راہ خدا میں فدا کاری کا دوسر ا نام قربانی

قربانی کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں بڑی اہمیت حاصل ہے۔ قربانی سے مومن روح کی پاکیزگی حاصل کرتا ہے، نفسانی خواہشات اور جبلتوں سے چھٹکارا پاتا ہے۔ اگر ہم اپنے اردگرد کاجائزہ لیں تو ہمیں روزمرہ زندگی میں بھی بہت سی قربانیاں نظر آئیں گی۔ وہ قربانیاں بہت سی صورتوں میں ہوتی ہیں۔ ان قربانیوں سے کوئی خوش ہوتا ہے تو کسی کی زندگی سنور جاتی ہے تو کسی کی زندگی اجڑ جاتی ہے ۔

لیکن راہ خدا میں فدا کاری کی یاد کا نام عید الا ضحٰی ہے ذوالحجہ کی دس تاریخ کو کی جانے والی یہ قربانی ان سب سے الگ اور خاص ہے۔ یہ قربانی خالصتاً اﷲ کے نام پر سچے جذبے، خلوصِ نیت سے ایسے جانور کو ذبح کرنے کا نام ہے جوہر عیب سے پاک ہو۔یہ شرط بھی اس لیے ہے کہیں لوگ اپنے نقص والے جانور نہ ذبح کریں جو کسی اور کام کے نہ ہوں ۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ کو نہ تو کسی کے گوشت کی ضرورت ہے اور نہ ہی کسی جانور کے خون کی بلکہ اﷲ تعالیٰ انسان کے دل اور تقویٰ کو دیکھتا ہے اور اس پر انہیں اجر عطا کرتا ہے۔ اچھی سے اچھی قربانی کا مقصد بھی یہی ہے، دیکھا جائے کون اﷲ تعالیٰ کے لئے کتنے خلوص دل سے قربانی کا فریضہ سر انجام دیتاہے۔اس فریضے کی انجام دہی کے لئے اچھے جانور کو اﷲ کے حضور پیش کرنا سعادت ہے۔ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ دیگر مذاہب میں اسلام کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو موقع بھی نہیں ملتا کہ مسلمان اپنے خدا کے حضور یہ کس قسم کے جانور ذبح کر رہے ہیں۔اسی لئے قربانی میں ذبح ہونے والے جانور سے متعلق اسلام نے کچھ اصول متعین کیے ہیں۔ قربانی کے جانور کی عمر کی حد بھی مقرر کی گئی اور ساتھ یہ بھی تاکید کی گئی کہ چھری کو تیز کر کے وہ شحص ذبح کرے جو اچھی طرح ذبح کرنا جانتا ہو اور ذبح کرنے کے بعد جب تک جانور ٹھنڈا نہ ہو جائے، مطلب اس کے تمام اعضاء سے روح نہ نکل جائے اس وقت تک ہاتھ پاؤں نہ کاٹیں اور نہ چمڑا اتاریں۔
اسلام ایک ایسا آفاقی دین ہے جس میں ہر چیز کے انفرادی اور اجتمائی فوائد موجود ہیں چاہیے وہ اسلام کے ارکان ہوں، سنتِ رسول ہوں، حقوق العباد ہوں یا حقوق اﷲ ہوں۔قربانی بھی اسی طرح اپنے اندر کئی فوائد لئے ہوئے ہے۔

عیدالا ضحی پر حضرت ابرہیم ؑ کی بے مثال فدا کاری کی پیروی میں قربانی کی جاتی ہے۔ اﷲتعالیٰ کو حضرت ابراہیمؑ کا قربانی والا عمل اتنا پسند آیا کہ اس کو تا قیامت آنے والی اقوام کے لئے امر کر دیا اور رسول اﷲﷺکی امت کے لیے باقی رکھا۔ حضور پاکﷺکو حکم ہوا’’ اپنے رب کے لیے نماز پڑھو اور قربانی کرو‘‘۔ حدیث میں بھی اس کا ذکر پایا جاتا ہے۔ ابو داؤدو ترمذی و ابن ماجہ میں سیدہ عائشہ ؓ سے مروی ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: یوم النحر (دسویں ذوالحجہ) میں ابن آدم کا کوئی عمل خدا کے نزدیک خون بہانے (قربانی کرنے) سے زیادہ محبوب نہیں اور وہ جانور قیامت کے دن اپنے سینگ اور بال اور کھروں کے ساتھ آئے گا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے قبل خدا کے نزدیک مقام قبول میں پہنچ جاتا ہے لہٰذا اس کو خوش دلی سے کرو۔

اگر دیکھا جائے تو سنت ابراہیمی ؑکی اس پیروی کا مطلب محض جانور قربان کرنا نہیں بلکہ اس کے بھی بہت سے فوائد ہیں۔ سب سے بڑا فائدا تو یہ ہے کہ اس دن وہ غرباء اور مساکین جن کو سارا سال گوشت میسر نہیں آتا وہ اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ قربانی کے گوشت سے ایک حصہ خاص طور پر ان کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بڑے بڑے رفاہی اداروں کو سالانہ فنڈز مل جاتے ہیں اور قربانی سے انسان کے اندر جذبہ جہاد پیدا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مویشی پالنے والوں کو سالانہ کمانے کا موقع بھی مل جاتا ہے۔کئی لاکھ لوگوں کو روزگار مل جاتا ہے ۔ چارہ کاشت کرنے والوں کا چارہ فروخت ہوجاتاہے ۔مویشی منڈیاں سجائی جاتی ہیں جس میں لاکھوں لوگ کئی دن تک بر سر روزگار ہوتے ہیں ۔ ریاست کو ٹیکس کی صورت میں کئی کروڑ روپے مل جاتے ہیں ۔ ٹرانسپورٹرز اچھا خاصا کما لیتے ہیں۔ قصاب لوگوں کو روزگار مل جاتا ہے۔ چمڑے کی صنعت کو سالانہ اچھا خاصا ذخیرہ مل جاتا ہے۔ جس سے سال بھر استفادہ کرتے ہیں ۔ مدارس اسلامیہ کے فنڈ میں ارچھی خاصی رقم جمع ہوجاتی ہے ۔اگر ان سب کاموں میں دکھاوا اور ریا کاری نہ ہو تو یہ سب اسی قربانی سے وابستہ کام ہیں اور ان کا اجر اﷲ کے ہاں مسلم ہے۔

اسلام کے علاوہ کچھ دیگر مذاہب میں بھی قربانی کا تصور موجود ہے جبکہ کچھ مذاہب اسکی تردید کرتے ہیں جیسا کہ بدھ مت اور جین مت ان کے ہاں جانوروں کو اذیت دینا سخت منع ہے اس لیے وہ کسی جانور کا گوشت تک نہیں کھاتے جبکہ جین مت کے پیرو کار منہ پر کپڑا وغیرہ باندھ کہ رکھتے ہیں کہ منہ میں غلطی سے بھی کوئی مچھر اور مکھی (جو کہ ایک مشکل ہی بات ہے) اچانک بھی نہ جائے اس ہی طرح سکھ مت میں بھی قربانیوں کا کوئی ثبوت نہیں ملتا اس مذہب میں ہولا کے تہوار میں بھیڑ کی قربانی کی جاتی ہے۔ یہ قربانی جھچے دار ایک ہی جھٹکے میں کرتا ہے۔ قربانی کا خون اکھٹا کر کے نہنگ گروہ کے سردار کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے اس طرح سکھ برادری اپنے مذہب کے لیے قربانی کے جذبے کا اظہار کرتی ہے۔
اگر بات یہودیت کی کی جائے تو عید فصیح یہودیوں کا اہم تہوار ہے جو سات دن تک منایا جاتا ہے اس موقع پر ایک سالہ بھیڑ کے بچے کی قربانی دی جاتی ہے اور اس کا بھنا ہوا گوشت سب تبرک کے طور پر کھاتے ہیں۔ غیر یہودی کو اس میں شامل نہیں کیا جاتا۔ عید فصیح کے بعد پچاسویں دن یومَ خمس منایا جاتا ہے اس میں سات بھیڑیں یا بیل اور دو دنبے ذبح کئے جاتے ہیں اور غریب غرباء کو دعوت دی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ دنیا کے کئی مذاہب میں دیوی، دیوتاؤں کی خوشی اور رضا مندی کی خاطر بھی قربانیاں دی جاتی ہیں۔ ہندو مت میں سب سے زیادہ بلی دینے کا رحجان پایا جاتا ہے بعض لوگ دیوتاؤں کی نوحہ اور منتوں کی تکمیل کے لیے بھی اولاد یا انسانی جانوں کی قربانی دیتے ہیں۔ عموماً انسانی جانوں کی بلی کو منظرِ عام پر نہیں لایا جاتا۔ یہ پوشیدہ قربانیاں ہوتی ہیں جو عمومی مقاصد کے لیے دی جاتی ہیں۔

اسلام سے پہلے بھی عرب کے لوگوں میں قربانیوں کا رواج تھا یہ قربانی سنتِ ابراہیمی کے مطابق جانوروں یعنی اونٹ، بھیڑ، بکریوں وغیرہ کی جاتی تھی۔ اس کے علاوہ عرب میں خصوصی منتیں مان کر بھی اپنی اولاد کو قربان کرنے کا رواج تھا جیسا کہ آپﷺ کے والد حضرت عبداﷲ کی قربانی کا واقعہ ہے۔ جب حضرت عبدالمطلب زمزم کا کنواں جو گمنام ہو چکا تھا اسے الہام الٰہی سے نشاندہی ملنے کے بعد کھودنے لگے تو انہیں دشواری ہوئی تو انہوں نے منت مانی کہ اگر میرے دس بیٹے ہوں تو میں ان میں سے ایک کو اﷲ تعالیٰ کی راہ میں قربان کر دوں گا۔ ان کے بیٹے ہوئے تو انہوں نے قرعہ اندازی کی جس میں حضرت عبداﷲ کا نام نکلا جو کہ ان کے چہیتے بیٹے تھے۔

حضرت عبدالمطلب انہیں قربان گاہ کی طرف لے گئے تو ان کے بھائیوں اور قبیلے کے دوسرے لوگوں کے اصرار پر حضرت عبداﷲ اور دس اونٹوں پر قرعہ ڈالا گیا مگر نام حضرت عبداﷲ کا ہی نکلا پھر اونٹوں کی تعداد بڑھائی گئی مگر ہر بار قرعہ میں نام حضرت عبداﷲ کا ہی نکلتا آخر کار سو اونٹوں پر قرعہ ڈالا گیا تو اونٹ پر قرعہ نکلا اس کے بعد حضرت عبداﷲ کی جگہ سو اونٹوں کی قربانی کی گئی۔ (طبقات ابن سعد، سیرت ابن ہشام جلد اول)

اس کے علاوہ قربانی کی ایک قسم انصاب تھی جس کا ذکر سورہ مائدہ میں ہوا ہے عرب کے لوگ کوئی ایک نشانی بنا لیتے تھے کوئی لکڑی وغیرہ زمین میں دبا کے اس کے قریب جانوروں کی قربانی کرتے تھے یہ قربانیاں بھی بتوں کی خوشنودی کے لیے کی جاتی تھیں۔ملت ابراہیمی ؑپر ہونے کا دعویٰ کرنے والے بھی اصل قربانی کے طریقے سے منحرف تھے وہ لوگ قربانی کرنے کے بعد قربانی کا گوشت خانہ کعبہ کی دیواروں پر ملتے تھے۔ رسول اﷲﷺکی آمد کے بعد سورہ براۃ میں اﷲ تعالیٰ نے حج اور قربانی کے تمام سابقہ طریقوں کو منسوخ کیا۔ ان کی تصحیح کر کے لوگوں کو سیدھی راہ دکھائی۔

قربانی ایک عظیم عبادت ہے ، جو تمام ادیان میں کسی نہ کسی صورت میں پائی جاتی ہے تاہم اسلام نے جس مقصد کے لئے قربانی کے اس عظیم فریضہ کو ہمارے لئے باقی رکھا ہے اگر اس مقصد اور طریقہ کار کے مطابق قربانی نہ کی گئی تو شاید دیگر ادیان کی طرح ہماری یہ قربانی بھی قابل قبول نہیں ہوگی۔ ہمیں قربانی کرتے وقت سنت ابراہیمی ؑ کو ادا کرتے ہوئے اسلامی طور طریقوں کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا، تب کہیں جا کر ہم اس قربانی کی حقیقت کو پاسکیں گے-

Shams Tabrez Qasmi
About the Author: Shams Tabrez Qasmi Read More Articles by Shams Tabrez Qasmi: 214 Articles with 164083 views Islamic Scholar, Journalist, Author, Columnist & Analyzer
Editor at INS Urdu News Agency.
President SEA.
Voice President Peace council of India
.. View More