اہلِ فجر کو عزت اور منزلت مبارک !!

( نمازِ فجر کے بعد اﷲ کی حمد و ثناء اور تسبیح کرنا بہترین عمل اور خوشی کا مقام ہے ۔)
 رات جلد سونا اور صبح جلد اُٹھنا ایک اچھی صحت کا ضامن فارمولا ہے، دنیا بھر میں لوگ اس پر عمل کرتے ہیں، لیکن ہم بطور مسلمان صحت کے ساتھ ساتھ اپنے اﷲ سبحان و تعالیٰ کے قرب،اسکی رحمتیں برکتیں اور انوار و کمال بھی ساتھ میں حاصل کرتے ہیں اور وہ محض فجر کی دو سنت اور دو فرض پڑھنے سے۔ نمازِ فجر کے بعد اﷲ کی حمد و ثناء اور تسبیح کرنا بہترین عمل اور خوشی کا مقام ہے ۔اس کے لئے فقط ایک شرط ہے اور وہ یہ کہ فجر کے وقت اپنے نرم گرم بستر سے اُٹھنا،وضو کرنا اور نماز ادا کر کے بے شک باہر گھومنے پھرنے یا واک پر جاتے ہوئے ذکر اﷲ کی حمد و ثناء کرتے رہنا۔۔بس۔

حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ نے فرمایا کہ ذکرِ الہٰی کے لیے کوئی قوم جب اور جہاں بیٹھتی ہے تو ملائکہ ان پر گھیرا ڈال لیتے ہیں ،رحمت الہٰی کا ان پر سایہ ہو جاتا ہے ،اور اﷲ تعالیٰ اپنی مجلس میں ان کا تذکرہ کرنے لگ جاتے ہیں۔ صحیح بخاری۔

ترمذی میں حضرت ابو سعید رضی اﷲ عنہ سے مروی ہے کہ رسول کریم ﷺ سے دریافت کیا گیا کہ کونسا شخص قیامت کو افضل و اعلیٰ اور بلند مرتبہ ہوگا ؟فرمایا کہ کثرت سے اﷲ کا ذکر کرنے والے لوگ۔پھر دریافت کیا گیا کہ یا رسول اﷲ ﷺ غازی فی سبیل اﷲ سے بھی ؟ فرمایا کہ خواہ تلوار لیکر کفار و مشرکین سے لڑتے لڑتے ٹکڑے ٹکڑے ہو کر خون سے کیوں نہ رنگ جائے،اﷲ تعالیٰ کا ذکر کرنے والا شخص اس سے بھی کئی درجے بہتر ہے۔

ویسے تو انسان ہر وقت چلتے پھرتے اُٹھتے بیٹھتے اﷲ کا ذکر اسکی حمد و ثناء اور درود پاک پڑھتا رہے لیکن فجر کے وقت ان اذکار کی افادیت اور شان بڑھ جاتی ہے،ہر چرند پرند شجر اور مچھلیاں تک اﷲ سبحان و قدرت کا ورد کرتی ہیں،تو پھر حضرت انسان کیسے غافل اور پیچھے رہ سکتا ہے،کیونکہ اﷲ تبارک و تعالیٰ کی پیدہ کردہ ہر چیز اس وقت اﷲ سبحانہ کی حمد و ثنا اور تسبیح میں مصروف ہو جاتی ہیں،یہ بہت قیمتی وقت ہوتا ہے۔اس وقت ذکر الہٰی کرنا بہت فائدہ اور نفع کا کام ہے،

نمازِ فجر کی اہمیت اوراسکی انوار و برکات پر بات کرنے سے پہلے اسکا تاریخی پس منظر پر بات کرتے ہیں جو کچھ یوں ہے۔کتاب ایک ہزار انمول موتی میں لکھا ہے کہ ابوالبشرحضرت آدم علیہ السلام کے وجود سے زمین پر انسانیت کی ابتداء ہوئی۹۶۰ سال عمر پائی،ہم جو فجرکی نماز ادا کرتے ہیں،اور اس میں دو رکعتیں فرض پڑھتے ہیں،اس کی حکمت یہ ہے کہ فجر کی نماز سب سے پہلے آپ علیہ السلام نے ادا فرمائی،جس وقت اﷲ تعالیٰ نے انہیں دنیا میں اُتارا،اس وقت دنیا میں رات چھائی ہوئی تھی،حضرت آدم علیہ السلام جنت کی روشنی سے نکل کرایک تاریک اور اندھیری رات کو اس دنیا میں تشریف لائے،اس وقت ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دیتا تھا،آپ علیہ السلام کو بہت تشویش اور پریشانی لاحق ہوئی کہ یہ دنیا اتنی تاریک ہے،ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا ہے،اب زندگی کیسے بسر ہو گئی۔نہ کوئی راستہ دکھائی دیتا ہے اور نہ کسی چیز کا پتہ چلتا ہے ،بس ہر طرف خاموشی ،ویرانی اور خوف طاری تھا،آپ علیہ السلام پر گبھراہٹ طاری ہونے لگی،پھر آہستہ آہستہ روشنی ہونے لگی،اور صبح کا نور چمکنے لگا،صبح صادق ظاہر ہوئی تو آپ علیہ السلام کی جان میں جان آئی،اسی وقت حضرت آدم علیہ السلام نے سورج نکلنے سے پہلے دو رکعتیں بطور شکرانہ ادا فرمائیں،یہ دو رکعتیں اﷲ تعالیٰ کو اتنی پسند آئیں کہ اﷲ تعالیٰ نے ان کو حضورِ اقدس ﷺ کی امت پر فرض فرما دیا۔( عنایہ )

فجر کی نماز اور اس نماز کی شان و برکت کے حوالے سے بہت سی احادیث ہیں،آپ ﷺ نے ایک موقعہ پر فرمایا کہ جس نے صبح کی نماز پڑھی وہ اﷲ تعالیٰ کی حفاظت و ذمہ داری میں ہے۔ایک اور موقعہ پر صحابہ کرام رضوان اﷲ علیم و اجمعین سے فرمایا کہ تم میں سے ہر ایک کی گُدی میں جب وہ سوتا ہے،شیطان تین گرہیں لگاتا ہے اور ہر گرہ کی جگہ پر یہ بات ڈالتا ہے کہ ابھی رات بہت ہے،لہذا سوتے رہو۔اب اگر وہ بیدار ہوگیا اور اﷲ کا ذکر کیا تو ایک گرہ کھل جاتی ہے،اور اگر وضو کرتا ہے تو دوسری گرہ کھل جاتی ہے،اور اگر نماز پڑھتا ہے تو تیسری گرہ بھی کھل جاتی ہے اور وہ چست و نشیط اور خوش گواریِ نفس کے ساتھ صبح کرتا ہے،ورنہ سست اور خبثِ نفس کے ساتھ صبح اُٹھتا ہے۔( متفق علیہ )۔

اے اہل فجر ! تمہاری شرف و عزت کے لئے یہ بات کافی ہے کہ تمہارے لئے اﷲ تبارک و تعالیٰ کے ملائکہ شہادت و گواہی دیں گے، جی ہاں !! یہ بات آقا دو جہان ﷺ نے فرمایا کہ تمہارے درمیان رات کے ملائکہ اور دن کے ملائکہ باری باری آتے ہیں اور فجر کی نماز اور عصر کی نماز میں اکھٹے ہوتے ہیں،پھر وہ ملائکہ جو تمہارے درمیان رات میں تھے،وہ اﷲ کے پاس چڑھتے ہیں تو ان کا رب ان سے سوال کرتا ہے۔حالانکہ وہ ان کو سب سے بہتر جانتا ہے۔تم نے میرے بندوں کو کس حال میں چھوڑا ؟ وہ ملائکہ جواب دیتے ہیں : ہم نے ان کو اس وقت چھوڑا جب وہ نماز پڑھ رہے تھے اور جب ہم ان کے پاس آئے تھے تو اس وقت بھی وہ نماز پڑھ رہے تھے۔( بخاری و مسلم )۔

اے اہل فجر ! اور میرے وہ نمازی بھائی جو جماعت کی پابندی کرتے ہیں ان کو مبارک ہو ،وہ خوش ہو جاہیں،کیونکہ انکا وضو کرنا درجات کی بلندی کا سبب ہے،انکا مسجدوں کی جانب چلنا نیکی ہے اور مسجد میں بیٹھنا رحمت و بخشش کا سبب ہے۔

حضور کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو صبح یا شام کے وقت مسجد کی طرف چلے،اﷲ تعالیٰ اس کے لئے جنت میں ہر صبح و شام جانے کے بدلے ایک ایک مہمان خانہ تیار کرے گا۔( بخاری و مسلم )۔

نماز ِ فجر کی پابندی جنت میں داخل ہونے کی گارنٹی اور ضامن ہے،اس کے لئے وضو کرنے میں ناجانے کتنے درجے بلند ہوتے ہیں،اور اس کے لئے چلنے میں کتنی نیکیاں ملتی ہیں اور اس کے بعد کے اوقات میں خیرو برکات کا نزول ہوتا ہے،جیسا کہ حضور پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا : اے اﷲ ! تو میری امت کے لئے اس کے اولین وقت میں برکت نازل فرما۔( امام احمد،ابوداؤد،ترمذی،ابن ماجہ )

بڑے بڑے اﷲ کے برگزیدہ ہستیاں تمام رات قیام کرتی رہی ہیں ، اور الحمداﷲ آج بھی لاکھوں کروڑوں ہستیاں موجود ہیں جو رات رات بھر تہجد ذکر و اذکار اور نماز قرآن میں گزار دیتے ہیں، ایک عام مسلمان کے لیے فی زمانہ ایک مشکل امر ہے کہ وہ تمام رات اﷲ کی عبادت میں گزار دئے،لیکن اﷲ پاک نے یہاں بھی انسان اور اس مسلمان کو مایوس نہیں کیا جو دل میں تمام رات عبادت کی حسرت رکھتا ہے،ایسے مسلمان کے لئے نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ جس نے عشاء کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھی، گویا اس نے آدھی رات تک قیام کیا اور جس نے فجر کی نماز باجماعت پڑھی،گویا اس نے تمام رات ( عبادت ) قیام کیا۔ ( مسلم )۔

سبحان اﷲ محض عشاء اورفجر کی باجماعت نماز سے تمام رات عبادت کا ثواب،اب اگر کوئی اس ہمیشہ کی لوٹ سیل سے فائدہ نہ اُٹھا سکے تو اس کا قصور ہے،ورنہ اﷲ پاک تو اپنے پیاروں کو بہانے بہانے سے نوازتا ہے،کوئی اسکی طرف ایک قدم بڑھاتا ہے تو اسکی رحمت اور برکتیں اس شخص کی طرف دوڑی چلی آتی ہیں۔

ایک اور موقعہ پر نبی آخر الزماں ﷺ نے فرمایا : جو شخص فجر کی نماز باجماعت پڑھے،پھر سورج کے نکلنے تک بیٹھا ہوا اﷲ کو یاد کرتا رہے،پھر دو رکعتیں پڑھ لے تو اس کو پورے ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملے گا ۔(ترمذی )۔

فجر کے وقت کی اہمیت ، فضلیت اور عظیم برکت اور کثرت ِخیرکی وجہ سے سلف صالحین اس وقت میں سونے اوراسکو سستی وغیرہ میں ضائع کرنا ناپسند کرتے تھے۔ کیونکہ یہ رزق تقسیم ہونے کا وقت ہے،لہذا جو سوتا رہے گا وہ رزق سے محروم ہوتا ہے،اور اﷲ پاک کی بے پناہ رحمت اور عظیم اجر و ثواب سے بھی محروم ہوتا ہے۔اور اﷲ کا فرمانِ عالیشان ہے کہ جو نماز چھوڑتا ہے ،اس کے لیے عذاب لازمی ہے،گناہگاروں کو جہنم میں لے جانے والاپہلا سبب نماز کو چھوڑنا ہے۔لہذا ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ نماز کو اسکے اوقات میں ادا کرنے کا اہتمام کرے تاکہ اﷲ اور اسکے رسول ﷺ کی اطاعت اور فرماں برداری سے مشرف ہو اور اﷲ کے غضب اور اسکے عذاب و عقاب سے محفوظ رہے،آمین۔
Nadeem Rehman Malik
About the Author: Nadeem Rehman Malik Read More Articles by Nadeem Rehman Malik: 18 Articles with 19783 views MS.c Mass com, M.A Political Science.gentleman with excellent social etiquettes and refined manners. He is a resourceful, active,hardly,carefull and.. View More