غربت زدہ بھارت کا جنگی جنون

تحریر: ماجد جاوید بھٹی

اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ارب 25 کروڑ کی آبادی والے بھارت میں 30 کروڑ سے زائد انتہائی غربت کی زندگی گزار رہے ہیں جو تعلیم، صحت، پانی سیوریج سسٹم اور بجلی جیسی بنیادی انسانی ضروریات سے محروم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسی غریب کے باعث بھارت میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات بھی دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہیں اور ہر سال ایک کروڑ 40 لاکھ بچے اپنی پانچویں سالگرہ منانے سے قبل ہی موت کے بے رحم شنکجوں میں پھنس جاتے ہیں جب کہ ان میں سے 60 فیصد لوگ گھر جیسی نعمت سے بھی محروم ہیں اور کھلی فضا میں اپنی زندگی کے شب و روز گزارنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ بھارت نے گزشتہ سالوں میں غربت کے خاتمے کے لیے کافی مثبت کوششیں کی ہیں تاہم اب بھی غربت کے اس جن کو قابو کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کے سوشل کمیشن فار ایشیا اینڈ پیسفیک کے انڈر جنرل سیکریٹری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کو انتہائی غربت کے خاتمے کے لیے کوششوں میں تیزی لانا ہوگی اورغربت کے بڑھتے ہوئے گراف کو کم کرنے کے لیے کوششیں میں توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو بھارت کی وجہ سے دنیا بھر میں غربت کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ اپنے اہداف کو حاصل نہیں کر پائے گا۔

بھارت کی مودی حکومت نے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے گذشتہ سال کے مقابلے میں دفاعی بجٹ میں 4 ارب ڈالر (4 کھرب روپے) سے زائد کا اضافہ کر دیا ہے۔ دفاع کیلئے اب 40.07 ارب ڈالر (40 کھرب 7 ارب روپے) خرچ کئے جائینگے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال دفاع پر 36 ارب ڈالر خرچ کئے گئے تھے۔ وزیر خزانہ ارون جٹیلی نے لوک سبھا میں یکم اپریل سے شروع ہونے والے مالی سال 2015-16کیلئے یہ بجٹ پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایک، ایک انچ کا دفاع ہر چیز سے بالاتر ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں انفراسٹرکچر پر بھاری سرمایہ کاری کی جائے گی۔ شرح پیداوار کو بڑھا کر 8 فیصد تک پہنچایا جائیگا۔ رواں سال پیداوار میں اضافے کی شرح 7.9 فیصد ہے۔ وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ نئے بجٹ میں غریبوں کیلئے یونیورسل سوشل سکیورٹی سسٹم متعارف کرایا جائیگا جس کے تحت غریبوں کو سبسڈی پر مبنی انشورنس اور پنشن کے دائرے میں لایا جائیگا۔ واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی مودی حکومت کا پہلا فل بجٹ ہے۔ فوجی اخراجات میں 7.9 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ بھارتی روپے کے مطابق دفاعی بجٹ 2.47 کھرب روپے (40.07 بلین ڈالر) بتایا گیا ہے۔ بجٹ میں کارپوریٹ ٹیکس میں پانچ فیصد کی کمی گئی ہے، انکم ٹیکس کی شرح کو جوں کا توں برقرار رکھا گیا ہے۔ سروسز ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے بہت سی خدمات اب مہنگی ہو جائیں گی۔ صنعتکاروں کیلئے کارپوریٹ ٹیکس 30 فیصد سے کم کر کے 25 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔ دولت ٹیکس یکسر ختم کر دیا گیا ہے لیکن جن کی سالانہ آمدنی ایک کروڑ روپے سے زیادہ ہے ان کی آمدنی پر 2 فیصد سرچارج لگا دیا گیا ہے۔ انکم ٹیکس کی پرانی شرحوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ متوسط طبقے کو اس بجٹ سے بڑی امید تھی کہ انھیں چھوٹ ملے گی۔ بجٹ میں ملک کے دفاعی اخراجات میں گذشتہ برس کے مقابلے چار ارب ڈالر کا اضافہ کیا گیا۔ آئندہ مالی سال میں ملک کی معیشت 8 سے 8.5 فی صد کی شرح سے ترقی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر 17 لاکھ 80 ہزار کروڑ روپے (قریبا 280 بلین ڈالر) کا بجٹ پیش کیا گیا۔ بجٹ میں غیر ممالک میں کالا دھن جمع کرنے سے روکنے کیلئے 300 فیصد جرمانہ اور دس برس تک کی سزا کی تجویز ہے۔ سروسز ٹیکس 12.36 فیصد سے بڑھا کر 14 فیصد کر دیا گیا ہے جس سے کیبل، کوریئر، انٹرنیٹ، ٹیلیفون، بجلی، برانڈڈ کپڑے، کلب، جم اور ہسپتال جیسی خدمات مہنگی ہو جائیں گی۔ سگریٹ پر ہر برس کی طرح اس بجٹ میں بھی 15 سے 25 فیصد ڈیوٹی بڑھا دی گئی ہے۔ 2015-16میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر 70 کروڑ روپے صرف کئے جانے کی تجویز ہے۔ آئندہ مالی سال کے دوران 4000 میگاواٹ کے پانچ بڑے بجلی گھر بنانے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔اسی مدت میں چنئی کے کودن کولم جوہری پلانٹ میں دوسری یونٹ شروع کرنے کی تجویز ہے۔ بجٹ میں ایک لاکھ کلو میٹر لمبی اضافی سڑک تعمیر کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ مودی حکومت کے بجٹ پر ملا جلا ردعمل ہوا ہے۔ بیشتر صنعتکاروں اور ماہرین نے اس بجٹ کو ایک دور اندیش، اصلاح پسند اور ترقی کی طرف لے جانیوالا بجٹ قرار دیا ہے جبکہ حزب اختلاف نے اسے کھویا ہوا موقع قرار دیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ حکومت کو اچھی معیشت ملی تھی اور پیٹرولیم کے دام نصف سے بھی کم ہونے سے حکومت کے بڑے قدم اٹھانے کی حالت میں تھی لیکن اس نے یہ موقع کھو دیا۔بھارت کے مجموعی اخراجات کا حجم 288ارب ڈالر بنتا ہے جس کا قریبا 14 فیصد حصہ فوجی اخراجات پر خرچ ہوتا ہے۔ بھارت چین کے ساتھ اپنا فوجی خلا کم کر رہا ہے جو بحیرہ ہند میں اپنے جہازوں اور آبدوزوں کے بیڑوں میں اضافہ کر رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے بجٹ میں اضافے کا مقصد جیٹ لڑاکا طیارے، جہاز اور توپخانہ بنانا ہے۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں دفاعی بجٹ میں یہ اضافہ بڑھ کر 12 فیصد تک جا پہنچا ہے۔
Javed Ali Bhatti
About the Author: Javed Ali Bhatti Read More Articles by Javed Ali Bhatti: 141 Articles with 95463 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.