حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا....

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان اور .. .؟؟

لیجئے...!! جناب ہمارے حکمرانوں نے ماہِ رواں کی پانچ تاریخ کو بجٹ پیش کرنے سے چارروز قبل ہی مہنگائی کو بے لگام کرنے کابندوبست کرلیاہے یعنی یہ کہ حکمرانوں نے دیدہ ودانستہ مُلک کے ساڑھے اُنیس کروڑ غریب عوام کے لاغرجسموں کوزندہ درگوکرنے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 3روپے 50پیسے کا اضافہ کرکے مُلک کی پریشان حال عوام پر مہنگائی کا ایک ایسابم گرادیاہے جس سے مُلک کے غریب اور مفلوک الحال عوام تلملاکررہ گئے ہیں ، اَب اِن میں بجلی اور پانی کے بحرانوں سے لڑتے لڑتے اتنی بھی سکت باقی نہیں رہی ہے کہ یہ بیچارے اپنے مردہ ضمیرحکمرانوں کے سامنے اپنے اُوپر ہونے والے مظالم کے خلاف بھی آوازبلندکرسکیں اور اپنادُکھ درداپنے حکمرانوں کو سُناکراِن سے کسی ریلیف کاسوال ہی کرسکیں..آج ایسے میں عوام یہ دھائی دیتے نظرآرہے ہیں کہ کوئی آئے اور ہمارے حکمرانوں کو بتائے کہ مُلک کی ترقی اور خوشحالی غریبوں کو مہنگائی اور پانی و بجلی کے بحرانوں میں جکڑنے سے نہیں بلکہ دنیاکے دوسرے ترقی یافتہ ممالک کی طرح عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور اِنہیں اِن کے بنیادی حقوق کے حصول سے پنہاں ہے۔

اَب ایسے میں ہمیں معاف کیجئے گا..!آج ہمیں اپنے جیسے اِنسانوں اور اپنے حکمرانوں ، سیاستدانوں اور قومی اداروں کے سربراہان اور اپنے افسرشاہی سے یہ سوال کرنے میں ذرابھی عارمحسوس نہیں ہورہی ہے کہ’’ آج کیا ہماری دنیاہمارے مُلک ہمارے معاشرے اور ہماری تہذیب کے اِنسانوں کے لئے یہ حیرت انگیزاور عجیب بات نہیں ہوگی ...؟؟کہ اِس پُرآشوب دُورمیں ’’ ضمیر‘‘کو ضمیرفروش ہی ایسے بھول گئے ہیں...!!کہ جیسے اِن کا کبھی ضمیرسے واسطہ ہی نہیں پڑاہو...اور موجودہ زمانے میں حدتو یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں لوگوں نے اپنانام ’’ضمیر‘‘ رکھنابھی چھوڑدیاہے...یعنی یہ کہ آج جیسے ہمارے زمانے اور ہماری تہذیب کے لوگوں کے نزدیک ’’ضمیر‘‘اور ’’ریلیف ‘‘کا لفظ کسی بُرائی یا گناہ جیساہوگیاہے۔

اِس میں کوئی شک نہیں کہ آ ج کی دُنیاکے اِنسانوں کے اندر سے ضمیرکامرجاناہی اصل میں دنیاکی تباہی و بربادی کا سبب ہے کیوں کہ ہم نے اپنے مفادات کے حصول کے خاطر اپنے ہی ہاتھوں اپنے ضمیر کا خون کیا ہے اور اَب ہم ایسے بے حس ہوگئے ہیں کہ آج ہم نے اپنی زندگی کو زندگی جاناہے اور اِسے ہی اپنادین دھرم مان لیا ہے اورہم نے اپنے زمانے اور اپنے معاشرے میں اپنی ذات سے وابستہ افراداور گرہوں کے مفادات کے لئے تمام اخلاقی ، معاشرتی اور قانونی حدیں توڑڈالی ہیں یوں اَب ہم اپنی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی مردہ ضمیری کے اُس درجے تک پہنچ گئے ہیں کہ جہاں اِنسان کو اِنسانیت کے درجات پر فائز کرتے ہوئے بھی شرم سی آنے لگی ہے۔

بہرحال..!!اَب کوئی لاکھ یہ کہے کہ اِس پُرآشوب دُورمیں یہ اپنے مفادات سے زیادہ دُوسروں کی ضرورتوں اور حاجات کا خیال کرنے والااِنسان ہے تو ایسے کسی بھی اِنسان کے کسی بھی ایسے عمل پر کم ازکم ہم یقین نہیں کریں گے..وہ اِس لئے کہ ہماری موجودہ دنیاکے عظیم مُلک اور اِس مُلک کے منتشرالخیال معاشرے اور کئی تہذیبوں کو ملاکرایک تہذیب بن جانے والے ماحول کے کسی بھی اِنسان میں گزرے زمانوں کے اچھے اِنسانوں والی صفات میں سے کسی بھی اچھی صفت کاموجودہونا ...یقیناغیریقینی کی بات ہے کیوں کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آج کے اِنسان میں بغیر لالچ اوربغیرکسی مفاد کے کسی ضرورت منداِنسان کے ساتھ بھلائی سے پیش آنا...ہم سمیت دوسروں کے لئے عجیب سالگتاہے۔

بہر کیف ...!!آج حکومت کا بجٹ سے قبل مہنگائی کو بے لگام کرنے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اندھادھن کیاجانے والااضافہ عوام سے بے حسی اور اِن کے بے ضمیر ہونے کی علامت ہے اگر آج اِن میں ذرابھی حس ہوتی اور اِن کا ضمیر زندہ ہوتا...تواِن کے دلوں میں مہنگائی اور بجلی و پانی کے بحرانوں سے ستائے عوام کے دُکھ دردکابھی احساس ہوتا...اوروہ یوں کبھی بھی مہنگائی کا طوفان برپاکرنے کے لئے گورکھ دھند بجٹ سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرتی اوراپنے عوام پر مہنگائی کا بم نہ گراتی... اور عوام کو مہنگائی تلے دبادیکھ کر ہرگزیوں خوش نہ ہوتی...جیسی یہ ابھی خوش ہورہی ہے۔
Muhammad Azim Azam Azam
About the Author: Muhammad Azim Azam Azam Read More Articles by Muhammad Azim Azam Azam: 1230 Articles with 896381 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.