پاکستان زندہ باد

یوم آزادی کا جشن مناتے ہوئے پاکستانی جس جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہیں اس میں کہیں عقیدت کا رنگ نمایاں ہوتا ہے اور کہیں خاصی جہالت کا ۔ محب وطن پاکستانیوں میں کسی کی مثال نادان دوست جیسی ہے توکسی کی سرپھرے منچلوں جیسی ۔ کوئی سیدھے سادے معصوم سے پرستار مثلاً خواتین جو اس موقع پر اپنے معمول کے مطابق فضول خرچی سے گریز کرتی ہیں ۔ بس سبز کانچ کی چوڑیاں مہنگے میک اوور کی جگہ پاکستانی پرچم کے رنگوں کا پینٹ رولر ۔ اور کپڑے بھی کوئی خاص مہنگے نہیں ۔ پھر ڈسکاؤنٹ آفرز کے درباروں میں حاضری سے کفایت شعاری کا عملی اظہار ۔ گاڑیوں پر جھنڈے کے رنگ کا پینٹ کرانے والے محب وطنوں کا مقام زیادہ بلند ہے کیونکہ اس کام کے لئے واقعی بڑا دل چاہیئے ہوتا ہے جو ہر کسی کے پاس نہیں ہوتا ۔ سوشل میڈیا کی تمام ویب سائٹوں پر یوم آزادی کے حوالے سے پوسٹیں لگانے والے بھی کچھ کم قابل تحسین نہیں ہیں ۔ کیونکہ جب تک یہ مرد مجاہد اپنی مہم سر کر کے فارغ ہوتے ہیں دستر خوان لگ کے اٹھ چکا ہوتا ہے اور انہیں کھانے کی جگہ پھٹکاریں ملتی ہیں ۔ جو یہ نہایت ہی پامردی اور بےجگری سے سہہ جاتے ہیں ورنہ مزید کارروائی کے طور پر کوئی چپل جوتی وغیرہ ان کی جانب پیش قدمی کر سکتی ہے ۔ جن لوگوں کا جذبہء حب الوطنی رات نو بجے کی خبروں کے ساتھ جاگتا ہے وہ دراصل صبح کے نو بجے اپنے عروج پر ہوتا ہے جس کے تحت یہ محب وطن حضرات یوم آزادی کی چھٹی کے صدقے سارا دن سو کے گذارتے ہیں ۔ بالکل عید والے دن کی طرح ۔ بدقسمتی سے اس بار یوم آزادی اتوار کے روز آیا ۔ اور بچوں بڑوں سبھی کی ایک چھٹی ماری گئی ۔ حکومت چاہتی تو عوام کو اس سانحے سے محفوظ رکھ سکتی تھی ۔ مگر اس کو بےچارے بچوں پر تک ذرا رحم نہ آیا ۔ اتوار کو اسکول بلوا کر پیر والے دن چھٹی دینا تو بنتا تھا ۔ خیر چلو کوئی بات نہیں اب اگلے چھ برس تک پھر کسی ایسے ستم کا کوئی امکان نہیں ۔
زندہ دل اور جواں عزم محب وطن پاکستانیوں کے اپنے اپنے انداز سے اظہار مسرت کے تذکرے میں دو تین المناک واقعات بھی یاد آ گئے ہیں جن میں پرجوش نوجوان اپنے قومی پرچم کو زیادہ سے زیادہ بلند لگانے کی کوشش میں چھت سے گر جاں بحق ہو گئے ۔ اللہ ان کے گھروالوں کو صبر جمیل عطا فرمائے جن کے لئے یوم آزادی ان کے لعل کا یوم جدائی بن کے آتا ہے ۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پیارے پاکستان کو امن و سکون کا گہوارہ بنادے اسکی حفاظت کرے اور اسے ہمیشہ سلامت رکھے ۔ تمام اہل وطن کو یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو اور یہ دن بار بار دیکھنا نصیب ہو ۔ آمین ۔
 
Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 226 Articles with 1708115 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.