اسلام کا اہم رُکن زکوۃ

مال ودولت نعمت بھی ہے اور زحمت بھی ۔نعمت اس وقت ہے جب حلال طریقے سے کمایا جائے اور اس کے حقوق ادا کئے جائیں اور زحمت اس وقت ہے جب حرام ذریعے سے کمایا جائے یا پھر کمایا تو جائزطریقے سے ہومگر اس کے حقوق ادانہ کئے جائیں ،مال کا سب سے بڑا حق یہ ہے کہ جب وہ نصاب کی مقدار کو پہنچ جائے اور شرائط پائی جائیں تو خوش دلی کے ساتھ اس کی زکوۃ ادا کی جائے ، زکوۃ دینے کے ایک طرف لاتعداد دینی ودنیاوی فوائد وثمرات ہیں تو دوسری طرف ادا نہ کرنے کے لاتعدادخسارے اورنقصانات ہیں۔ قرآن وسنت کی روشنی میں ان دونوں جہتوں کو ملاحظہ کیجئے ۔

زکوۃ ادا کرنے کے فوائد:
زکوۃ دینے والے پر اﷲ تعالیٰ رحم فرماتا ہے۔(سورۃ النور:۵۶)اس کو اﷲ تعالیٰ بہت بڑا ثواب عطا فرمائے گا۔(سورۃ النساء:۱۶۲)اس کا انعام دوسروں سے زیادہ ہے ۔(سورۃ النور:۳۷)اس کے گناہ معاف کردئیے جاتے ہیں اوراس کے لئے جنت کے باغات ہیں جن کے نیچے نہریں رواں ہیں ۔(سورۃ المائدہ:۱۲)اسے کوئی خوف ہے نہ کچھ غم۔(سورۃ البقرۃ:۲۷۷)رضائے الہٰی کے لئے زکوۃ دینے والے کااجر دوگنا ہے ۔(سورۃ الروم:۳۹)زکوۃ دین اسلام کاتیسرا بڑارکن ہے۔(صحیح بخاری، الحدیث:۸) زکوۃ ادا کرنے والا جنتی ہے۔(صحیح بخاری،الحدیث:۳۹۷ ۱)اسے دوزخ سے دور کردیا جاتا ہے ۔(سنن الترمذی،الحدیث:۲۶۲۵)زکوۃ ایسی طہارت ہے جو دینے والے کو پاک کردیتی ہے۔(مسند احمد،الحدیث:۱۲۳۹۷)زکوٰۃ اِسلام کا پل ہے۔(شعب الایمان، الحدیث:۳۳۱۰)زکوٰۃ نکالنابندے کے اسلام کی تکمیل ہے۔(الترغیب والترہیب ،الحدیث:۱۲) زکوٰۃسے اموال کی حفاظت اور صدقے سے مریضوں کا علاج ہوتاہے۔ (المعجم الکبیر،الحدیث:۱۰۱۹۶)زکوۃ ادا کرنے والا اپنی ذمہ داری پوری کردیتا ہے ۔(سنن الترمذی، الحدیث:۶۱۸)وہ اپنے مال سے اس کے شر کو دور کر دیتاہے۔(المستدرک، الحدیث:۱۴۷۹)اورصدقہ مال میں اضافہ ہی کرتا ہے۔(الکامل فی ضعفاء الرجال،الحدیث:۴۷۰)

زکوۃ ادا نہ کرنے کے نقصانات:
زکوۃ ادا نہ کرنے والے کے لئے خرابی وبربادی ہے۔(سورۃ حم السجدۃ:۶)جس مال کی زکوۃ نہ دی جائے اس میں خیر نہیں شر ہے ،یہ روز قیامت گلے کا طوق ہوگا۔(سورۃ آل عمران:۱۸۰)یہ مال نارِ دوزخ میں گرم کر کے زکوۃ نہ دینے والوں کی پیشانیوں ،کروٹوں اور پیٹھوں کو داغا جائے گا۔(سورۃ التوبہ:۳۵)سونے چاندی کی زکوۃ نہ دینے والے کے لئے آگ کی چٹانیں گرم کی جائیں گی اور ان کے جسموں کو چٹانوں کے برابر پھیلا کر داغاجائے گا۔(صحیح مسلم ،الحدیث:۲۲۹۰)اس مال کو جہنمی اژدھا بنا کر اس پر مسلط کردیا جائے گا۔(صحیح ابن حبان،الحدیث:۳۲۴۲)زکوۃ نہ دینے والے کا حساب سخت اور عذاب درد ناک ہوگا۔(المعجم الاوسط،الحدیث:۳۵۸۹)زکوٰۃ جس مال میں مل جائے اسے بربادکر دیتی ہے۔(شعب الایمان، الحدیث:۳۵۲۲)امام احمد بن حنبل رحمۃ اﷲ علیہ فرماتے ہیں:جس مال کی زکوۃ ادا نہ کی جائے وہ مال برباد ہوجاتا ہے یا یہ مراد ہے کہ جوباوجود مالدار ہونے کے زکوٰۃ لے کر اپنے مال میں ملائے گا تووہ مالِ زکوۃ اس کے مال کو تباہ کر دے گا۔

(الزواجر،ج۱،ص۵۴۷)نماز ظاہر رکھی گئی تولوگوں نے اسے قبول کیا اور زکوٰۃ پوشیدہ رکھی گئی تو وہ اسے کھا گئے یہی لوگ منافق ہیں۔(الترغیب والترہیب،الحدیث:۱۱۴۹)زکوۃ روک لینے والوں سے اﷲ تعالیٰ بارش روک لیتا ہے۔ (المستدرک،الحدیث:۲۶۲۳)اور اگر چوپائے نہ ہوتے تو ان پر بارش نہ ہوتی۔ (سنن ابن ماجہ،الحدیث:۴۰۱۹)اﷲ تعالیٰ زکوۃ ادا نہ کرنے والوں کو قحط سالی میں مبتلا فرما دیتا ہے۔(المعجم الاوسط،الحدیث:۶۷۸۸)جو عورت سونے کا ہار پہنے یا کانوں میں سونے کی بالیاں ڈالے اور ان کی زکوۃ ادا نہ کرے تو بروزقیامت اس کو اسی طرح کا آگ کاہار اور آگ کی بالیاں پہنائی جائیں گی۔(سنن ابی داؤد،الحدیث:۴۲۳۸)سب سے پہلے جہنم میں داخل ہونے والے تین افرادمیں سے ایک وہ مال دار ہوگا جو اپنے مال سے اﷲ تعالیٰ کا حق(زکوۃ)ادا نہیں کرتا۔ (المصنف لابن ابی شیبۃ ،الحدیث:۲۳۷)حضرت ابن مسعود رضی اﷲ عنہ نے فرمایا:جس نے حلال کمایا اور زکوٰۃ روک لی تو یہ روکاہوامال حلال کوبھی گندا کر دے گا اور جس نے حرام کمایا اور اس کی زکوٰۃ بھی اداکی تو یہ اسے پاک وحلال نہ کرے گی۔ (المعجم الکبیر،الحدیث:۹۵۹۶)حضرت ابن عباس رضی اﷲ عنہنے فرمایا:زکوۃ واجب ہونے کے باوجود زکوۃ ادا نہ کرنے والا بوقت موت واپسی کی تمنا کرے گا جیساکہ سورۂ منافقون کی آیت۱۰میں ہے ۔(سنن الترمذی،الحدیث:۳۳۱۶)

صاحب نصاب اہل ثروت اور اصحاب مال ودولت کو زکوۃ دینے کے ان فوائد اورنہ دینے کے درج بالا نقصانات پر غورکرنا چاہیے ۔یہ حضرات اپنا محاسبہ کریں کہ کیا واقعی وہ ہر سال اﷲ تعالیٰ اوراس کے رسول صلی اﷲ علیہ وسلمکے احکامات کے مطابق خوش دلی کے ساتھ خود پر لازم پوری پوری زکوۃ ادا کرتے ہیں؟اگر نہیں تو انہیں خبردار ہوجانا چاہیے کہ وہ کتنے عظیم فوائد وبرکات سے محروم اور کس قدر خطر ناک نقصانات اور بڑے خسارے کا شکار ہورہے ہیں ۔اﷲ تعالیٰ اہل اسلام کو عقل سلیم عطافرمائے۔(امین)

Asif Raza
About the Author: Asif Raza Read More Articles by Asif Raza: 16 Articles with 24175 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.