باقی رہے گا نام اللہ کا

انسان اتنا نا سمجھ ہے ساری زندگی مال و دولت جمع کرتا ہے
بدبخت نہیں جانتا سب یہاں رہ جائے گا، باقی رہے گا نام اللہ کا

آج کا انسان شاید مادیت پرستی میں پڑ کر یہ فراموش کر بیٹھا ہے کہ ایک دن اس نے اس دنیا سے رخصت ہوجانا ہے۔ روپے پیسے کی اس بھاگ دوڑ میں اس قدر مگن ہوگیا ہے کہ اسے یہ تک پتہ نہیں چل پاتا کہ اس نے کتنے لوگوں کے ساتھ حق تلفی کی، کتنے لوگوں کا دل دکھایا اور کتنے لوگوں کے حقوق کو پامال کرا۔ اس دوڑ میں آگے نکلنے کے چکر میں اکثر وہ ایسی غلطیاں کر بیٹھتا ہے جس پر بعد میں پچھتانے کے سوا اس کو کچھ حاصل نہیں ہوسکتا۔ کہتے ہیں کہ گیا وقت پھر لوٹ کے آتا نہیں۔ اس لئے ہم سب کی یہ کوشش ہونی چاہئے کہ ہم اپنے اردگرد رہنے والوں کا پورا خیال رکھیں اور کوشش کریں کہ ہمارے رویے سے کسی کی دل آزاری نہ ہونے پائے۔

بحثیت ایک مسلمان ہونے کے ناطے ہم پر جو پہلا فرض ہے وہ نماز کی ادائیگی کا ہے اگر ہم اپنا یہ فرض ایمانداری کے ساتھ پورا کریں تو مجال ہو کہ ہم سے کوئی برائی سرزد ہوسکے۔ لیکن آج ایمان کی کمزوری کے باعث بہت سے نمازی بھی گناہ کرنے سے نہیں چوکتے۔ ایک طرف تو نماز ادا کرتے ہیں تو دوسری طرف رشوت اور سود لینے سے نہیں ڈرتے۔ اگر آپ کسی ایسے شخص کو ایسا کرنے سے باز رہنے کی تلقین کریں تو بڑی دیدہ دلیری سے سود کو اپنا فائدہ یا پروفیٹ کہہ کر لے گا اور رشوت کو تحفے کا نام دے کر استعمال کرے گا۔ اصل میں دیکھا جائے تو حقیقت میں ہم سب اللہ کی نافرمانی دانستہ کر رہے ہوتے ہیں اور یہ بھولے بیٹھے ہیں کہ ایک دن موت کا فرشتہ ہم کو دبوچ کر لے جائے گا اور پیسہ، دولت، کار، مکان، کاروبار، زمین، جائیداد، رشتے، ناطے سب فانی ہیں۔ انسان کی زندگی کی اوقات پانی کے معمولی بلبلے سے زیادہ نہیں۔ اس لئے اپنے اعمال اچھے کرنے کی ضرورت ہے کیوں کہ یہی ہمارے ساتھ جائیں گے۔

انسان اس حقیقت کو پہچان لے کہ یہ دنیا ایک عارضی جگہ ہے تو وہ کبھی کوئی گناہ نہ کرے لیکن شیطان کے بہکاوے میں آکر وہ ایسے ایسے گناہ کر بیٹھتا ہے جو اس کے لئے دوزخ کے در کھول دیتے ہیں۔ کوشش کریں کہ اپنی زندگی کو صراط مستقیم پر سچے دل کے ساتھ چلائیں اور اپنی زندگی سے تمام ہندوانی رسومات کا خاتمہ کریں اور سادہ زندگی صبر و شکر کے ساتھ بسر کریں تاکہ جاتے وقت ہمارے ہاتھ خالی نہ ہوں۔ اس دنیا میں جو باقی رہے گا اور جو ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا وہ اللہ رب العزت کی ذات ہے جو لافانی ہے۔ بے شک وہ ہر چیز پر قادر مطلق ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب پر اپنا فضل و کرم کرے اور ہم پر اپنی رحمت کے دروازے ہمیشہ کھولے رکھے ٠(آمین)
Huma Imran
About the Author: Huma Imran Read More Articles by Huma Imran: 12 Articles with 21012 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.