غروبِ آفتاب کے وقت چھوٹے بچوں کو باہر نکالنے سے گریز کرنا

بسم اﷲ الرحمن الرحیم
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْن، وَالصَّلاۃُ وَالسَّلامُ عَلَی النَّبِیِّ الْکَرِیْم ِ وَعَلٰی آلِہِ وَاَصْحَابِہِ اَجْمَعِیْن۔
غروبِ آفتاب کے وقت چھوٹے بچوں کو باہر نکالنے سے گریز کرنا

اﷲ تبارک وتعالیٰ نے حضور اکرم ﷺ کے قول وعمل کو قیامت تک آنے والے انسانوں کے لئے اسوہ یعنی نمونہ بنایا ہے۔ (لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِی رَسُوْلِ اللّٰہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ)۔ ہمارا ایمان ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا حکم بجالانے میں ہی دونوں جہاں کی کامیابی مضمر ہے۔ اس وقت ایک ایسے مسئلہ کا ذکر کرنا چاہتا ہوں جس پر تقریباً ہر خاص وعام کا عمل ختم ہوگیا ہے۔ اور وہ ہے غروبِ آفتاب کے وقت چھوٹے بچوں کو گھر سے باہر نکالنے سے گریز کرنا ۔

حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اِذَا کَانَ جُنْحُ اللَّےْلِ اَوْ اَمْسَےْتُمْ فَکُفُّوا صِبْےَانَکُمْ، فَاِنَّ الشَّےَاطِےْنَ تَنْتَشِرُ حِےْنَئِذٍ، فَاِذَا ذَہَبَ سَاعَۃٌ مِنَ اللَّےْلِ فَخَلُّوہُمْ (صحیح البخاری ۔ کتاب بدء الاخلاق ۔ باب صفۃ ابلیس وجنودہ ح ۳۲۸۰)
جب غروبِ آفتاب قریب ہوجائے تو اپنے بچوں کو باہر نکلنے سے روکو کیونکہ اس وقت شیاطین پھیل جاتے ہیں۔ جب رات کا کچھ حصہ گزر جائے تو باہر جانے دیا جائے۔

اسی طرح حضور اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: لَا تُرْسِلُوا فَوَاشِےَکُمْ وَصِبْےَانَکُمْ اِذَا غَابَتِ الشَّمْسُ حَتَّی تَذْہَبَ فَحْمَۃُ العِشَاءِ فَاِنَّ الشَّےَاطِےْنَ تَنْبَعِثُ اِذَا غَابَتِ الشَّمْسُ حَتَّی تَذْہَبَ فَحْمَۃُ العِشَاءِ ۔ (صحیح مسلم ۔ کتاب الاشربۃ ۔ باب الامربتغطیۃ الاناء وایکاء ح ۳۷۶۴)
غروب آفتاب کے وقت چوپایوں اور بچوں کو باہر نہ بھیجو کیونکہ غروب آفتاب کے وقت شیاطین پھیل جاتے ہیں۔ جب رات کا کچھ حصہ گزر جائے تو باہر جانے دو۔

صحیح بخاری وصحیح مسلم کی اِن دونوں احادیث اور اِس موضوع پر دیگر احادیث نبویہ کی روشنی میں خیر القرون سے عصر حاضر کے محدثین، مفسرین وعلماء کرام نے کہا ہے کہ غروب آفتاب سے کچھ پہلے سے غروب آفتاب کے کچھ دیر تک چھوٹے بچوں کو باہر نکالنے سے گریز کرنا چاہئے۔ لیکن دیگر احادیث نبویہ کی روشنی میں علماء کرام نے تحریر کیا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کا یہ حکم الزامی نہیں ہے بلکہ ترغیبی ہے یعنی حضور اکرم ﷺ نے اپنی امت کے افراد کو ترغیب دی ہے کہ اس وقت چھوٹے بچوں کو گھر ہی میں رکھیں۔
Muhammad Najeeb Qasmi
About the Author: Muhammad Najeeb Qasmi Read More Articles by Muhammad Najeeb Qasmi: 133 Articles with 154608 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.