امتحان‎

دنیا کی تمام مخلوقات کے لیئے چار ہی موسم ہوتے ہیں ، سرما، گرما ، بہار اور خزاں مگر طالب علم وہ واحد اور بیچاری مخلوق ہے جس کے سر پر امتحانات کا موسم بھی تلوار کی طرح لٹکتا رہتا ہے.

اس کی دہشت ہی اتنی ہے کہ طلباء کو دن میں تارے نظر آجاتے ہیں ،اول تو کتاب کھولنے میں طرح طرح کی نت نئی رکاوٹیں حائل رہتی ہیں ، اگر سب پر قابو پا بھی لیا جائے تو بھی اندرون خانہ مشکلات کا کوئ شمار نہیں ، انگلش کے اسباق میں فیثاغورث کی بیان کردہ اشکال جھانکتی دکھائ دیتی ہیں تو کبھی اردو کے مدلل مضامین، ولیم ورڈز ورتھ کی شاعری کی منظر کشی کرتے پائے جاتےہیں !

اور تو اور ریاضی کی جیومیٹری کی آڑی ترچھی اشکال بھی کسی مہربان پری کی طرح لوری دیتی محسوس ہوتی ہیں .

تو فزکس اور کیمسڑی کے فارمولے خون آشام دیو سے کم دکھائ دینے پر آمادہ نہیں ہوتے .

ایسے میں طالبعلم خوف و ہراس کی پرخار وادیوں کا آبلہ پا مسافر بن کر رہ جاتا ہے جہاں ہر پل وحشتوں کا بسیرا رہتا ہے.

ایسے میں امی کی ڈانٹ ، ابو کی گھوریاں ، بھائ جان کی دھمکیاں اور باجی کےطعنے رہی سہی کسر پوری کردیتےہیں.

طالب علم پر یہ موسم کوہ گراں کی طرح گویا افتاد بن کر ٹوٹتا ہے جس کے بار تلے سانس لینا محال ہے.
کمرہ امتحان بھی کسی کال کوٹھڑی کا سا نظارہ پیش کرتا ہے جہاں ہرکارے سمن بانٹتے دکھائ دیتےہیں اور ذرا سی حرکت بھی قانون کی شکنجے میں جکڑنے کےلئیے کافی سمجھی جاتی ہے.

غرضیکہ اس موسم میں اپنے پرائے سب ایک ہی صف میں کھڑے دکھائ دیتےہیں، طالب علم کا کوئ بھی پرسان حال ڈھونڈے سے نہیں ملتا .

البتہ تصویر کا ایک رخ یہ بھی ہے کہ اس دوران ایک ہی ہمدم ، مونس و مشکل کشا ذات اپنے ہونے احساس دلاتی ہے ، اسی سے لو لگ جاتی ہے ، اس کے در پر ماتھا ٹیکنے کو جی چاہتا ہے ، مصلے پر حاضری کا دورانیہ نسبتا طویل ہو جاتا ہے ، دعاوں میں درد دل کی چاشنی گھل جاتی ہے ، بارگاہ ایزدی میں سجدے طویل ہوجاتے ہیں .

چار موسموں کے دوران تعطل کا شکار رہنے والا یہ رشتہ تجدید نو کے مراحل سے گزر کر مستقبل کے عہد و پیمان کرتا پایا جاتا ہے !

تو کیا خیال ہے آپ کا اس بارے میں کہ یہ پانچواں موسم رحمت ہے یا زحمت ؟؟؟
از قلم : بنت میر
 
Sadia Javed
About the Author: Sadia Javed Read More Articles by Sadia Javed: 24 Articles with 18740 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.