2050ﺀ کا اخبار

کل کیا ہونے والا ہے اس کا علم تو خدا کے علاوہ کسی کو نہیں تاہم آج کل حالات جس ڈگر پر جا رہے ہیں ان کی روشنی میں آج سے تقریباً چالیس سال بعد کا اخبار ضرور ترتیب دیا جاسکتا ہے- وہ اخبار کیسا ہوگا چند جھلکیاں ملاحظہ ہوں-

اداکارہ میرا کی چوتھی شادی
لالی ووڈ کی 75 سالہ سدا بہار اداکارہ میرا نے چوتھی شادی کر لی ہے- میرا کی نکاح کی تقریب گزشتہ روز لاہور کے ایک مقامی مدرسہ میں سادگی سے انجام پائی- میرا کے تازہ ترین خاوند کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے اور موصوف کی بھی یہ چوتھی شادی ہے- واضح رہے کہ میرا نے گزشتہ کئی دہائیوں سے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے اور آج کل وہ عورتوں کے لیے حجاب تیار کرنے والی فیکٹریوں کی ایک “چین“ چلا رہی ہیں- اس نمائندے نے جب ان سے ان کی شادی کے بارے میں تاثرات جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے یہ کہہ کر بات کرنے سے انکار کر دیا کہ وہ نامحرموں سے بات نہیں کرتیں- ماضی کے سپر اسٹار مولوی شان نے میرا کا نکاح پڑھوایا اور انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ یہ کہہ کر رخصت کیا کہ “ آج میری بہن اپنے گھر کی ہوگئی “- دولہا کی خوشی اس موقع پر دیدنی تھی-

بھارت کی ایک اور الزام تراشی
بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ ماہ اس کے خلائی اسٹیشن میں ہونے والی تباہی کا ذمہ دار پاکستان ہے- بھارت کی وزیر خارجہ کرینہ کپور نے ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ الزام عائد کیا کہ بھارت کے خلائی اسٹیشن میں ہونے والی دہشت گردی کی منصوبہ بندی پاکستان میں اجمل قصاب کے پوتے نے کی- جب ان کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروائی گئی کہ اجمل قصاب گزشتہ چالیس سال سے بھارت کی تحویل میں ہے اور اس کی شادی بھی نہیں ہوئی تو کرینہ کپور نے اطمینان سے جواب دیا کہ “ بچے پیدا کرنے کے لیے شادی کرنا ضروری نہیں “ واضح رہے کہ اجمل قصاب کو چالیس سال قبل ہونے والے ممبئی حملوں میں کے الزام میں بھارت سے گرفتار کیا گیا تھا-

پاکستان کرکٹ ٹیم کا اعزاز
پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے یوگنڈا کو ایک روزہ میچوں کی سیریز میں سخت مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے دی- اس جیت کے بعد پاکستان نے اس سال ہونے والے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلوں میں شرکت کے لیے جگہ بنا لی ہے- کرکٹ بورڈ کے چئیرمین مولانا محمد یوسف نے اس جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اس جیت کی خاطر خاص طور پر چلہ کاٹا تھا اور داتا صاحب جا کر محفل سماع بھی منعقد کروائی تھی- انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ٹیم صالح نوجوانوں پر مشتمل تھی جس کی وجہ سے وہ کفار کے لشکر کو ہرانے میں کامیاب رہی-

“موسیقی زوال کا شکار ہے“ عاطف اسلم
ماضی کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان میں موسیقی زوال کا شکار ہے اور نئی نسل کے گلوکاروں کو موسیقی کی الف بے بھی نہیں آتی- ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے ایکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا جہاں عاطف اسلم آج کل زیر علاج ہیں- عاطف اسلم نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے علاج کے لیے قومی خزانے سے دس کروڑ روپے دیے جائیں- عاطف کے اس بیان پر اپنا شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نئی نسل کی مقبول گلوکار “ مانی مونکی “ نے کہا ہے کہ وہ اپنے سینئیرز کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن اس قسم کا بیان دینے سے پہلے عاطف اسلم کو اپنے گریبان میں جھانک لینا چاہیے تھا- مونکی نے کہا کہ اپنے زمانے میں عاطف بھی “ سُر “ کے بغیر ہی گاتے تھے لہذا انہیں اب اس وجہ سے تنقید نہیں کرنی چاہیے کہ انہیں کوئی کام نہیں دے رہا- انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے پیسے مانگنے کی بجائے عاطف کو اپنا علاج “ پلے “ سے کروانا چاہیے کیونکہ موصوف نے اپنی جوانی میں کافی پیسہ بنایا تھا-

ایک نئی تحقیق
افغانستان کے ایک مدرسے کی تحقیق کے مطابق مرد٬ عورتوں کے مقابلے میں زیادہ سخت جان اور عقل مند ہوتے ہیں- تورا بورا کے “ علماﺀ “ کی ایک تحقیقاتی ٹیم دو سال کی محنت شاقہ کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ عورتوں کے مقابلے مردوں میں سوچنے سمجھنے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے- “ ریسرچ “ کے مطابق مرد٬ ہر اعتبار سے عورت سے برتر مقام رکھتا ہے اس لیے اسے حق حاصل ہے کہ وہ عورت کی زندگی کے تمام فیصلے کرے کیونکہ عورت میں یہ اہلیت نہیں ہوتی کہ وہ اچھے برے کا ادراک کرسکے- تحقیقاتی ٹیم نے دو سالوں میں افغانستان کے تمام علاقوں میں تقریباً 15000 سے زیادہ مردوں کا سروے کرنے کے بعد یہ رپورٹ جاری کی ہے-

وکلا تحریک کی کامیابی
وکلا تحریک کے سرگرم ارکان نذیر چوہان٬ رانا شبیر٬ شفیق جٹ اور میاں حنیف ایڈوکیٹ نے سول جج مختار احمد کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے تیس دن کے اندر مذکورہ سول جج کو بحال نہ کیا تو وہ بوریوالہ سے موضوع گگو جانے والی سڑک کو بلاک کر کے اس وقت تک دھرنا دیں گے جب تک سول جج صاحب بحال نہیں ہوجاتے- اس موقع پر وکلا رہنماؤں نے میڈیا سے بھی گلہ کیا کہ ان کو مناسب کوریج نہیں دی جاتی اور اخباروں میں محض اندرونی صفحے پر سنگل کالمی خبر شائع کر دی جاتی ہے جس سے ان “ کاز “ کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے-

حیرت انگیز بچے کی پیدائش
پیرس کے ایک اسپتال میں ایک عورت نے حیرت انگیز طور پر ایک بچے کو “ نارمل ڈیلوری “ کے بعد جنم دیا- تفصیلات کے مطابق لیزا نامی ایک عورت نے کئی سالوں بعد پیرس میں ایک ایسے بچے کو جنم دیا ہے جس کی پیدائش بالکل نارمل طریقے سے ہوئی اور کسی قسم کے ٹیسٹ ٹیوب بے بی یا کلوننگ ٹیکنیک کا سہارا نہیں لیا گیا- پورے فرانس سے لوگ جوق در جوق اس بچے کو دیکھنے کے لیے آرہے ہیں جسے فی الحال ڈاکٹروں نے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا ہے- ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کے والد کی تلاش جاری ہے اور اس کے لیے " Anonymous Father Databas " سے مدد لی جارہی ہے- واضح رہے کہ والد کا تعین ہونے کے بعد بچے کی پیدائش سے متعلق تحقیق میں مزید مدد ملے گی-

 (This article is permitted by the author to publish here)
 

Yasir Pirzada
About the Author: Yasir Pirzada Read More Articles by Yasir Pirzada: 30 Articles with 60726 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.