دیر آید ۔۔ ۔بنام محترم جناب نجیب الرحمٰن صاحب

محترم مبصر و نقاد آپ کا تبصرہ کافی انتظار کے بعد من‍ظر عام پر آیا جو کہ " دیر آید درست آید" کے مترادف مستند اور مبنی پر حقائق ہے میرے آرٹیکل "رجحانات" پر آپ کے تبصرے میں آپ نے جن خامیوں کی نشاندہی کی ہے صد فی صد درست ہے

بجا ارشاد کہ اس آرٹیکل میں بار بار کی تکرار الفا‎ظ کے باعث تحریر میں حسن تحریر ندارد، قلت ذخیرہ الفا‍ظ کے باعث موضوع پر گرفت کی کمی کو واضح طور پر محسوس کیا جا سکتا ہے

سابقہ آرٹیکلز کے برعکس اس آرٹیکل پر تین دن کی مسلسل سعی بھی اس آرٹیکل میں وہ بات نہ پیدا کر سکی جو کسی حد تک دیگر میں دکھائی دیتی ہے جبکہ اس کے دیگر آرٹیکل محض چند ساعتوں کی نشست میں پایہ تکمیل تک پہنچے ہیں

مذکورہ آرٹیکل میرے اپنے معیار پر بھی پورا نہیں اترا جبکہ یہ آرٹیکل کافی سوچ بچار اور وقت صرف کرنے کے بعد مکمل کیا گیا ہے اگرچہ اس میں تکمیل کی کمی کے آثار نمایاں ہیں جن خامیوں کا ذکر جناب نے کیا ہے ناچیز کو صد فی صد اتفاق ہے

آپ کی قیمتی آراء، تبصرہ اور تنقید بجا، اصلاحی اور تعمیری ہے تخریبی نہیں بلکہ خاکسار کے لئے باعث افتخار ہے کہ ناچیز کی تحریر کا مطالعہ اس قدر دلچسپی و گہری نظر سے کیا جاتا ہے جس کے لئے آپ کا بہت شکریہ

خود آپ کے ارٹیکل بھی آپ کی فنی صلاحیتوں پر دال ہیں آپ کے تبصرہ و تنقید اور آپ کی تخلیقات آپ کی لگن، خلوص، وسعت نظر، قوت مشاہدہ، شوق مطالعہ اور ذخیرہ آلفاظ پر دسترس کو ثابت کرتی ہے نیز آپ کے موضوعات سنجیدہ ہونے کے باوجود غیر دلچسپ نہیں ہوتے آغاز سے انجام تک موضوع پر گرفت قائم رہتی ہے خزینہ اشعار کا برمحل استعمال سونے پر سہاگہ کا کام دیتا ہے

جس کے لئے آپ مبارکباد کے مستحق ہیں کہ اللہ تعالـیٰ کی یہ خا‌ص عنایت اپنے ان خاص بندوں پر ہوتی ہے جو اپنے اندر خاصیت پیدا کرنے کی مسلسل سعی و جدوجہد پر خلوص دل سے کاربند رہتے ہیں آپ کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے کہ جن کا وجود دوسروں کے لئے مثال ثابت ہوتا ہے جن کی باتوں سے وہ خوشبو آتی ہے جو محسوس کرنے والوں کی روح کو تادیر تروتازہ اور معطر رکھتی ہے

اللہ تعالیٰ آپ کی ان صفات و خصوصیات میں مزید برکت و نکھار پیدا کرے اور آپ اسی طرح خزینہ ادب سے دوسروں کو فیض پہنچاتے رہیں اللہ تعالی آپ کی فکری و جسمانی قوتیں ہمیشہ جوان رکھیں اور آپ کو آپ کے تمام نیک مقاصد میں کامیابیاں عنایت فرمائے (آمین)
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 457358 views Pakistani Muslim
.. View More