خواہشیں نا تمام رہ جائیں تو،رب بہت یاد آتا ہے

چلنے والے انسان کے دونوں پیروں میں کتنا فرق ہوتا ہے ایک آگے ہوتا ہے تو دوسرا پیچھے ہوتا ہے لیکن نہ تو آگے والے کو غرور ہوتا ہے اور نہ پیچھے والے کی توہین ہوتی ہے ۔ کیوں ؟ کیوں کہ انہیں پتہ ہے کہ پل بھر میں یہ بدلنے والے ہیں تو غرور کس بات کا اور کیسی توہین ۔ صاحبو! اگر اس زندگی میں کچھ کھونا پڑے تو یہ دو باتیں یاد رکھیئے گا ۔ ایک تو یہ کہ جو کھویا ہے اس کا غم نہیں کرنا اور جو پایا ہے وہ کسی سے کم نہیں ہے ۔ دوسری بات یہ کہ جو پاس نہیں ہے وہ ایک خواب ہے اور جو پاس ہے وہ لاجواب ہے اور اسی پر خدا کا شکر بجا لائیں ۔ مگر صاحبو! یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ نظر اور نصیب کا کچھ ایسا اتفاق ہے کہ نظر کو وہی چیز پسند آتی ہے جو نصیب میں نہیں ہوتی اور نصیب میں لکھی ہوئی چیز نظر نہیں آتی اسے ہی زندگی کہتے ہیں ۔ اﷲ تعالیٰ نے ہر انسان کو اس کی ضرورت کے مطابق عطا کر رکھا ہے اور جو عطا نہیں کیا وہ جب اس انسان کوحقیقت میں ضرورت ہو گی تب عطا کرے گا ۔ یہ انسان نہیں جانتا کہ کہ جو اس کے پاس نہیں ہے وہ کس وقت حقیقت میں اس کی ضرورت ہے یہ صرف وہی اﷲ تعالیٰ کی ذات ہی جانتی ہے اور وہ انصاف سے ہی عطا کرتا ہے ۔ شیخ سعدی ؒ فرماتے ہیں ’’مجھے اﷲ کے انصاف پر اس دن بہت یقین آیا جب میں نے امیر اور غریب کا اِک جیسا کفن اور ایک ہی جیسی قبر دیکھی ‘‘ مگر ہم ’’نادان ‘‘انسان سمجھ نہیں رکھتے اور اپنے اپنے الفاط میں زہر اگلتے رہتے ہیں کیوں کی انسان ہی وہ واحد مخلوق ہے جس کا زہر اس کے الفاظ میں چھپا ہوتا ہے ۔ہمیں اپنے پیارے آقا حضرت محمد ﷺ کی سنتوں پر عمل کرنا ہو گا تاکہ ہم اپنے اﷲ کو راضی کر سکیں اور لوگوں کو متاثر کرنے والے فیشنوں کو چھوڑنا ہو گا ۔صاحبو فیصلہ کریں کہ اﷲ کو راضی کرنا ہے یا لوگوں کو متاثر کرنا ہے ۔ یاد رکھیں لوگ کبھی بھی آپ سے متاثر اورخوش نہیں ہوں گے مگر اﷲ کی رحمت بہانے ڈھونڈتی ہے اپنے بندے کو نیک بنانے کے لئے ، اپنے بندے کو معاف کرنے کے لئے مگر ہمیں تو بندگی آتی ہی نہیں ۔ہم تو اﷲ کو اس وقت یاد کرتے ہیں جب ہر طرف ے مایوس ہو جاتے ہیں ، خوشی کے وقت ہمیں اﷲ یاد نہیں ہوتا اگر اﷲ یاد آتا ہے تو غمی اور مصیبت کے وقت ۔
کبھی آنسو، کبھی سجدے ،کبھی ہاتھوں کا اٹھ جانا
خواہشیں ناتمام رہ جائیں تو ،رب بہت یاد آتا ہے

خواجہ حسن بصری (رحمۃاﷲ علیہ) نے بصرہ میں ایک غلام خریدا، وہ غلام بھی ولی اﷲ ، صاحب نسبت اور تہجد گزار تھا ۔ حسن بصری ؒ نے اس غلام سے پوچھا کہ اے غلام ! تیرا نام کیا ہے ؟اس نے کہا حضور !غلاموں کا کوئی نام نہیں ہوتا ، مالک جس نام سے چاہے پکارے ،آپ ؒ نے فرمایا اے غلام ! تجھے کیسا لباس پسند ہے ؟ اس نے کہا حضور ! غلاموں کا کوئی لباس نہیں ہوتا جو مالک چاہے پہنا دے وہی اس کا لباس ہوتا ہے ، پھر انہوں نے پوچھا اے غلام ! تو کیا کھانا پسند کرتا ہے ؟ غلام نے کہا حضور غلام کا کوئی کھانا نہیں ہوتا جو مالک چاہے کھلا دے وہی اس کا کھانا ہوتا ہے ۔خواجہ حسن بصری ؒ چیخ مار کر بیہوش ہوگئے جب ہوش آیا تو فرمایا اے غلام !میں تجھ کو آزاد کرتا ہوں ،میں نے تجھے پیسے سے خریدا تھا مگر اب تجھ کو پیسے نہیں دینا ہے، میں تجھ کو مفت میں آزاد کرتا ہوں۔ غلام نے پوچھا کس نعمت کے بدلے آپ مجھے آزاد کر رہے ہیں ؟آپ ؒ نے فرمایا تم نے ہم کو اﷲ کی بندگی سکھا دی۔

خدا کی بندگی تو بادشاہ کے وزیر نے بھی کی جو بادشاہ کی نوکری چھوڑ کر اﷲ کی عبادت میں مشغول ہو گیا ، وہ وزیر بہت دین دار اور عقلمند تھالیکن اچانک نوکری چھوڑ جانے پر بادشاہ پریشان تھا ۔ ایک دن بادشاہ اس کے پاس گیا اور پوچھنے لگا کہ تم نے نوکری کیوں چھوڑ دی ؟وزیر نے کہا پانچ باتوں کی وجہ سے میں نے شاہی نوکری چھوڑ دی ۔بادشاہ نے وہ پانچ اسباب دریافت کیئے تو وزیر نے کہا : ایک تو آپ بیٹھے رہتے ہیں اور میں آپ کی خدمت میں کھڑا رہتا ہوں لیکن اب خدا کی بندگی کرتا ہوں تو نماز میں بیٹھنے کا حکم بھی ہے ۔دوسری وجہ یہ کہ آپ تو بیٹھے کھاتے رہتے ہیں اور میں کھڑا آپ کو دیکھتا رہتا ہوں مگر اب ایسا رزاق مل گیا ہے جو مجھ کو کھلاتا ہے لیکن خود کھانے سے پاک ہے ۔تیسری وجہ یہ کہ آپ سوتے رہتے اور میں پہرہ دیا کرتا اب میں ایسے بادشاہ کی غلامی میں ہوں کہ میں خود سوتا رہتا ہوں اور وہ میری نگہبانی کرتا ہے ۔چوتھی وجہ یہ کہ میں ڈرتا تھا کہ آپ مر گئے تو آپ کے دشمن مجھے تکلیف دیں گے اب ایسی ہستی کی خدمت میں ہوں جو ہمیشہ قائم رہے گا اس لئے مجھے کسی کا خوف نہیں ۔پانچویں وجہ یہ کہ میں ڈرتا تھا کہ اگر مجھ سے کوئی غلطی ہو گئی تو آپ نہیں بخشیں گے، اب مالک ایسا رحمدل ہے کہ دن میں سو مرتبہ بھی گیاہ کروں تو وہ توبہ کرنے سے بخش دیتا ہے ۔تو صاحبو ! خود کو اﷲ کی بندگی میں سونپ دو اپنے اﷲ سے اور پیارے آقا حضرت محمد ﷺ سے سچی محبت کرو ۔ کیسی سچی محبت بھلا ؟ ایسی سچی محبت کہ جب انسان گہری نیند میں ہو اور اس کے کانوں میں اذان کی آواز آئے اور وہ اپنی نیند کو چھوڑ کر نماز پڑھنے کھڑا ہو جائے ۔ اپنی زندگی کو ایسا بناؤ کہ اپنا رہنما اﷲ کو بناؤ ، رہنمائی قرآن پاک سے لو ،طرز زندگی اسلام والی اپناؤ، اپنی شخصیت کو آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی سنتوں میں ڈھالو، پابندی روزہ کی حالت والی کرو، حلف کلمہ کا اٹھاؤ ، ورزش نماز والی کرو،سیرو سیاحت حج جیسی کرو ،فیصلہ صبر کے ساتھ کرو ،شوق درود پاک پڑھنے کا رکھو اور اپنی حفاظت صدقہ دے کر و۔
Shehzad Aslam Raja
About the Author: Shehzad Aslam Raja Read More Articles by Shehzad Aslam Raja : 17 Articles with 16580 views I am Markazi General Secratary of AQWFP (AL-QALAM WRITERS FOURM PAKISTAN) and Former President of Bazm-e-Adab Govr Sadique Abbas Digree college Dera N.. View More