سوانحِ حیات سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ(قسط نمبر3)

تحریر: خادم سلطان الفقر حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس

تلاشِ حق۔ بیعت کے لیے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی جدوجہداور کوشش:

سلطان العارفین سلطان الفقر حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ مادرزاد ولی تھے اور پھر علومِ باطنی کے حصول کے لئے والدہ محترمہ کا سایہ ہی کافی تھا کیونکہ حضرت بی بی راستی رحمتہ اللہ علیہا عارفہ کا ملہ تھیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں تیس(30)سال تک مرشد کی تلاش میں سرگرداں رہا لیکن مجھے اپنے پائے کا مرشد نہیں مل سکا۔

ایک دن دیدارِ الٰہی میں مستغرق آپ رحمتہ اللہ علیہ شورکوٹ کے نواح میں گھوم رہے تھے کہ اچانک ایک صاحبِ نور' صاحبِ حشمت اور بارعب سوار نمودار ہوا جس نے اپنائیت سے پکڑ کرآپ رحمتہ اللہ علیہ کو قریب کیا اور بڑے دلنشین انداز میں آگاہ کیا کہ میں علی ابن طالب( رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ )ہوں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کم عمر تھے' کم علم نہیں۔آپ رحمتہ اللہ علیہ نے مولا علی کرم اللہ وجہہ کو دیکھا تو قریب تھا کہ خود کو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ پر نثار کردیتے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ نے آپ رحمتہ اللہ علیہ پر توجہ مرکوز کی اور فرمایا ''فرزند آج تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے دربار میں طلب کیے گئے ہو''۔ پھر جیسے وقت تھم گیا ہر شے ساکت ہوگئی اور آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ایک لمحے میں خود کو آقا پاک صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی بارگاہ میں پایا۔ اس وقت اس بارگاہِ عالیہ میں حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ ، حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ ، حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ اور تمام اہلِ بیت رضی اللہ تعالیٰ عنہم حاضر تھے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کو دیکھتے ہی پہلے حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے مجلس سے ا ٹھ کر آپ رحمتہ اللہ علیہ سے ملاقات کی اور توجہ فرما کر رخصت ہوئے۔ بعدازاں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ اور حضرت عثمان رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بھی توجہ کے بعد مجلس سے رخصت ہوگئے تو مجلس میں صرف اہلِ بیت رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ہی رہ گئے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ مجھے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میری بیعت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے سپرد فرمائیں گے لیکن بظاہر خاموش تھے۔ مگر آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے اپنے دونوں دستِ مبارک میری طرف بڑھا کر فرمایا ''میرے ہاتھ پکڑو''۔ اور مجھے دونوں ہاتھوں سے بیعت فرمایا۔

آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ''جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے ایک مرتبہ کلمہ لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ تلقین فرمایا تو درجات اور مقامات کا کوئی حجاب نہ رہا۔ چنانچہ اول و آخر یکساں ہوگیا۔ جب آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے تلقین سے مشرف ہوا تو خاتونِ جنت سیدۃ النساء حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے مجھے فرمایا'' تو میرا فرزند ہے''۔
دست بیعت کرد مارا مصطفیٰ
شد اجازت باھُو را از مصطفی
خواندہ است فرزند مارا مصطفی
خلق را تلقین بکن بہر خدا
ترجمہ: مجھے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے دستِ بیعت فرمایا اور انہوں نے مجھے اپنا نوری حضوری فرزند قراردیا۔ مجھے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اجازت دی کہ میں خلقِ خدا کو تلقین کروں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں :-
فرزندِ خود خواندہ است مارا مصطفی
معرفت ِ فقر است برمن خاتمہ
ترجمہ: حضرت فاطمتہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے مجھے اپنا فرزند بنایا ہے۔ اس لیے معرفتِ فقر کی مجھ پر انتہا ہوگئی۔
ظاہری دست ِ بیعت:
اس باطنی مہربانی کے بعد جب سلطان العارفین سلطان الفقر حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ واپس گھر پہنچے تو والدہ محترمہ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے اور پورا ماجرہ آپ رحمتہ اللہ علیہا کے گوش گزار کیا ۔آپ رحمتہ اللہ علیہا نے سارا ماجرہ سن کر فرمایا اب تمہیں کسی مرشد کامل سے ظاہری دستِ بیعت کرلینی چاہیے ۔ '' بیعت تو میں کرچکا ہوں ''آپ رحمتہ اللہ علیہ نے جواب دیا ''اویسی طریقہ کے مطابق مجھے حضور رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے براہِ راست فیضان حاصل ہوا ہے، حضور غوث الاعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے مجھے باطنی فیض سے مالا مال کیا ہے اور تلقین وارشاد کی اجازت بھی عطا فرمائی ہے'' ۔ لیکن آپ رحمتہ اللہ علیہ کی والدہ محترمہ نے فرمایا کہ یہ باطنی بیعت ہے راہِ فقر میں ظاہری بیعت ضروری ہے اور اس کیلئے مرشدِ کامل تلاش کرو۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا '' تلاش کرنے کی کیا ضرورت ہے آپ ہی میری مرشد ہیں ''۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی والدہ محترمہ نے جواب دیا '' بیٹا عورتوں کو بیعت اور تلقین کرنے کا حکم نہیں۔ کیونکہ حضرت فاطمۃ الزہر ا رضی اللہ تعالیٰ عنہا اور حضرت رابعہ بصری رحمتہ اللہ علیہا نے بیعت و تلقین نہیں کی۔'' حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے عرض کیا '' کہاں تلاش کروں؟'' فرمایا: ''روئے زمین پر ڈھونڈو'' اور اشارہ مشرق کی طرف فرمایا۔ یوں آپ رحمتہ اللہ علیہ مرشدِ کامل کی تلاش میں ایک بار پھر گھر سے نکل پڑے۔آپ رحمتہ اللہ علیہ تجسس کی مسافت کے راستوں کو طے کرتے مختلف درویشوں اور فقیروں سے ملے لیکن کوئی بھی آپ رحمتہ اللہ علیہ کی طلب پوری نہ کرپارہا تھا ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے لا تعداد فقراء سے گڑھ بغداد(میاں چنوں ضلع خانیوال۔ پنجاب پاکستان) راوی کے کنارے ایک گاؤں میں رہائش پذیر شاہ حبیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ جو کہ سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کی اولاد پاک میں سے تھے، کا شہر ہ سنا تو ان سے ملاقات کی خواہش دل میں پیدا ہوئی ۔ چنانچہ حضرت شاہ حبیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ سے ملاقات کیلئے آپ گڑھ بغداد تشریف لے گئے۔ جیسے ہی خانقاہ میں داخل ہوئے تو دیکھا خانقاہ درویشوں ' فقیروں اور خدام سے پُر ہے ۔ لوگ جوق درجوق ایک جانب آگ پر رکھی پانی سے بھری دیگ میں ہاتھ ڈالتے جاتے ہیں اورمرادیں پاتے جاتے ہیں ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے خاموشی سے یہ منظر دیکھا اورچپ چاپ ایک طرف بیٹھ گئے ۔ دفعتاً شاہ حبیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ کی نظر آپ رحمتہ اللہ علیہ پر پڑی تو انہوں نے حضرت سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ سے کہا کہ '' تیری ظاہری حالت سے تو ایسا دکھائی دیتا ہے کہ تو طویل مسافت طے کرکے یہاں تک پہنچا ہے پھر اب خاموش اور علیحدہ کیوں بیٹھا ہے؟اُٹھ تو بھی دیگ میں ہاتھ ڈال کر اپنی مراد پا'' ۔ فقر کے شہسوار حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے خاموشی سے ان کی بات سنی اور ادب سے بولے ۔ '' مجھے کشف وکرامت کے یہ کھلونے متاثر نہیں کرتے اور نہ میری مراد ایسی ہے جو اس طرح بر آئے'' ۔ حضرت شاہ حبیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ نے چونک کر آپ رحمتہ اللہ علیہ پر نظر ڈالی اور کہا ''بے شک تمہاری مراد اور طلب بلند تر ہے لیکن تو یہ بھی جانتا ہے کہ بلند آرزو کی تکمیل کیلئے کٹھن مراحل طے کرنا پڑتے ہیں ''۔ '' بے شک '' حضرت سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے جواب دیا ''اور میں نے یہ طویل مسافت بے سبب طے نہیں کی، آپ حکم دیجیء'' شاہ حبیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ کچھ دیر آپ رحمتہ اللہ علیہ کے چہرہ مبارک پر نظریں جمائے آپ رحمتہ اللہ علیہ کو دیکھتے رہے پھر بولے ''اچھا فی الحال تو حوض میں پانی بھر ۔ '' یہ کہہ کر انہوں نے ایک خادم کو بلایا جس نے ایک مشکیزہ لا کر آپ رحمتہ اللہ علیہ کے حوالے کردیا۔ حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے وہ مشکیزہ اٹھایا اسے پانی سے بھرا اور لے جاکر حوض میں ڈالا حوض ایک ہی مشکیزہ پانی سے لبالب بھر گیا ۔ شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ سمیت تمام حاضرین نے حیرت سے آپ رحمتہ اللہ علیہ کو دیکھا ۔ پھر شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ سے مخاطب ہوئے:

'' کیا تو آزمائش کیلئے خود کو آمادہ پاتا ہے ؟'' آپ رحمتہ اللہ علیہ نے فوراً آمادگی ظاہر کی ۔ شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ نے پوچھا ''تیرے پاس کوئی دنیاوی مال واسباب بھی ہے ۔ '' آپ رحمتہ اللہ علیہ نے اثبات میں سر ہلایا ۔ شاہ حبیب اللہ قادری رحمتہ اللہ علیہ برجستہ بولے '' درویش اور دنیاوی مال کا آپس میں کیا تعلق ؟ ایک میان میں دو تلوار یں کیسے رکھی جاسکتی ہیں ۔ تو ایک دل میں دو محبتیں جمع کرنا چاہتا ہے ۔ ''

یہ سن کر حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ فوراً گھر کی طرف روانہ ہوئے گھر جا کر انہوں نے تمام مال اکٹھا کیا اور باہر پھینک دیا حتیٰ کہ پنگھوڑے میں سوئے ہوئے اپنے شیر خوار بچے کی انگلی سے سونے کی انگوٹھی بھی اتار کر باہر اچھال دی۔ اگلی صبح طویل مسافت طے کرکے گڑھ بغداد پہنچے او رسیدھے شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ کے سامنے پیش ہوگئے ۔ شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ نے انہیں دیکھتے ہی اُٹھ کر ان کا استقبال کیا اوربولے ''بے شک تو نے دنیاوی مال سے تو نجات حاصل کرلی مگر ابھی عورتوں سے آزادی حاصل نہیں کرپائے ۔ دونوں میں سے کس کا حق ادا کرنے کا ارادہ ہے ؟ خدا کا یا بیویوں کا؟''

یہ سننا تھا کہ حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کچھ کہے اور کچھ آرام کئے بغیر ایک بار پھر طویل سفر کیلئے تیارہوگئے۔ ایک بار پھر گھر جا پہنچے ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی والدہ ماجدہ الہاماً جانتی تھیں کہ آج بیٹا کس غرض سے گھر واپس آیا ہے مگر انجان بنتے ہوئے بولیں '' کیوں باھُو( رحمتہ اللہ علیہ )بیٹے اب کیسے آنا ہو ا ؟'' آپ رحمتہ اللہ علیہ نے نرمی سے سرجھکا کر مقصد بیان کیا ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کی والدہ حضرت بی بی راستی رحمتہ اللہ علیہا نے آپ رحمتہ اللہ علیہ کو اپنے قریب بٹھایا اور آہستگی سے مخاطب ہوئیں '' اے بیٹا باھو رحمتہ اللہ علیہ تمہاری بیویوں کے جو حقوق تم پر ہیں آج سے تم ان سے آزاد ہو اور تمہارے جو حقوق بیویوں کے ذمے ہیں وہ بدستور قائم رہیں گے۔ اگر تم حقیقی معرفت کے حصول میں کامیاب ہوگئے تو بہتر ہے لیکن محض بیویوں کے حقوق پورے کرنے کی خاطر گھر آنے کی ضرورت نہیں۔ لہٰذا اب طلاق کا خیال بھی دل میں نہ لانا ۔ ''

والدہ محترمہ کی یہ قابلِ قبول تجویز سن کر آپ رحمتہ اللہ علیہ پر سکون اور مطمئن انداز میں دوبارہ شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ کے پاس جا پہنچے۔شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ نے آپ رحمتہ اللہ علیہ کا پرتپاک استقبال کیا اور نظر سے ان پر توجہ کی پھر پوچھا ''اے باھوؒ مطمئن بھی ہو کچھ مشاہدہ بھی کیا ؟ '' آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ادب سے سر جھکا کر کہا ''شیخ جو کچھ آج مجھ پرمنکشف ہوا اس سے تو میں پنگھوڑے میں ہی آشنا ہوگیا تھا میری تمنا اس سے زیادہ کی ہے۔''شیخ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ نے جواب تو نہ دیا البتہ بیٹھے بیٹھے ان کی نظروں سے اوجھل ہوگئے ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ بھی خوب سمجھتے تھے کہ اس عمل کا مقصد امتحان ہی ہے ۔ چنانچہ آپ رحمتہ اللہ علیہ بھی جھٹ ان کے تعاقب میں پہنچے اور ایک کھیت میں ضعیف کاشتکار کی شکل میں شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ کو محنت مشقت کرتے پایا ۔آپ رحمتہ اللہ علیہ نے نزدیک جاکر فرمایا '' ضعیفی اور یہ مشقت؟ آپ آرام کریں میں کام کرتا ہوں۔ '' شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ اپنے اصل روپ میں آئے اورہنس کر انہیں ساتھ لیا اور آگے بڑھے مگر چند قدم چلنے کے بعد پھر غائب ہوگئے ۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے بھی ان کا تعاقب نہ چھوڑا اور اب کی مرتبہ انہیں ایک آبادی میں ایک بوڑھے برہمن پنڈت کی شکل میں ' لوگوں کو تلک لگاتا پایا ۔ حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ مسکرا کر نوجوان کی شکل میں ان کے سامنے جا کھڑے ہوئے اور فرمانے لگے ۔ '' بابا میرا ماتھا تو خالی ہے کیا یہ میرے بھاگ میں نہیں کہ میرے ماتھے پر بھی آپ تِلک لگائیں ۔'' دوسرے لمحے شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ پھر اپنی اصلی شکل میں حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے سامنے کھڑے مسکرا رہے تھے۔ انہوں نے حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کا ہاتھ تھاما اور آگے بڑھ گئے مگر تیسری مرتبہ پھر وہی عمل کیا یعنی نگاہوں سے اوجھل ہوگئے لیکن حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کہاں پیچھا چھوڑنے والے تھے ۔ ان کے پیچھے لپکے اور ایک مسجد میں انہیں جا ڈھونڈا جہاں شاہ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ ایک معمر امام مسجد کے روپ میں بچوں کو قرآن کی تعلیم دے رہے تھے۔ چنانچہ حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ بھی جھٹ ایک بچے کے روپ میں قاعدہ پکڑے ان کے سامنے جا بیٹھے اور ایک حرف پر انگلی رکھتے ہوئے معصومیت سے پوچھنے لگے ''بابا یہ کیا ہے ؟ '' اس بار شیخ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے ۔ انہوں نے آب دیدہ ہوکر حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کو گلے سے لگالیا اور کہنے لگے ۔ '' بس باھوؒ بہت ہوچکا'' لیکن سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی حالت نہ بدلی۔ آپ بدستور اسی حرف پر انگلی جمائے پوچھنے لگے ۔ ''بابا بتاؤ یہ کیا ہے؟'' شیخ حبیب اللہ رحمتہ اللہ علیہ بیچارگی سے بولے ۔ '' سلطان میں تجھے کیا بتاؤںیہ تو میرے بس کا کام نہیں۔تمہارا نصیب حضرت شیخ عبدالرحمن جیلانی قادری رحمتہ اللہ علیہ کے پاس ہے جو دہلی میں ہیں ۔''

ایک اور روایت کے مطابق غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ کو باطنی تربیت کی تکمیل کے بعد سیّد عبد الرحمن جیلانی دہلوی رحمتہ اللہ علیہ کی دستِ بیعت کا حکم دیا۔ سلطان العارفین رحمتہ اللہ علیہ حکم ملتے ہی فوراً دہلی کی طرف روانہ ہوگئے ۔ ابھی آپ رحمتہ اللہ علیہ دہلی سے دور ہی تھے کہ ایک شخص دوڑتا ہوا آپ رحمتہ اللہ علیہ کے پاس آیا اور آگے بڑھ کر حضرت سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے پاؤں عزت سے چھونے کے بعد عرض کیا کہ اس کو شیخ سیّد عبدالرحمن قادری رحمتہ اللہ علیہ نے ان کے استقبال کیلئے روانہ کیا ہے ۔ 29ذیقعد1078 ھ (11مئی 1668ء) بروز جمعتہ المبارک آپ رحمتہ اللہ علیہ حضرت شیخ سیّد عبد الرحمن جیلانی قادری رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں حاضر ہوئے۔ جیسے ہی آپ رحمتہ اللہ علیہ حضرت شیخ سیّد عبدالرحمن قادری رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں پہنچے 'وہ آپ رحمتہ اللہ علیہ کو پکڑ کر خلوت میں لے گئے ۔ پس آپ رحمتہ اللہ علیہ نے مرشد کامل سے اپنا ازلی نصیبہ اسمِ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ ذات کی صورت میں ایک قدم میں ہی ایک دم میں پا لیا ۔ جو چاہتے تھے مل گیا اور اسی وقت آپ رحمتہ اللہ علیہ کو رخصت کیا گیا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ الستی فیض سے مستفیض ' نعمت سے پُر اور فیض رسانی کے جذبات سے لبریز تھے ۔ ہر خاص وعام پر توجہ کرنے لگے۔ خَلقِ خدا کیلئے آپ نے فیض عام کردیا اورآپ رحمتہ اللہ علیہ کے اردگرد خلقت کا اس قدر ہجوم ہوگیا کہ راستے بند ہوگئے ' شہر میں شور مچ گیا۔ حتیٰ کہ یہ معاملہ حضرت شیخ سیّدعبدالرحمن قادری رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں پہنچا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کو بلایا گیا ۔ حضرت شیخ سیّد عبدالرحمن قادری رحمتہ اللہ علیہ نے جواب طلبی فرمائی کہ '' ہم نے تجھے یہ خاص نعمت عنایت کی اور تو نے عام کردی ۔'' عرض کیا! '' یا پیرو مرشد جب بڑھیا عورت روٹی پکانے کا توا بازارسے خریدتی ہے تو اسے ٹھونک بجا کر دیکھتی ہے کہ کیسا کام دے گا آیا درست ہے یا نہیں اور جب ایک لڑکا لکڑی کی کمان خریدتا ہے تو اسے کھینچ کر دیکھتا ہے کہ اس میں لچک کافی ہے کہ نہیں ۔ پس آپ سے جو نعمتِ عظمیٰ حاصل کی میں نے بھی اس نعمت کی آزمائش کی کہ مجھے آپ رحمتہ اللہ علیہ سے کس قدر نعمت حاصل ہوئی ہے ۔ پس جس طرح حضرت سیّد المرسلین احمدِ مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے حضور سے مجھے حکم ہوا ہے کہ خلقِ خدا کو تلقین کروں اور فیض کو عام کروں۔ انشاء اللہ قیامت تک یہ نعمت ترقی پر ہوگی ۔'' حضرت شیخ سیّد عبدالرحمن قادری رحمتہ اللہ علیہ یہ دلیل سن کر مسکرااُٹھے اور کہنے لگے '' باھُو( رحمتہ اللہ علیہ ) میں تجھے منع نہیں کرتا مگر اس کا خیال رکھا کر کہ ہر شخص اس کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ '' اس کے بعد آپ رحمتہ اللہ علیہ دہلی کی جامع مسجد میں تشریف لے گئے ۔ اورنگ زیب ارکانِ حکومت سمیت جمعہ کی نماز کی ادائیگی میں مشغول تھا ۔ مسجد میں اس قدر بھیڑ تھی کہ تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی اس لئے حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ سب سے پیچھے جہاں جوتیاں رکھتے ہیں کھڑے ہوگئے اور جب آپ رحمتہ اللہ علیہ نے توجہ کی تو تمام مسجد میں شور اور وجد برپا ہوگیا ۔ یہاں تک کہ صرف تین آدمی اورنگ زیب ' قاضی اور کوتوال جذبہ کی تاثیر اور نگاہ کے اثر سے محجوب رہے۔ جیسے ہی حضرت سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ نے توجہ منقطع کی اور مجمع اپنی حالت میں واپس آیا تو وہ تینوں حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے پاس آئے اور پوچھنے لگے کہ '' ہمیں کیوں نعمت سے محروم رکھا گیا ؟'' آپ رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا کہ'' ہم نے توجہ یکساں کی تھی ۔ تم پر اس واسطے اثر نہیں ہوا کہ تمہارے دل سخت تھے ۔ '' انہوں نے دست بستہ ہو کر فیض کیلئے التجا کی تو آپ رحمتہ اللہ علیہ نے فرمایا کہ '' اس کیلئے یہ شرائط ہیں کہ تم اور تمہاری اولاد ' ہماری اولاد اورپس ماندگان کیلئے دنیاوی مال ومتاع سے مروت نہ کریں اورہمارے مکان اور گھر نہ آئیں تاکہ تمہارے دنیاوی امور کے سبب ہماری عیال اور اولاد میں دنیاوی جھگڑے اور فساد نہ پڑ جائیں ۔''

آپ رحمتہ اللہ علیہ نے اورنگ زیب سے یہ اقرار لیکر اس پر توجہ کی اور خاص فیض تک پہنچایا۔ بعد ازاں جب وہاں سے روانگی کا ارادہ کیا تو اورنگ زیب نے آپ رحمتہ اللہ علیہ سے یادگار کیلئے التجا کی تو آپ رحمتہ اللہ علیہ نے وہیں کھڑے کھڑے کتاب ''اورنگ شاہی '' تصنیف فرمائی جسے شاہی محرروں نے اسی وقت تحریر کرلیا۔

Nasir Hameed
About the Author: Nasir Hameed Read More Articles by Nasir Hameed : 29 Articles with 48007 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.