الفلاح سکالرشپ سکیم

کوئی معاشرہ علم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا ،جس معاشرے میں علم کی شمع روشن نہ ہو وہاں ہمیشہ گھپ اندھیرے رہتے ہیں ،’’مہد سے لحد تک علم حاصل کرو‘‘ جس معاشرے میں اس حدیث پر عمل نہ ہو وہ معاشرہ ترقی کے خواب دیکھنے سے بھی قاصر رہتا ہے ۔ماں کی گود بچے کے لیے پہلی تربیت گاہ ہے ،لیکن اس تربیت گاہ کی خود تربیت نہ ہو تو وہ بچے کی تربیت کیسے کرے گی؟ریاست کے فرائض میں شامل ہے کہ وہ بسنے والوں کے لیے تعلیم کے بہتر اور وسیع مواقع فراہم کرے ،امیر اور غریب میں یکساں مواقع میسرہوں ،علم کے بغیراندھیرے میں بھٹکے ہو ئے انسان کے لیے سنبھلنا بہت مشکل ہوتا ہے۔اس لیے تو علم کو روشنی کہا جاتا ہے،اگر یہ روشنی آپ کے پاس نہ ہو تو اندھیرے ہی منتظر رہتے ہیں جو ایک فرد سے ہوتا ہو ا پوری قوم کو اپنی لیپٹ میں لے لیتا ہے۔جب ریاست اپنے فرائض میں غفلت برتے تو کچھ بھلے اور درد دل رکھنے والے انسان ریاست چلانے والوں کے فرائض کا ذمہ لے لیتے ہیں ۔حالاں کہ ان کے لیے یہ بہت مشکل کام ہوتا ہے ۔لیکن ان کے مشن میں کوئی بھی چیز حاہل ہونے کی متحمل نہیں ہوتی ۔
الفلاح سکالر شپ سکیم پاکستان اس وقت قومی سطح پرجاناپہچانا غیرکاری ادارہ ہے جو پاکستان میں کالجوں اوریونیورسٹیوں میں ایک ہزار سے زائدذہین مگرمستحق طلبہ و طالبات کو عمومی اور پیشہ ورانہ اعلیٰ تعلیم کیلئے مالی مدد مہیا کر رہا ہے۔حسب معمول اس کاچودھواں سالانہ کنونشن 9نومبر2013ء کوکھاریاں میں منعقد ہوا۔الفلاح انتظامیہ ادارہ کے لین دین کے حساب کتاب کوکھلا رکھنے کی پالیسی پر گامزن ہے، تاکہ ہرکوئی ادارہ کی آمدن اور ادائیگیوں کے متعلق جان سکے ثانیاًکنونشن میں ادارہ سے مستفید ہونے والے طلبہ و طالبات کی موجودگی اور ان کی کارکردگی رپورٹ بھی ڈونرز کیلئے باعث اطمینان ہوتی ہے۔ اور دوسرے مہمانوں میں بھی قوم و ملت کی تعمیر کااحساس بیدار کرتی ہے ۔اس پروقار پروگرام کے مہمان خصوصی ناروے ایمبیسی کے ڈپٹی ہیڈ مشن لارس نارڈم اور صدارت کیلئے کے پی کے کے وزیر بلدیات عنایت اﷲ خاں موجود تھے۔ مہمانان گرامی میں علاقہ کی سماجی و سیاسی شخصیات ، مختلف این جی اوز کے نمائندے، ادارہ سے فیضیاب موجودہ اور سابق طلبہ و طالبات اور طالبات کے والدین بھی شامل تھے۔گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شفیع ، بلجیم میں مقیم صدر پاکستان اووسیزایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل چوہدری محمداکرم منہاس، ڈئریکٹرنیشنل ایجوکیشن الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان میاں محمد رفیع ، سرگودھاسے ڈاکٹر غلام مرتضیٰ خاں ، پروفیسر شبیر حسین شاہ(مرحوم)گجرات یونیورسٹی افسوس کے اس کنونشن کے کچھ عرصہ بعد ان کو شہید کر دیا گیا ،عافیہ موومنٹ پاکستان کے مرکزی کوارڈینیٹرعزیزالرحمان مجاہد اور ناروے میں مقیم میاں وقاص وحید مہمانوں میں نمایاں تھے۔ پروگرام کا آغاز پروفیسر چوہدری عرفان احمد کے درس قرآن سے ہوا انہوں نے موقع کی مناسبت سے قرآن و سنت کی روشنی میں بہت ہی مؤثر اور دلکش انداز میں گفتگو کی۔مہمانوں کو خوش آمدید کہنے اور پروگرام کے اغراض ومقاصد بیان کرنے کیلئے وائس چیئرمین (انٹرنیشنل ریلیشنز )ضیغم مغیرہ کو دعوت دی گئی انہوں نے نہایت مدلل انداز میں الفلاح سکالرشپ سکیم کے نصب العین کو بیان فرمایا اور الفلاح سکالرز سے محنت کرنے اور الفلاح سکالرشپ سکیم کی طرف سے مہیا کردہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔ ضیغم مغیرہ صاحب کے استقبالی بیان کے بعد کچھ طلبہ و طالبات کی نمایاں تعلیمی کارکردگی پر انہیں انعامات سے نوازاگیا ۔معروف دانشور، ماہرتعلیم اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹس سروس سنٹر یونیورسٹی آف گجرات سیّد شبیر حسین شاہ نے اپنے خطاب میں الفلاح سکالرشپ سکیم کی کاوشوں کو فروغ تعلیم کیلئے ایک انمول انسانی خدمت قرار دیااور اپنے ہرقسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس کے بعدوائس چیئرمین (پبلک ریلیشنز) راجہ نشان علی سجادادارہ کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ الفلاح سکالرشپ سکیم کادائرہ کار پورا پاکستان ہے اسے نوریجنز (پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، اسلام آباد ، کراچی، آزاد کشمیر، فاٹا اورگلگت بلتستان)میں تقسیم کر کے کوآرڈینیٹرز مقرر کردیئے گئے ہیں جن سے مستحق طلبہ و طالبات رابطہ کرتے ہیں۔ اس وقت 1078طلبہ و طالبات ادارہ سے اعلیٰ تعلیم کیلئے مالی مدد لے رہے ہیں اس سال 397نئے طلبہ وطالبات کو مالی مدد کامستحق قراردیاگیاہے جبکہ 180سکالرز نے اپنااپنا کورس آف سٹڈی مکمل کیا جن میں 25ایم بی بی ایس ڈاکٹرز اور 50انجنیئرز بھی شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ادارہ کو کل 3,44,00,461روپے مختلف ذرائع سے موصول ہوئے اور 2,88,13,609روپے کی وظائف/قرض حسنہ ، انتظامی اخراجات اور سرگرمیوں کی مدمیں ادائیگیاں کی گئیں ۔ رپورٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ الفلاح سکالرشپ سکیم پاکستان میں زبردست ٹیم ورک ہے اور تقسیم کار ہے۔ ادارہ میں قواعد وضوابط کی پابندی میں کسی کوکوئی استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد نئے الفلاح سکالرز کی حلف برداری ہوئی حلف کیلئے چیئرمین الفلاح سکالرشپ سکیم پاکستان چوہدری مجید احمد کو دعوت دی گئی۔حلف میں سکالرز سے محنت کرنے ، صالح اعمال سرانجام دینے اور عملی زندگی میں ملک و ملت کیلئے کارآمد ثابت ہونے کا وعدہ لیا گیا۔اس کے بعد ایک معروف سابق سکالر ڈاکٹر زبیرنے اپنے تاثرات دیئے اور ہونہارمستحق طالب علموں کیلئے الفلاح سکالرشپ سکیم کونعمت قرار دیا۔ انہوں نے پچاس ہزار روپے ادارہ کو بطورعطیہ دیئے اور الفلاح سکالرشپ سکیم کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ ضیغم مغیرہ نے ایک ایسا خاکہ پیش کیا کہ آپ کے سامنے اب تشریف لانے والی ایک ڈاکٹرالفلاح سے مستفیض لیڈی ڈاکٹر مقدسہ بی بی ہیں جن نے ایک ہی تقریب میں 22مختلف ایوارڈز سمیٹنے کا اعزاز حاصل کیا اور ان کے بہت سے اعزازت کے بارے میں بتایا تو ذہن میں ایک ادھیڑ عمر خاتون کا خاکہ ذہن میں آیا مگر جب وہ سٹیج پر تشریف لائے تو ایک نوجوان تھی جس الفلاح سکالر ہے۔انہوں نے بھی الفلاح سکالر شپ کے متعلق بہت اچھے تاثرات دیئے،ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ ادارہ ان کی مدد نہ کرتا تو شاید میں آج ڈاکٹر نہ ہوتی ،ناروے میں مقیم یورپین مسلم کونسل کے نائب صدر میاں وقاص وحیدنے اپنے تفصیلی خطاب میں الفلاح سکالرشپ سکیم پاکستان کی انتظامیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیاانہوں نے کہا کہ یہ دراصل سیّد مودودی ؒ کی جماعت کی تربیت کاثمر ہے کہ میاں عبدالشکور صاحب نے یہ ادارہ بنایااس کی آبیاری کی دوسروں کو کارِ خیر میں شریک ہونے کی دعوت اور ترغیب دی۔ انہوں نے کہاکہ اس ادارہ کی معاونت سے بنے ڈاکٹرز اور انجنئیرز ملک وقوم کیلئے اس کی افادیت کامنہ بولتا ثبوت ہیں۔اس موقع پر چیئرمین الفلاح سکالرشپ سکیم پاکستان چوہدری مجید احمد نے اپنے خطاب میں ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا جو اندرون و بیرون ملک سے ادارہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور ادار ہ تسلسل سے ماہانہ کی بنیاد پر مستحق طلبہ و طالبات کی معاونت کر رہا ہے انہوں نے مالی امداد کیلئے درخواست دینے والے طلبہ و طالبات کے کوائف کی جانچ پڑتال کے سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تعاون کا خاص طورپر ذکر کیا اور الخدمت انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔ اس کے بعد الفلاح سکالرشپ سکیم پاکستان کے سابق چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ میاں محمد عبدالشکوراپنے خطاب میں ناروے میں پاکستانیوں اور ناروے کے ایک فلاحی ادارہ NORADکے الفلاح ناروے سے تعاون کابطور خاص ذکر کیا۔ انہوں نے ناروے کی حکومت اور وہاں کے لوگوں کی انسان دوستی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا انہوں نے اس بات پر اطمینان کااظہار کیاگیا کہ ان کاقائم کردہ ادارہ بخوبی تسلسل سے فروغ تعلیم کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے خاص طور پر اقلیتوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اگر کسی معاشرے کی اقلیتیں خوش نہیں ہیں تو یہ اس کیلئے نیک شگون نہیں ہے ۔آخر میں مہمان خصوصی نے انگریزی میں مختصر خطاب کیاانہوں نے پاکستان میں میں الفلاح جیسے ادارے کی موجودگی کو پاکستانی معاشرے کیلئے بہت خوش آئند ہ قرار دیا انہوں نے ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی تعریف کی اور عہد کیا کہ ناروے الفلاح سکالرشپ سکیم پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔انہوں الفلاح انتظامیہ کا شکریہ اداکیا کہ انہوں نے انہیں اتنے اچھے پروگرام میں آنے کی دعوت دی۔ آخر میں اس پروقار تقریب کے صدر وزیر بلدیات (کے پی کے) جناب عنایت اﷲ نے خطاب فرمایاانہوں نے الفلاح سکالرشپ سکیم کے کام کو بہت سراہااور اس کے بانی جناب عبدالشکور کو زبردست خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ بطور وزیر وہ اس ادارہ کیلئے جو کچھ بھی کر سکے کریں گے۔ انہوں نے الفلاح سکالرز کی حوصلہ افزائی کی اور پڑھائی پر توجہ دینے کی تلقین کی۔پروگرام کا اختتام الفلاح کے ذمہ دار بزرگ محمد آمین کی دعا پر ہوا۔پروگرام کے لیے عزیز الرحمن مجاہد کوارڈینیٹر عافیہ موومنٹ اور اس پروگرام کے میڈیا کوارڈینیٹرنے مدعو کیا ،کھاریاں میں منعقد یہ تقریب میرے لیے خوشگوار احساس کی مانند تھی ،جہاں ایک طرف ملکی صورت حال ہے دہشت گردی ،انتہاپسندی اور فرقہ وارایت کے بادل برس رہے ہیں۔ہر انسان اپنی ذات تک محدود ہو کر رہ گیا،وہاں ایسی چوہدری مجیدچیئرمین الفلاح سکالر شپ جیسی شخصیات موجود ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو ایک مشن کے لیے وقف کیے ہوئے ہے ،وہ مشن جو مسلمانوں کی افضل کتاب قرآن مجید میں سب سے پہلے وحی کی صورت میں نازل ہوا’’اقراء‘‘ وہ مشن جس کے لیے آقا دو جہاں ﷺنے زور دیتے ہوئے فرمایا’’علم حاصل کرنا ہر مرد وعورت پر فرض ہے ‘‘دوسری جگہ فرمایا’’ جس نے دہ بچیوں کے بہتر تعلیم و تربیت کی وہ قیامت کے روز میرے نزدیک ایسے ہو گاپھر ہاتھ کو سامنے لا کر فرمایاشہادت اور اس کے ساتھ والی انگلی‘‘اﷲ رب العزت چوہدری مجید اور ان کی پوری ٹیم کو ان کی محنت کا اجر دے ۔میری صاحب استطاعت لوگوں سے درخواست ہے کہ آپ اپنے مال کو اﷲ کی راہ میں خرچ کرتے وقت عظیم مشن میں ضرور اپنا حصہ ڈالیں تا کہ علم کی شمع مزید اور ہمیشہ سے لیے روشن رہے ۔آمین
Umer Abdur Rehman Janjua
About the Author: Umer Abdur Rehman Janjua Read More Articles by Umer Abdur Rehman Janjua: 49 Articles with 51267 views I am Freelance Writer and Journalist of Pakistan .. View More