خواجہ فقیر محمد باروی رحمۃ اﷲ علیہ کی زندگی پر ایک نظر

 اﷲ کے نیک بندے جہاں بھی ہوتے ہیں ان کی خوشبو دوردورتک پھیلی ہوئی رہتی ہے۔ اﷲ کے نیک بندوں نے ویران جگہوں کے ساتھ ساتھ ویران دلوں کو بھی آبادکرتے ہیں۔ اﷲ کے نیک بندے جہالت کے اندھیرے نورایمان کی روشنی میں تبدیل کردیتے ہیں۔خواجہ فقیر محمد باروی رحمۃ اﷲ علیہ نے بھی اپنی زندگی اﷲ پاک کی توحید اور رسول کریم صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کی رسالت کا پرچارکرتے رہے۔مقام مصطفی صلی اﷲ علیہ والہ وسلم نظام مصطفی صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کے نفاذ کی جدوجہدکرتے ہوئے گزاردی۔خواجہ فقیر محمدباروی رحمۃ اﷲ علیہ جماعت اہلسنت صوبہ پنجاب کے نائب صدر بھی رہے ہیں۔ عقیدہ اہلسنت پر خودبھی سختی سے کاربند رہے اور اپنے مریدین کو بھی اس کی تاکید کرتے رہے۔عظمت مصطفی صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کی ترویج وپرچارکے لیے بہت سے بڑے بڑے جلسے کرائے۔خواجہ فقیر محمد رحمۃُ اﷲ علیہ نے جتنے بھی جلسے کرائے ان کی کامیابی کے لیے دن رات ایک کردیتے۔آپ رحمۃ اﷲ علیہ کے جلسوں میں ملک کے جیّد علماء کرام خطاب کرتے۔ مریدین سمیت لاکھوں مسلمان شریک ہوتے رہے۔ خواجہ فقیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ رسول کریم صلی اﷲ علیہ والہ وسلم کے عشق اور محبت کا درس دیتے رہے۔ فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کے لیے بھی نمایاں کرداراداکرتے رہے۔اس کے لیے بھی خواجہ صاحب رحمۃ اﷲ علیہ نے بہت سے جلسے کرائے۔ اس سلسلہ میں خواجہ صاحب رحمۃ اﷲ علیہ نے آخری جلسہ خورشید سپورٹس سٹیڈیم چوک اعظم میں کرایا۔ جس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن سمیت ملک کے جیّدعلماء کرام نے خطاب کیا۔خواجہ صاحب رحمۃ اﷲ علیہ اپنے مریدین کو شریعت کی پابندی کرنے سرپر عمامہ اور چہرے پر داڑھی سجانے کا حکم دیتے۔خواجہ فقیر محمد رحمۃ اﷲ علیہ کی وفات مریدین اور عقیدت مندوں کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ آپ رحمۃ اﷲ علیہ کے مریدین اور عقیدت مندوں کے ساتھ ساتھ دربار عالیہ کے درودیوار ، درخت ،دور دراز سے آئی ہوئی گاڑیاں بھی سوگوار لگ رہی تھیں۔خواجہ صاحب رحمۃ اﷲ علیہ ہر ایک کے ساتھ محبت اور شفقت سے پیش آتے۔ انہوں نے مریدین کی ایسی تربیت کی کہ وہ ان کی ہدایات پر عمل کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے۔ خواجہ فقیر محمد باروی رحمۃ اﷲ علیہ کے نمازجنازہ میں پیر سیّد سبط الحسنین شاہ گیلانی، نائب ناظم جماعت اہلسنت ضلع لیہ قاری محمد بنیامین چشتی،صدرجماعت اہلسنت تحصیل لیہ پروفیسر علامہ احمدرضااعظمی، ناظم اطلاعات جماعت اہلسنت تحصیل لیہ محمدصدیق پرہار، صدرپاکستان سنی تحریک لیہ شہر مولانا مشتاق احمد نقشبندی، انچارج ضلعی رابطہ کمیٹی پاکستان سنی تحریک رانا شکیل احمد قادری، علماء کرام مولانا ممتازاحمد باروی، مولانا محمد ذیشان اسلم،قاری محمد اشرف چشتی ،سابق تحصیل نائب ناظم ملک مظفراقبال دھول، ریٹائرڈ تحصیلداررائے محمداکبر کھرل،جماعت اہلسنت ، سنی تحریک ، دعوت اسلامی کے کارکنوں ، مشائخ عظام، علماء کرام سمیت عوام اہلسنت نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ دھند اور سردی کے موسم میں دوردرازسے مسلمان ان کے نمازجنازہ میں شریک ہوئے ۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ عوام اہلسنت کے دلوں میں خواجہ فقیر محمدباروی رحمۃ اﷲ علیہ کے بارے میں کتنی عقیدت اورمحبت ہے۔ کچھ جنازے ایسے بھی ہوتے ہیں جن میں شرکت کرنے والے بخشے جاتے ہیں ۔ خواجہ فقیر محمدباروی رحمۃ اﷲ کا نمازجنازہ بھی ایسے ہی جنازوں میں سے ایک تھا۔ مجھے یقین ہے کہ خواجہ صاحب رحمۃ اﷲ علیہ کے نمازجنازہ میں شامل ہونے والوں کوبھی اﷲ کریم نے بخش دیا ہے۔دعا ہے کہ اﷲ پاک خواجہ فقیر محمدباروی رحمۃ اﷲ علیہ کے درجات بلند کرے ۔ ان کے جانشین اورمریدین کو ان کے مشن کو جاری رکھنے اوراس مشن پر عمل کرنے کی توفیق عطاء کرے آمین۔ خواجہ صاحب کی قل خوانی آج تیس دسمبر دوہزارچودہ کودربارعالیہ پیر باروشریف میں اداکی جارہی ہے۔ خواجہ فقیر محمدباروی رحمۃ اﷲ علیہ کی زندگی پر تفصیل سے لکھنے کے لیے ایک مفصل کتاب درکار ہے۔ اس کالم میں نہیں لکھا جاسکتا۔ صرف حصول برکت وسعادت کے لیے چند الفاظ لکھ دیے ہیں ۔

Muhammad Siddique Prihar
About the Author: Muhammad Siddique Prihar Read More Articles by Muhammad Siddique Prihar: 394 Articles with 302758 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.