بہشت کادروازہ کھلا ہے سب کیلئے / قسط اول

ہر شخص کو چاہئیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر نگاہ ڈالے تاکہ وہ جان سکے کہ اس کا وظیفہ کیا ہونا چاہئیے ؟ ایسا نہ ہو کہ وہ دوسروں کی کوتا ہیوں کو تو دیکھتا رہے لیکن اپنی کوتاہیوں کے بارے میں بالکل فکر نہ کرے بلکہ ہرشخص کو چاہئیے کہ وہ یہ سمجھے کہ اگر میں نے اپنی کوتاہی دور کرلی تو خدا اپنے ‌فضل وکرم سے میری بیوی کو اور میرے دوسرے گھر والوں کو بھی ہدایت عطا کردے گا ۔

یہاں پر ہم اپنے قارئین کیلئے کچھ خوبصورت اقوال ذکر کریں گے جن پر عمل کرنے سے پہلے سب لوگ اپنے اور گھروالوں کی اصلاح کیلئے خوب دعا مانگیں کہ خداوند میری بیوی اور گھر والوں کو میرے آنکھوں کی ٹھنڈک بنادے اور مجھے بھی ان کے حقوق ادا کردینے والا بنادے اور ان کے ساتھ حسن سلوک کرنے والا بنادے ۔

یاد رکھیے اگر خاندان صحیح ہوتو صحیح معاشرہ تشکیل پائے گا اور اگر گھر کی زندگی صحیح کرلی تو باہر کی زندگی بھی صحیح ہوسکتی ہے ۔

وہ گھر جس میں گناہ ہو ، اختلاف ہو ۔ وہ گھر صلاحیتوں کا قاتل ہے ، بچوں کی استعداد کا قاتل ہے ۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا گھر مبارک ہو، اولاد آپ کے لئے مبارک ہو تو چائیے کہ آپ کے گھر گناہ نہ ہو اگر آپ کا گھر گناہ کا گھر ہے تو اس کے بابرکت ہونے کی امید بیکار ہے ۔

مشہور روایت میں ہے کہ :
"لا تدخلو الملائکہ فی بیت فیہ الکلب"
"وہ گھر جس میں کتا ہو ملائکہ داخل نہیں ہوتے ۔"

یہ روایت بقول علماء تین معنی رکھتی ہے ایک معنی تو یہ ہے کہ وہ گھر جس میں کتوں کی پرورش کی جاتی ہے وہاں ملائکہ آمد ورفت نہیں رکھتے وہاں شیاطین کی آمد ورفت ہوتی ہے ۔

دوسرے معنی ہیں وہ دل جو ناپاک ہیں ، اخلاقی وروحانی برائیوں سے آلودہ ہیں ، غیبت ،بہتان ،حسد ،بغض ،غصہ اور غضب کی آماجگاہ ہیں وہاں بھی ملائکہ کی آمدورفت نہیں ہوتی ۔ تیسرے معنی ہیں وہ گھر جہاں اختلافات ہیں ،گناہ ہیں وہاں پر بھی ملائکہ کی آمد ورفت نہیں ہوتی ۔

اگر ملائکہ ہمارے گھر آمدورفت نہ رکھیں اور خدا کا دست عنایت سر پر نہ ہو اور ہمارے گھر وں پر اس کی رحمت نہ ہو تو شدید افسوس کا مقام ہوگا اور اس سے بھی زیادہ افسوس ان بچوں پر جو اس گھر میں پتےا ہیں اور ایسا گھر جس میں شیاطین کی آمدو رفت ہو وہ آرام کی جگہ نہیں بلکہ پریشانیوں اور مصیبتوں کامنبع ہوگا ۔

لیکن اگر گھر میں ایسا ماحول ہو کہ رہنے والے افراد ایک دوسرے کا شکریہ ادا کرتے ہوں ، محبت والفت ہو ، ہر کوئی اپنی غلطی تسلیم کرنے کو تیار ہو اور اگر کوئی ناخوش گواری پیش آجائے تو عذر خواہی کرتے ہوں تو اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ جنت میں ایک دوسرے کے سامنے خوشحال بیٹھے ہوں گے اور ایک دوسرے کو آفرین کہیں گے ۔

قارئین کرام! کیا آپ اپنے اور اپنے گھر والوں کے لئے بہشت پسند کرتے ہیں ؟ اگر آپ چاہتے ہیں تو آپ اپنے اندر یہ تمام اوصاف پیدا کریں جو آیندہ ذکر کیئے جائیں گے انشاء اللہ خداوند متعال سب کی نیک آرزوؤں کو پورا فرمائے گا ،اور صبر سے کام لیں ،اختلافات کو فورا دور کریں یہاں تک کہ ایک گھنٹہ بھی آپ کے گھر میں اختلاف نہیں ٹہرنا چاہیے۔
"ولا تنازعوا وتفشلوا وتذھب ریحکم "
)انفال آیت 47)
"آپس میں جھگڑا نہ کرو ورنہ ہمت ہاروگے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی "۔

پروردگارا تمام گھرانوں میں اتحاد ،باہمی الفت ومحبت پیدا فرما اور آپس کے جھگڑوں کو ختم کرنے کی تو فیق عطا فرما ۔
اور امیر المومنین کی اس وصیت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرما کہ جس میں آپ نے فرمایا :
(دیکھو!)"آپس کے اختلافات ختم کردو"۔
ہے کوئی محبت علی کا دعوے دار جو اپنے مولا کی اس وصیت کو پوری کرنے کی کوشش کرے ؟ ۔ ۔ ۔ جاری ہے
مریم رباب
About the Author: مریم رباب Read More Articles by مریم رباب : 5 Articles with 4076 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.