نیا مسئلہ٬ نیا بحران

پاکستان کی تاریخ اٹھا کردیکھ لیجئے ہر روز ایک نیا مسئلہ،ہر سال نیا بحران۔۔ ۔۔ قدم قدم پر نیا امتحان ۔۔۔آئے روز درپیش سنگین معاملات ، سلگ سلگ کر جینا۔۔ سسک سسک کر مرنا ۔۔۔ ہر وقت خوف۔۔۔ ہر لمحہ اضطراب عام پاکستانی اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائے کیا واقعی زندگی اسی کو کہتے ہیں؟ وہ بھی حکمران تھے جن کا کہنا تھا’’ دجلہ کے کنارے کتا بھی بھوکا مرجائے قیامت کے روز اﷲ کے حضور عمرؓ جواب دہ ہوگا‘‘ اور ایک آج کے حکمران اور سیاستدان ہیں جن کی سیاست کا محور
گلیاں ہو جان سنجھیاں وچ مرزا یار پھرے
ہے کہا جا سکتاہے وہ ماضی کے قصے،کہانیاں ہیں بے شک وہ ماضی ہے لیکن شاندارروایات کا حامل
کسی کے ایک آنسوپر ہزاروں دل تڑپتے ہیں
کسی کا عمر بھر کا رونا یونہی بے کار جاتاہے

بچپن میں یہ شعر پڑھا جو آج بھی بہت متاثرکرتاہے انسانی رویے، سیاست ،طبقاتی کش مکش یا پھر عاشقی کے تناظرمیں اسے بہترین مثال کہا جا سکتاہے ۔۔۔یہ اس لئے بھی یادآیا کہ ان دنوں عمران خان ‘شیخ رشید اور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری ان دنوں میاں نوازشریف حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے میدان میں خم ٹھوک کر اترے ہوئے ہیں جماعت اسلامی کی تو پہلے ہی تحریک ِ انصاف سے دوستی تھی لیکن مسلم لیگ Qکے چوہدری برادان نے حالات سے بروقت خوب فائدہ اٹھاکر میاں نواز شریف کے خلاف کئی سال کا غبار نکالنے کی کوشش کی ہے لیکن لگتاہے موجودہ حکومت کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں البتہ کئی سیاستدانوں کی باسی کڑی میں ابال آسکتاہے ماضی میں کم و بیش40-30 سال قبل احتجاجی سیاست کے رنگ ڈھنگ ہی نرالے تھے جب بھی اپوزیشن حکومت کے خلاف تحریک چلانے کااعلان کرتی چھوٹی بڑی درجنوں جماعتیں مرحوم و مغفور نوابزادہ نصراﷲ خان کے گرد جمع ہو جاتیں جن سیاسی جماعتوں کو تانگے کی سواریاں بھی میسر نہیں تھیں ان کی چال ڈھال اور بیان بازی دیدنی ہوتی ۔پریس کانفرنس یا احتجاج کی کوریج دیکھ کر کئی چھوٹی جماعتوں کے سربراہ اخبارات میں نوابزادہ نصراﷲ خان کی بڑی بڑی تصویریں دیکھ کر آہیں بھرتے اور اپنا نام تک نہ چھپنے پر دل ہی دل میں
کسی کے ایک آنسوپر ہزاروں دل تڑپتے ہیں
کسی کا عمر بھر کا رونا یونہی بے کار جاتاہے
کا شعر دہراتے رہتے ۔بلاشبہ شہرت ہر کسی کا نصیب نہیں بنتی کامرانی کیلئے انسانی رویے۔۔۔سیاسی حالات، معاشرتی ماحول،اخلاقی اقدار اورمعاملات بھی شدید اثرات مرتب کرتے ہیں لیکن سیاست تو ہے ہی ۔ قدم قدم پر نیا امتحان ۔۔اپوزیشن کیلئے ہر وقت گرفتاری کا خوف۔۔۔ ہر لمحہ اضطراب۔۔۔پاکستانی سیاست کی نصف صدی پر غورکیا جائے تو یہ احساس گہرا ہوتا چلا جائے گا کہ اس ملک میں آج تک جمہوری انداز سے کوئی سیاستدان بناہے نہ اقتدار میں آیا سب کے سرپرست ِ اعلیٰ فوجی ڈکٹیٹر تھے اس حقیقت کو کوئی جھٹلانا بھی چاہے تو نہیں جھٹلاسکتایہی وجہ ہے کہ کسی حکمران نے اپنے دل میں عوام کا درد محسوس نہیں کیا’’شارٹ کٹ‘‘ کے فارمولے پر پیرا شوٹ کے ذریعے نازل ہونے والے عوام کا دکھ کیا جانیں ۔۔انہیں کیا معلوم مہنگائی کس عفریت کا نام ہے۔۔بھوک سے بلکتے بچوں کو دیکھکر اپنا گردہ بیچنے والوں پر کیا بیتتی ہے؟۔۔۔ تھانے کچہری اور سرکاری اداروں میں عوام کوکتنی تذلیل برداشت کرنا پڑتی ہے۔۔۔ اب وہ حکمران کہاں سے لائیں جس کا کہنا تھا’’ دجلہ کے کنارے کتا بھی بھوکا مرجائے قیامت کے روز اﷲ کے حضور عمرؓ جواب دہ ہوگا‘‘ عمران خان ‘شیخ رشید چوہدری پرویزا لہی،سراج الحق اور شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر طاہرالقادری کے احتجاجی پروگرام اپنی جگہ پر حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے یہ کام بھی ضروری ہیں لیکن عوام کی حالت بہتر بنانے کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا ناگزیرہے پاکستان کی سرزمین صحیح معانوں میں وہ ماحول مانگتی ہے جو قومی امنگوں کا ترجمان ہو آج عوام میں تحریک ِ پاکستان کا جذبہ بیدارکرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس پاک وطن میں ایسا معاشرہ پروان چڑھ سکے جس میں لڑائی نہ ہو،شرانگیزی نہ ہو،دہشت گردی نہ ہو، امن ہو، سکون ہو۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمارے ہم وطنوں کو عزت ،سکون اور خوشحالی سے مالا مال کردے ایسا ماحول بن جائے کہ
خودی کو کربلند اتنا کہ ہر تقدیرسے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیاہے

اصل میں نئی نسلوں کے مستقبل کو تابناک بنانے کچھ پلاننگ کرنا ہوگی ،بہتری کیلئے کوشش کرتے رہنا ہی زندگی کی علامت ہے جب تک ۔۔ہر روز ایک نیا مسئلہ،ہر سال نیا بحران۔۔ ۔۔ قدم قدم پر نیا امتحان ۔۔۔آئے روز درپیش سنگین معاملات ، سلگ سلگ کر جینا۔۔ سسک سسک کر مرنا ۔۔۔ ہر وقت خوف۔۔۔ ہر لمحہ اضطراب کا سلسلہ ختم ہو جائے گا صحیح معانوں میں اس روزنئے پاکستان کی روشن صبح کا آغازہوگا۔ آئیے کوشش کریں۔۔ کوشش کرکے تو دیکھیں۔

Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 111 Articles with 76800 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.