عازمینِ حج کے لیے رہ نما کتاب ”معمولاتِ حرمین“

”حج“ ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میںایک بارفرض ہے اور اس کی فرضیت کا منکر دائرہ اسلام سے خارج ہے۔حج سے متعلق قرآن و حدیث میں احکام و فضائل وارد ہوئے ہیں جن کی تفسیرات و تشریحات بے شمار اسلامی کتب میں علماومحدثین اورفقہاے کرام نے بیان کیے ہیں۔ اسی طرح دورِ حاضر میںعلماے کرام نے حج و عمرہ اور آدابِ بارگاہِ رسالت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم سے متعلق احکام و مسائل اور فضائل جو بے شمار کتابوں میں بکھرے ہوئے ہیں،عوام کی آسانی کے لیے یک جاکیے تاکہ عازمینِ حج اس اہم دینی فریضے کو بہ حسن و خوبی انجام دے کر اپنے نامہ اعمال میں نیکیوں کا اضافہ کرسکیں۔اس ضمن میں مارکیٹ میں کئی کتابیں موجود ہیںجو عوام کی رہ نمائی کے لیے ترتیب دی گئیں۔اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی اور خوش گوار اضافہ ادارہ معارفِ اسلامی،ممبئی کی اشاعت ”معمولاتِ حرمین“ ہے۔جسے امیر سنی دعوتِ اسلامی مولانامحمد شاکر علی نوری نے بہترین اور دل نشین انداز میں ترتیب دیا ہے۔
 

image

”معمولاتِ حرمین “دراصل پاکٹ سائز میں تین کتابوں(”حج کیسے کریں؟“ ، ”حج کیوں کریں؟“ اور”آدابِ مدینہ“) کا مجموعہ ہے جو بالترتیب ان تینوں عناوین کا احاطہ کرتا ہے۔اندازِ تحریر آسان، عام فہم اور سلیس ہے۔موضوع سے متعلق شرعی اصطلاحات کی وضاحت اور تشریح کردی گئی ہے جوکہ معلومات افزاں ہے۔اس مجموعہ کی امتیازی شان یہ ہے کہ اس میں جدید مسائل کے ساتھ ساتھ ان احکام و فضائل کا بھی احاطہ کرنے کی کام یاب کوشش کی گئی ہے جو دیگر کتب میں یک جا نظر نہیں آتے۔اسی کے ساتھ اس مجموعہ کے مطالعہ سے حج و عمرہ اور زیارتِ مدینہ طیبہ سے متعلق عوامی غلط فہمیوں کاازالہ بھی ایک حد تک ہوجاتا ہے۔”معمولاتِ حرمین“ کی اساس فقہ حنفی کے دائرةالمعارف ”بہارِ شریعت“پر رکھی گئی ہے اور اس کے علاوہ جگہ جگہ دیگراکابر علماے امت کی کتابوں اورتفاسیرکے حوالے اور محققِ مسائلِ جدیدہ حضرت مفتی نظام الدین رضوی کی تقریظِ جلیل سندِ اعتبار عطاکرتے ہیں۔اکابرینِ امت کے اتباع اوران کے نظرےات کی اشاعت کا یہ وصف مو ¿لف کتاب کے متبعین کے لیے بہترےن نمونہ ہے۔”آدابِ مدینہ“پر مشتمل کتاب میں امامِ اہلِ سنت امام احمد رضا محدث بریلوی اور دیگر نعت گو شعراکے اشعار مسحور کیے دیتے ہیں۔مجموعہ کا ایک اہم وصف یہ بھی ہے کہ اس میں مختلف مقامات اور ایام کی مسنون اورمخصوص دعائیں اور اوراد وظائف مع فضائل جمع کیے گئے ہیںجو یقینا ایک بہترین اور قابلِ قدر بات ہے۔

اس مجموعہ کی وہ اہم خصوصیت جو اس موضوع پر دوسری کتابوںمیںنہیں ملتی، یہ ہے کہ ”حج کیوں کریں؟“کے عنوان سے مولفِ کتاب نے مختصر مگر جامع انداز میں فلسفہ حج کو اجاگر کیا ہے اور اسی ضمن میںاس عظیم عبادت کے پس منظر اور اسرار و رموز اور متعلقہ معلومات دلائل و براہین کے ساتھ بیان کیے ہیں۔”احوالِ واقعی“کے تحت مولانا شاکر نوری لکھتے ہیں:”حج کے عنوان پرمتعدد کتابیں مارکیٹ میں دست یاب ہیں،مگر زیادہ تر کتابوں میںمحض حج و عمرہ کے طریقوں، دعاؤں اور مختصر مسائل کے ذکر پر اکتفا کیا گیا ہے۔حج کیا ہے؟حج کیوں کیا جاتاہے؟ حج کے فضائل و فوائد کیا ہیں؟ ارکانِ حج کی ادائیگی میں کیا حکمتیں ہیں؟ جن مقامات پر مخصوص اعمال کے کرنے میں کیا اسرار و رموزہیں؟ جن مقامات پر حج کے مناسک ادا کیے جاتے ہیں،ان کا پس منظر کیا ہے؟ ارکانِ حج کا تاریخ سے کیا تعلق ہے؟ یہ سب باتیں متعدد کتابوں میں بکھری ہوئی تھیں، جس کی وجہ سے حجاج کرام ان اہم باتوں سے تقریباً ناآشنا رہ جاتے تھے۔ضرورت محسوس ہورہی تھی کہ ان باتوں کو یک جا کردیا جائے تاکہ عازمینِ حرمین طیبین ان باتوں سے استفادہ کرکے مناسکِ حج کی ادائیگی میں اور مضبوطی لائیں۔

پیشِ نظر کتاب ”حج کیوں کریں؟“ آپ کے ہاتھوں میں ہے، امید ہے کہ آپ اس سے بھر پور استفادہ کریں گے اور اپنی معلومات میں اضافہ کریں گے۔“

الغرض یہ مجموعہ جہاں عازمینِ حج و زائرینِ طیبہ کے لیے رہ نما ہے وہیں عوام کے لیے معلومات افزا اور دل چسپی کا باعث ہے۔بدلتے دور کے تقاضوں اور جدید دور کے نوپید مسائل کے درمیان شریعت کی روشنی میں حج کی ادائیگی کے لیے اس کتاب کا مطالعہ مسلمانوں کے لیے یقینا نافع ثابت ہوگا۔ہم مولانا شاکر نوری صاحب اورادارہ معارفِ اسلامی،ممبئی کی خدمت میں ہدیہ تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے دورِ حاضر کی دینی ضرورت کے پیشِ نظراس مجموعہ کی ترتیب اور اشاعت کا کارنامہ انجام دیا۔
Waseem Ahmad Razvi
About the Author: Waseem Ahmad Razvi Read More Articles by Waseem Ahmad Razvi: 84 Articles with 123881 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.