اچھی تعلیم ہی اچھا معاشرہ تخلیق کرتی ہے

“دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم یافتہ ہوتی ہیں“

یہ بات درست ہے کہ آج جو قومیں دنیا پر حکومت کر رہی ہیں وہ تعلیم یافتہ ہیں۔ تعلیم انسان کے کردار میں نمایاں تبدیلی لاتی ہے، جس کا اثر براہ راست معاشرے پر پڑتا ہے۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ آزادی حاصل کرنے کے اتنے سالوں بعد بھی ہمارا نظام تعلیم فرسودہ ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں اتنا کرپشن ہے۔

آج امتحانات کے وقت اساتذہ اور والدین خود اپنے بچوں کا مستقبل خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ان کو نقل کرانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں تو سوچیے کہ نقل کرنے والے بچے کیسے ملک و قوم کا معمار ہوں گے۔ جب ایسے بچے عمل کے میدان میں آئیں گے تو بھلا ہم ان سے کیسے یہ امید لگائیں کہ وہ اچھے کام کرسکتے ہیں۔ آج ہمارے معاشرے میں اسی لیے بدامنی اور برائی نظرآرہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب سے پہلے اپنا نظام تعلیم تبدیل کریں۔ بچوں میں اپنے لوگوں سے محبت اور ملک سے محبت کرنے کا جذبہ بیدار کرائیں، کورس میں ایسی کتابیں اور مضامین پڑھائیں جو بچے کی سمجھ میں باآسانی آسکیں۔

اسکولوں میں بچوں سے مختلف غیر نصابی سرگرمیوں میں مل جل کر کھانے اور رہنے کا سبق دینا چاہیے، اس طرح بچے میں اتفاق، محبت، بھائی چارگی اور بانٹنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔ ان ہی باتوں کی بدولت معاشرے میں ہم اچھے مستقبل کے معمار پیدا کر سکتے ہیں۔

مختصر یہ کہ ہم اپنے بچوں کو اسکولوں اور گھروں میں اچھی تعلیمات کا درس دیں تاکہ ہم ایک صاف ستھرا اور بلند کردار کا معاشرہ کہلا سکیں،دنیا ہمیں عزت کی نگاہوں سے دیکھے اور ترقی یافتہ ملک بن کر ابھر سکیں۔
Huma Imran
About the Author: Huma Imran Read More Articles by Huma Imran: 12 Articles with 20971 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.