دارالافتا ء اور دارالقضاء عدالت کی نظر میں

سپریم کورٹ کا قابل قدر فیصلہ؛ نرسوں کی بحفاظت واپسی؛ سیمی پر ایک اور مقدمہ خارج اور ریل بجٹ

سپریم کورٹ کی ایک دورکنی بنچ نے 7 جولائی کو وشوا لوچن مدان کی اس عرضی کو خارج کردیا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ دارالقضا،دارالافتاء کو غیر آئینی قراردیکر ان پر شرعی فیصلوں اور فتووں کے اجراء ، قضاۃ و افتاء کی تعلیم وتربیت پر پابندی عائد کردی جائے۔ عرضی گزار کا کہنا تھا کہ یہ متوازی عدالتی نظام ہے ۔ اس نے بدنام زمانہ عمرانہ معاملہ اور دو دیگر معاملوں کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی تھی کہ فتووں سے شخصی آزادی پامال ہوتی ہے۔

سپریم کورٹ میں مرکزی حکومت نے بتایاکہ دارالقضا ء کے پاس قوت نافذہ نہیں ہے، وہ اپنے فیصلوں کو عدالتی فیصلوں کی طرح نافذ نہیں کراسکتا۔ اس کے فیصلوں کو قبول کرنا اختیاری ہے، اس لئے اس کو متوازی عدالتی نظام نہیں کہا جاسکتا۔اسی طرح فتوا کو قبول کرنا بھی اختیاری ہے۔ ایسا ہی موقف یوپی اورمدھیہ پردیش کی سرکاروں نے بیان کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں اس موقف کو تسلیم کیا اور کہا ہے کہ دارالقضا ء مصالحتی یا ثالٹی ادارے ہیں۔ ان سے لوگوں کو کم خرچ میں انصاف ملتا ہے۔ ان میں فریقین اپنی مرضی سے جاتے ہیں۔ اگرکوئی فریق فیصلے کو تسلیم نہ کرے تواس پر کوئی جبر نہیں،اور نہ عدالت میں جانے پر روک ہے۔ مقدمہ میں مرکزی حکومت، کئی ریاستی سرکاروں کے علاوہمسلم پرسنل لاء بورڈ، امارت شرعیہ، دارلعلوم دیوبند کو بھی فریق بنایا گیا تھا اور ان کی طرف سے بھی تقریباً یہی موقف ظاہر کیا گیا۔

عدالت نے اپنے مختصر فیصلے میں ، جو ڈھائی ہزار سے بھی کم الفاظ پر مشتمل ہے اس بنیاد پر کہ یہ متوازی عدالتی نظام نہیں ،ان کو غیرآئینی یا غیرقانونی قراردینے کی استدعا کو ٰخارج کردیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ ان مقصد نیک ہے۔ ان کی حیثیت ثالث یا مصالحت کنندہ کی ہے جو فریقین کے مذہب کی بنیاد پرفیصلہ کرتے ہیں اور کوئی ’’مذاہب، بشمول اسلام بے قصور کو سزا نہیں دیتا۔‘‘

فیصلہ میں عمرانہ معاملہ کا ذکرقدرے تفصیل سے آیاہے۔ ایک اخبار نویس کے سوال پر دارالعلوم دیوبند نے فتوا جاری کرنے میں جس ناعاقبت اندیشی کامظاہرہ کیا تھا ،اس پر عدالت نے بڑی دردمندی سے گرفت کی ہے اور قاضی اور مفتی کو یہ صائب مشورہ دیا ہے کہ انفرادی معاملات میں جب تک کوئی متعلقہ فریق خود رجوع نہ کرے، فتوا جاری نہیں کیا جانا چاہئے۔ البتہ اجتماعی امورمیں مسئلہ بیان کیا جاسکتا ہے۔ اگر کوئی غیرمتعلق فرد کسی ایسے معاملے میں فتوا پوچھتا ہے، جس کا اثر دوسرے لوگوں پر پڑتا ہے تو قاضی اور مفتی کو غورکرلینا چاہئے اور دیکھ لینا چاہئے کہ سائل کی نیت اور مقصد کیا ہے اورکیا ایسا فتوی جاری کرنا جس سے کسی کی زندگی متاثر ہوسکتی ہے ، غیر متعلق فرد کے پوچھنے پر جاری کرنا قرین ثواب ومصلحت ہوگا۔

اخباروں میں جو خبریں اس فیصلے سے متعلق آئی ہیں، ان میں اس اہم حصہ کو ذکر نہیں۔اس لئے ذیل میں ہم فیصلے سے اقتباس نقل کرتے ہیں:
Fatwa may be issued in respect of issues concerning the community at large at the instance of a stranger but if a Fatwa is sought by a complete stranger on an issue not concerning the community at large but individual, than the Darul-Qaza or for that matter anybody may consider the desirability of giving any response and while considering it should not be completely unmindful of the motivation behind the Fatwa. Having regard to the fact that a Fatwa has the potential of causing immense devastation, we feel impelled to add a word of caution. We would like to advise the Dar-ul-Qaza or for that matter anybody not to give any response or issue Fatwa concerning an individual, unless asked for by the person involved or the person having direct interest in the matter."

یہ ایک معقول مشورہ ہے۔ اگر اس اصو ل پر عدالتوں میں بھی عمل کیا جائے توان بھی بوجھ کم ہوسکتا ہے ۔ مثال کے طور پر یہی کیس لیجئے ۔ عرضی گزار وشوالوچن مدان قطعی ایک غیرمتعلق شخص ہے ۔ شرعی عدالت کے کسی فیصلہ یا کسی مفتی کے فتوے سے عرضی گذار کا کوئی معاملہ متاثر ہونے والا نہیں۔ بظاہر اس کا تعلق کسی ایسے گروپ سے بھی نہیں جو مسلم خواتین کو غم گسار ہو۔ اگر مقدمہ رجسٹر کرتے وقت یہ اصول پیش نظر رہتا تویہ عرضی پہلے ہی مرحلے میں خارج ہوجاتی ، عدالت کا قیمتی وقت بچ جاتا اور اس کیس کی آڑ میں جو بے سروپا مہم میڈیا میں اٹھیہے ، وہ نہ اٹھتی۔فاضل جج کے اس مشورہ پر امید ہے کہ دارالافتاء توجہ دیں گے۔ اس کی روشنی میں عدالتوں کو بھی یہ ہدایت جاری ہونی چاہئے کہ مقدمہ رجسٹر کرتے وقت عرضی گزارکا معاملہ سے تعلق اور اس کی نیت بھی پرکھ لیا کریں۔ مدان اس ذہنیت کے حامل معلوم دیتے ہیں جس کا منشاء ہے کہ مسلمانان ہند شرعی قوانین سے برگشتہ ہوجائیں، قانوناً ان کا نفاذ تو کیا ان کے بارے میں صحیح شرعی نقطہ نظر بھی سامنے نہ آئے۔

عدالت نے انسانی حقوق پر زد پڑنے کا بھی حوالہ دیا ہے۔ یہ پہلو قدرے پیچیدہ ہے۔ جن حقوق انسانی کا حوالہ عموماًدیا جاتا ہے ان کی اساس مذہب بیزار عقلیت پسندی پر ہے۔ ان میں ہمارے معاشرے کی اخلاقی قدروں کا مطلق لحاظ نہیں کیا جاتا۔ مثلاہماری تہذیب اور ہمارے مذاہب میں بغیر شادی جنسی روابط کی کوئی گنجائش نہیں، ہمارے نزدیک جو چیز حرام اور گناہ ہے انسانی حقوق کے جدید علمبردار اس کے قائل نہیں اور کہتے ہیں کہ بس باہم رضامندی ہونی چاہئے۔ اسی اصول پر ہم جنس پرستی کی وکالت کی جاتی ہے اورماں، بہن اور بیٹی تک کے ساتھ منھ کالا کرنے کو روا سمجھا جاتا ہے۔ اسلام اس طرح کی بے حیائی اور بے غیرتی کو، فاسد انسانی حقوق کے حوالے سے قبول نہیں کرسکتا۔ اسلام نے 1400سال پہلے انسانی حقوق کا جو چارٹر انسانیت کو دیا ہے، اس کے مقابلے یہ جدید چارٹر ہیچ ہیں۔ جو اسلام کو سمجھتا ہے وہ افضل کو چھوڑ نہیں سکتا۔

اس کیس میں عمرانہ معاملے کا حوالہ بڑا تکلیف دہ ہے۔ بیشک اس معاملہ میں دیوبند سے چوک ہوئی ہے۔ایک حساس معاملہ پر جن مفتی صاحبان نے یہ فتنہ سامان فتوا جاری کیا شاید ان کی حس لطیف مردہ ہوچکی ہے۔جب تک شرعی قانون شہادت سے جنسی تعلق ثابت نہ ہوجائے ، حرمت مصاحرت کے فتوے کاجواز نہیں۔ رہاایک عورت کا الزام عائد کرنا، اس کو بھی قبول کرنے سے پہلے جانچنا پرکھنا تھا۔جو الزام ایک معمرشخص پرلگایا گیا ،وہ مشتبہ ہے ۔یہ غلطی تو ہوئی۔ لیکن جہاں تک قرآن کی آیت مبارکہ تعلق ہے جو ایسی عورت کو مرد کیلئے حرام کرتی ہے جس سے اس کے باپ نے جنسی تعلق قائم کیا ہو، جس کا ذکر فیصلے میں بھی آیا ہے ،وہ ایک حتمی حکم ہے۔ اسلام کیا، کوئی بھی باغیرت انسان اس صورت کو گوارہ نہیں کر سکتا کہ ایک ہی عورت باپ اور بیٹے دونوں کے بستر کی شریک بن جائے۔ البتہ اس حکم کے اطلاق کے لئے ثبوت شرعی لازم ہے۔

دارالعلوم کو عدالت کویہ بھی بتادینا چاہئے تھا کہ اسلام میں بشرط ثبوت یا قبولیت زنا کی سزا رجم ہے، اور کیونکہ ملکی قانون اس کی اجازت نہیں دیتا ،اس لئے جوفتوا دیا گیا اس میں صرف فسخ نکاح کا ذکر ہے، رجم کا نہیں۔یہ ملکی قانون کی رعایت کی وجہ سے ہے۔ جبری زنا کے معاملہ میں تواب ہمارے ملک کا قانون بھی سزائے موت تجویز کرتا ہے۔ ہمارا دین باہم رضامندی سے زنا کے مرتکب کو بھی سخت سزا تجویز کرتا ہے۔عمرانہ معاملے میں بظاہر لگتا ہے کہ متاثر ہ خاتون کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے لیکن اس کا دوسرا اور غالب پہلو یہ ہے کہ الزام جھوٹا ہے تو پھر پورے خاندان کی جو رسوائی ہوئی اور شوہر کے والد کے ساتھ جو زیادتی ہوئی، وہ بھی کچھ کم نہیں۔

رہی ان فتووں اور فیصلوں کی قوت نافذہ، تو بیشک اسلام کی تاریخ گواہ ہے اس کی قوت نافذہ اخلاقیات پر قائم ہے، جبر اور سزا پر نہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کا تو ایک مدت سے اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کا بھی یہ مطالبہ ہے کہ عائلی معاملات شرعی عدالتوں میں طے ہوں اور ان کو قانونی حیثیت دی جائے۔ نفاذ شریعت ایکٹ سنہ 1937 ء کی رو سے ہمیں یہ قانونی حق حاصل ہے کہ نکاح، طلاق، وراثت اور دیگر گھریلو معاملات میں فیصلے شریعت کے مطابق کئے جائیں۔ شرعی قانون کے مطابق فیصلہ وہی جج دے سکتا ہے جو اس قانون کی پوری طرح فہم رکھتا ہو اور اس نظریہ اور فلسفہ کا بھی تابع ہو جو اس قانون کی اساس ہے۔ بہر حال بحیثیت مجموعی اس فیصلے کا خیرمقدم کیا جائیگا کہ اس نے عرضی گزارکے اس مطالبہ کو مسترد کردیا کہ فتوے اور قاضی کے نظام کو ہی غیرقانونی قراردیدیا جائے۔مرکزی حکومت کی دلیل پر صاد کرتے ہوئے عدالت نے کہا ہے کہ ایک آدھ خراب مثال کی وجہ سے پورے نظام کو کالعدم نہیں کیا جاسکتا۔

نرسوں کی واپسی
عراق کے اس خطے سے جس پر اب داعش کا قبضہ ہے 46ہندستانی نرسوں کی بحفاظت واپسی ایک اہم واقعہ ہے ۔ نئی اعلان شدہ مملکت دولت اسلامیہ کے ارباب حل عقد مستحق مبارکباد ہیں انہوں نے دشمنان اسلام کو اتہام تراشی کا موقع نہیں اور ان نرسوں کا بھی شکریہ جنہوں نے وطن واپسی پر کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ان کے ساتھ داعش کے نوجوان فوجی رضاکاروں نے کوئی زیادتی نہیں۔ ا ن کے ساتھ اچھی طرح پیش آئے، ان کو اغوا کرکے نہیں رکھا گیا تھا بلکہ ان کی حفاظت کی تدبیر کی گئی تھی۔ داعش کے رضاکاروں نے ان کو سخت مشکل حالات میں بھی میدان جنگ سے نکال کر اربیل پہنچایا جہاں سے وہ بحفاظت وطن واپس آگئیں۔ حکومت ہند نے ہندستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے مطلوبہ انتظامات کئے اس لئے واپسی آسان ہوگئی۔ ہرچند کہ یہ آپریشن اس کے مقابلے میں معمولی ہے جو کویت پر عراقی حملے کے وقت اس وقت کے وزیر خارجہ اندرکمار گجرال نے کردکھایا تھا۔ وہ خودکویت چلے گئے تھے حالانکہ جنگ کے شعلے پوری طرح بھڑکے ہوئے تھے۔ اور ایک لاکھ سے زیادہ افراد کو وہاں سے نکال لائے تھے۔ حیرت کی بات یہ ہے نرسوں نے واپسی پر جوآپ بیتی بیان کی اس پر میڈیا میں کوئی چرچا نہیں ہوئی۔ زرا غور کیجئے اگر ایک بھی واقعہ کسی طرح زیادتی کا ہوجاتا تو اسلام کو بدنام کرنے کے لئے کیا کچھ زور بیان نہ دکھایا جاتا۔

صفدر ناگوری
سیمی کارکنوں پراین ڈی اے اور یو پی اے کے دور میں جو سینکڑو ں جھوٹے مقدمے درج ہوئے ان میں ایک کیس مدھیہ پردیش کے ضلع رائے گڑھ میں بھی 2008میں قائم کیا گیا تھا، جس میں سیمی کاسابق صدر صفدرناگوری، انکے بھائی قمرالدین کے علاوہ عامل پرویز، شبلی اور محمد علی کو ملزم بنایا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں قصبہ نرسنگھ گڑھ اور نواح میں فرقہ ورانہ منافرت پھیلانے کے لئے پرچے تقسیم کئے تھے۔ فروری میں یہ خبرآئی کہ ملزمان نے اپنا جرم قبول کرلیا ، حالانکہ قبول صرف اتنا کیا گیا وہ وہاں گئے تھے ،مگر غیرقانونی سرگرمی کا الزام غلط ہے۔ استغاثہ نے ان کے خلاف آٹھ گواہ پیش کئے اوران آٹھوں نے پولیس کی کہانی سے عدم واقفیت کا اظہار کیا جس کی بناء پر عدالت نے ان سب کو بری کردیا۔
دہشت گردی کے الزام میں مسلمانوں کو ملوث کرنے کے لئے ایک ایک نوجوان کو درجنوں معاملات میں ملزم بنایا گیا۔ ناگوری پر بھی کئی مقدمات قائم کئے گئے جن میں سے ایک یہ تھا۔ ابھی وہ اندور کی جیل میں ہیں۔ اب تک درجنوں کیسوں میں سیمی کے سیکڑوں ملزمان کے خلاف مقدمات فرضی ثابت ہوچکے ہیں۔ مگر سابقہ سرکار اس پر بلاجواز پابندی کو طول دیتی رہی۔ پابندی کے خلاف جو عرضیاں سپریم کورٹ میں زیرالتوا ہیں امید ہے کہ ابپر فیصلہ جلد ہوجائیگا۔ 3مئی کو چیف جسٹس آر ایم لودھا کی بنچ نے یہ حکم صادر کیا ہے ان سب کو یکجا کرکے14اگست کو ایک تین رکنی بنچ کے روبرو پیش کیا جائے۔

ریل بجٹ
منگل ، 8جولائی کو مودی سرکار نے پہلا ریل بجٹ پیش کیا ہے اس میں بھی حسین سپنے ہی دکھائے گئے ہیں۔ ریلوے میں بدانتظامی اور کرپشن کے خاتمے کا کوئی ذکر نہیں۔ ایک طرف رونا آمدنی کم اور خرچ زیادہ کا رویا گیا ہے اور دوسری طرف ممبئی سے احمدآباد تک بلٹ ٹرین چلانے کا وعدہ کیا گیا جس پر اربوں روپیہ خرچ آئیگا اور عام آدمی جو اس کا کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔وزیرریل نے شکایت کی ہے پہلے سے اعلان شدہ بہت سے منصوبے زیرالتوا ہیں۔بلٹ ٹرین سے پہلے ان کو پورا کرنا چاہئے ۔ ملک میں بہت سے مقامات ایسے ہیں جہاں تک ریل پہنچی ہی نہیں۔عوام کی سہولتوں کو نظرانداز کرکے بلٹ ٹرین کی بات کرنا کیا معنی رکھتی ہے؟(ختم)
Syed Mansoor Agha
About the Author: Syed Mansoor Agha Read More Articles by Syed Mansoor Agha: 226 Articles with 163410 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.