ہر منصوبہ جاری رکھیں

٭اقتدار میں آنے کے چور دروازے بند کر دیے،اب صرف عوام کے لئے دروازے کھلے ہیں۔ وزیر اعظم
کوئی فائدہ نہیں سر!اب جو چور اقتدار میں آچکے ہیں انہیں کون نکال باہر کرے گا،گستاخی معاف صاحب!اگلے الیکشن میں تو آپ سمیت کئی رینٹل کیس میں ملوث صاحبان عوام کے دروازوں پر دستک دے رہے ہونگے۔پھر کیا ہوگاالیکشن تو اب آئے کے آئے، اس کے لئے بھی تو کچھ کر لیتے ،تاکہ غریب عوام کو کچھ تو فائدہ ہوتا۔عوام کے لئے تو اب محض غربت،بے روزگاری،بے بسی،رشوت،بد حالی ،مہنگائی اور جعلسازی کے دروازے کھلے ہیں۔

٭کارکن تیار ہو جائیں،مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کریں گے۔الطاف حسین
ملک کے لئے کچھ نہ کرنا،بس جلسے ہی کرتے رہنا؟کراچی کے حالات تو آپ ٹھیک کر نہیں سکے؟بھائی صاحب اگر نیکی کر سکتے ہیں تو کراچی میں امن کے لئے اپنا کردار ادا کریں ،عوام پر یہ اجر عظیم ہوگا؟اب آپ مینار پاکستان پر نہ جانے کون سا ”تماشہ“ کرنا چاہتے ہیں اور نجانے کیا دکھانا چاہتے ہیں؟ہو سکے تو کارکنوں کو کراچی میں پر امن رہنے کی کال دیتے رہیں ،کم از کم ٹارگٹ کلنگ تو ختم ہو ہی جائے،ہروز نجانے کتنے بے گناہ ،معصوم انجانی گولیوں کی نذر ہوجاتے ہیں اور لواحقین شدت غم سے نڈھال رہتے ہیں۔ہو سکے تو کچھ ایسا کریں کہ لوگ آپ کو اچھے لفظوں یاد رکھیں۔ شکریہ

٭مشرف نے منتیں کرکے نواز شریف کو ملک سے باہر بھیجا،مشرف جھوٹا ہے۔(جنرل ریٹائرڈ ضیاءالدین)
جب مشرف نے جمہوریت پر شب خون مارا تھا تب اگر جناب من آپ جیسے چند طاقتور لوگ اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے تو شاید ہمیشہ ہمیشہ کے لئے مشرف جیسے جھوٹے اور ڈکٹیٹر عوام کو مستقبل میں تنگ کرنے کا خیال بھی اپنے دل میں نہ لاتے ۔اب آپ جو بھی کہیں اس کا فائدہ نہیں کیونکہ مشرف عوام کا ستیاناس کرکے ،نئی حکومت سے حلف لے کر اورآپ جیسے طاقتور لوگوں سے سلامی لیکر ،امریکہ کو پاکستان کے سر پر بٹھا کر خود باہر چین کی زندگی بسر کر رہا ہے۔میاں نواز شریف بھلے معصوم سہی لیکن اس کے سیاسی کیرئر کو نہ صرف مسخا گیا بلکہ عوام کو ایک قیمتی لیڈر سے محروم بھی کیا گیا اور ان پر ذہنی تششد د کیا گیا۔جناب اب بھی وقت ہے کہ مشرف کے ہر ناجائز اقدام پر اس کے خلاف ایکشن ہو تاکہ آئندہ کوئی بھی عوام اور حکومت کا نقصان نہ کر سکے۔اس کے لئے کسی کمیشن کا حصہ بنیں اور مشرف سمیت اس کے تمام آلہ کاروں کو سزا دلوائیں۔

٭پاکستان سے بہتر تعلقات کی کوئی جلدی نہیں۔ بھارتی وزیر دفاع
ہاں جی ہمارے ملک کی جڑیں کاٹنے کی ہندوستان کو بہت جلدی ہے.ہمارے ملک میں دہشت گردی کرانے کی ہندوستان کو بہت جلدی ہے۔ہمارے قیدیوں کو پاگل کرنے اور مار دینے کی بھارتیوں کو بہت جلدی ہے۔اپنے ملک میں کرکٹ سمیت باقی گیمز کرانے کا انہیں بہت شوق ہے مگر ہمارے ملک میں گیمز میں رکاوٹ ڈالنے کی انہیں بہت جلدی ہے۔پاکستان کو آلو پیاز بیچنے کی ہندوستان کو بہت جلدی ہے۔مقبو ضہ کشمیر میں نہتوںپر ظلم کرنے کی انہیں بہت جلدی ہے۔پھر انہیں پاکستان سے تعلقات میں بھلا کونسی جلدی کی ضرورت ہے۔

٭گوجرانوالہ میں 4پولیس اہلکاروں نے مزدوروں کو لوٹ لیا۔ خبر
پولیس والوں کو تو حکومت وقت نے عوام کی جان ومال کے تحفظ کا حلف اٹھا کر بھرتی کیا ہے لیکن چند بے ضمیر پولیس والے ایسا گھناﺅنا فعل کر کے ایماندار پولیس اہلکاروں کی محنت پر بھی پانی پھیر دیتے ہیں۔پولیس والے چاہیں تو یقین کریں پورے ملک میں ٹارگٹ کلنگ،چوری چکاری،جعلسازی ،فراڈ، رشوت، زنا اور بے ایمانی کا خاتمہ ہو جائے لیکن ایسا کرنے کے لئے انہیں قربانی کی ضرورت ہے۔یقین کریں کتنا دل دکھتا ہے ایک چھوٹی سی مثال ہے کہ جب احقر راولپنڈی گولڑہ موڑ کے قریب سے چاکرہ والی سڑک سے مردہ جانوروں کی آنتوں ،چربی اور گوشت سے کوکنگ آئل بنانے والے کمینوں کے غلیظ دفتر کو دیکھتا ہے تو انتظامیہ کی نا اہلی کھلے عام نظر آتی ہے۔یہی سوچتاہوں کہ شاید اتنے ترقی یافتہ دور میں جب ”گوگل ارتھ“ پر سب کچھ نظر آ جاتا ہے تو پھر ہماری پولیس کو ایسے جعلساز کیوں دکھائی نہیں دیتے جو کوکنگ آئل کے نام پر زہر بنا لیتے ہیں اور دود ھ کے نام پر دودھ میں ڈیٹرجنٹ پاﺅڈر اور نہ جانے کیا سے کیا نہیں ملا لیتے۔پولیس کے لئے بہت ضروری ہے کہ کالی بھیڑوں کو نکلا باہر کریں اور غریب لوگوں کو لٹ جانے سے بچا کر انہیں تحفظ فراہم کریں۔

٭ایران گیس پائپ لائن ،امریکہ کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کاخدشہ۔خبر
امریکہ نوازی بہت ہو گئی۔کئی حکومتیں امریکہ نوازی میں گزر گئیں۔اب پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے وقت ہے کہ ملک و قوم کی ترقی اور مفاد کے لئے فیصلے کئے جائیں،گزرا ہوا وقت واپس نہیں آتا۔گیس پائپ لائن منصوبہ ہمارے ملک کے لئے نہایت ضروری ہے۔جب ایران پاکستان کو اتنی سستی گیس فراہم کر رہا ہے تو پھر اس موقع کو ضائع کرنا بھی نہایت بے وقوفی ہے۔ملک ہمارا ہے،اس کے نفع اور نقصان سے ہمیں غرض ہونی چاہیئے۔اب بھی پاکستانی قوم اور پاکستانی حکومتیں عوام کے لئے با شعور فیصلے نہ کریں تو قیامت سے پہلے قیامت ہے۔65سال سے یہ ملک اور یہ قوم سیاست دانوں او ر ڈکٹیٹرز کے تجربات سے نبرد آزما ہے اور پچھلے دس سال سے امریکہ نے پوری پاکستانی قوم کا بلڈ پریشر خواہ مخواہ ہائی کر رکھا ہے۔امریکن نہ توخود سکون سے سوتے ہیں اور نہ ہی ہمیں سکون کی نیند سونے دیتے ہیں۔امریکہ کو چھوڑیں صاحب عوام کو گیس،پانی اور بجلی دینے کا ہرمنصوبہ جاری رکھیں۔
Mumtaz Amir Ranjha
About the Author: Mumtaz Amir Ranjha Read More Articles by Mumtaz Amir Ranjha: 90 Articles with 59923 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.