قرآن کریم میں شخصیت سازی کے تمام بنیادی اصول موجود ہیں

دنیامیں موجود ہر دن کا سرارسول اعظم ﷺکے قدموں سے جاملتاہے
سوشل میڈیا کے پیغامات پڑھنے کا وقت تو ہے مگر تلاوت قرآن کا نہیں
دبئی کے پانچویں سالانہ اجتماع میں مفکراسلام اور امیر سنی دعوت اسلامی کے خطابات

متحدہ عرب امارت ( ۱۶؍جنوری بروزجمعہ۲۰۱۵):دنیا ا ٓزادی کا دن مناتی ہے ہمیں اس عظیم محسن کا دن مناناچاہیے جس نے حریت ِانسانیت کا نعرہ بلند کیا۔اگر آقا علیہ السلام کادن منایاجائے تو بیک وقت دنیا میں منائے جانے والے جملہ دنوں کامنایا جانا ہوگا ۔ دنیا جتنے بھی دن مناتی ہے چاہے وہ یومِ آزادی ، یومِ حقوقِ نسواں ، یومِ مزدور ، یوم قرارداد ، یومِ غلامی ، یومِ زمین اور یوم اساتذہ وغیرہ ہو۔ رحمت عالم صلی اﷲ علیہ وسلم نے اپنی تعلیمات اور اخلاق و کردارسے دنیاکو ہر قسم کی غلامی سے آزاد کرایا ، عورتوں پر ہونے والے مظالم کا خاتمہ فرمایا ، مزدوروں کا اکرام سکھایا، اور کوئی مخصوص قرارداد نہیں بلکہ ہمیشہ ہردور میں کام آنے والی روشن قراردادوں کا مجموعہ قرآنِ عظیم عطافرمایا ۔ لہٰذااگر آقاے کائنات کا دن’’یوم میلاد‘‘ منایا جائے تو یہ تمام ایام کا منانا ہوگا۔ ان فکر انگیز جملوں کااظہار مفکر اسلام علامہ قمرالزماں اعظمی مصباحی صاحب نے16؍جنوری بروز جمعہ 2015ء کو دبئی میں منعقد سنّی دعوت اسلامی کے پانچویں سالانہ سنّی اجتماع میں اپنی مخاطبت کے دوران کیا ۔مفکر اسلام علامہ قمرالزماں صاحب نے مزید فرمایاکہ آج ہیومن رائٹس کا نعرہ بلند کیاجارہاہے،جبکہ پیغمبراسلامﷺنے انسانیت کا پہلامنشور اعظم قرآن عظیم اور خطبۂ حجۃ الوداع کی شکل میں چودہ صدیوں پہلے پیش فرمایادیاہیں۔غرضیکہ یوم اطفال،یوم مساوات اور دنیا میں منائے جانے والے مختلف دنوں کا نقطۂ آغاز،منبع ومرجع محمد عربیﷺکی ذات مبارکہ ہیں۔دنیامیں موجودخیروبرکت سے منسوب ہر دن کا سرارسول اعظم ﷺکے قدموں سے جاملتاہے۔معلوم ہواکہ یوم ولادت رسولﷺکا منانا دنیامیں موجود تمام ایام کا منانا ہوا۔

مفکر اسلام سے قبل امیرِ سنی دعوتِ اسلامیحضرت علامہ محمد شاکر علی نوری صاحب نے تعمیر شخصیت کے متعلق قرآن کریم کے زرّیں و رہنمااصولوں پر خطاب فرمایا۔تلاوت قرآن کریم،دلوں کی ستھرائی اور کتاب وحکمت کی تعلیم، وہ عظیم خدائی قوانین ہیں جن میں شخصیت سازی کا ہر پہلوموجود ہے۔حضور ﷺنے انہی اصولوں پر صحابۂ کرام کی تربیت فرمائیں،جس کے سبب وہ سارے زمانے کے لیے ہدایت کے آفتاب وماہتاب بن گئے،ان کی پیروی میں ہماری کامیابی ہے۔حالات حاضرہ پر گفتگوکرتے ہوئے علامہ محمد شاکر علی نوری صاحب نے فرمایاکہ موجودہ دور کے مسلمانوں کا رشتہ قرآن وصاحب قرآنﷺ سے کمزور ہوچکاہے۔آج مسلمانوں کوواٹس ایپ کے پیغامات پڑھنے کا وقت تو ہے مگر قرآن کریم کی تلاوت کا نہیں۔قرآن کریم صرف عبادت وریاضت کی تعلیم نہیں دیتابلکہ زندگی میں درکار رہبری ورہنمائی کے تمام اصولوں وضوابط کا سرچشمہ ہے۔کینہ،بغض وحسداورخود غرضی جیسے برے افعال کے سبب مسلمان ذلیل ورسواہورہے ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ قرآن کریم سیکھے،پڑھے،سمجھے، عمل کریں اور مومنین کا بھلاچاہیں۔اجتماع کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے علامہ موصوف نے فرمایاکہ امت مسلمہ کوگناہوں کی ڈگر سے نکال کر صراط مستقیم پر گامزن کرنا سنّی دعوت اسلامی کے اجتماعات کا بنیادی مقصد ہے۔اجتماع کا آغاز تلاوتِ قرآن مقدس سے ہوا ۔ بعدہٗ عالمی شہرت یافتہ نعت خواں پروفیسر قاری محمدرضوان خاں صاحب نے نعتوں کا حسین گلدستہ پیش کیا ۔ صلاۃ وسلام اور دعا پراجتماع کا اختتام عمل میں آیا۔اجتماع کے بیانات حاصل کرنے کے لیے یوٹیوب پر ایس ڈی آئی چینل پر وزٹ کریں۔یہ تحریری اطلاع سنّی دعوت اسلامی مالیگاؤں کے میڈیاانچارج عطاالرحمن نوری نے ارسال کی۔

جس میں نرمی نہیں اس میں خیروبرکت کا کوئی حصہ نہیں
حضرت یوسف کو گناہ سے زیادہ قید وبندکی صعوبتیں محبوب تھیں
بولٹن (UK)میں سنّی دعوت اسلامی کا ۲؍روزہ اجتماع کامیابی سے ہمکنار

ایمان لانے کے بعداﷲ تعالیٰ کو ہماری ذات سے کسی مومن کاخوش ہوجانا بہت زیادہ پسند ہے۔جس میں نرمی نہیں اس میں خیروبرکت کا کوئی حصہ نہیں ہے۔اعلیٰ وبلند منصب پر فائز لوگوں کو چاہئے کہ ہر کسی کے ساتھ نرمی وشفقت کا معاملہ کریں۔حضورﷺنے فرمایا:وہ شخص ہماری جماعت کا ممبر نہیں جو چھوٹوں پر شفقت نہ کرے اور بڑوں کا ادب نہ کرے ۔ان فکر انگیز جملوں کا اظہار حضرت علامہ محمد شاکر علی نوری صاحب(امیر سنّی دعوت اسلامی)نے 17،18؍جنوری بروز سنیچراتوار 2015کوبولٹن مانچسٹرمیں منعقددو روزہ میلاد اجتماع میں کیا۔رحمۃ اللعالمینﷺ سے منسوب محفل میلاد سے نرم دلی اور نرمجازی کا پیغام دیتے ہوئے حضرت علامہ محمد شاکر علی نوری صاحب نے فرمایاکہ حضور ﷺ کافروں پر بھی اس قدر رحم دل تھے کہ آپ قیدیوں کی رسیوں کو ڈھیلی فرمادیتے تھے۔اﷲ رب العزت نے خود فرمایاکہ اپنی حاجتوں کو رحم دل لوگوں کے سامنے رکھو۔مزید فرمایاکہ اﷲ پاک تمھاری لیے آسانی پسند فرماتاہے ۔(القرآن)قرآن مقدس کی روشنی سے حضور ﷺکے اردگرد صحابۂ کرام کے جم غفیر کا سبب بیان کرتے ہوئے آپ نے کہاکہ پیغمبر اسلام ﷺان کے لیے بہت زیادہ رحم دل تھے۔

دوسرے روز کے خطاب میں حضرت علامہ محمد شاکر علی نوری صاحب نے فرمایاکہ حضورﷺنے خصوصیت کے ساتھ نوجوانوں پر محنت فرمائی اور نوجوانوں کی زندگیوں میں عظیم انقلاب پیدافرمایا،حتیٰ کہ انہیں آسمان ِہدایت کے تارے بنادیا۔مگر افسوس!آج کے نوجوان جاہل،غیر اخلاق اور عیاش ہوتے جارہے ہیں۔کسی قوم کومکمل تباہ وبرباد ہونے کے لیے اس قوم کے نوجوانوں کا عیاش ہوجانا ہی کافی ہیں۔علامہ موصوف نے فرمایاکہ آج جس گناہ پر نوجوان فخر کرتے ہیں،اس کے متعلق قرآن پاک میں اﷲ تعالیٰ نے حضرت یوسف علیہ السلام کا قول نقل فرمایاہے کہ ’’اے اﷲ!جس گناہ کی طرف مجھے دعوت دی جارہی ہے اس سے بہتر میں قید میں رہنا پسند کرتاہوں۔علامہ موصوف نے بیان فرمایاکہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ قوم مسلم انبیائے کرام،صحابہ کرام اور اولیاء عظام کی حیات کے تابندہ نقوش سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی زندگیوں میں انقلاب پیدا کریں،درگزر سے کام لیں اور نرم مجازی کا مظاہرہ کریں۔بولٹن (UK)میں جاری اجتماع کے دوران برف باری کا سلسلہ جاری رہامگر حاضرین اجتماع نے مکمل سکون واطمینان کے ساتھ اجتماع میں جاری بیانات سے استفادہ کیا،قاری محمد رضوان صاحب کی مترنم آواز میں نعت مبارکہ سنیں اور صلاۃ وسلام ودعاکے بعد حاضرین اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔یہ تحریری اطلاع سنّی دعوت اسلامی مالیگاؤں کے میڈیاانچارج عطاالرحمن نوری نے ارسال کی۔
Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 675865 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More