وزیر اعلیٰ پنجاب کاوعدہ ،کاہنہ نوصاف پانی کی فراہمی

اﷲ تعالیٰ نے اس کائنات میں انسان کیلئے بے شمار نعمتیں پیدافرمائی ہیں ۔اﷲ تعالیٰ کا دین انسان کے لئے کتنا منافع بخش سسٹم ہے جس میں نعمتوں اوراحسانات کاشمار نہیں لیکن اُن نعمتوں کا شکر ادا کرنے پراجروثواب ملتا ہے ۔ ان نعمتوں میں انسان کی جسمانی و ذہنی صحت کے لیے فوائد کے خزانے موجود ہیں ۔ہم اﷲ تعالیٰ کی کسی ایک نعمت کو بھی جھٹلا نہیں سکتے ۔وہ نعمت جسے ہم بہت چھوٹا تصور کرتے ہیں کسی وقت اُس کی ایسی ضرورت پیش آتی ہے کہ جان کے لالے پڑجاتے ہیں ۔ایسی ہی ایک نعمت پانی ہے جسے ہم بڑی بے دردی کے ساتھ ضائع کرتے ہیں ۔پانی کی قدر جاننی ہے تو اُن علاقوں کو دیکھنا چاہیے جن میں بسنے والے پانی کی ایک ایک بوند کو ترستے ہیں ۔یا وہ وقت یادکرنا چاہئے جب بجلی بند ہونے کی صورت میں پانی نایا ب ہوجاتا ہے اور ہم پانی کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں ۔تب پتا چلتا ہے کہ پانی کے بغیر زندگی مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے ۔آج میں جس مسئلے کی طرف وزیراعلیٰ پنجاب کی توجہ دلانا چاہتا ہوں،وہ ہے ہمارے علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ۔راقم کاہنہ نو:لاہورکا رہائشی ہے جو وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے انتخابی حلقہ PP159کا گنجان آباد علاقہ ہے ۔ہمارے علاقہ میں زیر زمین پانی انتہائی آلودہ ہوچکا ہے جس کے پینے سے عوام بے شمار بیماریوں میں مبتلا ہیں ۔ہم نے گزشتہ تقریباتین سالوں میں کئی مرتبہ مسلم لیگ ن کے مقامی رہنماء و سابق ایم پی اے رانامبشر اقبال جن کی اہلیہ موجودہ ایم این اے بھی ہیں سے درخواست کی کہ کاہنہ نوکا واٹرفلٹریشن پلانٹ کا منصوبہ جسے تقریبا پچھلے تین سال سے نظر انداز کیا جارہا ہے کو مکمل کروادیں ۔انہوں نے ہمیشہ یہی کہا کہ وہ میاں صاحب سے بات کریں گے ۔لیکن ابھی تک کچھ نہیں ہوسکا ۔عوام گلہ منڈی کاہنہ کے گیٹ کے پاس واٹرفلٹریشن پلانٹ کیلئے بناکیبن کئی سالوں سے دیکھ رہے ہیں لیکن صاف پانی پینا نصیب نہیں ہوا۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا بیان پڑھ کر خوشی ہوئی اور زخموں پر نمک پاشی کی چبھن بھی محسوس کی۔اُنہوں نے کہا کہ’’ پنجاب کے ہر گھر میں صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں گے۔عوام کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے صاف پانی پراجیکٹ نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔منصوبے میں تاخیر، غفلت اور وقت کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ‘‘ جی میاں صاحب آپ نے بالکل ٹھیک کہا شہریوں کیلئے پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی کو آسان بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔اگر آپ واٹر فلٹریشن منصوبے میں تاخیر ،غفلت اور وقت کا ضیاع برداشت نہیں کرتے تو کاہنہ نو کا واٹر فلٹریشن پلانٹ کس طرح نظر انداز ہوگیا ؟شائدوزیر اعلیٰ پنجاب کو اس معاملے کی خبر ہی نہ ہواس لئے میری اہل علاقہ کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب جو ہمارے حلقہ کے ایم پی اے بھی ہیں سے اپیل ہے کہ کاہنہ نو کے واٹرفلٹریشن پلانٹ کے منصوبے کو مکمل کرکے صاف پانی کی فراہمی کا وعدہ پورا کریں ۔تاکہ اہل علاقہ کو پینے کا صاف پانی جو اﷲ تعالی کی عظیم نعمت ہے مہیا ہوسکے ۔

Imtiaz Ali Shakir
About the Author: Imtiaz Ali Shakir Read More Articles by Imtiaz Ali Shakir: 630 Articles with 519755 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.