قرآنی انقلاب اور انسانی اقدارکا تصور

انسانیت کی فلاح و اصلاح کے لیے، خاص طور پر معبود حقیقی اﷲ کریم سے بندوں کے رشتوں کوجوڑنے کے لیے انبیائے کرام علیہم السلام تشریف لائے۔ آخری نبی رحمت عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی آمد کے ساتھ دین مکمل ہوا،رحمت عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم پر جو کتاب نازل کی گئی وہ بھی آخری کتاب ہے جس میں ساری انسانیت کے لیے ھدایت ہی ھدایت ہے۔ قرآن مقدس کی بنیاد پر جو معاشرہ قائم ہوا وہ ایسا عالم گیر معاشرہ کہلایا جس کی مثال تاریخ انسانی میں نہیں ملتی۔ رحمت عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے قرآنی بنیادوں پر جو معاشرہ قائم فرمایااس میں کسی طرح کا نسلی و علاقائی، جغرافیائی و لسانی امتیاز نہ تھا۔انسانی اقدار سے زمانہ آشنا ہوا۔اسی لیے ماضی میں جب بھی اسلام کے خلاف سرگرم قوتوں بالخصوص یہود و نصاریٰ اور دوسری قوموں نے سازشیں کیں تو ان کا زیادہ حملہ قرآن پرہی رہا۔ ان کی کاوش یہ رہی کہ مسلمانوں کو قرآن اور صاحب قرآن سے دور کر دیا جائے۔ جتنے مشن آج اسلام کے خلاف سرگرم ہیں سب چاہتے ہیں کہ مسلمان قرآنی احکام کو چھوڑ بیٹھے۔اسی لیے اسلام کے خلاف ہر حربے میں قرآن کی مخالفت کا معاملہ نمایاں ہے۔ رمضان المبارک ایسا موسم بہار ہے جس میں مسلمانوں کی تربیت کے لیے قدرتی نظام ہے کہ اس میں قرآن مقدس نازل کیا گیا۔ اس نسبت سے بھی اور تراویح کی حکمت سے بھی قرآن سے رجوع کا رجحان پیدا ہوتا ہے۔ لہٰذا ہم یہ گذارش کریں گے کہ ایسے موسم بہار کا فائدہ اٹھا کر قرآن مقدس کی تعلیمات سے اپنا رشتہ مضبوط کر لیں۔ قرآن کی تلاوت کریں،قرآن کا ادب کریں، قرآنی احکام پر عمل کریں، قرآن مقدس میں ہر خشک و تر کا بیان ہے، ہر علم اس مقدس کتاب میں موجود ہے۔ اعلیٰ سے اعلیٰ علم حاصل کریں لیکن قرآنی احکام کی روشنی میں، جبھی وہ علم بھی نفع دے گا، اور اس کی تعلیمات کی بنیاد پر پروان چڑھنے والا معاشرہ یقیناً مثالی کہلائے گا۔ ایک مسلمان کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ قرآن مقدس سمجھ کر پڑھے، ہماری زبان اردو ہے اس لیے اردو ترجمۂ قرآن کا مطالعہ ضرور کریں۔ اس کے لیے دنیا میں اردو کا سب سے مشہور و معتبر ترجمۂ قرآن ’’کنزالایمان‘‘ (از امام احمد رضا) مطالعہ میں لائیں۔ اس ترجمے کی ترغیب اس لیے بھی دی جا رہی ہے کہ اس میں اﷲ کریم اور رحمت عالم صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کے مقام عظمت کا پورا پورا لحاظ رکھا گیا ہے۔ اس ترجمے کے مطالعے سے ایمان کو تازگی ملے گی۔ کنزالایمان اتنا مقبول ترجمہ ہے کہ اس کی اشاعت اردو زبان کے تمام ترجموں میں سب سے زیادہ ہوتی ہے۔ کئی یونی ورسٹیوں کے شعبۂ اسلامیات میں یہ نصاب تعلیم کا اہم حصہ ہے۔اسے جامعۃالازھر مصر نے بھی تحقیق کے بعد اردو زبان کاسب سے معیاری و معتبر ترجمہ قرار دیا ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ ترجمے کے ساتھ کلام پاک پڑھنے کی عادت ڈالیں۔ ترجمہ کنزالایمان خود بھی پڑھیں اور اپنے دوسرے اسلامی بھائیوں کو بھی پڑھنے کی ترغیب دیں۔اس لیے بھی قرآن کو سمجھ کر پڑھنے سے ہماری فکر میں بالیدگی آئے گی۔ اور مسلمانوں کے الجھے ہوئے مسائل بھی اس سے رجوع سے حل ہوں گے۔
Ghulam Mustafa Rizvi
About the Author: Ghulam Mustafa Rizvi Read More Articles by Ghulam Mustafa Rizvi: 277 Articles with 256421 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.