گلستانِ مُلاّ

اگر تزئینِ چمن کا فریضہ کسی ملا ّ کو دے دیا جائے تو چمن "سدھارنے" اور پاک بنانے کے لئے مندرجہ ذیل اقدامات کریگا۔

مرغ۔۔ شہنشاہ
مرغ چمن کا شہنشاہ ہوگا کیونکہ اسے آزان دینا آتی ہے۔ مینا، بلبل، طاوس سمیت تمام پرندوں کو مرغ کے مدرسے میں داخل ہوکر آذانیں سیکھنا ہوں گی۔

فقط پتّوں کے برقعے میں تبسم کی اجازت:
کلیوں اور پھولوں کو فقط پتّوں کے برقعے میں تبسم کی اجازت ہے کیونکہ چمن میں کلی کا پھول بننا بے پردگی اور "فحاشی" ہے۔ اس لئے لازم ہے کہ پھول اور کلیاں پتّوں سے پردے کا اہتمام کریں-

ہوا اٹھکیلیاں مت کر:
ہوا اٹھکیلیاں مت کر کیونکہ اس کی وجہ سے درختوں کی شاخیں جھومنے لگتی ہیں اور چمن میں رقص کی بنیاد پڑتی ہے۔ شاخیں ایک دوسرے کو چھُولیتی ہیں، پتّے ایک دوسرے کو چُوم لیتے ہیں، پھر طاؤس پنکھ پھیلا کر رقص کرنے لگتے ہیں۔ یوں چمن میں "بے حیائی" کی بنیا د پڑتی ہے۔ طاؤس کے پنکھ کاٹ کر داڑھی بڑھانے کا حکم جاری کیا جائے۔

تتلیوں کو کوڑے لگاؤ:
تتلیوں کی پُشت پر کوڑے لگادئے جائے کیونکہ یہ سرِعام پھولوں کے ساتھ بغل ہوجاتی ہیں۔ دوسرا قصور ان کا رنگ برنگ لباس ہے۔ اس طرح یہ "متّقی اور پرہیزگاروں" کا دیں خراب کرتی ہیں۔

کوئل کی کُوکُو اور پرندوں کی چہچہاہٹ پر پابندی:
موسیقی چونکہ حرام ہے ،کوئل کی کُوکُواور پرندوں کا چہچہانا موسیقی کے زمرے میں آتا ہے۔ لہٰذا اس پر مکمل پابندی لگادی جائے ۔

مکڑی کو جالا بُننے پر پابندی:
مکڑی کا جالا بُننا کینوس پر پینٹنگ کے مترادف ہے۔ جو کہ سراسر حرام ہے۔اگر رزقِ حلال کی خاطر جالا بُننا مجبوری ہے تو ڈیزائننگ کے بغیر سادہ جالا بُنا جائے۔ تاکہ دیکھنے والے اس طرف متوجہ نہ ہوں۔

خوشبو کا کسی جھونکے کی انگلی تھامنا نہیں جائز:
خوشبو کا سرِعام کسی اجنبی جھونکے کی انگلی تھام کر چلنا ناجائز ہے کیونکہ یہ جھونکیں "نامحرم" ہیں۔ کسی نامحرم کے ساتھ ایسے گھومنا "گناہِ کبیرہ" ہے-

Ali Ahmad Jan
About the Author: Ali Ahmad Jan Read More Articles by Ali Ahmad Jan: 4 Articles with 4044 views اقبال بھی اقبال سے آگاہ نہیں ہے
کچھ اس میں تمسخر نہیں وللہ نہیں ہے

سلجھا ہوا اک شخص سمجھتے ہیں لوگ مجھے
الجھا ہوا سا مجھ میں کوئی دوسرا بھی
.. View More