بجلی چاہئے مگر؟

آج کل پاکستان میں بجلی کا بحران سنگین مسئلہ بن گیا ہے جس کی وجہ سے ہر پاکستانی پریشانِ حال ہے اور ہر طرف بجلی نہ ہونے کا رونا رو رہے ہیں ۔بجلی کی لوڈشیڈنگ ہے کہ کم ہونے میں نہیں آرہی ہے ۔ اور اس میں یہ ستم ظریفی کہ گرمی اپنی پوری آب و تاب سے پڑھ رہی ہے ۔گرمی اور لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے نہ دن میں چین اور نہ رات میں سکون ۔ جس کی وجہ سے لوگوں میں مختلف قسم کی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں جس میں ہائی بلڈ پریشر،شوگر،عدم بردارشت،غصے کی زیادتی ہوناوغیرہ ہے ۔

نئی حکومت جب سے آئی ہے وہ لوڈشیڈنگ کو کم کرنے میں کچھ سنجیدگی دکھا رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ حکمران واقعی طور پر لوڈشیڈنگ کو کم کرنے میں سنجیدہ ہیں اس مسئلے پر کام کررہے ہیں جس میں قلیل مدت ،درمیانی مدت اور مستقبل مدت کے منصوبے شامل ہیں ۔حکومت کو چاہئے کہ فوراً ایسے اقدامات کرے جس سے جلد سے جلد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہو۔اور عوام کو اپنے کاروبارِ زندگی میں کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

حکومت کو چاہئے کہ وہ بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے جو بھی اقدامات کرے وہ اس بات کا خاص خیال رکھے کہ بجلی کی قیمت کیا ہونی چاہئے ۔حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے میں جو بھی ذرائع استعمال کرے تو سب سے پہلے اس کی قیمت کے بارے میں ضرور سوچے کہ کس منصوبے میں بجلی کی قیمت کم سے کم ہے ۔حکومت کو چاہئے ان منصوبوں پر کام کریں جس میں بجلی کی قیمت کم سے کم ہو اور عوام پر بھی بجلی کے بلوں کا بوجھ کم سے کم پڑے۔کیونکہ جس طرح دنیا میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے آنے والے سالوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے جس میں بجلی کا استعمال بھی بڑھ جائیگا۔ آج تک حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ ملک میں بجلی کی چوری بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس کے علاوہ بھی دوسرے کئی قسم کے عوامل شامل ہیں جو بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سبب بن رہے ہیں۔حکومت کا یہ بھی کہنا ہے کہ عوام بجلی کا بل ادا نہیں کرتے جسکی وجہ سے حکومت کو مالی طور پر بہت نقصان ہورہا ہے ۔

میری رائے میں بجلی کی چوری اور بلوں کا ادا نہ کرنے کی سب سے بڑی وجہ بجلی کا مہنگا ہونا ہے حکومت جتنی بجلی کی قیمت میں اضافہ کریگی اتنی ہی زیادہ بجلی چوری ہوگی اور عوام کو بل ادا کرنے میں بھی پریشانی ہوگی ۔ان تمام مشکلوں سے بچنے کیلئے حکومت کو چاہئے کہ بجلی کو اتنا سستا کردیں کہ عوام بجلی چوری کرنا چھوڑ دیں اور بل بھی باقاعدگی سے ادا کریں۔حکومت سے عوام کا یہ مطالبہ ہے کہ بجلی چاہئے مگر سستی۔

Rasheed Ahmed
About the Author: Rasheed Ahmed Read More Articles by Rasheed Ahmed: 36 Articles with 66311 views Software Engineer Qualifi. Master in Computer Science (MCS). .. View More