اُستاد کا مقام اسلامی معاشرہ میں

5 اکتوبر ٹیچر ڈے کے حوالے سے خصوصی تحریر

اﷲ تعالیٰ نے قرآن میں یعلمھم الکتاب والحکمۃ۔کہہ کر حضور ﷺ کی شان بحیثیت معلم بیان کی ہے ۔خود رسالت مآب ﷺ کی زبان سے یہ الفاظ ادا ہوئے ۔ انما بعثت معلما۔’’کہ میں استاد بنا کر بھیجا گیا ہوں۔‘‘’’اسلامی نظام تعلیم میں استاد کو مرکزی مقام حاصل ہے ۔معلم کی ذات ہی علمی ارتقاسے وابستہ ہے ۔نئی نسل کے مستقبل کی تعمیر کے سلسلے میں استاد کی مثال ایک کسان اور باغبان کی سی ہے ۔

علامہ محمداقبال رحمۃ اﷲ علیہ کے یہ الفاظ معلم کی عظمت و اہمیت کے عکاس ہیں ۔’’استاد در اصل قوم کے محافظ ہیں ۔کیونکہ آئندہ نسلوں کو سنوارنا اور انکو ملک کی خدمت کے قابل بنایا انہیں کے سپرد ہے ۔سب محنتوں سے اعلیٰ درجے کی محنت اور کارگذاریوں میں سب سے زیادہ بیش قیمت کارگذاری ملک کے معلموں کی کارگذاری ہے ۔معلم کا فرض سب فرائض سے زیادہ مشکل اور اہم ہے ۔کیونکہ تمام قسم کی اخلاقی ،تمدنی اور مذہبی نیکیوں کی کلید اسکے ہاتھ میں ہے اور ہر قسم کی ترقی کا سر چشمہ اسکی محنت ہے ۔‘‘

ہنر ی کا کہناہے:معلم فروغ علم کا ذریعہ ہے ۔لیکن اس کے علم سے فائدہ و ہ نیک بخت اُٹھاتے ہیں ۔جنکے سینے ادب و احترام کی نعمت سے مالا مال ہوں ۔کیونکہ :الادب شجر والعلم ثمر فکیف یجدون الثمر بدون الشجر۔’’ادب ایک درخت ہے اور علم اسکا پھل ۔اگر درخت ہی نہ ہوتو پھل کیسے لگے گا؟‘‘

اب ملت اسلامیہ کی قابل قدر ،قد آورچنداہم شخصیات کے احوال و اقوال کا ذکر کیا جاتا ہے ۔جنہوں نے اپنے اساتذہ کے ادب و احترام کی درخشندہ مثالیں قائم کیں اور جو ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

خلیفہ چہارم امیر المومنین حضرت سیدنا علی مولود کعبہ کرم اﷲ وجہہ الکریم فرمایا!’’جس نے مجھے ایک حرف بھی بتایا میں اس کا غلام ہو ں۔‘‘وہ چاہے مجھے بیچے ۔آزاد کرے یا غلام بنائے رکھے۔‘‘ایک دوسرے موقعہ پر فرماتے ہیں کہ’’عالم کا حق یہ ہے کہ اس کے آگے نہ بیٹھو اور ضرورت پیش آئے تو سب سے پہلے اس کی خدمت کے لئے کھڑے ہو جاؤ۔‘‘

مفسر قرآن حضرت سیدنا عبد اللّٰہ ابن عباس رضی اﷲ عنہما: معارف قرآن کے لئے حضرت ابی بن کعب رضی اﷲ عنہ کے گھر جاتے ۔ تو انکے دروازے پر دستک نہ دیتے ۔ بلکہ خاموشی سے انکا انتظار کرتے ۔حتیٰ کہ وہ اپنے معمول کے مطابق باہر آتے ۔حضرت ابی بن کعب رضی اﷲ عنہ کو یہ بات گراں گزری ۔ایک دن کہنے لگے’’آپ نے دروازہ کیوں نہ کھٹکھٹایا ۔تاکہ میں باہر آجاتا اور آپکو انتظار کی زحمت نہ اُٹھانا پڑتی۔‘‘آپ نے جواب میں کہا!العالم فی قومہ کالنبی فی امتہ وقد قال اللّٰہ فی حق نبیہ ﷺ ولو انھم صبروا حتیٰ تخرج الیھم۔’’عالم کا اپنی قوم میں مقام ایسا ہی ہے جیسے نبی ﷺ کا مقام امت میں اور بے شک اﷲ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کے ادب کے بارے فرمایا (اے دروازۂ نبوت پر آوازے لگانے والو)اگر تم صبر کرتے یہاں تک کہ میرے رسول خود باہر تشریف لاتے۔‘‘

حضرت زید بن ثابت نے ایک جنازے پر نماز پڑھی ۔پھر انکی سواری کیلئے خچر لایا گیا ۔تو حضرت عبد اﷲ بن عباس رضی اﷲ عنہما نے آگے بڑھ کر رکاب تھا م لی ۔حضرت زید نے یہ دیکھ کر کہا:اے ابن عم رسول اﷲ !آپ ہٹ جائیں ۔اس پر حضرت ابن عباس نے جواب دیا:’’علماء اور اکابر کی عزت اسی طرح کرنی چاہیے ۔‘‘
سیدنا امام اعظم ابو حنیفہرضی اﷲ عنہ:امام اعظم رضی اﷲ عنہ اور آپکے استاد امام حماد بن سلیمان رضی اﷲ عنہ کے گھر کے درمیان سات گلیوں کا فاصلہ تھا۔ لیکن آپ کبھی انکے گھر کی طرف پاؤں کر کے نہیں سوئے۔آپ دوران درس اپنے استاد کے بیٹے کے احترام میں کھڑے ہوجایا کرتے ۔امام حماد کی ہمشیرہ عاتکہ کہتی تھیں ،کہ حضرت امام ابو حنیفہ رضی اﷲ عنہ ہمارے گھر کی روئی دھنتے ۔دودھ اور ترکاری خرید کر لاتے اور اسی طرح کے بہت سے کام کرتے تھے۔

امام احمد رضی اﷲ عنہ:امام احمد رضی اﷲ عنہ ایک بار مرض کی وجہ سے ٹیک لگا کر بیٹھے ہوئے تھے ۔اثنائے گفتگو ابراہیم بن طہمان کا ذکر نکل آیا۔ان کا نام سنتے ہی آپ فوراً سیدھے ہو کر بیٹھ گئے اور فرمایا کہ یہ بات ناز یبا ہو گی کہ نیک لوگوں کا ذکر ہو اور ہم اسی طرح بیٹھے رہیں ۔

امام شافعی رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے ہیں کہ امام مالک کی مجلسِ درس بڑی باوقار ہوتی تھی ۔تمام طلبہ مؤدب بیٹھتے۔یہاں تک کہ ہم لوگ کتاب کا ورق آہستہ اُلٹتے کہ کھڑکھڑاہٹ کی آواز پیدا نہ ہو۔

امام قاضی ابو یوسف رحمۃ اﷲ علیہ:امام ابو یوسف فرماتے ہیں کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ میں نے نماز پڑھی ہو اور اپنے استاد سیدنا امام ابو حنیفہ رضی اﷲ عنہ کیلئے دعا نہ مانگی ہو۔

ایک روایت ہے کہ آپ ہر نماز کے بعد پہلے امام اعظم کیلئے دعا مغفرت کرتے تھے ۔پھر اپنے والدین کیلئے ۔

امام ربیع رحمۃ اﷲ علیہ :آپ فرماتے ہیں کہ مجھے میرے استاد حضرت امام شافعی رحمۃ اﷲ علیہ کی نظروں کے سامنے مجھے کبھی پانی پینے کی جرأت نہیں ہوئی۔

ہارون الرشید :ہارون الرشید کے دربار میں کوئی عالم تشریف لاتے تو بادشاہ ان کی تعظیم کیلئے کھڑا ہوجاتا ۔درباریوں نے کہا کہ اس سلطنت کا رُعب جاتا رہتا ہے تو اس نے جواب دیا کہ اگر علمائے دین کی تعظیم سے رعب سلطنت جاتا ہے تو جانے ہی کے قابل ہے۔ایک دفعہ ہارون الرشید نے ایک نابینا عالم کی دعوت کی اور خود ان کے ہاتھ دھلانے لگا ۔اس دوران میں عالم صاحب سے پوچھا ۔آپ کو معلوم ہے کہ کون آپ کے ہاتھوں پر پانی ڈال رہا ہے ۔عالم نے نفی میں جواب دیا۔ اس پر ہارون الرشید نے جواب دیا کہ میں نے یہ خدمت خود انجام دی ہے ۔اس پر عالم دین نے کسی ممنونیت کا اظہار نہیں کیا ۔بلکہ جواب دیا کہ ہاں آپ نے علم کی عزت کیلئے ایسا کیا ہے ۔اس نے جواب دیا بے شک یہی بات ہے ۔

ہارون الرشید نے اپنے بیٹے مامون کو علم و ادب کی تعظیم کے لئے امام اصمعی کے سپرد کر دیا تھا ایک دن ہارون اتفاقاً انکے پاس جا پہنچا ۔دیکھا کہ اصمعی اپنے پاؤں دھو رہے ہیں اور شہزادہ پاؤں پر پانی ڈال رہا ہے ۔ہارون الرشید نے برہمی سے کہا ۔میں نے تواسے آپکے پاس اسلئے بھیجا تھا کہ آپ اس کو ادب سکھائیں گے ۔آپ نے شہزادے کو یہ حکم کیوں نہیں دیا کہ ایک ہاتھ سے پانی ڈالے اور دوسرے ہاتھ سے آپ کے پاؤں دھوئے ۔

حضر ت یوسف بن حسین رحمۃ اﷲ علیہ: حضر ت یو سف بن حسین رحمتہ اﷲ علیہ کا قو ل ہے کہ ادب سے علم سمجھ میں آتا ہے ۔اور علم سے عمل کی تصحیح ہوتی ہے ۔اور عمل سے حکمت حاصل ہوتی ہے ۔(آداب المعلمین ،صفحہ10)

اصمعی رحمۃ اﷲ علیہ کا قول مشہور ہے:جو شخص علم حاصل کرنے میں ایک لمحہ کی ذلت برداشت نہ کر سکے ،وہ پھر ساری عمر جہالت کی ذلت میں زندگی گزار دیتا ہے۔ (ادب الاملاء،والاستملاء للسمعانی،صفحہ145۔ )
11)صاحب تعلیم المتعلم لکھتے ہیں کہ امام فخر الدین رازی رحمۃ اﷲ علیہ کو میں نے بادشاہ کے پاس دیکھا کہ بادشاہ ان کی بے انتہا تعظیم کرتا تھا اور یہ بات بار بار کہتا تھا کہ میں نے یہ سلطنت اور عزت صرف استاد کی خدمت کی وجہ سے حاصل کی ہے ۔کیونکہ میں اپنے استاد قاضی امام ابو زید رحمۃ اﷲ علیہ کی بہت خدمت کیا کرتا تھا ۔یہاں تک کہ میں نے تیس سال تک متواتران کا کھانا پکایا۔

شرح الطریقۃ المحمدیہ میں واقعہ لکھا ہے:کہ جس وقت امام حلوانی بخارا سے دوسری جگہ تشریف لے گئے تو امام ابو زرنوجی رحمۃ اﷲ علیہ کے علاوہ اس علاقہ کے تمام شاگرد سفر کر کے ان کی زیارت کو گئے ۔مدت کے بعد جب امام ابو زرنوجی رحمۃ اﷲ علیہ سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے غیر حاضری پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے معذرت پیش کی اور وجہ بتائی کہ ماں کی خدمت کی وجہ سے حاضر نہ ہو سکا ۔اس وقت امام حلوانی رحمۃ اﷲ علیہ نے فرمایا!تم کو عمر تو زیادہ نصیب ہو جائیگی ۔مگر درس نصیب نہ ہوگا ۔

حضرت مظہر جان جاناں:حضرت مظہر جان جاناں شہید رحمۃ اﷲ علیہ نے علم حدیث کی سند حضرت حاجی محمد افضل سے حاصل کی تھی ۔تحصیل علم سے فراغت کے بعد حضرت حاجی صاحب نے اپنی کلاہ جو پندرہ برس سے آپکے عمامہ کے نیچے رہ چکی تھی ۔حضرت مظہر جان جاناں کو عنایت فرمائی۔آپ نے رات کے وقت ٹوپی پانی میں بھگودی ۔ صبح کے وقت پانی سیاہ ہو چکا تھا ۔آپ نے اس پانی کو پی لیا ۔آپ فرماتے ہیں کہ اس پانی کی برکت سے میرا دماغ ایسا روشن ہوا کہ کوئی کتاب بھی مشکل نہ رہی۔

علامہ محمداقبال:مولوی سید میر حسن اقبال کے اساتذہ میں وہ باکمال شخصیت ہیں ۔جنہوں نے آپ کی تربیت میں یادگار کردار ادا کیا ۔جب اقبال کو ’’سر‘‘ کا خطاب دیا جانے لگا۔ تو آپ نے کہا کہ پہلے میرے استاد سید میر حسن کو شمس العلماء کا خطاب دیا جائے ۔تب میں یہ خطاب قبول کروں گا۔ اسی طرح بیماری کے دنوں میں ڈاکٹر وں کے بے حد اصرار کے باوجود آپ نے اپنے استاد محترم کے کہنے پر گردے کا اپریشن نہیں کروایا۔ایک دفعہ اقبال اپنے چند دوستوں کے ہمراہ گلی میں بیٹھے تھے ۔کہ اچانک انہوں نے دور سے مولوی صاحب کو آتے دیکھا ۔تو جلدی سے انکے پاس پہنچے ۔اس حالت میں کہ انکے ایک پاؤں میں جوتا بھی نہ تھا ۔اقبال انکے پیچھے پیچھے چلنے لگے ۔حتیٰ کہ مولوی صاحب کو انکے گھر پہنچا کر واپس آئے ۔علامہ اقبال نے ایک بار کہا تھا کہ یورپ کا کوئی عالم یا فلسفی ایسا نہیں جس سے میں نہ ملا اور کسی نہ کسی موضوع پر بلا جھجھک بات نہ کی ہو۔لیکن نہ جانے کیا بات ہے کہ شاہ جی(مولوی سید میر حسن) سے بات کرتے ہوئے میری قوت گویائی جواب دے جاتی ہے ۔کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ مجھے ان کے نقطۂ نظر سے اختلاف ہوتا ہے۔ لیکن دل کی یہ بات بآسانی زبان پر نہیں لا سکتا۔آپ نے اپنے اس عظیم محسن کو ان الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ؂
مجھے اقبال اس سید کے گھر سے فیض پہنچا ہے
پلے جو اسکے دامن میں وہی کچھ بن کے نکلے ہیں
وہ شمع بارگاہ خاندان مرتضوی
رہے گا مثل حرم جس کا آستاں مجھکو

معزز قارئیں:آپ نے معروف اسلافِ اسلام کی شخصیات کے اقوال و احوال پڑھے جن سے ثابت ہوا کہ اُن لوگوں نے اپنے اساتذہ کرام کی تعظیم و توقیر کس انداز سے کی اور ان قد آوار شخصیات کا عمل ہمارے لئے قابل تقلید ہے ۔میرا خیال ہے دنیا میں علم کی قدر اُسی وقت ہوگی جب اساتذہ کا مقام معاشرے میں بحال کیا جائے گا۔ آج ایک پولیس مین کے آنے سے پورا محلہ کانپ اٹھتا ہے ۔مجسٹریٹ کا رعب و دبدبہ افراد پر کپکپی طاری کر دیتا ہے ۔لوگ پولیس والے ،مجسٹریٹ،جج اور دیگر افسران کے برابر بیٹھنا اُس کی بے ادبی تصور کرتے ہیں ۔لیکن استاد جس کی محنت ،کوشش اور شفقت سے یہ افراد ان بالا عہدوں پر فائز ہیں اُن کی قدر معاشرہ کرنے سے قاصر ہے ۔حکومت اساتذہ کو ’’سر‘‘ کا خطاب دینا چاہتی ہے ،سلام ٹیچر ڈے منایا جاتا ہے ۔مگر افراد کے دل میں حرمت اساتذہ ناپائید ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اساتذہ کا جائزمقام معاشرہ میں بحال کرتے ہوئے حکمران اپنے اسلاف کی زندگیوں سے راہنمائی لیتے ہوئے ان کی معاشی حالت بہتر بنائیں ۔اساتذہ کی عظمت معاشرہ میں بحال ہونے سے شرح خواندگی میں اضافہ ہو گا اور اساتذہ کی معاشی حالت بہتر ہونے سے اساتذہ اپنے منصب پر فرائض کی انجام دہی پورے لگن سے کریں گے جس سے علمی انقلاب اور ملکی ترقی کی راہیں کھلیں گی ۔پاکستان میں اساتذہ اپنے حقوق کے لئے احتجاج کرتے ہیں ۔مطالبات تسلیم نہ ہونے پر تعلیمی بائیکاٹ ہوتا ہے اور سڑکوں پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگتے ہیں ۔اس احتجاج کو روکنے کے لئے انہی کے شاگردان پر لاٹھیاں برساتے ہیں ۔کیا یہی استاد کا مقام ہے؟ حکومت حقوق اساتذہ پورے کرنے کیلئے احتجاج کا انتظار کیے بغیر ان کا معاشی،معاشرتی اور ملی مقام بحال کرنے کیلئے قانون سازی کرے تاکہ ملک و ملت نظریۂ پاکستان و نظریۂ اسلام کو پروان چڑھاسکے۔
Peer Muhammad Tabasum Bashir Owaisi
About the Author: Peer Muhammad Tabasum Bashir Owaisi Read More Articles by Peer Muhammad Tabasum Bashir Owaisi: 85 Articles with 166306 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.