علم کے کوزے

ہم جس محکمے سے تنخواہ لے رہے ہیں وہاں کرنے کو اب کوئی خاص کام نہیں رہا ،کیونکہ تیل اور مشینری کی کمیابی کے باعث اکثر سیکشن سنسان پڑے ہیں۔اسی لیے کام کرنے کا لفظ جان بوجھ کر استعمال نہیں کیا۔ کام نہ ہونے کی صورت میں ملازمین کے پاس صرف تبصرے باقی رہ جاتے ہیں جو اکثر زبانی کلامی ہوتے ہیں مگر ہم جیسے کچھ نادان قلم کا جھنجھٹ بھی پال لیتے ہیں۔ یہ سچ ہے کہ جس محکمے میں کام نہ ہو وہاں کے ملازمین علم کے دریا نہ سہی علم کے کوزے ضرور ہوتے ہیں البتہ خود کو وہ دریا ہی سمجھتے ہیں!۔

ایک دفعہ ایک سفید ریش ملازم سے ملاقات ہوئی تو میرے ہاتھ میں پروین صاحبہ کی " انکار" تھی،جس کے آخری صفحے پر وہ سندوری پیراہن میں بہ نفسِ نفیس موجود تھیں!بزرگ ملازم نے بے چینی سے دوتین دفعہ ادھر اُدھر دیکھا اورآخر کار مجھ سے مخاطب ہوکر کہا، بیٹا،یہ کیا فضول سی کتاب اُٹھائے پھرتے ہو کوئی ڈھنگ کی کتاب پڑھا کرو۔۔اور ادب سے اچھا۔۔۱ کہنے کے بجائے میرے مُنہ سے جیسے۔۔؟ کا لفظ نکل گیا۔حالانکہ ہم اپنے بڑوں کا بہت ادب کرتے ہیں اور اُن کے سامنے اُف تک نہیں کرتے ،خواہ ہمیں ہزار دفعہ معلوم ہو کہ اُس کی بڑائی صرف عمر کی وجہ سے جس میں اُسکا کا کوئی ذاتی کریڈٹ بالکل نہیں۔۔! لیکن اب انجانے میں "جیسے" کا لفظ منہ سے نکل چکا تھااُنھوں نے تیور چڑھائے اور عالمانہ شان سے گویا ہوئے جیسے۔۔ فضائلِ اعمال۔۔! اور پھر ہماری طرف داد طلب نظروں سے دیکھنے لگے۔۔ ہم نے عرض کیا، جناب وہ تو ہم پڑھ چکے ہیں !دو تین دن میں ختم ہوگئی تھی ۔۔! وہ پھر گویا ہوئے دوبارہ پڑھو!سہہ بارہ پڑھو اور پڑھتے رہو ۔۔تو ہم نے معذرت خواہانہ لہجے میں عرض کیا، پھر قرآنِ مجید ٹھیک نہیں۔۔؟اُس نے خونخوار نظروں سے مجھے دیکھا اور آج تک سلام دُعا بند ہے۔!

ہم نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اپنے محکمے کے کسی سینئرکے سامنے زبان نہیں کھولیں گے ،اور جب ہمارے ایک immidiate boss نے لندن کی ہسٹری سناتے ہوئے لندن کو دو برابر حصوں میں تقسیم کرکے پنجابی کی ایک مخربِ اخلاق گالی اخذ کی تم ہم بالکل چُپ رہے۔۔اور کچھ نہ کہا!

یہاں پر ہر بندے کی اپنی ایک فلاسفی ہے، جس پر وہ خود ہی حرفِ آخر اور عقلِ کل ہوتا ہے۔ایسے ایسے لوگ سسٹم کو درست کرنے کی بات کرتے ہیں جس کو ان گنہگار آنکھوں نے سو اور پچاس کے نوٹ کئی بار لیتے ہوئے دیکھا ہے۔ سلطان ٹیپو ، عمر مختار اور صلاح الدین ایوبی کے قصے ایسے ایسے لوگ سناتے ہیں جو اندھیرے میں اکیلے سو میٹر تک نہیں جا سکتے۔۔میں نے اپنے سینئرکو یہا ں تک کہتے سُنا ہے کہ ہمارے وقتوں کا میٹرک اور آج کا ایم اے برابر ہے۔۔! جب ایسے ہی ایک موقع پر ہم نے "کیوں" کہا! تو حضرت فرمانے لگے کہ ہمارے وقتوں میں لوگ لالٹین جلا کر پڑھتے تھے۔۔! تو ہم نے کہا اس میں میٹرک ایم اے کے برابر کیسے ہوا ؟یہ تو سیدھا سادھا توانائی کا بحران ہے، اور آج بھی ہم UPSاور بیٹریاں لگا کر پڑھتے ہیں۔۔ یہ تو حکومت کی نالائقی کا مسئلہ ہے تعلیم کے فرق کا تو بالکل نہیں۔۔؟ تو فرمانے لگے کہ ہمارا ایک دوست رات کے اپنے سر کے بال چھت سے لٹکی ہوئی رسی سے باندھ لیتا اورنیندکے جھٹکے کھا کرکتاب کو دیکھتا۔۔ کر سکتے ہوتم اتنی محنت ۔؟ تو ہم نے موء دب ہو کر عرض کیا ۔۔ جناب نیند کے جھٹکے کھا کر کیا خاک کسی کے سمجھ میں کچھ آئے گا، اﷲ نے دن کی روشنی پیدا کی ہے اُس میں بندہ اپنی رہی سہی کثر پوری کر سکتا ہے اور رات تو نیند کے لیے ہے۔۔؟اور ویسے آپکا یہ چھت سے لٹکا دوست دن کو کیا کرتا تھا ۔۔تو فرمانے لگے بڑا زندہ دل انسان تھا سارا دن کھیتوں میں جواء کھیلتا تھا۔۔۔(اور شاید یہی وجہ ہو میٹرک اور ایم اے کے برابری کی؟)

کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ اپنا علم ہر بندے کو مکمل کیوں نظر آتا ہے۔۔؟ہر بندہ یہ کیوں سوچتا ہے کہ جو بندہ آگے سے جواب نہیں دے رہا وہ بیوقوف ہے اور بات کو نہیں سمجھتا۔۔؟ وہ یہ کیوں نہیں سوچتا کہ اُس کی چُپ مروت کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہے اور میری چال جانتے ہوئے بھی وہ صرف وضعداری میں نبھا رہاہے؟۔۔لیکن میرے محکمے میں چُپ بیوقوفی اور بزدلی سمجھی جاتی ہے۔۔

ایک دفعہ ایک قریب ال پینشن بزرگ نے فرمایا ۔تم لوگ کام کی عظمت کو کیا جانو؟ کام تو ہمارے زمانے میں ہوتے تھے!جب ایک ایک ڈیوٹی میں دس دس ٹرینیں گزرتی تھیں! ہم نے کہا جنابِ والا آپ کی بات بجا ہے، لیکن آپ بھی کرسی پر بیٹھ کر ڈیوٹی پوری کرتے اور ہم بھی یہی کر رہے ہیں ، ٹرینیں چلانا حکومت اور افسرانِ بالا کا کام ہے،اور اگر سوچنے والے نہیں سوچتے تو ہم جیسے ادنی ملازم کا کیا قصور ہے۔لیکن بندہ کمانے سے فارغ ہو تو کوئی مثبت بات سوچے۔۔! فرمانے لگے کہ تم سرکاری کام میں ٹانگ اڑانے کے شوقین لگتے ہو۔۔! تو ہم نے مو دبانہ عرض کیا،سر ہم تو اتنے شریف ہیں کہ ہماری تنخواہ چاہے بینک سے ہو یا کیش سے ہم اُف تک نہیں کرتے، لیکن جہاں دال کالی ہو تو تنخواہ بینک سے لینے پر غوغائے رستخیز اُٹھنا شروع ہوجاتا ہے۔۔دیکھیں ہمارے رجسٹر تو ہر کوئی چیک کرنے آتا ہے اور ہم با ادب اور با ملاحظہ کھڑے ہوجاتے ہیں حالانکہ ذہن میں فیضؔصاحب کا شعر بار بار گونجتا ہے کہ:
۔ بنے ہیں اہلِ ہوس مدعی بھی منصف بھی
کسے وکیل کریں کس سے منصفی چاہیں

مگر کبھی بھی زبان پر نہیں آتا۔۔!اب اس سے زیادہ تابعداری سرکار اور افسر ان کی کیا ہوسکتی ہے۔۔اُس نے کہا لڑکے تم کافی بدتمیز ہو کوئی افسروں کے بارے میں بُرا سوچتا ہے۔۔! تو ہم نے کہاکہ جناب ہماری کیا اوقات کہ افسروں کے بارے میں لب کشائی کریں ہم تو اُن کلرکوں (جو افسران کے خاص اور پالتوہوتے ہیں) یا اُن فوجی سپاہیوں کی بات کرتے ہیں جو میٹریکولیٹ ہونے کے باوجو بھی ہماری Vigilance پر مامور کیے جاتے ہیں، اور وہ پھر خدا بن بیٹھتے ہیں ۔۔ کیونکہ افسر میں معاملہ فہمی کی کچھ خو تو ہوتی ہے لیکن یہ احساسِ کمتری کے مارے شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار ثابت ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔۔یا پھر کمانے کی نئی راہیں تلاش کرتے ہیں۔۔؟کہنے لگے، لڑکے نوکری کرنی ہے یا گھر جانا ہے۔۔؟ میں نے جھٹ کہہ دیا، جناب نوکری بھی لگی رہے اور گھر کے چکر بھی لگتے رہیں ۔۔۔تو فرمایا پھر چُپ سادھ لو اور ہم نے اُنگلی ہونٹوں پر رکھ لی۔۔!

ایک اور بات جو میں شدت سے محسوس کر رہا ہوں وہ سرکاری(دفتری) شعراء کی تعداد ہے۔سرکاری شعراء اس لیے کہا کیونکہ وہ سرکاری ٹائم یعنی ڈیوٹی آورزمیں شعر لکھتے ہیں ،یا جن پر نزول دفتروں میں ہوتا ہے(کیونکہ دماغ خالی ہوتا ہے)۔۔ میرے محکمے میں دفتری شعراء کی ایک کثیر تعداد موجود ہے۔کچھ میں تو شاعری کے جراثیم پیدائشی تھے اور کچھ زنانہ ڈبوں میں کوٹنے سے شاعر بنے ہیں۔۔کیونکہ کچھ لوگ مجروح ہو کر ہی فیض پاتے ہیں۔اگرچہ اشفاق احمد صاحب کا ڈائریکٹ اور میرا جی کا اِن ڈائریکٹ تعلق اس محکمے سے رہا ہے ،لیکن اب تو یہاں ہر زبان لہجے اور اخلاق کے شعراء ملتے ہیں۔۔ استاد صاحب سے سُنا تھا کہ بڑا شاعر صدی میں ایک پیدا ہوتا ہے جیسے میرؔ،غالبؔاور اقبالؒ۔۔!اور اچھے شاعر سینکڑوں ہوسکتے ہیں،لیکن اس ڈیپارٹمنٹ میں مجھے صرف بڑے شاعر ملے ہیں(عمر کے لحاظ سے) کوئی اچھا شاعر نہیں ملا۔!

ایک دفعہ لاہور سے آتے ہوئے اپنے محکمے کے ایک شکست خوردہ شاعر سے ملاقات ہوئی ، جو ادبی محفلوں تک پہنچ گیا تھا لیکن کسی نے گھاس نہ ڈالی۔۔رسمی سی گفتگو کے بعد میں نے بڑے شعراء کے چند اشعار سُنائے،تو حضرت دیر تک اشعار کو چباتے رہے ،منہ کو مختلف اندازمیں موڑتے ،مروڑتے اور گھماتے رہے، بالاخر ایک دو اشعار ہضم کرکے کچھ طبع زاد اُگل دے جس پر ہم نے ازراہِ مروت واہ واہ ! کی اور اُسکی آنکھوں میں خوشی کے آنسو چھلک آئے۔۔لیکن اُس کے اشعار سُن کر اُس کے ادبی محفلوں سے دھتکارے جانے کا سبب سمجھ میں آگیا۔۔ خیر میں نے اپنے اشعار اس لیے نہ سنائے کہ ہم جب تک اپنا شعر نہ سنادیں لوگ ہمیں شاعر سمجھتے ہیں اور چند ایک کو چھوڑ کر باقی شعراء کی بھی یہی حالت ہے۔۔!
ایک دفعہ ایک سٹیشن کی کینٹین سے آہ و فغاں بلند ہو رہی تھی، ہم نے کسی جھگڑے پر قیاس کر لیا اور فوراََ وہاں پہنچے،لیکن کیا دیکھتے ہیں وہاں ایک گرما گرم مشاعرہ شروع ہے، یہ دوشعراء کی باطلِ ناخواستہ ملاقات تھی جس نے مشاعرے کی شکل اختیار کرلی تھی۔ ایک شاعر اُس انجن کا ڈرائیور تھا جس کے لیے سٹیشن پر تیل موجود نہیں تھا اور دوسرا اُس ٹرین کا گارڈ تھا جس کی بوگیوں کے پہیے جام ہوچکے تھے اور اُسکے نیچے سے ہتھوڑے کی ٹک ٹُک کی آوازیں آرہی تھیں۔۔گارڈ غزل پہ غزل عنایت فرما رہا تھا اور ڈرائیور انجن کی فکاہیہ نظم۔۔نزدیکی پارسل روم سے چار بکرے دل کھول کر داد دے رہے تھے۔۔
ڈرائیور فرماتے۔۔!:
انجن خراب ہوگیا غصہ نہ کیجئے
لوگوں کی مصیبت کا تو قصہ نہ کیجئے
ہم تم سدا کے روگی ہیں اے انجنِ رفیق
مرنے کو موخر کرو! دھوکہ نہ کیجئے
گارڈ فرماتے:
ریلوں کے لیے موت ہے جمہوری حکومت
ورکشاپِ مرمت بھی نگل لیتے ہیں آلات۔

خیر اگر بات آپ کی سمجھ میں نہیں آئی تو کوئی بات نہیں، میں گزشتہ تین سالوں سے ملازم ہوں جب میری سمجھ میں نہیں آئی تو چند الفاظ سے آپ کی سمجھ میں کیسے آسکتی ہے! لیکن اگر پھر بھی سمجھنے کا خبط سوار ہوتو آئیں۔۔! اور پشاور سے کراچی تک ہمارے محکمے کے رحم و کر م پر خود کو چھوڑ دیں۔۔! چودہ طبق روشن ہوجائیں گے ۔۔ ۔!انشاء اﷲ۔۔

Wasim Khan Abid
About the Author: Wasim Khan Abid Read More Articles by Wasim Khan Abid: 27 Articles with 32661 views I am a realistic and open minded person. .. View More