قائد کا گھرتباہ کرنے والے کون؟

اسلامی ممالک کی فہرست میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جو نظریہ اسلام کی بنیاد پر وجود میں آیا ۔اس کے قیام میں مسلمانوں کو لاکھوں قربانیاں دینا پڑیں ۔پاکستان کے حصول کا مقصد اسلامی اقدار کے سایے میں زندگی بسر کرنا تھا مگر بد قسمتی سے یہ ملک بڑی منصوبہ بندی اور سوچی سمجھی سازش کے ساتھ اپنے اعلیٰ اہداف سے ہٹاکر قتل و غارت اور انسانیت سوز مظالم کی آماجگاہ میں تبدیل کردیا گیا ۔آج ملک کے اندر بد عنوانی اور لاقانونیت کا راج ہے ۔خوف و ہراس کی ایک عجیب فضا پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے ۔گزشتہ دنوں حضرت قائداعظم کی رہائشگاہ کو تباہ کردیا گیا،اور ہمارے حکمران سوتے رہے ،ہماری ایجنسیزاتنے بڑے سانحے سے بے خبر کیسے رہیں،یہ سب کچھ سمجھ سے بالا تر ہے،اس قائد کے گھر کو بموں سے نیست ونابود کردیا گیا ،جس قائد نے ہمیں الگ پہچان دی،ہمیں آزادی کا مقصدبتایا مگر ناجانے وہ کون سی نادیدہ قوتیں ہیں ،جنہیں ہماری آزادی ج بھی کھٹک رہی ہے،وہ قوتیں ہم پر پے درپے وار کررہی ہیں اور ہم برسوں کی طرح آج بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،ہمیں بحیثیت قوم شرم سے ڈوب مرنا چاہیئے کہ جن کی قربانیوں سے یہ ملک وجود میں آیا آج وہی اس ملک کے اندر در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ان کا خون ہر چیز سے سستا ہے آج نہ ان کی جان محفوظ ہے نہ عزت ان کا وجود اس ملک کے اندر غیر محفوظ ہے ۔نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کے ہاتھ میں اس ملک کی تقدیر تھما دی گئی ہے ۔ایک طرف مافیائی نظام اپنی درندگی کے خنجرسے اس قوم کو زخم لگا رہا ہے تو دوسری طرف نام نہاد اورمفاد پرست این جی اوز بھٹکی ہوئی لاچار قوم کے ذہنوں میں اپنی شاطرسوچ پیوست کررہی ہیں ۔پاکستان میں دہشت گردی ،قتل و غارت عام ہے یہاں انسانیت کشی کبھی ثواب کا ذریعہ سمجھی گئی تو کبھی جھوٹی انا کی تسکین کا ذریعہ ۔دہشت گردی مذہبی طبقے کی جہالت ونادانی ،حکمران طبقے کی مغرب نوازی اور امریکہ کی گھناؤنی،مکارانہ سوچ کا نتیجہ ہے بلکہ یوں کہنا چاہیے کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے لیے ایک زرخیز میدان ہے جو دشمنان وطن کے پیسے اور امریکہ کی مکاریوں سے وجود میں آئی ۔اس طرح قتل و غارت اس ملک کے انسان نما درندوں کے لیے ذریعہ معاش بنی ہوئی ہے ۔قتل و غارت اس قدر عام ہے کہ اگر کہیں پندرہ بیس لاشیں گر جائیں تو میڈیا اس کو معمولی خبر سمجھ کے شائع نہیں کرتا اورعوام اس کو خاطر میں نہیں لاتے ۔لہٰذا اس طرح کی صورت حال میں ایک پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ حالات کا درست جائزہ لیکر اس مایوسی ،نفسا نفسی کے ماحول میں زندگی گزارنے کے آداب سے آگاہ ہو اور وقت کی آواز پر لبیک کہے ۔یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان مسائل کا حل کیا ہے ؟اس وقت قوم کے سامنے ہجرت کے نام پر فرار ،ذاتی مفادات کے حصول وبقاء کیلئے ملکی مفاد کی غلط تفسیرکا سہارا،اقدارکواوزارکے طورپراستعمال کرنے ،عوام کو پست،بھکاری ،چپاتی پرست،بیرونی امدادکا دلدادہ،آرام طلبی کوراہ حل کے طورپراستعمال کیا جارہا ہے۔بدعنوان اور نااہل حکمرانوں کی ایک نفسیاتی خامی یہ ہوتی ہے وہ ہمیشہ اس خوف میں مبتلا رہتے ہیں کہ کوئی ان کی پگڑی نہ اچھال دے،کہیں ان کی شان میں کمی نہ ہو،لہذا اپنے لئے ایک جھوٹی فضاء قائم کرتے ہیں،طاقت اور اسلحہ کے زور پرہراس آوازکودبانے کی کوشش کرتے ہیں جوان کے خلاف اٹھے یہ ہراس شخص سے ہراساں رہتے ہیں جواپنے وجودکا اظہارکھل کرکرے،اگرہم ایک قوم بن کر ان بھیڑیوں،مگرمچھوں کا مقابلہ کریں، تویہ جرائم پیشہ قاتل بہت جلداپنے انجام کوپہنچ سکتے ہیں۔اورذلت ورسوائی ان کا مقدربن سکتی ہے آج ہمیں اپنے وجودکا اظہاراس طرح سے کرنا ہے کہ اگردشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے تواسے اس کی قیمت چکانا پڑے۔آج درحقیقت ہم دشمن کے ہاتھوں نہیں بلکہ حالات کے تقاضوں پرکان نہ دھرنے کی وجہ سے رسواء ہیں جوقومیں حالات کے تقاضے پورے نہ کریں توبے رحم اورسفاک ان پرمسلط ہوجاتے ہیں حالات کے تقاضوں کوسمجھنے کیلئے بصیرت کی ضرورت ہے اس لئے لوگوں کے اندر شعوروآگاہی پیدا کرنا ضروری ہے تاکہ لوگ مافیائی نظام کوسمجھیں اور اس سے لا تعلقی کا اظہار کریں۔ہم بحیثیت پاکستانی شہری اپنے وجودکومحسوس کروائیں،ہماری ناکامی کی ایک وجہ ہمارا جرم اور مجرم کا تعاقب نہ کرنا ہے پورے ملک کا یہ حال ہے کہ کہیں بھی جرم ہوکوئی تعاقب کرنے والا نہیں ۔اگرکوئی مجرم اپنے ہاتھ خون ناحق سے رنگ بھی لیتا ہے تواس کے خلاف ایف آئی آر تک نہیں کاٹی جاتی۔لہذا قاتل کوکوئی قیمت ادا نہیں کرنا پڑتی حتیٰ کہ اسے ایک دفعہ بھی تھانے نہیں جانا پڑتا۔آج پاکستان میں مختلف طبقات کے اندر خوداعتمادی کا فقدان ہے لہذا اپنے اندرخوداعتمادی پیدا کریں،ہمیں یہ کسی احمق نے باورکرادیا ہے کہ ہمارے مسائل کوئی باہرسے حل کریگا۔آج ہمیں بحیثیت قوم اپنی مشکلات کا خود حل نکالنا ہوگا ،کسی دوسری قوم کی طرف للچائی ہوئی نظروں سے نہ دیکھیں کہ کوئی باہر سے مسیحا بن کر آئے گا اورہماری مشکلات کوحل کریگا۔ لیکن اس کا ہرگزیہ مطلب نہیں کہ ہم تمام فرائض کوچھوڑ کرہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھ جائیں اور سارا کام اﷲ تعالیٰ پرچھوڑدیں،اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہمارا کام ہے اور نتیجہ اﷲ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔اگرمندرجہ بالا نکات کی طرف پوری قوم توجہ دے توانشاء اﷲ پاکستان کے اوپر بدبختی کے منڈلاتے بادل چھٹ جائیں گے اور یہ قوم سکھ کا سانس لے گی۔گزشتہ دنوں راقم کو مری سے میڈیکل کی طالبہ طوبہ عباسی نے میل کی جس میں انہوں نے ایک نہائت ہی اہم مسئلے کی جانب توجہ مبذول کروائی ،وہ لکھتی ہیں کہ وہ چند روز قبل بازار میں شاپنگ کے لئے گئی اور اپنے لئے اور بھائی کے لئے شوز خریدنے کے لئے ایک دکان میں گئی تو دیکھ کر سخت حیرانی کی کیفیت میں مبتلا ہوگئی کہ جوجوتے ہم نے پسند کئے تھے وہ جوتے عادل شوز والوں کے بنائے ہوئے تھے،کیونکہ عادل نام میرے استاد محترم کا نام تھا لہذا بہت خوش بھی ہوئی اور مجھے شاک اس وقت لگا جب جوتوں کے تلوؤں کے نیچے عادل نام لکھا ہوا تھا جوکہ پہننے کے بعد پاؤں کے نیچے آتا ،طوبہ عباسی مزید لکھتی ہیں کہ میرے لیے میرے استاد کا نام بہت ذیادہ قابل احترام اور محترم ہے کہ میں نے فورا وہ جوتے واپس کردئے اور جوتے خریدے بنا ہی گھر واپس آگئی،محترم قارئین اس ای میل کو لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم کس قدر بے حس ہوچکے ہیں کہ اب اپنے کاروبار کوچمکانے کے لئے مختلف اسلامی ناموں کے ناموں پر اپنے جوتوں کا نام رکھتے ہیں اور ایک پل کے لئے بھی نہیں سوچتے کہ یہ جو نام ہم جوتوں کے رکھ رہے ہیں یہ نام پہننے والوں کے تلوؤں کے نیچے آئیں گے جس سے اسلامی ناموں کی بے حرمتی کیساتھ ساتھ ہمارے والدین کی بھی دل آزاری کا سبب بنے گی کیونکہ انہوں نے توہمارے نام بہت ہی محبت سے اسلامی نام رکھے اور ہم انہی کی دی ہوئی محبت کو پیروں تلے روندکر ان کی بے حرمتی کررہے ہیں لہذا سوچئے گا ضرور۔
M A TABASSUM
About the Author: M A TABASSUM Read More Articles by M A TABASSUM: 159 Articles with 154591 views m a tabassum
central president
columnist council of pakistan(ccp)
.. View More