ذرا سی غفلت

آج ہم ہر دوسرے والدین کے منہ سے یہ جملہ ضرور سنتے ہیں کہ آج کل بچے کوئی بات سنتے نہیں ہیں۔ کیا کبھی ہم نے بحثیت والدین یہ سوچا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے ؟جہاں بچہ اپنے کام کرنے کے قابل ہوتا ہے ماں اور باپ سے بدتمیزی سے پیش آنے لگتا ہے۔دراصل یہ سب اس وجہ سے ہوتا ہے کہ جب بچہ پہلی دفعہ آپ کے ساتھ بدتمیزی کرتا ہے تو والدین اس طرف توجہ نہیں دیتے اسے نظر انداز کر دیتے ہیں اور یہ ہی وہ سب سے بڑی غلطی ہوتی ہے جس کا خمیازہ بعد میں والدین کو بھگتنا پڑتا ہے۔

والدین جسے لاڈ پیار کہتے ہیں وہ دراصل بچوں کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے کیونکہ بچہ باہر سے چھوٹی چھوٹی باتوں کی شکایت لاتا ہے ماں باپ حمایت میں لڑنے چلے جاتے ہیں۔ استاد نے بچے کو اس کی اصلاح کے لئے ڈانٹ دیا تو پرنسپل سے شکایت۔ لیکن جب بات اپنے اوپر آتی ہے تو احسا س ہوتا ہے کے یہ کیا ہوا ہمارا بچہ اتنا بدتمیز کیسے ہو گیا۔میرا خدانخواستہ یہ ہرگز مقصد نہیں ہے کہ آپ اپنے بچے کی کوئی بات نہ سنیں اس کی حمایت نہ کریں بلکہ اس کی ہر جائز بات میں اس کی حمایت کریں لیکن ساتھ ساتھ اپنے بچے پر کڑی نظر بھی رکھیں۔اس کی ہر قدم پر پیار و محبت سے اصلاح بھی کرتے جائیں۔آپ اپنے بچوں کے ساتھ اتنا مضبوط رشتہ بنائیں کے وہ ہر اچھی اور بری بات آپ کو بتائے۔

معاشرے کا سب سے اہم حصہ اساتذہ جو بچوں کی معاشرتی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن آج وہ بھی اپنا کردار بخوبی نہیں نبھا پا رہے ہیں۔کیونکہ اساتذہ نے بچے کو کچھ کہا تو یہ والدین ہی ہوتے ہیں جو اساتذہ کی شکایت کرتے ہیں یہ سوچے سمجھے بغیر کے کل کو جب پانی سر سے اونچا ہو گا تو کیا نتائج سامنے آئیں گے۔والدین ایسا اپنے بچے کی محبت میں کرتے ہیں۔آپ اپنے بچے کی حوصلہ افزائی کریں لیکن اس کی بھلائی کے ہر کام میں ۔

آج ہماری نئی نسل جس بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے تمام والدین اور وہ تمام لوگ جو کسی نہ کسی طرح بچے کی تربیت کے ذمے دار ہوتے ہیں انھیں بہت ذمے داری کے ساتھ اپنی ذمے داری نبھانی ہے۔کیونکہ کسی بھی قوم کا سرمایا نوجوان نسل ہوتی ہے ۔اگر ہم اپنی نسل کو غلط راستے پر چلنے سے نہیں روک سکے تو پھر کوئی کچھ نہیں کر سکے گا۔سوائے پچھتانے کے۔
Humaira Asif
About the Author: Humaira Asif Read More Articles by Humaira Asif: 8 Articles with 5305 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.