اَب عبدالستارایدھی کو بعداَزموت یورپ کے کسی نوبل انعام کی ضرورت نہیں. ...

ایدھی کی شخصیت تو بیکسوں اور لاچاروں کے لئے خود نوبل انعام اور امرت دھارا تھی....
بیشک عبدالستارایدھی کی شخصیت بیکسوں، بے بسوں، لاچاروں، بے گھروں، لاوارثوں ، مجبوروں اور ناگہانی حوادث میں زخمی ہونے والوں اور حادثات میں ایڑیاں رگڑتے ، بلکتے سسکتے، مرتے کٹتے اِنسانوں کی مددکرنے اور اِنہیں بروقت طبی امداد اور خدمات باہم پہنچانے کے حوالوں سے اِنسانوں کے لئے خود نوبل انعام اور امرت دھارا تھی۔

اِس سے بھی اِنکار نہیں ہے کہ ایک طویل عرصے سے میرے مُلک میرے معاشرے اور میری دنیا کے مصیبت زدہ اِنسانوں کی مدداور خدمت کرنے کے لئے منہمک رہنے والی درویش صفت عبدالستار ایدھی کی شخصیت نہ کبھی کسی تعریف کی محتاج تھی اور نہ اَب جبکہ عرش والوں نے اِنہیں اِن کی زندگی میں زمینِ خداپر اِنسانیت کی انمول خدمات انجام دینے کے صلے میں سلام پیش کرتے ہوئے اپنی آغوش میں لے لیا ہے۔

اَب جہاں جنت کے فرشتے اور جنت کی حوریں حکمِ اﷲ تعالیٰ سے اِن کی خدمات کے کئے معمور کردی گئیں ہیں اَب ایسے میں عوامی خدمتگار عبدالستار ایدھی کی شخصیت کو یورپ( زمین ) والے کنجوسوں کے کسی نوبل وبل انعام ضرورت نہیں رہی ہے کیونکہ اَب عبدالستارایدھی کو اﷲ رب العزت نے جنت الفردوس میں بلنددرجات عطافرماکرجنت کے وہ عظیم انعامات و اکرامات سے نواز دیاہے جن کا اُس نے دنیا میں اپنے بندوں کی بے لوث خدمت کرنے والوں کو بعداَز موت دینے کا وعدہ کیا ہے ۔

یہاں مجھے یہ کہنے دیجئے کہ یورپ نے عبدالستار ایدھی کی زندگی میں اِنہیں نوبل انعام کا حقدارنہ ٹھیراکرعبدالستارایدھی اور اِن کی نصف صدی سے بھی زائد عرصے تک بلارنگ ونسل، زبان وسرحد، مذہب وملت کی تفریق کئے بغیرخالصتاَ اِنسانیت کی بنیادپر کئے جانے والی خدمات ِاِنسانیت کی بھی بڑی توہین کی ہے یہ اور بات ہے کہ اَب یورپ اِس سے انکار کرے اور اپنی سُبکی مٹانے کے لئے اپنی صفائیاں پیش کرے مگر حقیقت بس یہی ہے کہ یورپ عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دینا ہی نہیں چاہتاتھا اگر اُسے دیناہوتاتو کب کا دے چکاہوتا۔

آج جب فخرِ پاکستان اور شانِ انسانیت عبدالستار ایدھی منوں مٹی تلے آغوش قبر میں ابدی نیند جاسویا ہے اَب اِدھر اُدھرسے لاکھ کہنے سُننے اور سفارشوں کے بعدیورپ بعداَز مرگ اِس درویش صفت اِنسان کو اپنا نوبل انعام دے گاتوکیا دے گا؟؟اَب یورپ اِسے اپنے پاس ہی رکھے ، اَب نہ تو ایدھی کو اِس کی کوئی ضرورت ہے اور نہ ہمیں کسی نوبل وبل انعام کی ضرورت باقی رہی ہے ۔

اِس موقع پر مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں ہے کہ یورپ والوں کو میری یہ بات ضرور تسلیم کرنی پڑے گی کہ محض یورپ نے عبدالستار ایدھی کو اِن کی زندگی میں اِس اعزاز اور انعام سے اِس لئے محروم رکھاتھاکہ ایک تو ایدھی کا تعلق جنوبی ایشیااور دوسرایہ کہ ایدھی صاحب دنیاکے ایک ترقی پذیراسلامی ملک پاکستان کے شہری تھے آج اگر یہی ایدھی صاحب کسی اور مُلک کے شہری ہوتے تو ممکن ہے کہ یورپ اِن کی 75/70سالہ بے لوث اِنسانی خدمات کے صلے میں متعدد مرتبہ نوبل انعامات سے نوازچکاہوگا چونکہ عبدالستار ایدھی صاحب کا تعلق جنوبی ایشیااور مُلکِ پاکستان سے ہے اِس لئے یورپ نے اِنہیں نوبل انعام دینے سے ہیچرمیچر اور کنجوسی کا کھلامظاہر ہ کیا ہے اپنے اِس عمل سے یورپ نے اپنی دوغلی پالیسی کا بین ثبوت دے دیاہے۔

بہر کیف ،عبدالستار ایدھی کا نام اور ذات نہ صرف سرزمینِ پاکستان بلکہ ساری دنیاکے اِنسانوں کی بے لوث خدمات کے حوالے سے رہتی دنیا تک جیسیانمٹ نقوش چھوڑگئی ہے اَب اِسے کوئی کبھی بھی بنی نوع اِنسانوں کے دل و دماغ سے نہیں کھرج سکتاہے۔

اِس میں کوئی شک نہیں کہ عبدالستار ایدھی کی ساری زندگی اور اِ ن کی زندگی کا ایک ایک لمحہ اور ایک ایک پل جذبہ ء خدمتِ انسانیت سے تعبیرہے ایدھی صاحب پاکستان کا چہرہ تھے وہ دنیا بھر میں سفیر پاکستان کی اپنی پہچان آپ تھے اور اِن کی زندگی اِنسانیت کی خدمات کے حوالوں سے دوسروں کے لئے نہ صرف مشعلِ راہ بلکہ اُن لوگوں کے لئے بھی جو خود کو اﷲ کے بندوں کی مدد اور خدمت کرنے کے لئے وقف کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں اِن کے لئے یونیورسٹی کا درجہ رکھتی ہے اور بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کا نام اور ذات میرے دیس پاکستان اور میرے معاشرے اور میری دنیا کے اُن لوگوں کے لئے جو اِنسانیت کی خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں اِن کے لئے ایک ایساروشن چراغ ہے جس کی روشنی سے اِنسانوں کو اپنی راہیں متعین کرنے اور اپنی منزلیں تلاش کرنے کا موقعہ ملے گا ۔

بیشک یہ فخر بھی خود پاکستانی قوم کے لئے باعث فخروافتخار ہے کہ میری قوم نے اپنے محسن اور انسانیت کے عظیم خدمت گار قوم کے مسیحا فلاحی تنظیم ایدھی فاونڈیشن کے بانی اور فخرِ پاکستان عبدالستار ایدھی کے جسدِ خاکی کوقومی پرچم میں لپیٹ کرپورے قومی اعزاز کے ساتھ 19توپوں کی سلامی اور گارڈ آف آنر پیش کرکے سُپردِ خاک کیایہ اعزاز کسی سِول پاکستانی شہری کے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے، آج جیسا اعزاز عبدالستار ایدھی کو حاصل ہوا ہے یہ اعزازمیری تہذیب میں میرے دیس میرے معاشرے اور میرے بہت کم لوگوں کو ملاہے۔

آئیں عہد کریں کہ میں اور آپ بھی خود کو فخرِ پاکستان دورش صفت انسان بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی طرح ڈھال لیں گے اور اپنی زندگی کو دوسروں کی بے لوث مدد اور خدمت کرنے کے لئے وقف کریں گے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ہمیں بھی اِسی طرح یاد کریں آج جس طرح ہم نے عبدالستارایدھی کو یاد رکھاہے اور ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔

اَب آخر میں چلتے چلتے مجھے یہ بھی کہنے دیجئے کہ بظاہر تو عبدالستار ایدھی دنیاسے پردہ فرماگئے ہیں مگر یقین جانیئے کہ اِن کا کام جس طرح کل جاری تھاوہ آج بھی جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا کیونکہ ایک ایدھی کے انتقال کرجانے سے کام ختم نہیں ہواہے آج میری قوم کے ہرفرد کو خود کو ایدھی بناکر پیش کرناہوگاکیونکہ ایدھی کا اِنسانیت کی خدمت کرنے کا مشن بھی تو جاری رکھنا ہے ناں اور اِسی کے ساتھ ہی میں اپنی حکومت بالخصوص صدرِ پاکستان ممنون حُسین،وزیراعظم نوازشریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چاروں صوبائی گورنروں اور وزرائے اعلیٰ سمیت مُلک میں کام کرنے والی فلاحی تنظیموں اور اداروں کے سربراہان سے بھی مطالبہ کرتے ہوئے یہ تجویز پیش کرناچاہوں گاکہ حکومتِ سطح پر میرے مُلک میرے معاشرے اور سرکاری اور نجی اداروں اور پرائمری سے لے کر ہائرایجوکیشن تک جس سطح پر بھی اِنسانیت کی خدمت کے جذبوں سے سرشار متحرک افراد ہوں اِن کے لئے ’’ عبدالستار ایدھی‘‘ کے نام سے ایوارڈ کا اجراکیاجائے جنہیں ہر سال 14اگست جشنِ آزادی کے موقع پر یہ ایوارڈدیاجائے تاکہ لوگوں میں اِنسانیت کی خدمت کا جذبہ بیدار ہواور ہر گھر سے ایک ایدھی پیداہو۔
 
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 889436 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.