امیدکی کرن ابھی باقی ہے

احمد شہزاد قاسمی
بجنور ،یوپی ،انڈیا
ان دنوں ملت اسلامیہ ہند ناگفتہ بہ حالات کے شکنجہ میں جکڑی ہوئی ہے ،چہار جانب سے آلام ومصائب نے احاطہ کر رکھاہے، عام آدمی سے لیکر خواص تک کو ،دینی اداروں اور مذہبی درسگاہوں تک کو دہشت گردی اور عالمی ممنوعہ تنظیموں سے جوڑکر مسلمانوں کو حراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہیں دہشت گرد ، غدار ،اور آتنگ واد کا سرغنہ قراردیا جارہا ہے ایسے مشکل حالات میں ہماری قیادت خاموشی اختیارکئے ہوئی ہے ، ملی رہنما اور قوم کے مسلم اہلِ قلم حضرات اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی سے کام لے رہے ہیں ،کچھ بولنے اور کرنے کے بجائے وہ چپی سادھے ہوئے ہیں ،خاص طور سے اردواخبارات کے ایڈیٹران حضرات اور مشہورومعروف کالم نگار صاحبان اس مسئلہ سے پہلو تہی اختیارکرہے ہیں ،ان موضوعات پر ذرہ برابر بھی کچھ نہیں لکھ رہے ہیں تا ہم امید کی کرن ابھی باقی ہے، اس دور میں بھی کچھ اہل قلم حضرات ایسے ہیں جن کے اندر سچ لکھنے اور حقیقت بیانی کا جذبہ موجزن ہے ، وہ سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ ہی لکھتے ہیں ،ہزار دھمکیوں اور لالچ کے باوجود اپنے ضمیر کا سودانہیں کرتے ہیں، انہیں بیباک صحافیوں کی فہرست میں ایک نمایاں نام ہمارے بھائی محترم جواں سال صحافی شمس تبریز قاسمی کا ہے جو اس طرح کے حساس مسئلہ کو بڑے خلوص کے ساتھ انتہائی بیباکانہ انداز میں اٹھا رہے ہیں، مسلمانوں کی بے جاگرفتاری اور بے گناہ مسلمانوں کو دہشت گردقراردیئے جانے کی حقیقت سے عوام کو واشگا ف کرارہے ہیں ،پولس اور خفیہ ایجنسیوں کی سازشوں کو بے نقاب کررہے ہیں اور مسلسل اس موضوع پہ لکھ کر اپنی حق گوئی اور بیباکی کا واضح ثبوت پیش کررہے ہیں۔
آئینِ جواں مرداں حق گوئی وبے باکی
اﷲ کے شیروں کو آتی نہیں روباحی

اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ اک پر عزم مثالی صاحبِ قلم ہیں،آپ کی بے باک تحریریں اسکا منہ بولتا ثبوت ہیں، آپ جتنے خلوص اور محنت نیز مخالفین کی پرواہ کئے بغیر حق گوئی سے کام لیتے ہیں اس کی مثال خال خال ہی نظر آتی ہے بسا اوقات تو مجھے یہ اندیشہ ہونے لگتا ہے کہیں اس بے باکی اور حق گوئی کی وجہ سے موصوف کسی پریشانی میں نہ آجائیں، یہ بھی سننے میں آیاہے کہ کئی مرتبہ آپ کو دھمکیاں بھی مل چکی ہیں تاہم کمال کی بات یہ ہے کہ آپ کے پائے ثبات میں کوئی لغزش نہیں آسکی ہے ، آپ کے قلم نے ملی مفاد کے سواکبھی بھی کچھ اور نہیں لکھا ہے اور یہ ہمارا عقیدہ بھی ہے کہ بچا نے والی ذات اﷲ تبارک و تعالی کی ہے جو بہت ہی طاقتور اور اعلی وارفع ہے۔

ہم دعا گوہیں کہ آپ کا قلم حق ترجمان اسی طرح پروان چڑھتا رہے ،اﷲ تعالی ہر قدم پر آپ کا معین ومددگار رہے۔خالقِ کائنات آپ کو تمام شرور وفتن فسے محفوظ رکھے اور آپ کا یہ سفر ہمیشہ رواں دواں رہے۔ انشاء اﷲ تعالی آپ کی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی، آپ کے قلم کی سیاہی موثر ثابت ہوں گی ، حق کی جیت اور باطل کی شکست ہوگی۔آخرمیں آپ کی خدمت میں ہدیہ تشکر پیش کرتے ہیں کہ آپ اپنی قیمتی تحریروں سے ہمیں استفادہ کا موقع فراہم کرتے رہیں ، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیاکے ذریعہ فیضیا ب فرماتے رہیں، امید کہ آئندہ بھی کرم فرماتے رہیں گے ، اپنے قلم سے ملت کے درد کا مدواکرتے رہیں گے ۔حقائق اور صورت واقعہ تک اپنی تحقیق سے ہماری رسائی فرماتے رہیں گے۔ہم آپ کے قلم کو،بے مثال جرات وبیباکی کو ، منفرد اسلوب تحریرکو اور شیر یں انداز بیان کو سلام کرتے ہیں۔
تمام عمر کی ایذا نصیبیوں کی قسم
مرے قلم کا سفر رائیگاں نہ جائے گا

Shams Tabrez Qasmi
About the Author: Shams Tabrez Qasmi Read More Articles by Shams Tabrez Qasmi: 214 Articles with 164190 views Islamic Scholar, Journalist, Author, Columnist & Analyzer
Editor at INS Urdu News Agency.
President SEA.
Voice President Peace council of India
.. View More