سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ

پہلی قسط
خلیفہ رسول بلا فصل متصل سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ

ہم سب مسلمان جانتے ہیں کہ امت محمدیہ کی سب سے بڑی شخصیت افضل البشر بعد از انبیا علیہم السالام، رازدارِ مصطفیٰ، یار غارِ مصطفیٰ سیدنا ومولانا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا وصال ٢٢ جمادی الاخری ہے۔ لہٰذا ہر مسلمان کو چاہیے کہ اس تاریخ کو اپنے گھروں، مسجدوں اور محلوں میں یومِ صدیق اکبر کا انعقاد کریں اور جہاں تک ان کی شخصیت کے بارے میں علم ہو اپنے بچوں کو ان شخصیات کے بارے میں بتائیں تاکہ خلفائے راشدین کی عظمت لوگوں کے دلوں میں بیٹھ جائے کیونکہ جس طرح کی شخصیت ہو اسی طرح اس سے محبت کا اظہار ہونا چاہیے۔ یہ ہم سب کا دینی اور ملی فریضہ ہے۔

خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیق (رض) وہ ہستی ہیں جن کی عظمت کے چرچے اللہ تعالیٰ نے خود قرآن میں بیان فرمائے ہیں۔ سیدنا صدیق اکبر صحابی رسول ہیں اور صحابی کون ہوتا ہے آئیے صحابی کی تعریف جانتے ہیں۔

امام عسقلانی صحابی کی تعریف یوں کرتے ہیں: وہ شخص جس کی ملاقات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے آپ کی حیاتِ مبارکہ میں ہوئی ہو اور اسلام پر ہی اس کا انتقال ہوا ہو اس کو صحابی کہتے ہیں۔

شیعہ عالم مولوی فخر الدین اپنی کتاب میں صحابی کی تعریف یوں بیان کرتے ہیں: ہر وہ مومن جس نے اپنی زندگی میں حضور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی حیاتِ مبارکہ میں دیکھا ہے وہ صحابی ہے۔

صحابی کی یہ تعریف ہے شیعہ اور سنی دونوں کی کتابوں میں۔ اب صحابی اس کو کہتے ہیں جس نے حضور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آپ کی حیاتِ مبارکہ میں دیکھا ہو حالتِ ایمان میں اور سیدنا صدیق اکبر کی حیاتِ مبارکہ کی طرف دیکھتے ہوئے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ جس شخص نے حضور کے بغیر کچھ دیکھا ہی نہ ہو وہ کتنا بڑا صحابی ہوگا؟ سیدنا صدیق اکبر (رض) کب ایمان لائے اس پر علما، محققین متفق ہیں کہ قرآنِ پاک کی یہ آیت جو کہ سیدنا صدیقِ اکبر کے حق میں نازل ہوئی ہے اس کی تفسیر میں علما فرماتے ہیں کہ جس سچے شخص نے سب سے پہلے جس سچے رسول کی نبوت کی گواہی دی وہ سیدنا صدیقِ اکبر (رض) ہیں۔

عورتوں میں سب سے پہلے سیدہ خدیجہ الکبری (رض) ایمان لائیں بچوں میں سب سے پہلے مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم ایمان لائے اور مردوں میں سب سے پہلے سیدنا صدیقِ اکبر (رض) ایمان لائے۔ صحیحین میں ہے کہ رسول اللہ نے فرمایا: اے عمر (رضی اللہ تعالیٰ عنہ) میں نے سنا ہے کہ آپ نے ابوبکر کو کسی بات میں ناراض کیا تو اس بات کا خیال کیا کرو کہ میں نے جس کے سامنے بھی دعوتِ حق پیش کی کسی نے ٹھکرائی کسی نے معجزہ طلب کیا بس ایک ہی بندہ ہے کہ جس وقت محمد رسول اللہ نے دعوتِ حق پیش کی تو اس نے ایک لمحہ بھی توقف نہیں کیا اور فوراً کلمہ پڑھا (لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ)۔ لہٰذا ابوبکر کو تکلیف نہ دیا کرو کیونکہ جو کوئی ابوبکر کو تکلیف دیتا ہے وہ محمد رسول اللہ کو تکلیف دیتا ہے اور جو محمد رسول اللہ کو تکلیف دیتا ہے وہ اپنے اللہ کو تکلیف دیتا ہے۔

سیدنا ابوبکر صدیق (رض) وہ ہستی ہیں جنہوں نے سب سے پہلے کلمہ پڑھا اور مولائے کائنات علی المرتضٰی فرماتے ہیں کہ جب اولاَ جب ابوبکر صدیق نے حضور کی نبوت کی تصدیق کی اور معراج سے جب حضور تشریف لائے تو آپ کی اس معراج کی اولاً تصدیق ابوبکر صدیق نے کی ہے تو رسول اللہ کے دربار سے آپ کو یہ انعام ملا کہ میری امت کا صدیقِ حق ابوبکر صدیق ہے۔ اور امت کا ہر سچا حضرت ابوبکر صدیق کا قدردان ہے کیونکہ جو شخص خود سچا ہے جس کے اعمال سچے ہیں جس کے عقائد سچے ہیں وہ صدیقِ اکبر کا قدردان ہوگا اور جو جھوٹا ہے جس کے اعمال جھوٹے ہیں جس کے عقائد جھوٹے ہیں وہ سیدنا صدیقِ اکبر کا مخالف ہے وہ کبھی بھی صدیقِ اکبر کا قدردان نہیں ہو سکتا۔ لہٰذا مولائے کائنات فرماتے ہیں کہ جب امت محمدیہ سجی ہے تو سب سچوں کا بادشاہ جنابِ سیدنا صدیقِ اکبر ہیں۔
Hafiz Jamil
About the Author: Hafiz Jamil Read More Articles by Hafiz Jamil: 12 Articles with 52167 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.