پیغام سیرت النبی ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں

اللہ کریم نے عظیم مقصد کے لیے انسان کو پیدافرمایا،انبیاء و رسل کی بعثت اور کتب سماوی کا نزول اولاد آدم کی راہنمائی کے لیے کیا،قصرِنبوت ورسالت کی تکمیل امام الانبیا ء ،سید الثقلین ،احمدمجتبیٰ ،حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی بعثت کے ساتھ ہوئی۔ہر نبی و رسول نے ابلاغ ِ نبوت ورسالت کے فریضہ کو اس کے حق کے مطابق ادا کیا، خطبہ حج الوداع کے موقع پرایک لاکھ سے زائد صحابہ کرام رضوان اللہ اجمعین کے مجمع نے امام الانبیاء حضرت محمد ﷺ کی ابلاغ رسالت وامانت کی بزبان حال و قال گواہی دی ، یہ شھادت ایسی تھی جس کی تصدیق کلام الہی نے کی ،"آج میں نے تمھارے لیے تمھارا دین مکمل کردیا،تم پر اپنی نعمت پوری کردی،تمھارے لیے اسلام کو دین کے طور پر پسند کرلیا۔(سورۃ المائدہ۔3)

امام الانبیاء ،حضرت محمد مصطفٰی ﷺ انسانوں کو جہالت،رسومات،توہمات اور ظلم کے اندھیروں سے نکال کر علم،عدل ،تقویٰ،ایمان ،اعمال صالحہ اور حسن معاشرت کی اعلیٰ تعلیمات سے آراستہ کرانے آئے تھے ،اعلیٰ انسانی اقدار کے منافی ہر طور طریقہ کو مٹا کر وحی الٰہی کے ذریعہ حقوق وفرائض سے آگاہی ،برائی کو ختم کرکے نیکی کو رواج دینے،حرام کو مٹا کر حلال کو عام کرنے ،بدامنی ،بے چینی و اضطراب کی جگہ پرامن اور منظم معاشرہ تشکیل دینے کے لیے آپ نے 23سال مسلسل جدوجہد کی، غار حرا سے شروع ہونے والاسفر گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ مستحکم اور پھیلتا گیا ،مشکلات ،تکالیف ،اذیتیں ،ہجرتیں اور سماجی بائیکاٹ سمیٹ ہر رکاوٹ کو اللہ کی مدد سے پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی منزل کی طرف بڑھتے گئے یہاں تک کہ پیغام رسالت عرب کی سرحدوں کو عبور کرتا ہوا ایشیا،افریقہ اور پورپ کے قلوب و اذہان کو معطر کرنے لگا۔

امت کے ہر طبقہ نے اسلام کی امانت کو نہ صر ف اپنے سینوں میں محفوظ رکھا بلکہ آنے والی نسلوں تک پہنچانے میں بھی بھرپور کردار ادا کیا ، اسلام ایک مکمل اور آفاقی مذہب ہے ،ہمارے تمام مسائل کا حل اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے ، سیرت طیبہ پر چلنے سے پرامن معاشرہ وجود آئے گا،اضطراب و بے چینی کے اس دور میں نبی کریم ﷺٖ کے اعلی اخلاق کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے ، امت مسلمہ کے زوال کا سبب اتباع رسول ﷺ سے دوری اور باہمی اختلافات و تنازعات ہیں ،ہمارے رسول ﷺ نے ہمیں اعلی اخلاق کی تعلیم دی ،ایک دوسرے کو معاف کرنے، حسن سلوک، صبر،برداشت اوراحترام انسانیت کا درس دیا ہے۔مسلمانوں کی سب سے بڑی ذمہ داری اسوہ رسول کریم ﷺ پر عمل کرنا اور آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہے،اور اسی میں سعادت دارین ہے۔
 

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 250522 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More