ادبی مجلہ نیرنگِ خیال

 ادبی مجلہ نیرنگِ خیال ،راول پنڈی ۔جلد 90،شمارہ5 ،مئی2014۔۔۔۔۔۔۔تبصرہ نگار :ڈاکٹر غلام شبیررانا
راول پنڈی سے سلطان رشک کی ادار ت میں شائع ہونے والاادبی مجلہ نیرنگِ خیال اب ایک مضبوط اور مستحکم ادبی روایت کی صورت میں افقِ ادب پر ضو فشاں ہے۔اس رجحان ساز ادبی مجلے نے فروغِ علم و ادب کے عظیم الشان تاریخی سفر کا آغاز نوے سال قبل (1924)کیا تھا۔ماضی کے متعدد نام ور ادیب اس مجلے کے قلمی معاونین میں شامل تھے۔نیرنگِ خیال کی علمی ،ادبی اور قومی خدمات کا ایک عالم معترف ہے۔اس مجلے نے قومی مسائل کے بارے میں قارئینِ ادب کو مثبت شعورو آگہی سے متمتع کرنے میں جو کلیدی کردار ادا کیا ہے اس کے اعجاز سے عصری آگہی کو پروان چڑھانے میں مدد ملی ہے اور پاکستانی ادبیات کو اقوام عالم کی صف میں ممتاز مقام حاصل ہوا ہے۔اس وقت نیرنگِ خیال کا مئی2014کا شمارہ پیشِ نظر ہے۔نیرنگِ خیال کا یہ شمارہ چونسٹھ صفحات پر مشتمل ہے اس میں دو تنقیدی مضامین ،چھے افسانے چودہ شعرا کا کلام اور دو نئی کتابوں پر تبصرے شامل ہیں۔مضامین کے حصے میں پہلا مضمون خاور اعجاز نے لکھا ہے جس میں رشید ساقی کے اسلوب کا جائزہ لیا گیاہے ۔جھنگ کے ممتاز شاعر احمد تنویر (مرحوم)کی شخصیت اور فن پر راقم (ڈاکٹر غلام شبیر رانا)کا مضمون بھی اس مجلے میں شائع ہوا ہے ۔افسانوں کا حصہ بھر پور ہے جس میں اے خیام ،نجیب عمر ،تمثیلہ لطیف ،پروفیسر رفعت طور ،انجم محمود اسد،اور لیفٹیننٹ کرنل(ر) مسعود اختر شیخ کے بلند پایہ افسانے شامل ہیں۔لیفٹیننٹ کرنل (ر) مسعود اختر شیخ نے پشار کمال کے افسانے کو بڑی مہارت سے اردو کے قالب میں ڈھالا ہے اور ترجمے کو تخلیق کی چاشنی عطا کی ہے۔مجلے میں شاعری کے حصے میں ناصر زیدی ،غالب عرفان،رومانہ رومی ،خاور اعجاز ،احسن مرزا ،مشرق صدیقی،محمد افضل ضیائی،بشیر احمد مسعود ،کنور نسیم،کرامت بخاری ،عباس علی شاہ ،نقی مصطفیٰ،گل بخشالوی اور سلطان رشک کا کلام مجلے کی زینت بنا ہے۔کرامت بخاری کے چند شعر پیش ہیں :
مرا دستِ دعا محفوظ رکھے
خداؤں سے خدا محفوظ رکھے
تمھاری یاد میں گُم ہونے والا
وہ کیا کھوئے وہ کیا محفوظ رکھے
سُنا یہ ہے کی دنیا بے وفا ہے
اُسے کہنا وفا محفوظ رکھے
ابھی فرعون باقی ہیں جہاں میں
وہ موسیٰ کا عصا محفوظ رکھے

سلطان رشک کی شاعری میں قلب اور روح کی گہرائیوں میں اُتر جانے والی اثر آفرینی قابل توجہ ہے :
انا کو قتل ہونا ،آرزو کو خاک ہونا تھا
دِلِ کم زور کو آخر خس و خاشاک ہونا تھا

محمد علی طارق کتابوں پر بہت عمدہ تبصرے لکھتے ہیں ۔اس شمارے میں سیدہ شاہین زیدی کے شعری مجموعے ’’ابھی موسم نہیں بدلا ‘‘اور عبداﷲ میازاوا،فاطمہ میازاوا اور اقبال برما کی مشترکہ تصنیف ’’جاپان ،تہذیب کا سفر‘‘ پر جامع تبصرے شامل ہیں۔

نیرنگِ خیال کا زرِ سالانہ مع خاص نمبر ایک ہزار روپے ہے جب کہ ایک شمارے کی قیمت اسّی روپے ہے۔خط کتابت کا پتا درج ذیل ہے :
دفتر ماہ نامہ نیرنگ ِ خیال 221نزد پی۔ایم ہاؤس لیاقت روڈ ،راول پنڈی
Dr.Ghulam Shabbir Rana
Mustafa Abad Jhang City
Ghulam Ibn-e-Sultan
About the Author: Ghulam Ibn-e-Sultan Read More Articles by Ghulam Ibn-e-Sultan: 277 Articles with 612419 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.