خواب دیکھنا چھوڑ دیں

آج سے نصف صدی قبل مارٹن لوتھر کنگ نے امریکی سیاہ فاموں کے حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے اپنی شہرہ آفاق تقریر میں ایک نعرہ دیا تھا، "میرا ایک خواب ہے" ، کم و بیش چالیس سال بعد ایک افریقی امریکی کے صدر بننے کو اس خواب کی تعبیر گردانا گیا، مگر آج بھی آپ امریکی افریقی کمیونیٹی سے پوچھیں توزمینی حقائق مارٹن لوتھر کنگ کے خواب سے کوسوں دور ہیں، تو کیا خواب دیکھنا چھوڑ دیں؟ امریکی سیاہ فاموں کے لیئے اس کا جواب چاہے منفی میں ہو، مگر ہم پاکستانیوں کے لیئے میرا مشورہ یہی ہے کہ خواب دیکھنا بند کر دیں، ہمارے خوابوں کے سوداگر ہمیشہ سے ہمارے سچے اور جینوئن خوابوں کو اپنے مفادات کے ترازو میں تول کر ہمیں آس امید کے نخلستانوں میں بھٹکنے کے لیئے بے یارومددگار چھوڑ جاتے رہے ہیں، ہم نے ہر زمانے میں زمانے کے چلن کے مطابق درست اور برمحل خواب دیکھے، آزادی کے خواب، پچاس کی دہائی میں فری ورلڈ کے خواب، ساٹھ کی دہائی میں "صنعتی انقلاب "کے خواب، ستر کی دہائی میں "روٹی کپڑا اور مکان" کے خواب، اسی کی دہائی میں "نظامِ مصطفٰی" کے خواب، نوے کی دہائی میں "سب سے پہلے پاکستان"کے خواب، یہ تمام خواب اپنے اپنے دور کے عصری تقاضوں کے عین مطابق اور ان کی بھر پور عکاسی کرتے تھے مگر ہمیں ہمیشہ خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے والے رہنما کی جگہ خوابوں کے بیوپاری ملے، اپنے ذاتی ،گروہی اور طبقاتی مفادات کے عوض یہ رنگین خوش نما اور مسحور کن خواب فروخت کرنے والے سوداگر، ہم کیوں ان سوداگروں کے دام میں گرفتار ہو جاتے ہیں؟ پہچان کی کونسی کسوٹی ہمیں دھوکہ دے جاتی ہے کہ ہم بار بار انہی دکانداروں کے ہاتھوں لٹ جاتے ہیں؟
 
اس لیئے کہ ہم خواب تو دیکھتے ہیں مگر خوابوں سے تعبیر تک کے سفرسے ناواقف ہیں یہ سفر جسے انقلاب کہا جاتا ہے، دنوں مہینوں یا سالوں کا نہیں، عشروں اور صدیوں کا ہوتا ہے،انقلاب کےلیئے پہلا قدم اٹھانے والے کبھی اپنے انقلاب کو رونما ہوتا نہیں دیکھتے، آئندہ نسلیں ان کا ذکر کرکے بتاتی ہیں کہ انہوں نے انقلاب بپا کیا تھا، یہ ایک پراسس کا نام ہے،جبکہ ہماری ہسٹری کی تعلیم ہمیں انقلاب کوایک واقعہ کی طرح دکھاتی ہے، ایک دن، ایک تاریخ، ایک ہندسے کی طرح، ہمارا تخیل انقلابِ فرانس کچھ یوں دیکھتا ہے جیسے بس ایک دن ایک ہجومِ سرکشاں محلوں پر حملہ آور ہوا اور اگلے دن فرانس آج والے فرانس کے سانچے میں ڈھل گیا، ایک دن ماؤزے تنگ نے مارچ کی اور اگلے دن چین کے افیمی عوام آج کے محنت کش بن گئے، ہم تو اپنی برِصغیر کی تاریخ کا بھی یونہی تصور کرتے ہیں کہ پہلا ہندو مسلمان ہوا اور کلمہ پڑھتے ہی کہنے لگا "چلو بھئی پاکستان بنائیں"

ہم پلک جھپکتے میں اپنے خوابوں کی تعبیر چاہتے ہیں، اسی لیئے ان شعبدہ باز خوابوں کےسوداگروں کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں جو ہتھیلی پر سرسوں جمانے کے دعووں سے ہمیں سبز باغ دکھا کر اپنے خواب بیچ کر ہمیں جھوٹی ، بےصبری امیدوں کے سہارے چھوڑ جاتے ہیں اور ہم ایک ٹولے کے فسوں سے نکلنے کیلیئے اگلے ٹولے کی افیون کو اپنے زہر کا تریاق سمجھ کر چاٹ جاتے ہیں، جب تک ہم یہ نہیں جان لیتے کہ انقلاب کی سرسوں ہاتھوں پر نہیں جمائی جاتی، جب تک ہم خوابوں کے سوداگروں کو پہچان نہیں لیتے، خدارا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، کیونکہ ٹوٹتے ہوئے خوابوں کی فرسٹریشن آگے بڑھنے کی لگن اور حوصلے کی سب سے بڑی قاتل ہے، پلک جھپکنے میں انقلاب نہیں آتے، صرف خواب دیکھے جاتے ہیں، خوابوں کے یوٹوپیئے میں رہنے کی بجائے، اپنے حصے کی شمع روشن کرتے جائیں، ایک قدم اٹھائیں، ایک ہاتھ بڑھائیں، آج صرف یہی کرلیں تو اگلی صدی کی ٹیکسٹ بکس میں ہمارے انقلاب کا ذکر ضرور ہوگا،
Muhammad Shakeel
About the Author: Muhammad Shakeel Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.