عِیْد میں کونسے کام مستحب ہیں؟(فیضانِ عید الفطر)

عید کے اکیس(21)مستحبات

(۱)حَجامت بنوانا،(مگر زُلفیں بنوائیے نہ کہ اِنگریزی بال)
(۲)ناخُن تَرشوانا ۔
(۳) غُسل کرنا۔
(۴)مِسواک کرنا(یہ اُس کے عِلاوہ ہے جو وُضُومیں کی جاتی ہے )
(۵)اچھّے کپڑے پَہننا،نَئے ہوں تو نئے ورنہ دُھلے ہوئے۔
(۶)خُوشبو لگانا ۔
(۷) انگوٹھی پَہننا ،(اسلامی بھائی جب کبھی انگوٹھی پہنیں تو اِس بات کا خاص خیال رکھیں کہ صِرف ساڑھے چار ماشہ سے کم وَزْن چاندی کی ایک ہی انگوٹھی پَہنیں ۔ایک سے زیادہ نہ پہنیں اور اُس ایک انگوٹھی میں بھی نگینہ ایک ہی ہوایک سے زیادہ نگینے نہ ہوں اور بِغیر نگینے کی بھی نہ پہنیں۔نگینے کے وَزْن کی کوئی قِید نہیں۔چاندی یا کسی اور دھات کا چَھلّہ یا چاندی کے بیان کردہ وَزْن وغیرہ کے عِلاوہ کسی بھی دھات کی انگوٹھی یا چَھلّہ مرد نہیں پَہن سکتا)
(۸)نَمازِ فَجْرمسجِد مَحَلّہ میں پڑھنا ۔
(۹) عِیْدُالفِطْر کی نَماز کو جانے سے پہلے چند کھَجوُریں کھالینا۔تین ،پانچ ،سات یا کم وبیش مگر طاق ہوں۔کَھجوُریں نہ ہوں تو کوئی میٹھی چیز کھالیجئے۔ اگر نَماز سے پہلے کچھ بھی نہ کھایا تو گُناہ نہ ہوا۔مگر عِشاء تک نہ کھایا تو عِتاب (ملامت)کیاجائے گا ۔
(۱۰)نَمازِ عِید،عِیدگاہ میں ادا کرنا۔
(۱۱) عِید گاہ پیدل جانا ۔
(۱۲)سُواری پر بھی جانے میں حَرَج نہیں مگر جس کو پیدل جانے پر قُدرت ہو اُس کیلئے پیدل جانا اَفضل ہے اور واپَسی پر سُواری پرآ نے میں حَرَج نہیں ۔
(۱۳)نَمازِ عِید کیلئے ایک راستے سے جانا اور دوسرے راستے سے واپَس آنا ۔
(۱۴)عِید کی نَماز سے پہلے صَدَقَہۂ فِطْر ادا کرنا۔ (اَفضل تو یِہی ہے مگر عِید کی نَماز سے قَبْل نہ دے سکے تو بعد میں دیدیں )
(۱۵)خُوشی ظاہِر کرنا۔
(۱۶)کثرت سے صَدَقَہ دینا۔
(۱۷)عیدگاہ کو اِطمینان ووَقار اور نیچی نِگاہ کِئے جانا۔
(۱۸)آپس میں مُبارَک باد دینا۔
(۱۹) بعدِ نَمازِ عِید مُصَافَحہ (یعنی ہاتھ مِلانا) اور مُعانَقَہ (یعنی گلے ملنا) جیسا کہ عُموماً مسلمانوں میں رائج ہے بِہتر ہے کہ اِس میں اِظہارِ مُسَرَّت ہے (بہارِشریعت، حصّہ ۴،ص۷۱) مگر اَمْرَدِ خوبصورت سے گلے ملنا مَحَلِّ فِتنہ ہے۔
(۲۰) عِیدُالْاَضحٰی (یعنی بَقَر عِید ) تمام اَحْکام میں عِیْدُالفِطْر (یعنی میٹھی عِید )کی طرح ہے۔ صِرْف بعض باتوں میں فَرْق ہے۔مَثَلاً اِس میں (یعنی بَقَر عِید میں)مُسْتَحَب یہ ہے کہ نَماز سے پہلے کچھ نہ کھائے چاہے قُربانی کرے یا نہ کرے اور اگر کھا لیا تَو کَراہَت بھی نہیں ۔
(۲۱)عِیدُالفِطْر (یعنی میٹھی عِید)کی نَماز کیلئے جاتے ہوئے راستے میں آہِستہ سے تکبیر کہئے اور نَمازِ عِیدُالْاَضحٰی کیلئے جاتے ہوئے راستے میں بُلند آواز سے تکبیر کہئے ۔ تکبیر یہ ہے-:
اَللّٰہُ اَکْبَرُط اَللّٰہُ اَکْبَرُط لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَاللّٰہُ اَکْبَرُط اَللّٰہُ اَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ ط
ترجَمہ:اللّٰہعَزَّوَجَلَّسب سے بڑا ہے،اللّٰہعَزَّوَجَلَّسب سے بڑا ہے،اللّٰہعَزَّوَجَلَّکے سِوا کوئی عِبادت کے لائق نہیں اوراللّٰہعَزَّوَجَلَّ سب سے بڑا ہے اللّٰہعَزَّوَجَلَّ سب سے بڑا ہے اوراللّٰہعَزَّوَجَلَّ ہی کے لئے تمام خوبیاں ہیں۔
یاربِّ مصطَفٰیعَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم !ہمیں عِیْدِ سَعید کی خُوشیاں سُنَّت کے مطابِق منانے کی تَوفِیق عطا فرما۔اور ہمیں حج شریف اور دِیا رِ مدینہ و تاجدارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّمَ کی دیدکی مَدَنی عِید بار بارنصیب فرما۔

یا اللہ عزوجل ماہ رمضان کے طفیل برما کے مسلمانوں
کی جان و مال ،عزت آبرو کی حفاظت فرما۔اٰمین

وہ آج تک نوازتا ہی چلا جارہا ہے اپنے لطف وکرم سے مجھے
بس ایک بار کہا تھا میں نے یا اللہ مجھ پر رحم کر مصطفی کے واسطے
Abu Hanzalah M.Arshad Madani
About the Author: Abu Hanzalah M.Arshad Madani Read More Articles by Abu Hanzalah M.Arshad Madani: 178 Articles with 349349 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.