درخت کی آپ بیتی

اللہ نے جہاں آپ لوگوں کو بہت سی نعمتیں یعنی ہوا، پانی،دھوپ وغیرہ عطا کیے ہیں وہاں اس نے مجھے بھی آپ کی خدمت پر مامور کیا ہے۔لوگ مجھے بے جان سمجھتے ہیں لیکن ایسا ہر گز نہیں ہے ۔میں نہ صرف جاندار ہوں اور سانس لیتا ہوں بلکہ میں سانس لینے میں بھی آپ کی خدمت کرتا ہوں ۔ میں گندی ہوا جذب کرکے آپ لوگوں کے لیے تازہ اور صاف ہوا کا انتظام کرتا ہوں۔آپ نے مجھے پہچان لیا ہوگا۔جی ہاں میں درخت ہوں۔میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کا شاہکار ہوں۔ ذرا سوچیں اور غور کریں کہ کس طرح ایک ننھے سے بیج سے میری پیدائش ہوتی ہے اور پھر جب میں ننھا منا سا ہوتا ہوں تو سخت سے سخت زمین کو پھاڑتا ہوا باہر نکل آتا ہوں ۔

یہ ٹھیک ہے کہ میں دیگر جانداروں مثلاً گائے،بکری، اونٹ وغیرہ کی طرح دوڑتا بھاگتا نہیں ہوں لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں ہے کہ میں بالکل ہی نکما اور بے کار ہوں۔میں گرمی کے موسم میں آپ کے چھاؤں کا انتظام کرتا ہوں، سخت گرمی میں جب آپ لوگوں کو کوئی جائے پناہ نہیں ملتی تو آپ سیدھے میری طرف چلے آتے ہیں۔

میں آپ کے لیے ہر موسم کے پھل اور میوے لے کر آتا ہوں مثلاً آم ، امردو، کینو، موسمی ، خوبانی وغیرہ ۔یہ پھل نہ صرف ذائقے دار اور خوش شکل ہوتے ہیں بلکہ انتہائی صحت بخش بھی ہوتے ہیں ۔ ان میں لحمیات کا خزانہ ہوتا ہے۔میں آپ کو بعض ایسے پھل بھی دیتا ہوں جن کو ایک بار خرید لیں اور مہینوں کھاتے رہیں ان کے خراب ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ آپ جانتے ہیں ایسے پھل کونسے ہیں ؟؟ ارے نہیں جانتے چلیں میں بتاتا ہوں۔ ارے بھئی آپ جو بادام، پستہ، اخروٹ وغیرہ کھاتے ہیں یہ بھی تو میں ہی آپ کو دیتا ہوں۔

اچھا ذرا یہ تو بتائیں کہ آپ کے گھروں میں جو کرسیاں ،میزیں ، دروازے ، کھڑکیاں ہوتی ہیں یہ کس چیز سے بنتی ہیں؟؟ جی یہ بھی میری ہی لکڑی سے بنتی ہیں۔ میری لکڑی سے آپ کی ضرورت کی کئی اشیاء بنتی ہیں ۔ اس کے علاوہ گاؤں دیہات میں جہاں گیس وغیرہ نہیں ہوتی وہاں میری لکڑی کو ایندھن کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے ۔ ایندھن نہیں سمجھے؟ ارے بھئی وہاں کھانا پکانے، سردیوں میں حرارت حاصل کرنے کے لیے میری لکڑی اور کوئلے کو جلایا جاتا ہے اور اس طرح یہاں بھی میں آپ کے کام آتا ہوں۔

میرے ایک روپ سے بچے بہت ڈرتے ہیں ۔ جانتے ہیں وہ روپ کونسا ہے؟؟ ہم م م م ! وہ روپ ہے استاد جی کا بید جس کو آپ لوگ مولا بخش کہتے ہیں۔ استاد جی کے مولا بخش سے بچے بہت ڈرتے ہیں ۔لیکن بچو! استاد جی کا دل بھی نہیں چاہتا کہ وہ آپ لوگوں پر مولا بخش استعمال کریں بس کچھ شرارتی بچے ہوتے ہیں جن کی خاطر استاد جی کو مولا بخش کی مدد لینی پڑتی ہے۔

بچو! پتا ہے میں آپ لوگوں کے بھی بہت میں آتا ہوں۔ اب دیکھیں ناآپ اسکول کے لیے جو کاپیاں لیتے ہیں اور جن کہانیوں کو کتابو ں کو آپ بہت شوق پڑھتے ہیں ان کے لیے کاغذ بھی مجھ سے ہی بنایا جاتا ہے۔پھر آپ جس قلم( پینسل ) سے لکھتے ہیں وہ بھی میں ہی آپ کو دیتا ہوں اور اگر آپ سے لکھنے میں کوئی غلطی ہوجائے اور تو اس لفظ کو آپ جس ربڑ سے مٹاتے ہیں وہ بھی میں ہی دیتا ہوں۔ اس کے علاوہ جب آپ لوگوں کو اپنی کاپی یا کتاب میں کوئی خوبصورت تصویر چپکانی ہوتی ہے تو اس کے لیے گوند بھی میں ہی آپ کو دیتا ہوں۔اس لیے آپ لوگوں کو میری قدر کرنی چاہیے۔

میری ہی وجہ سے زمین پر خوبصورتی اور ہریالی نظر آتی ہے ۔جس شہر اورگاؤں میں میری کثرت ہوتی ہے وہاں کا ماحول خوشگوار اور معتدل رہتا ہے ۔ میں جہاں ہوتا ہوں وہاں گرمی کو کم کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہوں یعنی میری وجہ سے موسم کا درجہ حرارت کم رہتا ہے۔ پھر یہ بھی دیکھیں کہ میری ہی وجہ سے بارشیں برستی ہیں۔یہ خوبصورت اور رنگ برنگے پرندے بھی میری ہی شاخوں پراپنا گھر بناتے ہیں۔ہاں ایک بات بتانا تو بھول ہی گیا! جب آپ لوگ بیمار ہوتے ہیں تو میرے ہی پھلوں، پھولوں، پتوں، بیجوں اور جڑ سے آپ لوگوں کے لیے دوائیں بنائی جاتی ہیں جن کو پی کر آپ لوگ دوبارہ صحت مند ہوجاتے ہیں۔

بچو! مجھے آپ سے کچھ شکایتیں بھی ہیں۔ہم تو اللہ کے حکم کے مطابق آپ کی ہر طرح سے خدمت کرتے ہیں لیکن بعض اوقات بچے ہمیں بڑی تکلیف پہنچاتے ہیں۔وہ راہ چلتے میری ٹہنیاں اور پتے نوچتے ہیں اور یہ نہیں سوچتے کہ اس سے ہمیں کتنی تکلیف ہوتی ہے۔اسی طرح بہت سے لوگ کھیل ہی کھیل میں ہمارے ننھے ننھے کمزور بچوں کو زمین سے اکھاڑ دیتے ہیں ۔ ایسا نہیں کرنا چاہیے ہمیں ان چیزوں سے بہت تکلیف ہوتی ہے۔ ہمیں نقصان پہنچانے یا تکلیف دینے کے بجائے آپ لوگوں کو ہماری حفاظت اور دیکھ بھال کرنی چاہیے، ہماری تعداد بڑھانی چاہیے ۔ اگر آپ غور کریں تو اس میں آپ کا ہی فائدہ ہے۔
Ibn e Zaka
About the Author: Ibn e Zaka Read More Articles by Ibn e Zaka: 13 Articles with 51835 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.