سہ ماہی عبارت ،حیدرآباد سندھ ،جلد ۱۹،شمارہ۷۳،جنوری۔مارچ ۲۰۱۴: اقبال نمبر

 تبصر ہ نگار:ڈاکٹر غلام شبیررانا

پاکستان کے ممتاز ادیب ڈاکٹر مسرور احمدزئی اپنی ذات میں ایک انجمن اور دبستانِ علم و ادب ہیں۔اُن کی ادارت میں حیدرآباد سے شائع ہونے والا ادبی مجلہ ’’سہ ماہی عبارت‘‘دُنیا بھر کے علمی و ادبی حلقوں میں بہت مقبول ہے۔عبارت نے جو خاص نمبر شائع کیے ہیں قارئین کی طرف سے اُنھیں بہت پذیرائی نصیب ہوئی۔عبارت کااحمد ندیم قاسمی نمبر (۱۹۹۷)،ڈاکٹر غلام مصطفی نمبر(۱۹۹۸)،حیدر آباد نمبر (۲۰۰۳)محمود شام نمبر (۲۰۰۶)،حسرت مو ہانی نمبر (۲۰۰۹)تحقیق و تنقید کا معتبر ،موقر اور مستند حوالہ بن چکے ہیں۔اگلے مر حلے میں عبارت کے زیرِ اہتمام فیض احمد فیض نمبر اوراحمد فرازنمبر شائع ہونے والے ہیں۔مارچ ۲۰۱۴میں عبارت کا اقبال نمبر بڑے اہتما م سے شائع ہوا ہے ۔عبارت کا یہ اقبال نمبر پانچ سو بائیس صفحات پر مشتمل ہے۔اس کے اہم موضوعات درجِ ذیل ہیں:
اقبال کے سوانحی نکات،اقبال اور عشقِ رسولﷺ،اقبال کا نظریہء سیاست،افکارِ اقبال،اقبال کا فلسفہء خودی،اقبال کا نظریہء تعلیم،متفرقات اور اتفاق واختلاف۔

ان تمام موضوعات پرعالمی شہرت کے حامل ممتاز اقبال شناس ادیبوں کے مضامین شامل ہیں۔مجلسِ ادارت نے نہایت محنت ،لگن اورفرض شناسی کا ثبوت دیتے ہوئے اس خاص نمبر کے مشمولات کو مقاصد کی رفعت کے اعتبار سے ہم دوشِ ثریا کر دیاہے۔اس شمارے میں چالیس کے قریب وقیع مضامین شائع ہوئے ہیں۔ادبی مجلات نے اب تک جو اقبال نمبر شائع کیے ہیں ان سے اقبال شناسی کی ایک مضبوط و مستحکم روایت پروان چڑھی ہے ۔عبارت کا موجودہ شمارہ اسی درخشاں روایت کا ایک تسلسل ہے ۔فکر کے اقبال کے نئے آفاق تک رسائی کے سلسلے میں عبارت کا یہ اقبال نمبر خضرِ راہ کی حیثیت رکھتاہے۔
Ghulam Ibnesultan
About the Author: Ghulam Ibnesultan Read More Articles by Ghulam Ibnesultan: 277 Articles with 618395 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.