مؤمن تو سب بھائی بھائی ہیں

موجودہ دورمیں اگرہم اپنے معاشرے کا جائزہ لیں تو ہمیں ایک چیزنمایاں طور پر نظرآتی ہے۔ وہ یہ کہ لوگوں نے دوپیمانے بنارکھے ہیں۔ایک پیمانہ اپنے لیے اوردوسرا پیمانہ دوسروں کے لیے۔وہ اپنے لیے بہتری کی خواہش رکھتے ہیں اوردوسروں کے لیے برا چاہتے ہیں۔ اپنے لیے تو یہ پسند کرتے ہیں کہ دوسرے لوگ ان کے ساتھ اچھا برتاؤکریں،لیکن وہ خوددوسروں کے ساتھ حسن سلوک نہیں کرتے۔وہ چاہتے ہیں کہ دوسرے لوگ ان کا خوب خیال رکھیں لیکن وہ خوددوسرے لوگوں کا ذرہ برابربھی خیال نہیں رکھتے اوران کے ساتھ رواداری اورخندہ پیشانی کے ساتھ بالکل پیش نہیں آتے۔یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں لوٹ کھسوٹ، رشوت، بددیانتی، جھوٹ ، فریب اور جعل سازی وغیرہ کی اخلاقی بیماریاں عام ہیں۔ اسلام نے ایک صالح اورپرامن معاشرے کے لیے یکساں رویے کو ضروری قراردیاہے اوراسے ایمان کا نمایاں وصف قراردیاہے۔رسول اﷲ ﷺکا ارشادہے:’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن(کامل) نہیں ہوسکتا جب تک وہ دوسروں کے لیے بھی وہی چیز نہ پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتاہے۔‘‘(متفق علیہ)آج مسلم معاشرہ کایہی حال ہوگیاہے۔مسلمان خودتوچاہتے ہیں کہ انھیں کسی طرح کا نقصان یاگزندنہ پہنچے مگروہ دوسروں کونقصان پہنچانے میں کوئی کسرنہیں چھوڑتے۔جب ہم اپنے لیے نقصان برداشت نہیں کرسکتے تو پھرہمیں دوسروں کے نقصان کی بھی خواہش نہیں کرنی چاہیے۔ ایک مثل مشہورہے کہ جو دوسروں کے لیے گڈھا کھودتاہے وہ خودگڈھے میں گرتاہے۔ چوں کہ آج ہمارا معاشرہ اس گندی حرکت کا شکارہے لہذا سب کچھ ہوتے ہوئے بھی وہ پریشانیوں اورمصیبتوں کا شکار ہے۔ لوگ ایک دوسرے کی شکایت اوربرائیاں بیان کرتے ہیں،ہرکس وناکس کو برا بھلا کہہ دیتے ہیں ،دوسروں کی عزت وناموس کا بالکل خیال نہیں رکھتے اوران کی کمزوریاں مزے لے لے کر بیان کرتے ہیں جب کہ وہی لوگ اس بات کو پسند نہیں کرتے کہ دوسرے لوگ ان کی برائیاں بیان کریں۔شیخ سعدی نے ایسے موقع کے لیے بڑے پتے کی بات کہی ہے:
’’جو شخص تمہارے سامنے کسی کی برائی کررہاہوتا ہے ،وہ یقینا کسی اورکے سامنے تمہاری بھی برائی کرے گا۔‘‘

تین چیزیں معاشرے کی بہتری اورافرادکوزیوراخلاق سے آراستہ کرنے سے یا یوں کہیں کہ حقوق العبادسے متعلق ہیں۔غریبوں کوکھانا کھلایاجائے، ان کی ضرورتوں کا لحاظ رکھاجائے،ان کی مزاج پرسی کی جائے۔سلام کوعام کیاجائے اورصلہ رحمی کا رواج ہو، اس لیے کہ اس سے امت آپس میں گھل مل کر رہے گی اورمضبوط بنیاد کی طرح ہوگی۔چوتھی بات یہ کہی گئی کہ رات کے آخری حصے میں نماز ( تہجد) کا اہتمام کرو ، تاکہ اﷲ سے قربت اورلگاؤ میں اضافہ ہو، ساتھ ہی دیگرامور(عبادات اورمعاملات) میں خلوص ونیت پیدا ہوجائے، جس سے توکل علی اﷲ کی کیفیت پیداہو۔آخر میں اس کا نتیجہ بیان کیاگیاہے کہ جب تم ایسا کروگے توجنت میں سلامتی کے ساتھ داخل ہوجاؤگے۔ ایک مومن کا رشتہ دوسرے مومن سے بھائی چارگی پر مبنی ہوتاہے۔اس کے باجود مومن کا رشتہ بھی ایسا مضبوط ہونا چاہئے کہ آدمی اپنے مؤمن بھائی کی تکلیف کوخوداپنی تکلیف محسوس کرتاہے ،اس کی جان ،مال ،عزت وآبروکی حفاظت اس پر ظلم گویا خود اپنے اوپر ظلم تصورکرتاہے اور یہی ایمان کی کیفیت اوراس کا تقاضا ہے۔قرآن کہتاہے :’’مؤمن توسب بھائی بھائی ہیں۔‘‘ (الحجرات:01)ایک مسلمان کواپنی ہی طرح دوسرے مسلمان کی حفاظت کرنی ہے اوراس کی ضرورتوں کا خیال رکھنا ہے۔اس طرزعمل میں بھی خود اس کا فائدہ ہے ،کیوں کہ اس کے بدلے میں اﷲ تعالی اس کاخیال رکھے گا۔اگروہ دوسروں کا خیال رکھے گا اوراس کی عیب جوئی کے بجائے ،پردہ پوشی کرے گا تو خدابھی اس کی پردہ داری فرمائے گا۔اگرانسان اپنے اوپراپنے مسلمان بھائی کوترجیح دینے لگے گا یا کم ازکم اپنی ہی طرح اس کی بھلائی بھی چاہے گا تو اس کے نتیجے میں اس کے اندرکی بہت سی خرابیاں اور اخلاقی کمزوریاں خودبہ خود ختم ہوجائیں گی۔ایسا شخص اپنے معاشرے میں چلتاپھرتاعملی نمونہ ہوگا جسے دیکھ کر لوگ بھی اپنے رویے میں تبدیلی لائیں گے جسے اصلاح امت کا کارعظیم سمجھاجائے گا۔

M A TABASSUM
About the Author: M A TABASSUM Read More Articles by M A TABASSUM: 159 Articles with 154671 views m a tabassum
central president
columnist council of pakistan(ccp)
.. View More