ہمیں معاف کردیں ہم شرمندہ ہیں

محترم جناب قائد اعظم محمد علی جناح صاحب
اسلام وعلیکم کے بعدنہایت ہی شرمندگی سے عرض ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے آپ کے نام پر پاکستان کی عوام سے ووٹ لے لیے یہ وہی قوم ہے جس نے آپ کے شانہ بشانہ پاکستان کی آزادی کی جنگ لڑی اور اس جنگ میں کسی کا باپ شہید ہوگیاکسی کے بچوں کو نیزوں میں پرو دیا گیا کسی کی بہن اغوا کرلی گی کسی کی بیٹی کوسرعام زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا اور تو اور کسی کا پورا خاندان ہی ختم کردیا گیا سب لوگوں نے ان قربانیوں کو برداشت کرلیا کہ ہم اپنے گھر میں اب ہنسی خوشی رہیں گے مگر کیا خبر تھی کہ جو اس وقت انگریزوں کے وفادار ، ہندوستان کے حامی اور بیرونی ایجنٹ تھے پاکستان بننے کے بعد یہاں آکر بھی انہی کے وفاداررہیں گے اور انہیں انکی اسی وفاداری کے بدلے بڑی بڑی جاگیریں مل گئی اور قائد محترم انہوں نے ہی آپ کے نام کی تختیاں اپنے گلے میں لٹکا کر ہمیں دھوکے دینے شروع کردیے اور وہ ہی ہمارے سب سے بڑے دشمن بن گئے اور ہم نے پاکستان کا ایک حصہ اپنے آپ سے الگ کروا لیاباقی بچ جانے والے پاکستان میں خون کا کھیل جاری ہے ڈھونڈنے سے بھی کوئی محب وطن اور سچا پاکستانی ملنا محال ہو چکا ہے اس وقت کوئی پنجابی ہے تو کوئی سندھی کوئی مہاجر ہے تو کوئی بلوچی کوئی ہزارہ ہے تو کوئی پشتون کوئی سرائیکی ہے تو کوئی پوٹھوہاری ہے اور تو اور اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان میں ایک مسلمان کا ملنا بھی مشکل ہو چکا ہے کوئی سنی کے روپ میں ہے تو کوئی شیعہ کے رنگ میں ہے کوئی دیوبند ہے یہاں تو کوئی اہلحدیث ہے فرقے اور تفرقے بازیوں میں ہم آپس میں ہی دست وگریبان ہو چکے ہیں جبکہ بیرونی ایجنٹ ہمارے ان اختلافات کو مزید ہوا دیکر ہمیں آپس میں لڑوا رہے ہیں ہم پہلے تو اپنے عزو اقارب کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں اب اپنی ہی لاش کو اپنے کندھوں پر اٹھائے پھرتے ہیں کہ نہ جانے کب کدھر سے کوئی دہشت گرد آئے گا اور ہمارا کام تمام کردیگا-

میرے قائد ہم تو اس ملک میں عزت و آبرو کی زندگی کو ترس گئے ہیں ایک طرف ملک بنانے والے ہیں اور ایک طرف ملک کو کھانے والے خونخوار درندے ہیں جن کے لیے پرٹوکول ہے انہیں وی وی آئی پی بنا کر رکھا جاتا ہے جن کے لیے پاکستان ایک سونے کا انڈہ دینے والی مرغی بن چکا ہے جن کو کوئی مرض بھی لاحق نہیں ہوتا مگر پھر بھی تمام سرکاری ڈاکٹر انکے آگے پیچھے گھومتے رہتے ہیں جن کے بچوں نے امریکہ یا انگلینڈ سے تعلیم حاصل کرنی ہوتی ہے اور پاکستان کی ساری بیوروکریسی انہی کے آگے ہاتھ باندھ کر غلامی کی زندگی گذار رہی ہے وہاں پر اس غریب پاکستانی کا حال جس نے قیام پاکستان کے وقت سے لیکر استحکام پاکستان تک اپنی نسلوں کی قربانی دے دی اسے تو آج بھی ذلیل ورسوا کیا جاتا ہے اسے اگر دوائی کی ضرورت پڑ گئی تو ہسپتالوں میں اسکی عزت کی دھجیاں آڑائی جاتی ہیں اگر تھانہ میں کوئی کام پڑ گیا تو وہاں پر بیٹھے ہوئے فرعون اس غریب اور مجبور پاکستانی کے خلاف وہی سلوک کرتے ہیں حضرت موسی کے ساتھ ہوتا تھا اور تو اور ہم یہاں پر تیسرے درجے کے شہری بن کر رہ رہے ہیں اور جب سے آپ گئے ہیں تب سے سب لٹیرے اکھٹے ہو گئے ہیں اور ہر بار آپ کا نام لیکر ہمیں دھوکہ دینے آجاتے ہیں ہمیں سے ووٹ لیکر ہمیں پر مسلط ہو جاتے ہیں آج انہی کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کا راج ہے اور ان ملک دشمنوں کا جہاں دل کرتا ہے اور جیسے وہ چاہتے ہیں ہمیں دھماکوں سے آڑا دیتے ہیں اور اب تو ہمارے پاس اتنے پیسے بھی نہیں ہیں کہ ہم اپنے کفن دفن کا انتظام ہی کرسکیں اس کے لیے بھی ہمیں دوسروں کی طرف دیکھنا پڑتا ہے -

جناح صاحب آپ کے پاکستان میں آج آپ کی تصویر والے نوٹ وہ کام کررہے ہیں جو شائد آپ بھی نہ کرسکتے ہر طرف رشوت کا بازار گرم ہے کوئی بھی سرکاری محکمہ اس سے محفوظ نہیں کمیشن مافیاں نے اس ملک میں ہر ادارے کا بیڑہ غرق کردیا ہے ہمارے بڑے بڑے ادارے ریلوے ،پی آئی اے ،اسٹیل مل ،پولیس ،ہسپتال کوئی بھی اس سے بچا ہوا نہیں ہے ہر جگہ کمیشن مافیا براجمان ہے اور تو اور ہمارے عوامی نمائندے سڑکیں نالیاں بنانے کے لیے ملنے والے ترقیاتی فنڈز میں سے کمیشن کھا رہے ہیں اور رہی سہی باقی کی کسر سرکاری ملازم پوری کردیتے ہیں -

میں آپ سے کس کس کی شکایت کرو یہاں پر توہر شخص ہی لوٹ مار میں لگا ہوا ہے جو جس شاخ پر بیٹھا ہوا ہے اسی شاک کو کاٹنے میں مصروف ہے ہمارے دشمن معصوم پاکستانیوںکو پیسے کے لالچ میں استعمال کرکے ہمارے ہی معصوم بچوں اور بچیوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں کبھی مذہب کے نام پر تو کبھی وطن کے نام پر اور تو اور ہم آپ کے پاکستان کے ہی حفاظت کرسکے اور نہ ہی آپ کی آخری آرام گاہ کی ہمیں معاف کردیں ہم شرمندہ ہیں ۔والسلام ،ایک عام پاکستانی
rohailakbar
About the Author: rohailakbar Read More Articles by rohailakbar: 802 Articles with 526655 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.