زید زمان حامد کا جُرم کیا ہے؟ - حقیقت یا فسانہ

زید زمان حامد کا جُرم کیا ہے؟

محترم قارئین السلامُ علیکم کبھی کبھی ہم لوگ تعصب میں اس قدر آگے بڑھ جاتے ہیں کہ واپسی کی تمام راہیں مسدود ہو کر رہ جاتی ہیں یہ تعصب ہی تو ہے جو ہم سے انسان کو کبھی شیطان، تو کبھی ملعون کہلواتا ہے اور اگر کبھی اس تعصب میں غُصہ بھی شامل ہوجائے تو خِرد سے بھی بے پرواہ کردیتا ہے اور ہم سے ایسا ناقابِل تلافی جُرم سرزد ہوجاتا ہے کہ بعد میں پچھتاوے کہ سِوا کچھ ہاتھ نہیں لگتا، اور ایک مسلمان جس کی عزت اور آبرو کی حُرمت کی حِفاظت سب مسلمانوں پر مدنی آقا علیہ السلام نے لازم کی ہے اپنے ہی دوسرے مسلمان بھائیوں کے ہاتھوں بے آبرو ہوجاتا ہے۔ ایسا ہی کُچھ گُزشتہ دِنوں سے زید حامد زمان کیساتھ بھی کیا جارہا ہے۔

اہل علم حضرات کی ایک خُوبی یہ بھی ہوتی ہے کہ جب وہ کوئی بات کہتے ہیں تو پہلے تحقیق کر لیتے ہیں کہ کہیں بعد میں سُبکی نہ اُٹھانا پڑے اور بات جب کسی کے ایمان کی ہو تو بڑی احتیاط سے کام لیتے ہیں کہ کسی مسلمان کو بِنا تحقیق کافر کہنے سے اپنا ایمان بھی سلامت نہیں رہتا اور یہ قلم اُٹھانے والے کی ذُمہ داری بھی ہوتی ہے میں اِس موضوع پر ہرگز قلم نہ اُٹھاتا اگر (حسنین بھائی،، راولپنڈی،،) نے زید زمان حامد سے متعلقہ کالم میں یو ٹیوب کا لنک نہ دِیا ہوتا اِس کے لئے میں اُنکا بےحد ممنون ہوں۔

آج سے ہفتہ دَس دِِن پہلے تک میں زید زمان حامد کو جانتا تک بھی نہ تھا پھر اچانک ہی چاروں طرف سے کافر،کافر، اور ملعون۔ کاذب کی صدا بُلند ہونے لگی ناچار ہم نے بھی جُستجو سے مجبور ہوکر زید حامد کو تلاش کیا تو معلوم ہوا کہ یو ٹیوب پر بیشُمار کلپ موجود ہیں جس کلپ کو اُٹھایا وطن کی مٹی کی مہک پائی اور فکر اقبال (رحمتہ اللہ علیہ) سے معطر پایا ہمیں پھر بھی شُبہ باقی ہی تھا کہ حسنین بھائی کا لنک مل گیا جس میں القمر کی وساطت سے زید حامد زمان کا انٹرویو دیکھنے کو مِلا ہوسکتا ہے بُہت سے قارئین کو یو ٹیوب کی سہولت حاصل نہ ہو لہذا میں اسے ہو بہو نقل بھی کررہا ہوں،

https://www.youtube.com/watch?v=VPa8dRuL_-Y

زید زمان حامد کا قولی بیان
میں اللہ کو مالک حقیقی اور معبود مانتا اور سمجھتا ہوں اور حضور صلی علیہ وآلہ وسلم کی رسالت اور نبوت میں نہ کسی کو شرکت حاصل ہے اور نہ اللہ تعالیٰ کی ذات اور صفات میں میں کوئی شریک ہے میرا ایمان عقیدہ اور نظریہ یہ ہے کہ حضور صلی علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں اور رسول اللہ ہیں آپ صلی علیہ وآلہ وسلم کے بعد جو شخص دعویٰ نبوت اور رِسالت اور خُود ساختہ مہدیت کا دعویٰ کرے یا اپنے آپ کو حضرات خُلفائے راشدین یا کسی ادنیٰ صحابی کے مقام و مرتبہ پر فائز سمجھے وہ شخص بِلا تفریق جھوٹا، کذاب، مکار، افترا پرداز اور مردود ہے تمام مسلمانوں کی تسلی اور شریعت کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے شرعی اور قانونی طور میں نے تمام شرائط کو پُورا کردیا اور اپنا عقیدہ توحید اور رسالت کو واضح کر دیا میں اللہ کے فضل و کرم سے اور حضور صلی علیہ وآلہ وسلم کی مُحبت میں ایک دفعہ پھر اعلان کرتا ہوں کہ میں حضرت محمد صلی علیہ وآلہ وسلم کی نبوت پہ ایمان رکھتا ہوں آپ کے بعد کسی مُدعی نبوّت کذاب ،نجس، ملعون، مردود، کافر، کے ساتھ میرا دینی اعتبار سے کسی کے ساتھ نہ کوئی تعلق تھا نہ ہے نہ رہے گا انشاءَ اللہ ہر ایسے شخص کو عقیدہ ختم نبوت کے فلسفے کی بُنیاد پر کافر اور مرتد سمجھتا ہوں الحمدُ للہِ مجھ فقیر کا تعلق ایک سید گھرانے سے ہے اور ہمارے خُون ہی میں ادب رَسول صلی علیہ وآلہ وسلم اور عشق رسول شامل ہے میری ساری زندگی اللہ اور اُسکے رسول صلی علیہ وآلہ وسلم کے دین کا دفاع اور کلمتہُ اللہ کو بُلند کرنے میں گُزری ہے ساری جوانی افغانستان کے میدانوں میں روسی فوج کے خلاف جہاد میں گُزری الحمدُ للہ آج بھی شدید ترین خطرات میں مشرق اور مغرب کے کُفر کے خلاف ہم اذان دے رہے ہیں

محترم قارئین میں نے کوشش کی ہے کہ تمام کلام کو من و عن لکھ سکوں لیکن پھر بھی بشری تقاضہ کے تحت سہواً غلطی ممکن ہے اب سوال یہ ہے کہ کیوں آخر زید حامد زمان کو اپنے مسلمان ہونے کی گواہی دینی پڑی جب کہ ہم میں سے کوئی بھی اس طرح لوگوں کے سامنے گواہی دینا پسند نہیں کریگا ؟ آخر کیوں اتنی گرد اُڑائی گئی کہ ایک مسلمان کو کافر سے تشبیہ دی گئی؟ اصل جواب تو وہی لوگ دے سکتے ہیں جو اس تمام معاملے کی ڈور تھامے دیوار کے اُس پار کھڑے ہیں اور جنہوں نے یقیناً اس تمام معاملے کا سیاسی یا دُنیاوی فائدہ اُٹھایا ہے میرے ایک محترم سینئر کالم نگار نے ہماری ویب کے مذہبی سیکشن میں اپنے کالم میں لکھا ہے کہ زید زمان حامد کا تعلق پہلے جماعت اسلامی سے تھا اور وہ بہت سرگرم کارکن رہے ہیں اور جہادی بھی اصولاً ہونا تو یہی چاہیے تھا کہ وہی تحقیق کرتے اور اپنے سابق سپاھی کی مدد کو آتے حقائق کو واقعی حقیقی انداز میں کھوجتے اور اپنے مجاہد کے چہرے سے گرد صاف کرتے لیکن ایسا کیا نہیں گیا اب ایسا کیوں نہیں کیا گیا اور کیوں ایک مسلمان کو کافر کا نِقاب پہنا کر ذلیل کیا گیا میں اس پر تبصرہ نہیں کرونگا !

لیکن کہیں اس کی وجہ یہ تو نہیں رہی کہ زید حامد زمان طالبان کی پاکستان میں بڑھتی ہوئی دھشتگردی کو برملا میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے اس بات میں کوئی شُبہ نہیں کہ جسقدر مالی، جانی، اور معیشت کا نقصان طالبان نے پاکستان کو پہنچایا ہے اِتنا نقصان تو ہمارے ازلی دُشمن بھارت نے بھی ہمیں نہیں پہنچایا کہیں اِسی بات کا بدلہ تو طالبان حامی قوتیں زید حامد زمان سے نہیں لے رہیں کہ وہ اُنکے ایجنڈے کو پامال کرنے پہ تُلا ہے اور ایک روشن پاکستان کا خُواب دیکھ رہا ہے کہیں یہ سزا حق پرستی کی صدا کو بُلند کرنے کی وجہ سے تو نہیں؟
ishrat iqbal warsi
About the Author: ishrat iqbal warsi Read More Articles by ishrat iqbal warsi: 202 Articles with 1062953 views مجھے لوگوں کی روحانی اُلجھنیں سُلجھا کر قَلبی اِطمینان , رُوحانی خُوشی کیساتھ بے حد سکون محسوس ہوتا ہے۔
http://www.ishratiqbalwarsi.blogspot.com/

.. View More