واقعہ معراج‎

رب تبارک و تعالی نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا
سُبْحٰنَ الَّذِيْ اَسْرٰی بِعَبْدِه لَيْلًا مِّنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلَی الْمَسْجِدِ الْاَقْصَا الَّذِيْ بٰـرَکْنَا حَوْلَه لِنُرِيَه مِنْ اٰيٰـتِنَاط اِنَّه هُوَ السَّمِيْعُ الْبَصِيْرُo
(الاسراء،17:1)
’’وہ ذات (ہر نقص اور کمزوری سے) پاک ہے جو رات کے تھوڑے سے حصہ میں اپنے (محبوب اور مقرّب) بندے کو مسجدِ حرام سے (اس) مسجدِ اقصيٰ تک لے گئی جس کے گرد و نواح کو ہم نے بابرکت بنا دیا ہے تاکہ ہم اس (بندہِ کامل) کو اپنی نشانیاں دکھائیں، بے شک وہی خوب سننے والا خوب دیکھنے والا ہے‘‘۔
حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو رب العزت نے بے شمار معجزات خصائص و فضائل سے نوازا ہے.... تمام. کائنات حضور علیہ السلام کے نور کی محتاج ہے...بلکہ تمام کائنات آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محتاج ہے اور چاند اور سورج تو ہیں آپ ہی سے منور ہیں۔ حضرت شاہ عبدالعزیز محدث دہلوی فرماتے ہیں:
يٰاصَاحِبَ الْجَمَالِ وَيَاسَیِّدَ الْبَشَرْ
مِنْ وَّجْہِکَ الْمُنِيْرِ لَقَدْ نُوِّرَالْقَمَرْ
لَايُمْکِنُ الثَّنَاءُ کَمَا کَانَ حَقُّہ
بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر
مِنَ الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ اِلٰی الْمَسْجِدِ الْاَقْصٰی۔’’مسجد حرام سے مسجد اقصيٰ تک‘
واقعہ معراج
ہجرت سے تقریباً پانچ سال قبل رجب شریف کی ستائیسویں رات کو حضرت محمدمصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی چچا زاد ہمشیرہ حضرت ام ہانی کے گھر آرام فرما رہے تھے کہ جبریل علیہ السلام پچاس ہزار فرشتوں کی جماعت اور جنتی براق لئے حاضر ہوتے ہیں۔ حضور محوِ استراحت ہیں۔ جبریل ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوجاتے ہیں اور سوچ رہے ہیں کہ اگر آواز دے کر جگایا تو یہ بے ادبی ہے۔
يَا جِبْرِيْلُ قَبِّلْ قَدَمَيْہ۔ اے جبرئیل! میرے محبوب کے دونوں پاؤں چوم لے۔
حضرت جبریل امین نے اپنی کافوری آنکھیں اور ہونٹ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مبارک قدموں پر رکھ دیئے۔ سید دو عالم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم بیدار ہوئے توحضرت جبریل نے عرض کی یارسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم !۔
ان اللّٰہ اشْتَاقَ اِليٰ لِقَائِکَ یارسول اللّٰہ۔ اللہ تعاليٰ آپ کی ملاقات کا مشتاق ہے۔
آپ اندازہ فرمائیں کہ جس کے پاؤں کو بوسے دینے والا جبریل امین ہو جو تمام فرشتوں کا سردار ہے اور مشتاق ملاقات تمام کائنات کا خالق و مالک ہو اس کی شان کا اندازہ کون کرسکتا ہے؟
براق پر سواری
حضور بیدار ہوئے تو حضرت جبریل علیہ السلام نے براق کی سواری پیش کی۔ یہ براق حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں رو رہا تھا۔ جبریل نے ستر ہزاربراق دیکھے۔ ہر براق کی آرزو تھی کہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سواری کے لئے اسے منتخب کیا جائے۔ اسی اثناء میں حضرت جبریل کی نظر ایسے براق پر پڑی جو رو رہا تھا۔ جبریل علیہ السلام نے کہا تم کیوں رو رہے ہو۔ آج کی رات تو کائنات ارضی و سماوی کا ذرہ ذرہ جھوم رہا ہے۔ براق نے جواب دیا میری منزل بھی وہی ہے جس کے باقی طالب ہیں۔ منزل ایک ہے لیکن راستے دو ہیں۔ کوئی ہنس کر محبوب کو منالیتا ہے اور کوئی روکر۔ میں اپنی منزل کو پانے کے لئے رو رہا ہوں شاید میرا رونا ہی قبول ہوجائے۔ حضرت جبریل علیہ السلام نے اس براق کو خوشخبری دی کہ تمہیں حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سواری کے لئے منتخب فرمالیا ہے اور تمہارا حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں رونا اللہ تعاليٰ کو پسند آگیا ہے
امت کی یاد
حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے براق پر سوار ہونے سے پہلے رک گئے اور جبریل علیہ السلام نے توقف ہونے کا سبب دریافت کیا تو حضور نبی اکرم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جواب ارشاد فرمایا کہ میں سوچ رہا ہوں کہ مجھ پر اتنی عنایات ہیں۔ ملائکہ میری خدمت کے لئے حاضر ہیں۔ براق میری سواری ہے تو حشر کے دن میری امت کا کیا حال ہوگا؟ پل صراط جو پچاس ہزار سال کی راہ ہے اور جو بال سے زیادہ باریک اور تلوار سے زیادہ تیز ہے اور ہر ایک کو اس سے گزرنا ہے۔ میری امت اس سفر کو کیسے طے کرے گی اسی وقت اللہ تعاليٰ کی طرف سے بشارت دی گئی۔ اے محبوب! آپ امت کی ہرگز فکر نہ کریں۔ آپ کی امت کو پل صراط سے یوں گزاریں گے کہ انہیں معلوم تک نہیں ہوگا۔ اعليٰ حضرت حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں کچھ یوں گویا ہیں:
پل سے گزار دو راہ گزر کو خبر نہ ہو
جبریل پر بچھائیں تو پَر کو خبر نہ ہو
اس بشارت کے بعد حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوار ہوئے۔ براق کی رفتار کا یہ عالم تھا کہ جہاں تک نگاہ جاتی تھی وہاں براق کا قدم پڑتا تھا۔ ہماری نگاہ کا یہ عالم ہے کہ یونہی اوپر اٹھائی آن کی آن میں سورج، چاند اور ستاروں پر جاپہنچی ہے جو کہ کروڑوں میل دور ہیں جبکہ ہم خاکی ہیں اور ہماری آنکھوں میں تھوڑا سا نور ہے اور وہ تو سراسرنور ہیں تو ان کی نگاہ کا کیا عالم ہوگا۔ گویا وہ اللہ تعاليٰ کا بھیجا ہوا میزائل تھا جو سارا سفر آن کی آن میں طے کرگیا۔ آج روس اور امریکہ کے بنائے ہوئے راکٹ اور میزائل ہزاروں میلوں کا سفر منٹوں میں طے کررہے ہیں تو اللہ کا بھیجا ہوا سیارہ یہ سفر اس سے بھی زیادہ جلدی طے کرے تو کیا یہ بعید ہے۔
جلوس کی روانگی
حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سواری نہایت شان و شوکت سے ملائکہ کے جلوس میں مسجد حرام سے نکلی۔ اس کا کسی شاعر نے کیا خوب نقشہ کھینچا ہے:
آسمان کے دریچے کھول دیئے گئے تاکہ ملاء اعليٰ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جلوس کے دیدار سے مشرف ہوسکے۔
مدینہ منورہ
زرقانی شرح مواہب اللدنیہ ص39 جلد6 میں ہے کہ ابتدائے سفر میں چند لمحوں ایک وادی آئی جس میں کھجور کے باغات تھے۔ جبریل نے عرض کی یارسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم یہاں اتر کر دو رکعت نفل ادا کریں یہ آپ کی ہجرت گاہ مدینہ طیبہ ہے۔
انبیاء کی امامت
دیکھتے ہی دیکھتے بیت المقدس آگیا وہاں حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسيٰ علیہ السلام تک تمام انبیاء اور رسول صفیں باندھ کر کھڑے تھے اور مصليٰ خالی تھا۔ نبیوں کے سردار حضرت محمد مصطفی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم مصلے پر جلوہ افروز ہوئے۔ جبریل امین علیہ السلام نے مقام ضحرہ پر اذان پڑھی۔ سبحان اللہ۔ جس کا موذن فرشتوں کا سردار ہو اور امام تمام رسولوں کا سردار ہو اور مقتدی حضرت آدم، حضرت نوح، حضرت ابراہیم، حضرت موسيٰ اور حضرت عیسيٰ علیہم السلام ہوں اس نماز کی شان کا کیا اندازہ ہوسکتا ہے۔ یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انبیاء علیہ السلام کی امامت کیوں فرمائی؟ اس کا جواب یہ ہے کہ حضور سب مخلوق سے پہلے پیدا فرمائے گئے اور تمام انبیاء سے آخر میں تشریف لائے۔ یہاں ذہن میں یہ بات آسکتی تھی کہ آخر میں آنے والا شاید مرتبے میں بھی آخر میں ہو۔ اس لئے مسجد اقصيٰ میں حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام انبیاء کے آگے موجود تھے تاکہ کائنات دیکھ سکے کہ پیچھے آنے والا آگے ہے اور آگے آنے والا پیچھے موجود ہے تاکہ یہ ثابت ہوسکے کہ آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اول بھی ہیں اور آخر بھی ہیں۔
یہ سماں بھی بڑا عجیب تھا۔ ملائکہ کے ساتھ تمام انبیاء بھی صلوۃ و سلام میں مصروف تھے۔ آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم اس شان کے ساتھ بلندی کی طرف محوِ پرواز ہوئے کہ پلک جھپکتے ہی آسمان اول پر پہنچ گئے۔ جبریل علیہ السلام نے دروازہ کھٹکھٹایا توپہلے آسمان پر حضرت آدم علیہ السلام نے آپ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کو خوش آمدید کہا۔ دوسرے آسمان پر حضرت یحیيٰ اور عیسٰی علیہ السلام نے معراج کی مبارکباد دی۔ تیسرے آسمان پر یوسف علیہ السلام سے ملاقات ہوئی۔ چوتھے آسمان پر حضرت ادریس علیہ السلام نے خوش آمدید کہا۔ پانچویں آسمان پر حضرت ہارون علیہ السلام اور چھٹے پر حضرت موسيٰ علیہ السلام ساتویں پر حضرت ابراہیم علیہ السلام سے ملاقات ہوئی جن سے مبارکبادیاں وصول کرتے ہوئے سدرۃ المنتہيٰ تک پہنچ گئے۔
یہاں پر پہنچ کر حضرت جبریل امین علیہ السلام نے عرض کی: اگر میں ایک بال بھی آگے بڑھ جاؤں تو اللہ تعاليٰ کے انوارو تجلیات میرے پروں کو جلاکر رکھ دیں گے۔ یہ میرا مقام انتہاء ہے۔ میں اس سے آگے نہیں جاسکتا۔ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کوئی پیغام ہے تو دے دیں تاکہ میں اللہ تعاليٰ کی بارگاہ میں پہنچادوں۔
جبریل علیہ السلام نے عرض کیا حضور مجھے اس کی منظوری دلادیجئے کہ جب آپ کی امت پل صراط سے گزرنے والی ہو تو میں اپنے پروں کو بچھادوں تو آپ کی امت ان کے اوپر سے گزر جائے۔ پل صراط کا منظر بھی عجیب ہوگا۔ سید عالم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم دعا فرمارہے ہوں گے۔
رَبِّ سَلِّمْ اُمَّتِيْ رَبَّ سَلِّمْ اَمَّتِيْ۔ یا اللہ! میری امت کو سلامتی سے گزار دے۔
معارج النبوۃ ص152 میں ہے پھر حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ میں اکیلا روانہ ہوا اور بہت سارے حجاب طے کئے یہاں تک کہ ستر ہزار حجابوں سے گزرا۔ ہر حجاب کی موٹائی پانچ سو برس کی راہ تھی اور دونوں حجابوں کا فاصلہ پانچ سو برس کا تھا۔ ایک روایت میں ہے کہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کا براق یہاں پہنچ کر رک گیا۔ اس وقت سبز رنگ کا رفرف ظاہر ہوا جس کی روشنی سورج کی روشنی کو ماند کررہی تھی۔ مواہب اللدنیہ ص ۳4 میں ہے کہ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم عرش کے قریب پہنچے تو عرش نے آپ کے دامن کو تھام لیا۔
سلسلہ حجابات
آگے حجابات ہی حجابات تھے تمام پردے اٹھادیئے گئے آخر ایک مقام پر جس کے بارے میں سورہ النجم میں آیا ہے:
ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰی. فَکَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ اَوْ اَدْنٰی
(النجم،53: 8تا 9)
اُدْنُ مِنِّيْ
سفر شروع رہا ایک محبت بھری صدا آرہی تھی۔ ادن منی میرے قریب آیئے۔ مقام دنيٰ سے گزرے تو مقام فتدلی پر پہنچے۔ وہاں سے گزرے تو قاب قوسین تک پہنچے پھر او ادنيٰ۔ ادنيٰ اسم تفصیل ہے یعنی قربت میں بہت زیادتی مشکوۃ شریف ص68 میں ہے۔ حضرت عبدالرحمن فرماتے ہیں:
قال رسول الله صلیٰ الله عليه وآله وسلم رايت ربي في احسن صورة فوضع کفه بين کيفی فوجدت بردهابين ثديی فعلمت ما فی السموات والارض
رسول اللہ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میں نے اپنے رب کو حسین صورت میں دیکھا پھر اس نے میرے دونوں کاندھوں کے درمیان اپنا ید قدرت رکھا اس سے میں نے اپنے سینے میں ٹھنڈک پائی اور زمین و آسمان کی ہر چیز کو جان لیا۔
علامہ اسماعیل حقی تفسیر روح البیان ص54 میں فرماتے ہیں۔ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ کریم کریم کو اپنے گھر بلائے اور دوست دوست کی ضیافت کرے مگر خود اس سے چھپ جائے اور چہرہ نہ دکھائے؟
تحفہِ امت
اللہ تعاليٰ نے حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کے لئے بھی معراج کا تحفہ عطا فرمایا وہ معراج کا تحفہ ہے نماز جس کے لئے حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: الصلوۃ معراج المومنین۔ ’’نماز مومن کے لئے معراج ہے‘‘۔ پہلے پچاس نمازیں عطا کی گئیں تو راستے میں حضرت موسيٰ علیہ السلام کھڑے تھے فرمایا آپ کی امت اتنی نمازیں نہیں پڑھ سکتی۔ اسی طرح حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم بار بار اللہ رب العزت کے پاس گئے اور نمازیں کم کرواتے رہے۔ اللہ رب العزت نے فرمایا میرے محبوب یہ خیال نہ کرنا کہ نمازیں کم کی ہیں تو ثواب بھی کم کردیا جو پانچ نمازیں پڑھے گا اس کو پچاس کا ثواب ملے گا۔
اب یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر نمازیں پانچ ہی رہ جاتی ہیں تو پچاس کیوں عطا فرمائیں۔ اس کا جواب یہ ہے کہ اللہ رب العزت یہ چاہتے تھے کہ میرے حبیب کو بار بار معراج ہو اور موسيٰ (علیہ السلام) کا کام بھی ہوتا رہے۔ موسيٰ (علیہ السلام) وہ آنکھیں ہی دیکھتے رہیں جو محبوب حقیقی کا دیدار کررہی ہیں۔
امت کیلئے سلامتی
تین باتیں حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عرض کیں ’’التحیات للہ والصلوات والطیبات‘‘ ’’تین باتیں اللہ تعاليٰ نے ارشاد فرمائیں‘‘۔ ’’السلام علیک ایھا النبی ورحمتہ اللہ وبرکاتہ‘‘۔ حضور صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس سلام، رحمت اور برکت میں اپنی امت کو شامل کرتے ہوئے ’’السلام علینا وعلی عباد اللہ الصلحین‘‘۔
واپسی
علامہ سید محمود آلوسی رحمۃ اللہ علیہ اپنی تفسیر روح المعانی ص12 ج4 اور علامہ اسماعیل حقی رحمۃ اللہ علیہ تفسیر روح البیان ص404 ج 2 میں فرماتے ہیں: جب سید عالم صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم معراج سے واپس آئے تو زنجیر بھی ہل رہی تھی بستر بھی گرم تھا اور وضوکا پانی بہہ رہا تھا۔ سورہ النجم میں ہے:
وَالنَّجْمِ اِذَا هَوٰی. مَا ضَلَّ صَاحِبُکُمْ وَمَا غَوٰی. وَمَا يَنْطِقُ عَنِ الْهَوٰی.
(النجم،53: 1تا3)
’’اس چمکتے پیارے تارے محمد صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قسم جب یہ معراج سے اترے تمہارے صاحب نہ بہکے نہ بے راہ چلے اور وہ کوئی بات اپنی خواہش سے نہیں کہتے‘‘۔
اس لیے ایمان والے واقعہ معراج پر ایمان رکھتےہیں

 

Dur Re Sadaf Eemaan
About the Author: Dur Re Sadaf Eemaan Read More Articles by Dur Re Sadaf Eemaan: 49 Articles with 46456 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.