بے مثال ادیب عرب حضرت محمد ﷺ کے جوامع الکلم (اقوال زریں)

بسم اﷲ الرحمن الرحیم
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْن، وَالصَّلاۃُ وَالسَّلامُ عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِیْم ِوَعَلیٰ آلِہِ وَاَصْحَابِہِ اَجْمَعِیْن۔

فصاحت وبلاغت کے پیکر اور بے مثال ادیب عرب حضرت محمدمصطفی ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ مجھے جوامع الکلم سے نوازا گیا ہے۔ (صحیح بخاری) جس کا حاصل یہ ہے کہ آپ ﷺچھوٹی سی عبارت میں بڑے وسیع معانی کو بیان کرنے کی قدرت رکھتے تھے۔ آپﷺ کی بے شمار خصوصیات میں سے ایک اہم ترین خصوصیت یہ بھی ہے کہ جس وقت آپ پر پہلی وحی نازل ہوئی اور آپ سے پڑھنے کے لئے کہا گیاتو آپﷺ نے مَا اَنَا بِقَارِیٔکہہ کر معذرت چاہی، لیکن اﷲ تعالیٰ کی جانب سے ایسی خاص الخاص تربیت ہوئی کہ آپﷺ کے قول وعمل کو رہتی دنیا تک اسوہ بنادیا گیا۔آپﷺ کے اقوال زریں سے مستفید ہونے والے حضرات بڑے بڑے ادیب وفصیح وبلیغ بن کر دنیا میں چمکے۔ آپ کی زبان مبارک سے نکلے بعض جملے رہتی دنیا تک عربی زبان کے محاورے بن گئے۔ آپﷺ کے وعظ ونصیحت، خطبے، دعا اور رسائل سے عربی زبان کو الفاظ کے نئے ذخیرہ کے ساتھ ایک منفرد اسلوب بھی ملا۔

یہ ایک معجزہ ہی تو ہے کہ مَا اَنَا بِقَارِیٔ کہنے والا شخص کچھ ہی عرصہ بعد ایک موقع پر ارشاد فرماتا ہے: اَنَا اَفْصَحُ الْعَرَبِ، بَےْدَ اَنِّیْ مِنْ قُرَےْشٍ، وَاسْتُرْضِعْتُ فِی بَنِیْ سَعْد (الفائق فی غریب الحدیث للزمخشری) میں عرب میں سب سے زیادہ فصیح ہوں، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں قبیلہ قریش سے ہوں اور میری رضاعت قبیلہ بنی سعد میں ہوئی۔ یہ دونوں قبیلے اس وقت اپنی زبان وادب میں خصوصی مقام رکھتے تھے۔ اسی طرح حضرت ابوبکر صدیق رضی اﷲ عنہ نے ایک مرتبہ حضوراکرم ﷺ سے فرمایا: لَقَدْ طُفْتُ بِالْعَرَبِ وَسَمِعْتُ فُصَحَائَہُمْ فَمَا سَمِعْتُ اَفْصَحَ مِنْکَ ۔ فَمَنْ اَدَّبَکَ؟ قَالَ: اَدَّبَنِیْ رَبِّیْ فَاَحْسَنَ تَاْدِےْبِیْ میں سرزمین عرب بہت گھوم چکا ہوں، بڑے بڑے فصحاء کے کلام کو سنا ہوں، لیکن آپ سے زیادہ فصیح کسی شخص کو نہیں پایا۔ آپ کو کس نے ادب سکھایا؟ حضوراکرمﷺ نے جواب میں ارشاد فرمایا کہ مجھے میرے رب نے ادب سکھایا اور بہترین ادب سے نوازا۔ مذکورہ حدیث کی سند پر علماء نے کچھ کلام کیا ہے مگر اس میں وارد معنی ومفہوم کو سب نے تسلیم کیا ہے۔

غرضیکہ اﷲ تعالیٰ کی جانب سے فصاحت وبلاغت کا ایسا معیار آپﷺ کو عطا کیا گیا جس کی نظیر قیامت تک ملنا ناممکن ہے اور آپ کے اقوال زریں انسانیت کے لئے مشعل راہ ہیں۔ آپﷺ کے خطبے خاص کر حجۃ الوداع کے موقعہ پر دیا گیا آپ کا آخری اہم خطبہ نہ صرف جوامع الکلم میں سے ہے بلکہ حقوق انسانی کا بنیادی منشور بھی ہے۔ اس خطبہ مبارکہ میں آپﷺ نے آج سے چودھ سو سال قبل مختصر وجامع الفاظ میں انسانیت کے لئے ایسے اصول پیش کئے جن پر عمل کرکے آج بھی پوری دنیا میں امن وامان قائم کیا جاسکتا ہے۔

جہاں حضور اکرمﷺ کے اقوال زریں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، وہیں شریعت اسلامیہ میں ان اقوال زریں کو یاد کرکے محفوظ کرنے کی بھی خاص فضیلت وارد ہوئی ہے چنانچہ حضور اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص میری امت کے فائدہ کے واسطے دین کے کام کی چالیس احادیث یاد کرے گا اﷲ تعالیٰ اس کو قیامت کے دن عالموں اور شہیدوں کی جماعت میں اٹھائے گا اور فرمائے گا کہ جس دروازہ سے چاہے جنت میں داخل ہوجائے۔ یہ حدیث حضرت علی، حضرت عبداﷲ بن مسعود، حضرت معاذ بن جبل، حضرت ابودرداء، حضرت ابوسعید، حضرت ابوہریرہ، حضرت عبداﷲ بن عباس، حضرت عبداﷲ بن عمر، حضرت عبداﷲ بن عمرو، حضرت جابر اور حضرت انس رضی اﷲ عنہم اجمعین سے روایت ہے اور حدیث کی مختلف کتابوں میں وارد ہے۔ بعض علماء نے حدیث کی سند میں کچھ کلام کیا ہے مگر حدیث میں مذکورہ ثواب کے حصول کے لئے سینکڑوں علماء کرام نے اپنے اپنے طرز پر چالیس احادیث جمع کی ہیں۔ صحیح مسلم کی سب سے مشہور شرح لکھنے والے امام نووی ؒ کی چالیس احادیث پر مشتمل کتاب "الاربعین النوویۃ" پوری دنیا میں کافی مقبول ہوئی ہے۔

صحیح بخاری وصحیح مسلم میں وارد حضور اکرم ﷺ کے چالیس فرمان پیش خدمت ہیں جن میں علم ومعرفت کے خزانے سمودئے گئے ہیں اور یہ اعلیٰ اخلاق اور تہذیب وتمدن کے زریں اصول ہیں۔لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ان احادیث کو یاد کرکے ان پر عمل کریں اور دوسروں کو پہنچائیں تاکہ غیر مسلم حضرات بھی آپﷺ کی صحیح تعلیمات سے واقف ہوکر اسلام سے متعلق اپنے شک وشبہات دور کرسکیں۔

۱) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تمام اعمال کا دارومدار نیت پر ہے۔ (صحیح بخاری، صحیح مسلم)

۲) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: کبیرہ گناہ‘ اﷲ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، والدین کی نافرمانی کرنا، کسی کو بے گناہ قتل کرنا اور جھوٹی شہادت دینا ہے۔ (صحیح بخاری )

۳) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: سات ہلاک کرنے والے گناہوں سے بچو۔ صحابۂ کرام نے عرض کیا یارسول اﷲ! وہ سات بڑے گناہ کونسے ہیں (جو انسانوں کو ہلاک کرنے والے ہیں)؟ حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: شرک کرنا، جادو کرنا، کسی شخص کو ناحق قتل کرنا، سود کھانا، یتیم کے مال کو ہڑپنا، میدان (جنگ) سے بھاگنا، پاک دامن عورتوں پر تہمت لگانا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۴) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: منافق کی تین علامتیں ہیں: جھوٹ بولنا، وعدہ خلافی کرنا، امانت میں خیانت کرنا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۵) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سب سے بہتر شخص وہ ہے جو قرآن کریم سیکھے اور سکھائے ۔ (صحیح بخاری )

۶) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اﷲ کے نزدیک سب عملوں میں وہ عمل زیادہ محبوب ہے جو دائمی ہو، اگرچہ تھوڑا ہو۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)
۷) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: میں آخری نبی ہوں، میرے بعد کوئی نبی پیدا نہ ہوگا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۸) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: پاک رہنا آدھا ایمان ہے۔ (صحیح مسلم)

۹) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اﷲ کے نزدیک سب سے محبوب جگہ مسجدیں ہیں۔ (صحیح مسلم)

۱۰) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس نے مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجا، اﷲ تعالیٰ اس پر ۱۰ مرتبہ رحمتیں نازل فرمائے گا۔ (صحیح مسلم)

۱۱) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مؤمن ایک بل سے دوبارہ ڈسا نہیں جاتا ہے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۱۲) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: پہلوان شخص وہ نہیں جو لوگوں کوپچھاڑدے، بلکہ پہلوان وہ شخص ہے جو غصہ کے وقت اپنے نفس پر قابو رکھے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۱۳) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مسلمان کے مسلمان پر پانچ حق ہیں۔ سلام کا جواب دینا۔ مریض کی عیادت کرنا۔ جنازہ کے ساتھ جانا۔ اس کی دعوت قبول کرنا۔ چھینک کا جواب ےَرْحَمُکَ اللّٰہُ کہہ کر دینا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۱۴) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اﷲ اس شخص پر رحم نہیں کرتا جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۱۵) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ظلم قیامت کے روز اندھیروں کی صورت میں ہوگا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۱۶) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: چغل خور جنت میں نہیں جائے گا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۱۷) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: دنیا میں ایسے رہوجیسے کوئی مسافر یا راہ گزر رہتا ہے۔ (صحیح بخاری)

۱۸) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: رشتہ توڑنے والا جنت میں نہیں جائے گا۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)
۱۹) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا : اگر کوئی شخص (روزہ رکھ کر بھی) جھوٹ بولنا اور اس پر عمل کرنا نہیں چھوڑتا تو اﷲ تعالیٰ کو اس کی کوئی ضرورت نہیں کہ وہ اپنا کھانا پینا چھوڑ دے۔ (صحیح بخاری )

۲۰) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: انسان کے جھوٹا ہونے کے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ جو بات سنے (بغیر تحقیق کے) لوگوں سے بیان کرنا شروع کردے۔ (صحیح مسلم)

۲۱) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: وہ شخص جنت میں نہ جائے گا جس کا پڑوسی اس کی ایذاؤں سے محفوظ نہ ہو۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۲۲) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم میں سے وہ شخص میرے نزدیک زیادہ محبوب ہے جو اچھے اخلاق والا ہو۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۲۳) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا : صدقہ دینے سے مال میں کمی نہیں آتی، اور جو بندہ درگزر کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کی عزت بڑھاتا ہے اور جو بندہ اﷲ کے لئے عاجزی اختیار کرتا ہے اﷲ تعالیٰ اس کا درجہ بلند کرتا ہے۔ (صحیح مسلم)

۲۴) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اگر کوئی شخص اپنے گھر والوں پر خرچہ کرتا ہے تو وہ بھی صدقہ ہے یعنی اس پر بھی اجر ملے گا۔ (بخاری ومسلم)

۲۵) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اے نوجوان کی جماعت! تم میں سے جو بھی نکاح کی استطاعت رکھتا ہو اسے نکاح کرلینا چاہئے کیونکہ یہ نظر کو نیچی رکھنے والا اور شرمگاہ کی حفاظت کرنے والا ہے اور جو کوئی نکاح کی استطاعت نہ رکھتا ہو اسے چاہئے کہ روزے رکھے کیونکہ یہ اس کے لئے نفسانی خواہشات میں کمی کا باعث ہوگا۔ (صحیح بخاری)

۲۶) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: عورت سے نکاح (عموماً) چار چیزوں کی وجہ سے کیا جاتا ہے۔ اس کے مال کی وجہ سے، اس کے خاندان کے شرف کی وجہ سے، اس کی خوبصورتی کی وجہ سے اور اس کے دین کی وجہ سے۔ تم دیندار عورت سے نکاح کرو، اگرچہ گرد آلود ہوں تمہارے ہاتھ، یعنی شادی کے لئے عورت میں دینداری کو ضرور دیکھنا چاہئے، خواہ تمہیں یہ بات اچھی نہ لگے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۲۷) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: حلال واضح ہے، حرام واضح ہے۔ ان کے درمیان کچھ مشتبہ چیزیں ہیں جن کو بہت سارے لوگ نہیں جانتے۔ جس شخص نے شبہ والی چیزوں سے اپنے آپ کو بچالیا اس نے اپنے دین اور عزت کی حفاظت کی۔ اور جو شخص مشتبہ چیزوں میں پڑے گا وہ حرام چیزوں میں پڑ جائے گا اس چرواہے کی طرح جو دوسرے کی چراگاہ کے قریب بکریاں چراتا ہے کیونکہ بہت ممکن ہے کہ اس کا جانور دوسرے کی چراگاہ سے کچھ چرلے۔ اچھی طرح سن لو کہ ہر بادشاہ کی ایک چراگاہ ہوتی ہے، یاد رکھو کہ اﷲ کی زمین میں اﷲ کی چراگاہ اس کی حرام کردہ چیزیں ہیں اور سن لو کہ جسم کے اندر ایک گوشت کا ٹکڑا ہے۔ جب وہ سنور جاتا ہے تو ساراجسم سنور جاتا ہے اور جب وہ بگڑ جاتا ہے تو پورا جسم بگڑ جاتا ہے، سن لو کہ یہ (گوشت کا ٹکڑا) دل ہے۔ (صحیح بخاری)

۲۸) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اﷲ کی قسم! مجھے تمہارے لئے غریبی کا خوف نہیں ہے بلکہ مجھے خوف ہے کہ پہلی قوموں کی طرح کہیں تمہارے لئے دنیا یعنی مال ودولت کھول دی جائے اور تم اس کے پیچھے پڑ جاؤ، پھر وہ مال ودولت پہلے لوگوں کی طرح تمہیں ہلاک کردے۔ (صحیح بخاری وصحیح مسلم)

۲۹) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اﷲ تعالیٰ بندہ کی مدد کرتا رہتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتا رہے۔ (صحیح مسلم)

۳۰) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جب امانتوں میں خیانت ہونے لگے تو بس قیامت کا انتظار کرو۔ (صحیح بخاری)

۳۱) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: حرام کھانے، پینے اور حرام پہننے والوں کی دعائیں کہاں سے قبول ہوں۔ (صحیح مسلم )

۳۲) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مسکین اور بیوہ عورت کی مدد کرنے والا اﷲ تعالیٰ کے راستے میں جہاد کرنے والے کی طرح ہے۔ (صحیح بخاری،صحیح مسلم)

۳۳) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تمہیں اپنے کمزوروں کے طفیل سے رزق دیا جاتا ہے اور تمہاری مدد کی جاتی ہے۔ (صحیح بخاری)

۳۴) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: اﷲ تعالیٰ ایسے شخص پر رحم کرے جو فروخت کرتے وقت، خریدتے وقت اور تقاضا کرتے وقت (قرض وغیرہ کا) فیاضی اور وسعت سے کام لیتا ہے۔ (صحیح بخاری)

۳۵) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: کھاؤ ،پیؤ ،پہنو اور صدقہ کرو، لیکن فضول خرچی اور تکبر کے بغیر (یعنی فضول خرچی اور تکبر کے بغیر خوب اچھا کھاؤ، پیؤ، پہنو اور صدقہ کرو)۔ (صحیح بخاری)

۳۶) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: رشک دو ہی آدمیوں پر ہوسکتا ہے، ایک وہ جسے اﷲ نے مال دیا اور اسے مال کو راہ حق میں لٹانے کی پوری طرح توفیق ملی ہوئی ہے۔ اور دوسرا وہ جسے اﷲ نے حکمت دی ہے اور وہ اس کے ذریعہ فیصلہ کرتا ہے اور اس کی تعلیم دیتا ہے۔ (صحیح بخاری)

۳۷) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مؤمنین کی مثال ان کی دوستی اور اتحاد اور شفقت میں بدن کی طرح ہے۔ بدن میں سے جب کسی عضو کو تکلیف ہوتی ہے تو سارا بدن نیند نہ آنے اور بخار آنے میں شریک ہوتا ہے۔ (صحیح مسلم)

۳۸) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: آپس میں بغض نہ رکھو، حسد نہ کرو، پیچھے پیٹھ برائی نہ کرو، بلکہ اﷲ کے بندے اور آپس میں بھائی بن کر رہو اور کسی مسلمان کے جائز نہیں کہ اپنے کسی بھائی سے تین دن سے زیادہ ناراض رہے۔ (صحیح بخاری)

۳۹) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: (سچا) مسلمان وہ ہے جس کے ہاتھ اور زبان (کے ضرر) سے مسلمان محفوظ رہیں۔ مہاجر وہ ہے جو اُن کاموں کو چھوڑدے جن سے اﷲ نے منع کیا ہے۔ (صحیح بخاری)

۴۰) رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اﷲ تعالیٰ نے ہر چیز میں بھلائی فرض کی ہے، لہذا جب تم (کسی کو قصاصاً) قتل کرو تو اچھی طرح قتل کرو۔ اور جب ذبح کرو تو اچھی طرح ذبح کرو اور تم میں سے ہر ایک کو اپنی چھری تیز کرلینی چاہئے اور اپنے جانور کو آرام دینا چاہئے۔ (صحیح مسلم)

خاتم النبیےن وسید المرسلین وخیر البریہ حضور اکرمﷺ کے مذکورہ بالا ارشادات کی روشنی میں ہم ان شاء اﷲ بڑے بڑے گناہ خاص کر شرک، والدین کی نافرمانی، قتل نفس، جھوٹ، چغل خوری، جادو، سود، ظلم وزیادتی، وعدہ خلافی، امانت میں خیانت، قطع رحمی، پڑوسیوں کو ایذارسانی، حرام اور مشتبہ چیزوں کا استعمال، فضول خرچی، تکبر، حسد اور بغض جیسی مہلک برائیوں سے اپنے آپ کو محفوظ رکھیں گے جو ہمارے معاشرہ میں ناسور بن گئی ہیں۔ اور اپنے نبی کی تعلیمات کے مطابق صرف اور صرف اﷲ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے نیک اعمال کریں گے اور اپنے اخلاق کو بہتر سے بہتر بناکر استقامت کے ساتھ دنیاوی فانی زندگی میں ہی اخروی دائمی زندگی کی تیاری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ اﷲ تبارک وتعالیٰ ہمیں فصاحت وبلاغت کے پیکر اور بے مثال ادیب عرب حضرت محمدمصطفیﷺ کے جوامع الکلم (اقوال زریں ) کو سمجھ کر پڑھنے والا، ان کے مطابق عمل کرنے والا اور ان قیمتی پیغامات کو دوسروں تک پہنچانے والا بنائے، آمین، ثم آمین۔
Muhammad Najeeb Qasmi
About the Author: Muhammad Najeeb Qasmi Read More Articles by Muhammad Najeeb Qasmi: 25 Articles with 30948 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.