سخت مخالفوں کے دل

اکثر میری سمجھ میں نہیں آتا تھا کہ ہم بے انتہا ظلم اور تشدد کرتے تھے اور میں پاگل سا ہو جاتا تھا "مسلمان قیدی زخموں سے چور ہوتے تھے، جلد تک ہم ادھیڑ دیتے تھے اس سے خون رستا تھا لیکن وہ بیحد مطمئن"مجھے لگا ضرور ایسی قوت ہے جو ان کو برے حالات میں بھی راحت دیتی ہے۔ یہ الفاظ ایک فوجی کے ہیں جو بدنام ترین جیل گوانتا نا موبے میں مسلمان قیدیوں پر تشدد کرتے نہ تھکتا تھا۔

میں جانتا ہوں امریکی فوج مجھے غدار سمجھے گی اور لوگ مجھے اچھی نظروں سے نہیں دیکھیں گے مگر کلمہ پڑھ کر مجھے لگا میرا وہ خلا پر ہو گیا جو میرے والدین کے الگ ہو جانے سے پیدا ہوا تھاجبکہ میں زیادہ پر سکون ہوگیا ہوں ۔ وہ طاقت اندیکھی ہے مگر بہت سکون دینے والی ہے۔ (ٹیری ہولڈر بروکس)

جیل میں آخر کار ایک قیدی سے میں بات چیت کرنے لگا جو بہت جلد روزانہ کی نشست میں تبدیل ہو گئی۔ میں اسلام کے بارے میں اس سے پوچھتا اور غور کرتا کہ کیسے یہ دہشت پھیلا سکتے ہیں؟ ایک دن "احمدچیدی" جو مراکش سے تعلق رکھتا تھا نے مجھے انگریزی ترجمے والاقرآن دیا۔ میں نے جیسے جیسے پڑھا مجھے لگا یہی تو ہے جس کی تلاش میں بھٹک رہا تھااور اب میں مصطفی عبداﷲ ہوں ۔

آواز ایسی کہ کان سننے کو ترستے تھے اور وہ جیسے ہی اسٹیج پر آتی لوگ مدہوش سے ہو جاتے یہ مشہور سپر اسٹار "مائیکل جیکسن" کی بہن "جینٹ جیکسن" ہیں جس نے وصام نامی بزنس مین سے شادی کر لی ہے اور ساتھ میں کلمہ بھی پڑھ چکی ہیں ۔ لوگ اسے بھی غدار کہتے ہیں اور وصام کی دولت حاصل کرنے کی چال تک کہہ رہے ہیں حتی کہ کچھ لوگ یہ بھی کہ رہے ہیں کہ جینٹ نے جب دیکھا کہ اس کا کیرئر ختم ہو رہا ہے تو اس نے دولت کی خاطر قطر کے مسلمان تاجر سے شادی کی ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ وصام کے ساتھ دوبرس گزرنے والے دنوں میں جینٹ نے اسلام کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ایک دن وصام نے اسے قرآن کا تحفہ دیا جسے وہ روز پڑھنے لگی کہ اس پر دنیا و آخرت کی حقیقت کھلنے لگی اور کلمہ پڑھ کر مسلمان ہوگئیں۔

سب سے بڑھ کر ہالینڈ کے ممبر پارلیمنٹ "ارنوئڈوین ڈرون"جس نے نعوذبااﷲ پیغمبر اسلام ؐ کی زندگی پر توہین آمیز فلم سے شہرت حاصل کی تھی ۔ بظاہر اس نے اسلام کے خلاف فتنہ کھڑا کیا تھا مگر جیسے ہی افسوس کا بادل ان پر چھایا ان کی کایا ہی پلٹ گئی اور مشرف بہ اسلام ہوئے۔ قبول اسلام کے بعد وہ مدینہء طیبہ روضہء رسول پر حاضر ہوئے اور اپنے کردہ گناہوں کی معافی مانگی اور مسجد نبوی کے امام سے اسلام کے بارے میں دریافت کیااور پوچھا ! ایک سچا مسلمان کیسے بنتا ہے؟ اور نبیء پاک ؐ کی تعلیمات سے مستفید ہوئے۔ پھر مکہ میں عمرہ ادا کیا اور غلاف کعبہ کو تھام کر امت مسلمہ کے لیے دعا کی کہ اس وقت ان کو بہت جذباتی دیکھا گیا کہ جیسے بچے روتے ہیں۔ پھر ان کی ملاقات بیت اﷲ کے امام سے ہوئی اور انہوں نے ان کو قرآن کا تحفہ دیا اور دین اسلام کے بارے میں سیکھا اور ہدائیت سے منور ہو گئے۔ جب ٹویٹر پر ان کا پیغام تحریر ہو ا تو بہت سے لوگوں نے اس کو مذاق قرار دیا مگر وہ اسلام کے حلقوں میں داخل ہو چکے تھے۔ یہ بہت بڑاکرشمہ دین ہے، حق کی ترجمانی ہے اور سچائی کی جیت ہے۔ اب وہ کئی اسلامی تنظیموں سے رابطے میں ہیں تاکہ نبیء پاکؐ کی زندگی اور اسلام کے بارے غلط فہمیوں کا ازالہ کر سکے اور اسلام کی درست عکاسی کی جا سکے۔

ان تینوں واقعات میں ایک مشترک بات تو یہ ہے کہ دین اسلام اپنے سخت ترین مخالفوں کے دلوں میں بھی گھر چکا ہے کچھ اس کا اظہار سب کے سامنے کر لیتے ہیں جبکہ بہت سے پوشیدہ ہی دائرہ اسلام میں داخل ہو چکے ہیں۔ مگر میں ایک اور چیز کی طرف تمام مسلمانوں کی توجہ دلانا چاہتا ہوں اور وہ ہے قرآن پاک کا مکمل مطالعہ جو روشنی ہے، ہدائیت اور اس کا مکمل معجزہ ہے۔ پوری زندگی کا حاصل اور شفاء تک ہے۔ ہم نے اس کو صرف ثواب کے لیے غلاف میں سنبھال رکھا ہے ہم اس کی تلاوت بھی کرتے ہیں مگر اب ہمیں اس کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اسرارورموز ہم پر بھی عیاں ہوں اور ہم دین حق کی سچائی کو دلیل کے ساتھ واضح کر سکیں ۔ قرآن کو عام کتاب کی طرح پڑھیے اور سمجھیے تاکہ ہم روز محشر کامیاب ہو سکیں اور ابدی تعلیمات کو دنیا میں رائج کر سکیں ۔ کیونکہ قرآن نے اسلام کے سخت مخالفین کو ہدائیت دی ہے تو جو پہلے ہی اسلام اور قرآن کا قائل ہے وہ تو دنیا و آخرت دونوں سنوار سکتا ہے کیونکہ نو مسلموں سے جب بھی پوچھا جاتا ہے کہ کون سی چیز آپ کو اسلام کی طرف کھینچ لائی تو وہ قرآن کا مطالعہ ہے۔

اسلام دین حق ہے اسے پھیلنا ہے اور پھیلتے چلے جانا ہے ہم بھی اس کار خیر میں حصہ لیں اور "امر با المعروف و نہی عن المنکر" کی سچائی کو اپنائیں۔ امریکہ میں شائع ہونے والے ایک جریدے کے مطابق اسلام دوسرے تمام مذاہب ہندو مت، بدھ مت، یہودیت اور عیسائیت کے مقابلے میں بہت تیزی سے پھیل رہا ہے۔

مفہوم: اور اﷲ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور تفرقے میں نہ پڑو!

میری دعا ہے کہ اﷲ ہمیں تمام فتنہء وفساد سے محفوظ رکھے اور اور ان عالمی سازشوں سے بھی بچا لے جو اسلام اور مسلمان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑی ہوئی ہیں ۔ جس کا واحد حل قرآن و سنت پر عمل ہی سے ممکن ہے۔اسی میں ہمارے معاشروں کی اصلاح اور فلاح ہے۔ آپ کی آراء کا شدت سے منتظر۔
atifimran1
About the Author: atifimran1 Read More Articles by atifimran1: 10 Articles with 15181 views Mr. Atif Imran is highly experienced in professional development of teachers, principals and administrators. He is working as an Academic Consultant a.. View More