اپنے ساتھی کے ساتھ اس چیز کی تعریف مت کریں۔ اس سے اسے کپڑے یا جوتے کی اہمیت کا اندازہ ہو گا اور وہ بھاو بڑھا دے گا۔
مارکیٹ کے ارتقا اور مقبولیت کے باعث لنڈا بازار میں نان برانڈڈ کمپنیوں کا مال بھی بڑی مقدار میں دستیاب ہے۔ یہ مال لنڈا بازار کے اصل مال کے برابر پائیدار اور معیاری نہیں۔
لنڈا بازار میں چانس کی بہت اہمیت ہے۔ یہاں اچھی چیز چانس سے ہی ملتی ہے۔ اگر آپ کو ایک چیز پسند ہے لیکن آپ مزید مارکیٹ گھومنا چاہتے ہیں تو ضروری نہیں واپس پہلی چیز لینے آئیں گے تو مل جائے گی۔
من پسند چیز مل جائے تو دکاندار سے قیمت پوچھیں اور بھاو تاو کریں۔
دکاندار جتنی قیمت بتائے اس سے تقریبا نصف سے ریٹ شروع کریں۔
ممکن ہو تو بھاو کے دوران چیز کی ایک ادھ خرابی گنوا دیں اور اس طرح ظاہر کریں جیسے آپ مجبوری کے تحت خرید رہے ہیں۔
دکاندار قیمت پر لچک نہ دکھائے تو اپنا ریٹ بتا کر دکان یا سٹال سے آگے بڑھ جائیں۔ بہت زیادہ امکان ہے کہ دکاندار آپ کو واپس بلا لے گا۔
اگر دکاندار واپس نہ بلائے تو آپ خود واپس مت جائیں، جب تک کہ یہ یقین نہ ہو کہ اس سے بہترین چیز آپ کو اس کے بعد نہیں ملے گی۔
حتمی قیمت دکاندار کے بتائے ہوئے پہلے ریٹ سے لگ بھگ 40 فیصد کم ہونی چاہیے۔
لنڈا بازار میں اگر آپ بھاو تاو کے دوران ہلکا پھلکا مذاق بھی کر لیں تو ماحول خوشگوار رہے گا اور آپ کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ لیکن یاد رکھیں، مذاق سے دکاندار کی دل آزاری نہ ہو۔
بالعموم دکاندار خاص خاص چیزیں ڈسپلے میں نہیں لگاتے اور صرف کسی کے مانگنے پر ہی دکھاتے ہیں۔
اگر چیز آپ کو دل سے پسند ہے تو پانچ دس روپے بچانے کے لیے اسے مت چھوڑیں۔ کیونکہ جو پراڈکٹ آپ کو لنڈا بازار سے ملے گی وہ عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہو گی۔
پیسے دینے سے قبل چیز کو اچھی طرح چیک کر لیں کہ کہیں سے پھٹی ہوئی نہ ہو اور آپ کو سائز پورا ہے۔
خرید لینے کے بعد دکاندار سے طے کر لیں کہ کسی خرابی یا سوراخ مل جانے کی صورت میں آپ چیز واپس لے آئیں گے۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں آپ دکاندار کے پاس واپس آنے کا حق نہیں رکھیں گے
لنڈا بازار میں کپڑوں کی نسبت جوتے خریدنا زیادہ رِسکی ہوتا ہے۔ دکان یا سٹال پر مال لگانے سے پہلے ٹوٹے اور پھٹے ہوئے جوتوں کو مرمت کر کے پاس کیا جاتا ہے۔ خریدنے سے پہلے مرمت کیے ہوئے جوتے کو پہچان لیں۔
بھاو کرنے سے پہلے جوتے کو چاروں طرف سے کھینچ اوردبا کر دکھیں کہ کہیں سے مرمت تو نہیں کیا گیا۔
خریداری کے بعد ہنسی خوشی گھر کو جائیں۔

یہ چند مشورے لنڈا بازار سے خریداری میں اپنے تجربے کی بنیاد پر میں نے اخذ کیے ہیں۔ اگر آپ بھی اس بازار میں آتے جاتے ہیں اور آپ بھی اپنا کوئی تجربہ لوگوں سے شیئر کرنا چاہتے ہیں کمنٹ باکس میں لکھ دیجیے۔

Rao Anil Ur Rehman
About the Author: Rao Anil Ur Rehman Read More Articles by Rao Anil Ur Rehman: 88 Articles with 211121 views Learn-Earn-Return.. View More