معاشرت - اچھے ماحول کے لئے تعاون

سکول کے دنوں میں ایک "تَھمپَر" نامی ننھے خرگوش کے کارٹون ہم شوق سے دیکھا کرتے تھے۔ یہ بیچارہ مختلف غلطیاں کرتا تھا جس پر ماں اِسے سمجھاتی تھی۔ ایک قسط میں تھمپر اور اُس کے بہن بھائی ماں کے ساتھ ہرن کے نومولود بچے کو دیکھنے جاتے ہیں۔ سِین میں ہرن کا بچہ اپنے پاوں پر کھڑے ہونے اور چلنے کی کوشش کر رہا ہے اور بار بار گِر رہا ہے۔ تھمپر میاں سے رہا نہیں جاتا اور ننھی ہرن کی ماں سے جا کر کہتے ہیں "اِسے ٹھیک سے چلنا نہیں آتا، ہیں نا؟" ۔ اِس پر تھمپر کی ماں آواز لگاتی ہے "تھمپرررررر، ابو نے کچھ بتایا تھا نا آج صبح؟"۔ اب تھمپر میاں شرمندہ شرمندہ سے لہجے میں زمیں پر ایک پاؤں رگڑتے ہوئے ابو کی بتائی ہوئی بات دہراتے ہیں۔ سننے میں بہت ہی سادہ سا جملہ ہے، پر میں سمجھتا ہوں کہ کسی معاشرے، محفل یا گروہ کے افراد کے دلوں میں یہ بیٹھ جائے تو وہ معاشرہ، محفل یا گروہ بہت سی بے معنی تکلیف اور دل آزاری سے بچ سکتا ہے۔ اور وہ بات یہ تھی

"اگر مہرباں الفاظ نہیں بول سکتے تو کچھ بھی نہ بولو"

اگر ہم اپنے ارد گرد معاشرے میں دیکھیں تو بہت سے مسائل اسی سادہ اصول کی پامالی سے جنم لیتے ہیں، کہ یہ جتنا سادہ ہے اِس پر عمل شاید اُتنا ہی مشکل۔ بہرکیف، غور کریں تو یہ اصول معاشرے میں ایک بہت اہم قسم کے تعاون کا راستہ کھولتا ہے، اور وہ ہے "اچھے ماحول کے لئے تعاون"۔ بُرا ماحول جنگ یا حقیقی بھوک کی وجہ سے ہو تو الگ بات ہے، پر جہاں یہ دونوں مسائل نہ ہوں وہاں بُرا ماحول یا تو تعاون کو تقابل سے بدل دینے سے جنم لیتا ہے یا پھر اچھے ماحول کے لئے تعاون کو مکمل نظر انداز کر دینے سے (یا اِسے غیر اہم سمجھنے سے)۔ ایک بار ایسے تعاون کو اہم مان لیا جائے تو پھر بہت سے راستے کُھل جاتے ہیں اِس پر عمل کرنے کے، اور ہر شخص اپنی محفل، گروہ، معاشرے، اور (نتیجتاََ) خود کو اچھے سے اچھا ماحول دینے پر محنت کر سکتا ہے۔ پھر یہ بھی ہے کہ جو کسی اتھارٹی/نصیحت کی پوزیشن میں ہوں اور اُن کا کچھ کہنا لازمی ہو تو اُن کے لئے "مہرباں الفاظ" کی جگہ "اچھے پیرائے میں" شامل کیا جا سکتا ہے۔

اب دو مثالیں

- اجنبی پر طنز ("جگت مارنا")

یہ عادت ہمارے ہاں کسی حد تک دیکھنے کو ملتی ہے کہ جس شخص یا بات سے تعلق نہ بھی ہو اُس پر کچھ طنزیہ کلمات کہہ دینا۔ مثلاََ کسی نحیف لڑکے کو موٹر سائیکل سیکھتے دیکھ کر یہ کہہ کر گزر جانا "پہلوان جی، نہیں سنبھالی جانی"۔ یہ دراصل ایک برے ماحول کی طرف شراکت ہے۔ ہم تو کہہ کر گزر جائیں گے پر اُس کے شوق اور کانفیڈنس پر اِسکا گہرا اثر ہو سکتا ہے۔ ممکن ہے یہاں یہ سوچا جائے کہ وہ بھی آگے سے جوابی طنز کر سکتا ہے یا آپ کو احمق سمجھ کر نظر انداز کر سکتا ہے، پر دونوں صورتوں میں ہم نے اپنی حد تک تو اچھے ماحول کی بجائے برے ماحول کی طرف محنت کی ہے۔

- سوشل نیٹورکس پر تعاون

چونکہ اب ہم اپنی بہت سی محفلیں سوشل نیٹورکس پر جماتے ہیں، اِس لئے یہاں بھی اچھے ماحول کے لئے تعاون کرنے سے ہم سب کا بہت سا وقت اچھا گزر سکتا ہے۔ اِس کے بہت سے راستے ہیں۔ مثلاََ اگر کسی کی معلوماتی پوسٹ میں مواد کم لگے یا بتائی گئی بات پہلے سے معلوم ہو اور اُس پر ایسے کچھ کمنٹس کئے جائیں، "بہت کچھ آپ نے شامل ہی نہیں کیا"، "ہمیں بھی اتنی کیمسٹری/اردو/شاعری آتی ہے"۔ یہ دونوں باتیں درست ہوں تب بھی اوپر دئے اصول اور اچھے ماحول کے لئے تعاون کے خلاف ہیں۔ پہلے کیس میں تعاون کا راستہ یہ ہو گا کہ جو رہ گیا اُس پر خود کچھ مواد شامل کر دیا جائے (تا کہ لکھنے والے اور تبصرہ کرنے والے دونوں کے تعاون سے پڑھنے والوں کا بھلا ہو)، اور دوسرے میں تعاون کا راستہ یہ ہو گا کہ ایسی بات نہ کر کے نہ لکھنے والے کی حوصلہ شکنی کی جائے اور نہ ہی ایسے دوسرے قارئین کے سیکھنے کا راستہ روکا جائے جنہیں ہو سکتا ہے بتائی گئی بات پہلے سے معلوم نہ ہو۔
Ibnay Muneeb
About the Author: Ibnay Muneeb Read More Articles by Ibnay Muneeb: 54 Articles with 64070 views https://www.facebook.com/Ibnay.Muneeb.. View More