کیا یہ طالبان نہیں ہیں؟

جمعہ کے روز لاہور میں جامعہ نعیمیہ میں ہونے والے خودکش حملے میں ممتاز عالم دین جناب سرفراز نعیمی شہید ہوگئے۔ ان پاکستانی طالبان کا ایک ‘دشمن‘ اور کم ہو گیا۔ میرے کچھ معزز دوست یہ کہتے ہیں کہ یہ ‘پاکستانی طالبان‘ نقلی ہیں اور بھارتی ایجنٹ ہیں۔ ‘اصل طالبان‘ تو افغانستان میں جہاد کر رہے ہیں۔ اور پاک فوج نے کچھ پاکستانی طالبان کو پکڑا تو وہ ہندو اور بھارتی نکلے۔

میں اپنے ان دوستوں سے پوچھنا یہ چاہتا ہوں کہ کیا بھارتی جو کہ اگر ہندو ہے تو میں کسی طور یہ بات مان ہی نہیں سکتا اور اس بات سے میرے سب ہی دوست اتفاق کریں گے کہ وہ کبھی بھی خودکش حملہ کر ہی نہیں سکتا ہے، کیونکہ وہ کسی کی جان تو با آسانی لے سکتا ہے لیکن اپنی جان، جانتے بوجھتے کبھی بھی نہیں دے سکتا ہے۔ کیونکہ ان کو اپنی زندگی بے انتہا عزیز ہوتی ہے۔

اسی طرح اگر آپ یہ کہتے ہیں کہ وہ خود، خود کش حملہ نہیں کرتے بلکہ دوسرے نادان مسلمانوں کو استعمال کرتے ہیں۔ تو اس بات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ صوفی محمد، مولانا فضل اللہ، بیت اللہ محسود اور اس طرح کے جتنے بھی طالبان کمانڈر ہیں وہ بھارتی ایجنٹ ہیں۔ کیونکہ ہر خودکش حملہ یا بم دھماکے کے بعد یہ ہی لوگ اس کی ذمہ داری لیتے ہیں۔

اب اگر میرے دوست یہ کہتے ہیں کہ ہاں یہ لوگ ہی بھارتی ایجنٹ ہیں، اور پاکستانی طالبان اصل طالبان نہیں ہیں تو میں پھر یہ سوال ان لوگوں سے کروں گا کہ اچھا اگر یہ اصل طالبان نہیں ہیں تو پھر ان کی حمایت افغانستان کے طالبان کیوں کرتے ہیں اور سوات آپریشن شروع ہونے سے پہلے انہوں نے پاکستانی گورنمنٹ کو دھمکی کیوں دی تھی کہ پاکستانی طالبان کے خلاف کوئی آپریشن نہیں شروع ہونا چاہئے؟

اور اگر پاکستانی طالبان کا اصل طالبان سے کوئی تعلق نہیں ہے تو پھر آج تک کبھی بھی اصل طالبان نے ان سے لاتعلقی کا اعلان کیوں نہیں کیا، پاکستان میں ہونے والے خودکش حملوں کی کبھی مذمت کیوں نہیں کی ہے، جبکہ یہ پاکستانی طالبان ان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔

بہرحال بہ حیثیت ایک پاکستانی اور مسلمان ہونے کی حیثیت سے میرا دل بہت کڑھتا ہے جب پاکستان میں رہنے والے اس میں کما کر کھانے والے ہی پاکستان کے دشمنوں کی حمایت میں صفحے کے صفحے کالے کر دیتے ہیں۔ خدارا کچھ ہوش کریں اور پاکستانی عوام کے زخموں پر نمک پاشی نہ کیا کریں
Abdullah
About the Author: Abdullah Read More Articles by Abdullah: 12 Articles with 11068 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.